eBooks

2,841 Results Found
رسالت و بشریت

Authors: محمد ابراہیم میر سیالکوٹی

In Faith and belief

By Al Noor Softs

قرآن نے جو نقشہ رسول اللہ ﷺ کی بعثت سے قبل پائے جانے والے نظریات کا کھینچا ہے، اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ وہ لوگ یہ تسلیم نہیں کرتے تھے کہ کوئی شخص بشر (انسان) ہو کر اللہ تعالٰی کا رسول بھی ہو سکتا ہے۔ اور آج یہی نظریات مسلمانوں کے ایک خاص گروہ میں پائے جاتے ہیں۔ فرق صرف یہ ہے کہ آج کے مسلمان کہلانے والے انہیں رسول مان کر بشر تسلیم نہیں کرتے۔ گویا بشر اور رسول کے ایک ذات میں جمع ہو جانے کے دونوں گروہ منکر ہیں۔ اس کتاب میں فاضل مصنف نے اسی باطل گروہ کے اس باطل عقیدے کا کتاب و سنت کی روشنی سے رد کیا ہے اور ان کی طرف سے پیش کئے جانے والے تار عنکبوت دلائل و شبہات کا خوب علمی محاکمہ کیا ہے۔ نور و بشر کے موضوع پر بے نظیر تصنیف ہے۔

قرآنی قاعدہ ( جدید ایڈیشن )

Authors: قاری محمد ادریس العاصم

In Quran and Quranic Sciences

By Al Noor Softs

قرآن مجید کی درست تلاوت اسی وقت ہی ممکن ہو سکتی ہے، جب اسے علم تجوید کے قواعد و ضوابط اور اصول و آداب کے ساتھ پڑھا جائے۔اور ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ علمِ تجوید کے بنیادی قواعد سے آگاہی حاصل کرے۔ قراء کرام کا تجربہ گواہ ہے کہ اگر بچپن میں ہی تلفظ کے ساتھ قاعدہ پڑھا دیا جائے تو بڑی عمر میں تلفظ کا مسئلہ پیدا نہیں ہوتا ہے۔انہی مقاصد کو سامنے رکھتے ہوئے کئی شیوخ القراء کرام نے قرآنی قاعدے مرتب کیے ہیں ۔جن میں شیخ القرآء قاری ادریس عاصم ، شیخ القراء قاری ابراہیم میر محمدی ، قاری عبد الرحمٰن ، قاری محمد شریف وغیرہ کے مرتب کردہ تجویدی قاعدہ قابل ذکر ہیں۔ زیر نظر ’’ دار السلام قرآنی قاعدہ‘‘ شیخ القراء قاری محمد ادریس العاصم رحمہ اللہ کا مرتب کردہ ہے ۔یہ قاعدہ مخارج الحروف اور مختصر قواعد تجوید پر مشتمل پہلا باتصویر مساجد، مدارس ، اور سکولوں میں مقبول ترین قاعدہ ہے ۔اس قاعدے کے آخر میں مکمل مسنون نماز ،نماز کے بعد کے مسنون اذکار ،آیت الکرسی،قنوت وتر ، سجدۂ تلاوت اور نماز جنازہ کی دعائیں بھی درج کر دی گئی ہیں ۔(م۔ا)

