Books by Al Noor Softs
2,840 Books found
اسلامی مہینوں کے غیر شرعی رسوم و رواج
Authors: تفضیل احمد ضیغم ایم اے
In Fiqha
اللہ تعالیٰ کا ہم پریہ احسان ہے اللہ تعالیٰ نے ہماری آسانی کے لیے زمانے کو بارہ مہینوں میں تقسیم فرمادیاہے او ر جب سے اللہ نے زمین وآسمان پیدا فرمائے ہیں مہینوں کی کل تعداد بارہ ہے اور ان میں سے چار مہینے(محرم، رجب، دوالقعدہ اور ذو الحج)حرمت والے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں حرمت والے مہینوں کا ذکرکرتے ہوئے ارشاد فرمایا:’’جس دن سے اللہ تعالیٰ نے آسمانوں اورزمین کوپیدا کیا ،اسی دن سے اللہ کےنزدیک اس کی کتاب میں مہینوں کی تعداد بارہ ہے ۔ ان میں سے چار حرمت والے مہینے ہیں۔ یہی صحیح دین ہے،پس تم ان چار مہینوں میں اپنے اوپر ظلم نہ کرو ‘‘سورہ توبہ :36) محسنِ انسانیت سیدنا محمدﷺ نے بعض مخصوص مہینوں کے لیے کچھ اعمال او ران کے عظیم فضائل وبرکات بیان فرمائے ہیں کتب حدیث میں ان کی وضاحت موجود ہے ۔لیکن ہمارے معاشرے میں لوگوں سارے مہینوں میں طرح طرح کی بدعات وخرافات انجام دیتے ہیں کہ جو صریحاً شریعت اسلامیہ کے خلاف ہیں ۔قمری سال اور اس کے مہینوں کے تعارف کے سلسلے میں عربی اوراردومیں مختصر اور مفصل کئی کتب ترتیب دی گی ہیں جن میں ان مہینوں میں پیش آنے والے تاریخی واقعات اور ان میں کی جانے والی عبادات کا تذکرہ کیا گیا ہے لیکن ان میں اکثر کتب غیر مستند اور ناقابل اعتماد ہیں ۔ زیر تبصرہ کتاب ’’اسلامی مہینوں کے غیر شرعی رسوم ورواج ‘‘ محترم جناب تفضیل احمد ضیغم کی تالیف ہے ۔ فاضل مصنف نے ا س کتاب میں اسلامی مہینے اوربدعات مروجہ میں رمضان المبارک اور غیر شرعی امور ، شب برات اوراسلام ، رجب کےکونڈے ،محرم اوربدعات محرم ، مروجہ عید میلاد النبی جیسے مسائل کو باحوالہ اور ضعیف روایات سے اجتناب کرتے ہوئے علمی اور تحقیقی انداز میں مرتب کر کے لوگوں کودعوت فکر دی ہے کہ ان چیزوں سے مکمل اجتناب واحتراز کریں جن کا دین سے دور کا بھی تعلق نہیں ہے ۔ اللہ تعالیٰ فاضل مصنف کی اس کاوش کو شرف قبول فرمائے اور اسے عوام الناس کی اصلاح کاذریعہ بنائے اور ہمارے معاشرے سے بدعات وخرافات کا ذریعہ بنائے ۔(آمین) (م۔ا)
شہادت کا اجر پانے والے خوش نصیب
Authors: تفضیل احمد ضیغم ایم اے
