Al Noor Softs

( Joined 1 year ago )

"My Main mission is that to promote the love of our beloved Holy prophet Muhammad SAW ".

Books by Al Noor Softs

2,840 Books found
سیدنا معاویہ بن ابو سفیان ؓ شخصیت اور کارنامے

Authors: ڈاکٹر علی محمد الصلابی

In Knowledge

By Al Noor Softs

سیدنا معاویہ ان جلیل القدر صحابہ کرام میں سے ہیں ،جنہوں نے نبی کریم ﷺ کے لئے کتابتِ وحی جیسے عظیم الشان فرائض سر انجام دئیے۔سیدنا علی کی وفات کے بعد ان کا دور حکومت تاریخ اسلام کے درخشاں زمانوں میں سے ہے۔جس میں اندرونی طور پر امن اطمینان کا دور دورہ بھی تھا اور ملک سے باہر دشمنوں پر مسلمانوں کی دھاک بھی بیٹھی ہوئی تھی۔لیکن افسوس کہ بعض نادان مسلمان بھائیوں نے ان پر اعتراضات اور الزامات کا کچھ اس انداز سے انبار لگا رکھا ہے کہ تاریخ اسلام کا یہ تابناک زمانہ سبائی پروپیگنڈے کے گردوغبار میں روپوش ہو کر رہ گیاہے۔ کئی اہل علم اور نامور صاحب قلم حضرات نے سیدنا معاویہ ابی سفیان کے متعلق مستند کتب لکھ کر سیدنا معاویہ کے فضائل ومناقب،اسلا م کی خاطر ان کی عظیم قربانیوں کا ذکر کے ان کے خلاف کےجانے والےاعتراضات کی حقیقت کو خوب واضح کیا ہے ۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ سیدنا معاویہ بن ابو سفیان شخصیت اور کارنامے ‘‘ بھی اسے سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔یہ کتاب سعودی عرب کے ایک جید عالم دین اور نامور مؤرخ وسیرت نگا ر دکتورعلی محمد محمد الصلابی ﷾ کی تصنیف ہے انہوں نے اس کتاب میں حضرت معاویہ کا نام ونسب،کنیت ،خاندان، عہد رسول ﷺ اور عہد خلافت راشدہ میں بنی امیہ کاکردار، امیر المومنین عمر بن خطاب کےدورمیں دمشق ،بعلبک اور بلقان پر گورنری اورسیدنا عمر سے سیدنامعاویہ کے تعلق کے علاوہ دیگر کئی ابحاث کو اس کتاب میں تاریخ کی مستند کتابوں سے استفادہ کر کے بڑے خوبصورت انداز میں پیش کیا ہے ۔فاضل مصنف نے اسی نوعیت کی تحقیقی اور معیاری کتب سیرت النبی ﷺ ،سیدناابو بکر ،سیدنا ابو بکر صدیق ، سیدنا عمرفاروق ، سید عثمان غنی ، سید نا علی المرتضیٰ ، سیدنا حسن وحسین کے متعلق تصنیف کی ہیں جن کے اردو تراجم ہوکر شائع ہوکر اردو داں طبقہ سے داد تحسین حاصل کر چکے ہیں۔اور کتاب وسنت سائٹ بھی پر موجود ہیں ۔(م۔ا)

سیدنا عمر بن عبد العزیز شخصیت اور کارنامے

Authors: ڈاکٹر علی محمد الصلابی

In Knowledge

By Al Noor Softs

امیر المومنین سیدنا عمر بن عبد العزیز ﷫ کوپانچواں خلیفۂ راشد تسلیم کیا گیا ہے ۔ حضرت عمربن عبد العزیز ﷫ عمرثانی کی حیثیت سےابھرکر سامنے آئے ۔جیسے سیدنا عمرفاروق اعظم نےاپنے 10 سالہ عہد خلافت میں ہزاروں مربع میل پر فتح حاصل کی۔حضرت عمر بن عبد العزیز نےاڑھائی سال خلافت کوسنبھالا مگر انہوں نے بھی متعدد علاقوں کو فتح کر کے اسلامی حدود میں شامل کیا۔ انہوں نے جہاد کے علاوہ دعوت الی اللہ پر بھی خاصہ زور دیا اور کفر کےدلوں کو اسلام کی برکات سےآراستہ کر کے ان کو دین اسلام میں داخل کیا ۔حدیث وسیراور تاریخ ورجال کی کتب میں ان کے عدل انصاف ،خشیت وللہیت،زہد وتقوٰی ،فہم وفراست اور قضا وسیاست کے بے شمار واقعات محفوظ ہیں اور آپ کی سیرت پر مستقل کتابیں بھی لکھی گئی ہیں ۔ زیر تبصرہ کتاب’’حضرت عمر بن عبد العزیز ﷫شخصیت اور کارنامے‘‘امیر المومنین خلفیہ راشد سیدنا عمرفاروق کے حقیقی جانشین عمرثانی کی سیرت وخدمات اور خلافت کے حالات واقعا ت پر مشتمل ہے ۔یہ کتاب ڈاکٹر علی محمد محمد الصلابی کی کاوش ہے جس کا اردو ترجمہ مولانا آصف نسیم نے کیا ہے۔انہوں نے اس کتاب کو آٹھ فصلوں میں تقسیم کیا ہے۔دلچسپ پیرائیوں اور عنوانات باندھ کر حضرت عمربن عبدالعزیز ﷫ کی پوری حیات کے ہر پہلو کو بحوالہ درج کیا ہے اور حضرت عمر بن عبد العزیز ﷫ کی صحیح تصویر کشی کی ہے ۔ کہیں غلو یا تنقیص کا عنصر نہیں ہے ۔یہ کتاب مناسب معلومات پر مبنی ہے جو بے جاتطویل واختصارسے مبرّا ہے۔ فاضل مصنف نے پوری کتاب میں دلچسپی کو برقرار رکھا ہے ۔(رفیق الرحمن)