معین الحفاظ المعروف متشابہات القرآن

Authors: قاری محمد ادریس العاصم

In Quran and Quranic Sciences

By Al Noor Softs

قرآن مجید وہ عظیم الشان کتاب ہے جس میں ہماری ہدایت اور راہنمائی کی تمام تفصیلات موجود ہیں۔ یہ کتاب آسمانی و زمینی علوم کا احاطہ کرنے والی ہے۔ اس کائنات میں کیا ہوا ، کیا ہو چکا اور کیا ہونے والا ہے ، اس کے بارے میں تمام معلومات اس کتاب میں موجود ہیں ۔قرآن مجید کی شان اور مقام و مرتبے کے پیش نظر اہل علم نے اس کی خدمت میں اپنی زندگیاں کھپا کر اس کے مختلف علوم و فنون کو مدون کیا ہے۔قرآن مجید کے مختلف علوم و فنون میں سے ایک علم ’’ متشابہات القرآن ‘‘ہے۔ حفاظ کرام کو ان آیتوں پر متشابہات پیش آتے ہیں جن کے الفاظ کا ایک حصہ ہم شکل حروف سے مرکب ہے عام طور پر قرآن کریم کے حافظوں کو ان آیات کو یاد کرنے میں دشواری ہوتی ہے ۔ زیر نظر کتاب ’’ معین الحفّاظ المعروف متشابہات القرآن مع معلوماتِ قرآنی ‘‘ شیخ القراء قاری محمد ادریس العاصم﷾ کی تصنیف ہے۔ قاری صاحب موصوف نے آسان اور عام فہم انداز میں اس کتاب کو چھ کالموں کی صورت میں مرتب کیا ہے ۔پہلے کالم میں متشابہ آیت کا نمبر،دوسرے کالم میں پارہ نمبر ،تیسرے کالم میں رکوع کا نمبر دیا گیا ہے ،چوتھے کالم میں سورۃ کا نام دیا گیا ہے ، پانچویں کالم میں آیت کا نمبر دیا گیا ہے اور چھٹے کالم میں آیت یا آیت کا وہ نمایاں حصہ درج کیا ہے جو کہ متشابہ پیدا کرتا ہے ۔ (م۔ا)

تحبیر التجوید (اضافہ شدہ ایڈیشن)

Authors: قاری محمد ادریس العاصم

In Quran and Quranic Sciences

By Al Noor Softs

قرآن مجید کی درست تلاوت اسی وقت ہی ممکن ہو سکتی ہے، جب اسے علم تجویدکے قواعد وضوابط اور اصول وآداب کے ساتھ پڑھا جائے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کو ترتیل کے ساتھ پڑھنے کا حکم دیا ہے ۔لہٰذا قرآن کریم کو اسی طرح پڑھا جائے جس طرح اسے پڑھنے کا حق ہے۔اور ہرمسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ علمِ تجوید کے بنیادی قواعد سے آگاہی حاصل کرے۔ تجوید وقراءات کے موضوع پرماہرین تجوید وقراءات کی بے شمار کتب موجود ہیں ۔ جن سے استفادہ کرنا اردو دان طبقہ کے لئے اب نہایت سہل اور آسان ہو گیا ہے ۔ زیر نظر کتاب’’تحبیر التجوید‘‘ شیخ القراء قاری محمد ادریس عاصم ر حمہ اللہ کی تصنیف ہے یہ کتا ب اپنے فن کے حوالہ سے عوام و خواص کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے۔ جس میں عام فہم انداز میں تجوید کے قواعد اسی غرض سے جمع کیے گئے ہیں کہ حفاظ و طلبا اس کو آسانی سے یاد کر سکیں۔ اور ان قواعد کی روشنی میں قرآن کریم صحیح پڑھنے کی مشق کریں۔ کتاب میں قاری صاحب نے مخارج کا نقشہ بھی پیش کیا ہے۔ علاوہ ازیں بعض عیوب تلاوت اور علامات وقوف پر بھی روشنی ڈالی ہے۔ کتاب کے آخر میں قاری صاحب نے اپنی مکمل روایت حفص کی سند بھی لکھی ہے۔اللہ تعالیٰ قاری صاحب مرحوم کو تدرسی وتصنیفی خدمات کو قبول فرمائے اور جنت الفردوس میں ان کے درجات بلند فرمائیں ۔آمین (م۔ا)