جہاد اسلام کی کوہان ہے ارکان اسلام کو برقرار رکھنے کے لیے جہاد فی سبیل اللہ کو جاری رکھنا بہت ضروری ہے جہاد جہاں حکم خداوندی ہے وہاں زمین میں امن وشانتی کو قائم رکھنے کا بہترین ذریعہ ہے اس عظیم کام میں شامل لوگوں کے لیے اخروی زندگی کو بہتر بنانےمیں اس عمل سے بڑھ کر کوئی عمل نہیں جس میں شامل انسان دنیا میں رب کی رضا اور وح نکلتے ہی جنتی مہمان بن جاتا ہے ۔شہادت فی سبیل اللہ کو وہ مقام حاصل ہے کہ (نبوّت و صدیقیت کے بعد) کوئی بڑے سے بڑا عمل بھی اس کی گرد کو نہیں پاسکتا۔ اسلام کے مثالی دور میں اسلام اور مسلمانوں کو جو ترقی نصیب ہوئی وہ ان شہداء کی جاں نثاری و جانبازی کا فیض تھا، جنھوں نے اللہ رَبّ العزّت کی خوشنودی اور کلمہٴ اِسلام کی سربلندی کے لئے اپنے خون سے اسلام کے سدا بہار چمن کو سیراب کیا۔ شہادت سے ایک ایسی پائیدار زندگی نصیب ہوتی ہے، جس کا نقشِ دوام جریدہٴ عالم پر ثبت رہتا ہے، جسے صدیوں کا گرد و غبار بھی نہیں دُھندلا سکتا، اور جس کے نتائج و ثمرات انسانی معاشرے میں رہتی دُنیا تک قائم و دائم رہتے ہیں۔ کتاب اللہ کی آیات اور رسول اللہ ﷺ کی احادیث میں شہادت اور شہید کے اس قدر فضائل بیان ہوئے ہیں کہ عقل حیران رہ جاتی ہے اور شک و شبہ کی ادنیٰ گنجائش باقی نہیں رہتی۔یقیناً شہید کے بہت سے فضائل ہیں اور کتب احادیث میں بہت سی احادیث ان کے مقام ومرتبہ کو واضح کرتی ہیں ۔ زیر تبصرہ کتابچہ ’’ شہادت کا اجر پانے والے خوش نصیب‘‘ ڈاکٹر تفضیل احمد ضیغم ﷾(مصنف کتب کثیرہ) کا مرتب کردہ ہے ۔ اس مختصر کتابچہ میں انہوں نے شہید کے فضائل ومناقب اور شہداء کی اقسام کو احادیث کی روشنی میں بیان کرنے کے بعد شہادت کا اجر پانے والے ایسے افراد کا تذکرہ کیا ہےکہ جو میدان قتال میں جائے بغیر شہادت کادرجہ پانے والے ہیں لیکن یہ شہداء کے حکم میں ہیں ۔ان افراد کا ذکر کتب احادیث میں مختلف مقامات پر بکھرا ہوا ہے فاضل مصنف نے کتب احادیث سے ان احادیث کو تلاش کر کے اس کتابچہ بمعہ ترجمہ مکمل حوالہ کے ساتھ درج کردیا ہے ۔آخر میں شہید کیےمتعلق کتب حدیث میں وارد شدہ ایسی دس احادیث کو پیش کیا ہے جو ضعیف اور موضوع ہیں ۔ اللہ تعالی ٰ مصنف کی اس کاوش کو شرف قبولیت سے نوازے۔(آمین)
خواہشات کا اسلامی تصور
Authors: تفضیل احمد ضیغم ایم اے
ہویٰ (خواہش )ایک اسلامی اصطلاح ہے جو قرآن و حدیث سے ماخوذہےیہ لفظ قرآن اور احادیث میں کثرت سے استعمال ہوا ہے۔ الله کے احکامات سے دور ہو کر انسان گمراہ اور باغی بن جاتا ہے اور ان کی زندگی خواہشات اور نفس کی پیروی کے نقصانات و مصائب سے ان کے لئے وبالِ جان ہوجاتی ہے۔انسان خواہشات کی جنگ لڑتا ہوا اس دنیا سے رخصت ہوہوجاتا ہے کیونکہ انسان کے بس میں نہیں ہے کہ وہ دل میں اٹھنے والی ہرخواہش کی تکمیل کرے ۔ اسلام ایک ہمہ گیر طریقہ زندگی ہے جو انسانی خیالات اور اعمال کی مکمل رہنمائی کرتا ہے۔ زیر نظر کتاب’’ خواہشات کا اسلامی تصور ‘‘ ڈاکٹر تفضیل احمد ضیغم (مصنف کتب کثیرہ )کی تصنیف ہے ۔ فاضل مصنف نے اس کتاب میں ہمارے دلوں میں تعمیر آخرت کی سوچ پیدا کرنے کےلیے سیرت انبیاء علیہم السلام اور حیات صحابہ رضی اللہ عنہم کی روشنی میں صالحین کی چند خواہشات کو جمع کیا ہے۔خواہشات کو پاکیزہ کرنے اور ان کے صحیح اسلامی تصور جاننے کے لیے اس کتاب کامطالعہ انتہائی مفید ہے۔(م۔ا)
گردن نہ جھکی جن کی ظلم کے آگے
Authors: تفضیل احمد ضیغم ایم اے
تاریخ نویسی ہو یا سیرت نگاری ایک مشکل ترین عمل ہے ۔ اس کےلیے امانت ودیانت او رصداقت کاہونا از بس ضروری ہے۔مؤرخ کے لیے یہ بھی ضروری ہےکہ وہ تعصب ،حسد بغض، سے کوسوں دور ہو ۔تمام حالات کو حقیقت کی نظر سے دیکھنے کی مکمل صلاحیت رکھتاہو ۔ذہین وفطین ہو اپنے حافظےپر کامل اعتماد رکھتا ہو۔حالات وواقعات کوحوالہ قرطاس کرتے وقت تمام کرداروں کا صحیح تذکرہ کیا گیا ہو ۔اس لیے کہ تاریخ ایک ایسا آئینہ ہے کہ جس کے ذریعے انسان اپنا ماضی دیکھ سکتاہے اور اسلام میں تاریخ ، رجال اور تذکرہ نگار ی کو بڑی اہمیت حاصل ہے اور یہ اس کے امتیازات میں سے ہے ۔بے شمارمسلمان مصنفین نے اپنے اکابرین کے تذکرے لکھ کر ان کےعلمی عملی،تصنیفی،تبلیغی اورسائنسی کارناموں کوبڑی عمدگی سے اجاگر کیا ہے۔ زیر نظر کتاب’’ گردن نہ جھکی جن کی ظلم کےآگئے‘‘ڈاکٹر تفضیل احمد ضیغم (مصنف کتب کثیرہ ) کی تصنیف ہے ۔فاضل مصنف نے اس کتاب میں تاریخ اسلام کی ان مایہ ناز اور قابل قدر شخصیات کے حالات زندگی قلم بند کیے ہیں کہ جو امانت کا حق کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے حضور پیش ہوگئے۔ایسے مردان حق کہ جن کے پختہ ایمان کو دیوار زنداں بھی متزلزل نہ کرسکی ۔ سلاطین کا رعب اور دبدبہ جنہیں نہ جھکا سکا ۔ جن کے فولادی عزائم کے سامنے ہر چیز پانی کی طرح بہہ گئی۔(م۔ا)
مقالات رمضان المبارک
Authors: تفضیل احمد ضیغم ایم اے
رمضان المبارک اسلامی سال کا نواں مہینہ ہے یہ مہینہ اللہ تعالیٰ کی رحمتوں،برکتوں، کامیابیوں اور کامرانیوں کا مہینہ ہے ۔اپنی عظمتوں اور برکتوں کے لحاظ سے دیگر مہینوں سے ممتاز ہے ۔رمضان المبارک وہی مہینہ ہےکہ جس میں اللہ تعالیٰ کی آخری آسمانی کتاب قرآن مجید کا نزول لوح محفوظ سے آسمان دنیا پر ہوا۔ ماہ رمضان میں اللہ تعالی جنت کے دروازے کھول دیتا ہے او رجہنم کے دروازے بند کردیتا ہے اور شیطان کوجکڑ دیتا ہے تاکہ وہ اللہ کے بندے کو اس طر ح گمراہ نہ کرسکے جس طرح عام دنوں میں کرتا ہے اور یہ ایک ایسا مہینہ ہے جس میں اللہ تعالی خصوصی طور پر اپنے بندوں کی مغفرت کرتا ہے اور سب سے زیاد ہ اپنے بندوں کو جہنم سے آزادی کا انعام عطا کرتا ہے۔