خلفائے رسول صلی اللہ علیہ وسلم شخصیت حالات زندگی عہد خلافت

Authors: ڈاکٹر علی محمد الصلابی

In Hadith & science of hadith

By Al Noor Softs

اسلام کی ابتدائی تاریخ کے خلفاء اربعہ کو’’خلفائے راشدین ‘‘ کہا جاتا ہے ۔یہ خلفاء کرام عہد نبوت میں ہی ہر لحاظ سے دیگر صحابہ کرام کےمقابلے میں ایک امتیازی شان و مقام رکھتےتھے ۔تمام صحابہ کرام کو عمومی طور پر اور خلفائے راشدین کو خصوصی طور پر ، امت میں جو مقام و مرتبہ حاصل ہے ، اس کے بارے میں صرف اتنا کہہ دینا کافی ہے کہ انبیاء کرام ﷩ کے بعدیہ مقدس ترین جماعت تھی جس نے خاتم الانبیاء محمد رسول اللہ ﷺکی رسالت کی تصدیق کی ، آپﷺ کی دعوت پر لبیک کہا ، اپنی جان و مال سے آپﷺکا دفاع کیا ، راہِ حق میں بے مثال قربانیاں دیں ، نبی اکرم ﷺ کے اسوۂ حسنہ کی بے چوں وچراں پیروی کی اور آپﷺ کی رحلت کے بعد اپنے عقیدہ وعمل کے ذریعے اس آخری دین اور اس کی تعلیمات کی حفاظت کی۔صحیح احادیث میں خلفائے راشدین کے جو فضائل بیان ہوئے ہیں ، وہ ہمارے لیے کافی ہیں۔اس لیے کہ جہاں ہم ان کے ذریعے صحابہ کرام کے حقیقی مقام و مرتبہ کو جان سکتے ہیں وہیں ان کی عقیدت میں غلو کے فساد سے بھی محفوظ رہ سکتے ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’ نو جوانوں کا تربیتی نصاب خلفاء رسولﷺ‘‘ معرورف مؤرخ سیرو سوانح نگار ڈاکٹر علی محمد الصلابی نے چار صد کتب سے استفادہ کر کے مرتب کی ہے۔یہ کتاب دکتور صلابی کی خلفائے اربعہ کے متعلق مفصل کتابوں کا خلاصہ ہے لیکن کمال یہ ہےکہ خلاصہ بھی ایسا کیا گیا ہے کہ کوئی موضوع تشنہ نہیں چھوڑا گیا ، گویا چاروں کتابوں کے جملہ عنوانات کو اختصار کے ساتھ اس میں سمو دیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں خلفائے رسولﷺ کی سیرت کو اختیار کرنے کی توفیق دے ۔(آمین) (م۔ا)

رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی متعدد شادیوں کی حکمتیں اور اس سے متعلق شکوک وشبہات کا ازالہ