نجوم الفرقان فی علم عددایات القرآن

Authors: قاری محمد ادریس العاصم

In Quran and Quranic Sciences

By Al Noor Softs

قرآنی علوم میں سے ایک اہم ترین علم عد الآی یا علم الفواصل ہے اس علم کی بدولت آیات قرآنیہ کی ابتدا اور فواصل، نیز تعداد آیات کے حوالے سے متفق علیہ اور مختلف فیہ آیات کاعلم ہو جاتا ہے۔اس علم کی فضیلت کےلیے یہ بات ہی کافی ہے کہ یہ توقیفی ہےجو نبی کریمﷺ کی تعلیمات اور صحابہ کرام﷢ وتابعین﷫ کے ارشادات کے ذریعہ ہم تک پہنچا ہے ۔ اس میں قرآن مجید کی آیتوں کے شمار اور ان کے مواقع بتائے جاتے ہیں ۔عدد آیات کا علم بڑا وسیع علم ہےاس علم کے متعلق عربی زبان میں متعدد کتب موجود ہیں۔علامہ شاطبی﷫ کی کتاب ’’ناظمۃ الزھر‘‘علم فواصل کے متعلق اہم کتاب ہے ۔ زیر نظر کتاب’’نجوم الفرقان فی علم عدد آیات القرآن‘‘شیخ القرّاء قاری محمد ادریس العاصم﷾ (مصنف کتب کثیرہ) کی تصنیف ہےقاری صاحب نے اس کتاب میں علم عدد آیات کی معلومات کو عام فہم ، مختصر اور جامع انداز میں مکمل علم کااحاطہ کرتے ہوئے جمع کردی ہیں ۔عدد آیات کے متعلق طلباء کے لیے یہ ایک مفید کتاب ہے ۔ اللہ تعالیٰ قاری صاحب کی تدریسی ،تصنیفی وتحقیقی خدمات کو قبول فرمائے اور انہیں صحت وعافیت والی زندگی سے نوازے۔(م۔ا)

احسن المقال فی القراءات الثلاث

Authors: قاری محمد ادریس العاصم

In Quran and Quranic Sciences

By Al Noor Softs

قراء ثلاثہ (ابو جعفر یزید بن القعقاع ،یعقوب بن اسحاق الحضرمی ،خلف بن ہشام ) سے مروی قراءات کو قراءات ثلاثہ کہاجاتا ہے ۔ مذکورہ قراء ثلاثہ کی قراءات ثلاثہ اور مشہور قراء سبعہ(عبد اللہ بن عامر، ابن کثیر المکی، عاصم ابی النجود الکوفی، ابو عمرو بصری، حمزہ کوفی، نافع مدنی اور کسائی کوفی) کی قراءات کے مجموعے کو قراءات عشرہ کہتے ہیں ۔قراءات سبعہ اور قراءات ثلاثہ کے متعلق الگ الگ کئی کتب موجود ہیں ۔ زیر نظر کتاب ’’ احسن المقال فی القراءات الثلاث‘‘ و طن عزیز پاکستان کی نامور شخصیت شیخ القراء والمجودین قاری محمد ادریس العاصم ﷾کی تصنیف ہے۔شیخ موصوف نے اس کتاب میں قراءات ثلاث کو نہایت جامعیت اور آسان انداز میں پیش کرنےکی کوشش کی ہے ۔طلباء اس کتاب سے استفادہ کر کے ’’ الدرۃ المضیۃ‘‘ کوآسانی سے پڑھ سکتے ہیں ۔شیخ قاری ادریس عاصم ﷾ تجوید قراءات کے متعلق درجن سے زائد کتب کے مصنف ہیں اللہ تعالیٰ انہیں صحت وعافیت والی زندگی دے اور خدمت قرآن وقراءات کے سلسلے میں ان کی تدریسی وتصنیفی خدمات کو شرفِ قبولیت سے سے نوازے ۔(آمین) (م۔ا)