رمضان المبارک کے روضے رکھنا اسلام کےبنیادی ارکان میں سے ہے نبی کریم ﷺ نے ماہ رمضان اور اس میں کی جانے والی عبادات ( روزہ ،قیام ، تلاوت قرآن ،صدقہ خیرات ،اعتکاف ،عبادت لیلۃ القدر وغیرہ )کی بڑی فضیلت بیان کی ہے ۔روزہ کے احکام ومسائل سے ا گاہی ہر روزہ دار کے لیے ضروری ہے ۔لیکن افسوس روزہ رکھنے والے بیشتر لوگ ان احکام ومسائل سےلا علم ہوتے ہیں،بلکہ بہت سے افراد تو ایسے بھی ہیں جو بدعات وخرافات کی آمیزش سے یہ عظیم عمل برباد کرلینے تک پہنچ جاتے ہیں ۔ کتبِ احادیث میں ائمہ محدثین نے کتاب الصیام کے نام سے باقاعدہ عنوان قائم کیے ۔ اور کئی علماء اور اہل علم نے رمضان المبارک کے احکام ومسائل وفضائل کے حوالے سے کتب تصنیف کی ہیں ۔ زیر نظر کتاب’’ مقالات رمضان المبارک‘‘ڈاکٹر تفضیل احمد ضیغم (مصنف کتب کثیرہ ) کی مرتب شدہ ہے یہ کتاب دراصل فاضل مرتب کے مختلف سالوں میں رمضان المبارک میں دیئے جانے والے خطبات کا مجموعہ ہے۔جسے انہوں نے مرتب کر کے افادۂ عام کے لیے لیے کتابی صورت میں شائع کیا ہے۔رمضان کی تیاری میں اہم باتیں ، روزہ نفس کے خلاف جہاد ،رمضان اوردعاء ومناجات، معافی کے الہامی اصول، الصوم لی کے معانی ومعارف،محبت روزہ اور لوگوں کے مراتب، رمضان میں تقویٰ کا حصول کیسے ..؟ رمضان اور حفاظت زبان ،رمضان کی راتوں کا قیام،رمضان اور صبر وغیرہ جیسے موضوعات اس کتاب کے اہم عناوین ہیں ۔(م۔ا)
نماز کی اہمیت اور تارک نماز کا حکم
Authors: تفضیل احمد ضیغم ایم اے
نماز دین ِ اسلام کا دوسرا رکن ِ عظیم ہے جوکہ بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے ۔ قرآن وحدیث میں نماز کو بر وقت اور باجماعت اداکرنے کی بہت زیاد ہ تلقین کی گئی ہے ۔نماز کی ادائیگی اور اس کی اہمیت اور فضلیت اس قد ر اہم ہے کہ سفر وحضر اور میدان ِجنگ اور بیماری میں بھی نماز ادا کرنا ضروری ہے ۔نماز کی اہمیت وفضیلت کے متعلق بے شمار احادیث ذخیرۂ حدیث میں موجود ہیں او ر بیسیوں اہل علم نے مختلف انداز میں اس پر کتب تالیف کی ہیں ۔ زیر نظر کتاب’’ نماز کی اہمیت اور تارک نماز کا حکم ‘‘ڈاکٹر تفضیل احمد ضیغم (مصنف کتب کثیرہ ) کی مرتب شدہ ہے فاضل مرتب نے اس کتاب میں نماز کی اہمیت اور ترک نماز کی صورت میں اس فریضہ سے کوتاہی کرنے والوں کی جہالت اور انکے انجام کو کتاب وسنت کی ادلہ وبراہین کی روشنی میں واضح کیا ہے ۔نیز سلف صالحین کے صحیح اور مستند واقعات کو نقل کر کے موضوع کی اہمیت کو دوچند کردیا ہے ۔(م۔ا)
قربت الٰہی کی معراج سجدہ
Authors: تفضیل احمد ضیغم ایم اے