Authors: ڈاکٹر علی محمد الصلابی

In Hadith & science of hadith

By Al Noor Softs

خصائص النبی ﷺ میں سے ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ آپ ﷺ کے لیے چار سے زائد شادیوں کی اجازت تھی، اور اس کی بہت ساری حکمتیں اور مصلحتیں تھیں، پس آپ ﷺ کا چار سے زائد شادیاں کرنا خلاف شریعت نہیں تھا بلکہ یہ مشیت خداوندی کے عین مطابق تھا۔مستشرقین نے نبی ﷺ کی چار زائد شادیوں پر اعتراضات کیے ہیں ۔ زیر نظر کتاب’’ رسول کریمﷺ کی متعدد شادیوں کی حکمتیں اور اس کے متعلق شکوک وشبہات کا ازالہ‘‘ مفسر قرآن محمد علی صابونی رحمہ اللہ کےایک محاضرہ کی کتابی صورت بعنوان شبهات واباطيل حول تعدد زوجات الرسول ﷺ کا اردور ترجمہ ہے یہ ترجمہ مولانا جمشید عالم عبد السلام سلفی صاحب نے کیا ہے ۔اس رسالے میں نبی کریم ﷺ کی متعدد شادیوں کے تعلق سے دشمنان اسلام کی جانب سے پھیلائے گئے شبہات واباطیل کا بڑے اختصار کے ساتھ نہایت عمدہ اور جامع انداز میں جائزہ لیا گیا ہے۔ پہلے عمومی طور پر تعدد زوجات الرسول ﷺ کی تعلیمی وتشریعی اوراجتماعی وسیاسی حکمتوں اور مصلحتوں پر پُرمغز گفتگو کی گئی ہے اور پھر اس کے بعد مستقل طور پر تمام ازواج مطہرات رضی اللہ عنہن میں سے ہر بیوی کے ساتھ نبی کریمﷺ کی شادی کی حکمت ومصلحت کو جداگانہ طور پر بیان کیاگیا ہے ۔یادر ہے اس رسالے شبهات واباطيل حول تعدد زوجات الرسول ﷺ کا ترجمہ ہمارے فاضل دوست ڈاکٹر محمد اسلم صدیق (فاضل جامعہ لاہور الاسلامیہ ،سابق رکن اسلامک ریسرچ کونسل ،لاہور) نے بھی 21؍سال قبل کیا تھا جو مجلہ محدث ستمبر،اکتوبر 2000ء میں شائع ہوا تھا۔(م۔ا)

سیدنا ابوبکرصدیق ؓشخصیت اور کارنامے

Authors: ڈاکٹر علی محمد الصلابی

In Knowledge

By Al Noor Softs

سیدناابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ کی ذات اقدس جود و سخا، عفو و درگزر اور حیاء وعفت کا وہ بحر بے کنار ہے جس نے بارہا زبان نبوت ﷺ سے جنت کی بشارتیں سنیں، ۔ حضرت ابوبکرصدیق ؓ کی شخصیت اور کارناموں پر متعدد کتب اشاعتی مراحل طے کر چکی ہیں لیکن سیدناابوبکرصدیق ؓ سے وابستہ جمیع پہلؤوں کا احاطہ معدودے چند کتب میں ہی نظر آتا ہے۔ زیر مطالعہ کتاب میں ڈاکٹر علی محمد محمد الصلابی نے نہایت خوبصورت انداز میں حضرت ابوبکرصدیق ؓ کی شخصیت اور کارناموں پر سیر حاصل بحث کی ہے۔ کتاب کے ترجمہ کے فرائض شمیم احمد خلیل السلفی نے نہایت شاندار انداز میں نبھائے ہیں۔اس میں ابوبکرصدیق ؓکی زندگی سے متعلقہ کسی بھی پہلو کو تشنہ نہیں چھوڑا گیا ۔ آپ کے خاندان اور مقام و مرتبہ کی وضاحت کرتے ہوئے حضرت ابوبکرصدیق ؓسے متعلقہ تمام احادیث کو کتاب کی زینت بنایا گیا ہے۔ جہاں آپ کے منہج حکومت کو زیر بحث لایا گیا ہے۔ حضرت ابوبکرصدیق ؓپر کیے جانے والے تمام اعتراضات کا براہین قاطعہ کی روشنی میں مسکت جواب نے کتاب کی افادیت میں مزید اضافہ کر دیاہے۔ یقینی طور پر یہ کتاب حیات ابوبکرصدیق ؓ پر لکھی جانے والی ایک دستاویز ہے اس میں وہ سب کچھ ہے جس کے آپ منتظر ہیں۔