الکواکب النیرۃ فی وجوہ الطیبۃ

Authors: قاری محمد ادریس العاصم

In Quran and Quranic Sciences

By Al Noor Softs

قرآن مجید اللہ تعالی کی طرف سے نازل کی جانے والی آسمانی کتب میں سے سب سے آخری کتاب ہے ۔جسےاللہ تعالی نے امت کی آسانی کی غرض سے قرآن مجید کو سات حروف پر نازل فرمایا ہے۔ یہ تمام کے تمام ساتوں حروف عین قرآن اور منزل من اللہ ہیں۔ان تمام پرایمان لانا ضروری اور واجب ہے،اوران کا انکار کرنا کفر اور قرآن کا انکار ہے۔اس وقت دنیا بھر میں سبعہ احرف پر مبنی دس قراءات اور بیس روایات پڑھی اور پڑھائی جارہی ہیں۔اور ان میں سے چار روایات (روایت قالون،روایت ورش،روایت دوری اور روایت حفص)ایسی ہیں جو دنیا کے کسی نہ کسی حصے میں باقاعدہ رائج اور متداول ہیں،عالم اسلام کے ایک بڑے حصے پر قراءت امام عاصم بروایت حفص رائج ہے، جبکہ مغرب ،الجزائر ،اندلس اور شمالی افریقہ میں قراءت امام نافع بروایت ورش ، لیبیا ،تیونس اور متعدد افریقی ممالک میں روایت قالون عن نافع ،مصر، صومالیہ، سوڈان اور حضر موت میں روایت دوری عن امام ابو عمرو بصری رائج اور متداول ہے۔ہمارے ہاں مجلس التحقیق الاسلامی میں ان چاروں متداول روایات(اور مزید روایت شعبہ) میں مجمع ملک فہد کے مطبوعہ قرآن مجید بھی موجود ہیں۔عہد تدوین علوم سے کر آج تک قراءات قرآنیہ کے موضوع پر بے شمار اہل علم اور قراء نے کتب تصنیف فرمائی ہیں اور ہنوز یہ سلسلہ جاری وساری ہے۔طیبۃ النشر علامہ ابن الجزری ﷫کی قراءات عشرہ کبری پر اہم ترین اساسی اور نصابی منظوم کتاب ہے ۔ اللہ تعالی نے اسے بھی شاطبیہ کی مانند بے پناہ مقبولیت سے نوازا ہے،جو قراءات عشرہ کبری کی تدریس کے لئے ایک مصدر کے حیثیت رکھتی ہے۔متعدد علماء اور قراءنے اس کی شروحات لکھی ہیں، جنہیں یہاں بیان نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ زیر نظر کتاب ''الکواکب النیرۃ فی وجوہ الطیبۃ"شیخ القراءقاری محمد ادریس العاصم صاحب کی تالیف ہے۔جس میں انہوں نے شاطبیہ اور درہ سے زائد ان وجوہ کو جمع فرما دیا ہے جو علامہ ابن الجزری نے اپنی کتاب "طیبۃ النشر" میں بیان کی ہیں۔ مولف موصوف نے ان وجوہ کو انتہائی آسان اور سہل انداز میں پیش کیا ہے، جسے سامنے رکھ آسانی سے عشرہ کبری پڑھی جا سکتی ہے۔ اللہ تعالی قراء ات قرآنیہ کے حوالے سے سر انجام دی گئی ان کی ان خدمات جلیلہ کو قبول فرمائے، اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