سجدہ اسلامی تعلیمات کے مطابق ایک عبادی عمل ہے جس میں خشوع و خضوع اور تعظیم کی خاطر خدا کے سامنے اپنی پیشانی رکھی جاتی ہے ۔ مسلمانوں کی نماز میں ایک رکعت میں دو دفعہ سجدہ کرنا پڑتا ہے۔ نماز کے علاوہ بھی سجدہ کیا جا سکتا ہے مگر صرف اللہ کو، سجدہ قربت الہی کا ذریعہ ہے ۔ اس کائنات میں جب پہلے انسان نے آنکھ کھولی تو فرمانبرداری کے جس عمل سے وہ آشنا ہوا وہ سجدہ ہی تھا۔ زیر نظر کتاب’’قربت الٰہی کی معراج سجدہ‘‘ڈاکٹر تفضیل احمد ضیغم (مصنف کتب کثیرہ ) کی مرتب شدہ ہے فاضل مرتب نے اس کتاب میں قرآن وسنت کی روشنی میں سجدہ کے احکام، آداب اور فضائل کو پیش کیا ہے ۔اللہ تعالیٰ مرتب کی تحقیقی وتصنیفی،دعوتی وتدریسی جہود کو قبول فرمائے ۔آمین(م۔ا)
سبحان اللہ کے فضائل اور مقامات
Authors: تفضیل احمد ضیغم ایم اے
کلمہ سبحان اللہ کلام عرب میں کثرت سے استعمال ہوتا ہے دوران گفتگو موقع ومحل کی مناسبت سے عرب لوگ اسے بکثرت استعمال کرتے ہیں ۔ اور نبی کریم ﷺ نے اپنی زبان رسالت سے کلمہ سبحان ا للہ کی خاص فضیلت بیان کی ہے ۔سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا کہ جو شخص سبحان اللہ وبحمدہ ایک دن میں سو بار کہے تو اس کے گناہ معاف کردیئے جاتے ہیں، اگرچہ سمندر کے جھاگ کے برابر ہی کیوں نہ ہوں۔ (صحیح بخاری حدیث نمبر 1354) ڈاکٹر تفضیل احمد ضیغم (مصنف کتب کثیرہ ) نے زیر نظر کتاب’’سبحان اللہ کے فضائل اور مقامات ‘‘ میں سبحان اللہ کا معنی ٰ ومفہوم ،قرآن وسنت کی روشنی میں کلمہ سبحانہ اللہ کہنے کے فضائل اور جن مقامات پر سبحان اللہ کہنا چاہیے ان مقامات کو بیان کیا ہے۔(م۔ا)
سیرت ازواج مطہرات حیات و خدمات
Authors: تفضیل احمد ضیغم ایم اے
منفرد شان کی حامل امہات المومنین، مومنوں کی مائیں ہیں یعنی رسول ِ رحمت ﷺ کی پاکباز بیویاں ایسے چکمتے دمکتے ، روشن ودرخشاں ، منور موتی ہیں کہ جن کی روشنی میں مسلمانانِ عالم اپنی عارضی زندگیوں کا رخ مقرر ومتعین کرتے ہیں ۔ امت کی ان پاکباز ماؤں کی سیرت ایسی شاندار ودلکش ودلآ ویز ہےکہ اسی روشنی میں چل کر خواتینِ اسلام ایک بہترین ماں ،بیٹی،بہن، اور بیوی بن سکتی ہیں۔ زیرنظر کتاب’’سیرت ازواج مطہرات حیات وخدمات ‘‘ڈاکٹر تفضیل احمد ضیغم (مصنف کتب کثیرہ ) کی مرتب شدہ ہے موصوف نے ترتیب وار امہات المومنین کی سیرت طیبہ دل آویز انداز میں تحریر کیا ہے نیز ان اعتراضات کےجوابات بھی دیے ہیں جو غیر مسلموں اور بعض شیعہ حضرات کی جانب سے کیے جاتے ہیں ۔خواتین اسلام امہات المومنین کی سیرت پر عمل کر کے اپنی زندگی کو دنیا اور آخرت میں کامیاب بناسکتی ہیں ۔(م۔ا)