اہم مسائل قربانی

Authors: قاری محمد ادریس العاصم

In Worship and matters

By Al Noor Softs

اللہ تعالیٰ نے جن وانس کو اپنی عبادت کے لیے پیدا فرمایا ہے او رعبادات کی مختلف اقسام ہیں ۔مثلاً قولی،فعلی ، مالی اور مالی عبادت میں ایک عبادت قربانی بھی ہے۔قربانی وہ جانور ہے جو اللہ کی راہ میں قربان کیا جائے اور یہ وہ عمل ذبیحی ہے جس سے اللہ تعالیٰ کاقرب حاصل کیا جاتا ہے ۔تخلیق انسانیت کے آغازہی سے قربانی کا جذبہ کار فرما ہے ۔ قرآن مجید میں حضرت آدم کے دو بیٹوں کی قربانی کا واقعہ موجود ہے۔اور قربانی جد الانبیاء سیدنا حضرت ابراہیم کی عظیم ترین سنت ہے ۔یہ عمل اللہ تعالیٰ کواتنا پسند آیا کہ اس عمل کوقیامت تک کےلیے مسلمانوں کے لیے عظیم سنت قرار دیا گیا۔ قرآن مجید نے بھی حضر ت ابراہیم کی قربانی کے واقعہ کوتفصیل سے بیان کیا ہے ۔ پھر اہلِ اسلام کواس اہم عمل کی خاصی تاکید ہے اور نبی کریم ﷺ نے زندگی بھر قربانی کے اہم فریضہ کو ادا کیا اور قرآن احادیث میں اس کے واضح احکام ومسائل اور تعلیمات موجو د ہیں ۔کتب احادیث وفقہ میں کتاب الاضاحی کے نام سے ائمہ محدثین فقہاء نے باقاعدہ ابواب بندی قائم کی ہے ۔ اور بعض اہل علم نے قربانی کےاحکام ومسائل اور فضائل کے سلسلے میں کتابیں تالیف کی ہیں ۔ زیر نظر کتابچہ ’’اہم مسائل قربانی ‘‘ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ جوکہ شیخ القراء قاری محمد ادریس العاصم ﷾ کی کاوش ہے ۔جس میں انہوں نے قربانی کی تاریخ ،اہمیت وفضلیت ، ایام اوراحکام ومسائل کو مختصراً بیان کیا ہے ۔اللہ تعالیٰ قاری صاحب کی اس سعی کو قبول فرمائے اوراسے قارئین کےلیے مفید وکارآمد بنائے(آمین)(م۔ا)

شرح فوائد مکیہ

Authors: قاری محمد ادریس العاصم

In Quran and Quranic Sciences

By Al Noor Softs

اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کو بندوں کی رشد و ہدایت کے لیے نازل فرمایاہے۔،یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل کیا جانے والا ایسا کلام ہے جس کے ایک ایک حرف کی تلاوت پر دس دس نیکیاں ملتی ہیں۔اور قرآن مجید کی درست تلاوت اسی وقت ہی ممکن ہو سکتی ہے، جب اسے علم تجویدکے قواعد وضوابط اوراصول وآداب کے ساتھ پڑھا جائے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کو ترتیل کے ساتھ پڑھنے کا حکم دیا ہے ۔لہٰذا قرآن کریم کو اسی طرح پڑھا جائے جس طرح اسے پڑھنے کا حق ہے۔اور ہرمسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ علمِ تجوید کے بنیادی قواعد سے آگاہی حاصل کرے۔فن تجوید پر اب تک عربی کے ساتھ ساتھ اردو میں بھی بہت سارے رسائل و کتب لکھی جا چکی ہیں۔ جن سے استفادہ کرنا اردو دان طبقہ کے لئے اب نہایت سہل اور آسان ہو گیا ہے ۔ پیشِ نظر کتاب بھی انہی کتب میں ایک اضافہ ہے۔ زیر تبصرہ کتاب " شرح فوائد مکیہ "ماہر فن تجوید وقراءات قاری محمد عبد الرحمن مکی الہ آبادی کی معروف کتاب "فوائد مکیہ" کی شرح ہے۔اس کتاب میں مولف نے علم تجوید کے مسائل کو بیان کیا ہے۔ شائقین علم تجوید کے لئے یہ ایک مفید اور شاندار کتاب ہے،جس کا تجوید وقراءات کے ہر طالب علم کو مطالعہ کرنا چاہئے۔اللہ تعالی مولف کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)