مشکوٰۃ المصابیح (اردو) جلد اول

Authors: ولی الدین الخطیب التبریزی

In Arguments

By Al Noor Softs

اس وقت آپ کے سامنے ’مشکوٰۃ المصابیح‘ کا اردو ترجمہ ہے۔ ’مشکوٰۃ المصابیح‘ احادیث کا وہ مجموعہ ہےجسے امام بغوی نے ’مصابیح السنۃ‘ کے نام سے حدیث کی مشہور کتابوں صحاح ستہ، مؤطا امام مالک، مسند امام احمد ، سنن بیہقی اور دیگر کتب احادیث سے منتخب کیا ہے۔ پھر خطیب تبریزی نے ’مصابیح السنۃ‘ کی تکمیل کرتے ہوئے اس میں کچھ اضافہ کیا۔ اور راوی حدیث صحابی کا نام اور حدیث کی تخریج کی۔مزید برآں ہر فصل میں ایک باب کا اضافہ کیا۔’مشکوۃ المصابیح‘ کو تین فصول میں تقسیم کیا گیا ہےپہلی فصل میں صحیح بخاری و مسلم کی احادیث بیان کی گئی ہیں۔ دوسری فصل میں وہ احادیث ہیں جن کو دیگر ائمہ نے اپنی کتب میں نقل کیا ہے۔ تیسری فصل میں شروط کے تحت ایسی چیزیں شامل ہیں جن میں باب کا مضمون پایا جاتا ہے۔ ’مشکوۃ المصابیح‘ کی افادیت کے پیش نظر اس کے متعدداردو تراجم شائع ہوچکے ہیں۔ اس کا پیش نظر اردو قالب مولانا صادق خلیل مرحوم کی انتھک محنت کا ثمرہ ہے۔ خدا ان کو غریق رحمت کرے اور جنت الفردوس میں جگہ دے۔ کتاب کے اردو ترجمے میں ان کی محنت کی جھلک واضح نظر آتی ہے لیکن ترجمے میں بعض جگہ سرسری نقائص کا بھی اشارہ ملتا ہے۔ مثلاً بعض مقامات پر مشکل الفاظ کا ترجمہ چھوڑ دیا گیا ہے۔ اور ٹائٹل پر مولانا کے نام کے ساتھ مترجم و شارح بھی لکھا گیا ہے حالانکہ انہوں نے صرف ترجمہ کیا ہے احادیث کی تشریح نہیں کی۔ بہت نادر مقامات پر بعض حدیثوں کی صرف مختصر وضاحت کی ہے۔ اس کے علاوہ تحقیق و نظر ثانی کے ذیل میں ناصر محمود داؤد کا نام ذکر کرتے ہوئے پیش لفظ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ ضعیف رواۃ کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ اسماء و رجال کی کتب کے حوالہ جات دئیے گئے ہیں۔ حالانکہ امر واقع اس سے بالکل مختلف ہے۔ اور بہت کم مقامات پر یہ اہتمام نظر آتا ہے۔ اور تحقیق تو کجا مشکوۃ میں بیان کردہ احادیث کی تخریج بھی نہیں کی گئی۔

مشکوۃ المصابیح (اسماعیل سلفی) - جلد1

Authors: ولی الدین الخطیب التبریزی

In Arguments

By Al Noor Softs

’مشکوۃ المصابیح ‘ مختلف کتب احادیث سے منتخب احادیث کے مجموعے کا نام ہے۔ در اصل امام بغوی ؒ نے ’مصابیح السنۃ‘ کے نام سے حدیث کی مشہور کتابوں صحاح ستہ، مؤطا امام مالک، مسند امام احمد، مسند امام شافعی، سنن بیہقی، سنن دارمی اور دیگر کتب احادیث سے منتخب کیا تھا۔ اس کے بعد خطیب تبریزی ؒ نے اس کتاب کی تکمیل کرتے ہوئے اس میں کچھ اضافہ کیا۔ مثلاً یہ حدیث فلاں صحابی سے مروی ہے، ہر باب میں تیسری فصل کا اضافہ کیا اور اصل کتاب کا حوالہ دیا۔ اور اس کتاب کا نام ’مشکوۃ المصابیح‘ رکھا۔ اس وقت آپ کے سامنے مشکوۃ المصابیح اردوترجمہ کے ساتھ موجود ہے۔ کتاب کی افادیت اس اعتبار سے بہت بڑھ گئی ہے کہ ترجمہ شیخ الحدیث مولانا اسماعیل سلفی رحمۃ اللہ علیہ نے کیا ہے۔ اور اس کے ساتھ ساتھ ضروری جگہوں پر حاشیہ کی بھی اہتمام کیا ہے۔(ع۔م)

اضواء المصابیح فی تحقیق مشکوۃ المصابیح

Authors: ولی الدین الخطیب التبریزی

In Arguments

By Al Noor Softs

مشکوٰۃ المصابیح مسائل میں احادیث کاوہ بہترین مجموعہ ہے کہ جس میں محمد بن عبداللہ التبریزی نے بہترین ترتیب کے ساتھ مسند کتب حدیث سےسينكڑوں روایات کومتعلقہ مسائل کےتحت نقل کردیا ہے۔مشکوٰۃ کی تخریج و تحقیق اگرچہ علامہ ناصر الدین البانی کر چکے ہیں۔ او راب حافظ زبیرعلی زئی حفظہ اللہ جو کہ فن اسماء الرجال میں منجھی ہوئی شخصیت ہیں ۔زیر نظر کتاب انہی کی تخریج و تحقیق او رفوائد پر مشتمل ہے جس میں انہوں نے مشکوٰۃ میں درج ہر حدیث کا فن جرح و تعدیل کی روشنی میں جائزہ لیا ہے اور ان پر صحت و ضعف کا حکم لگایا ہے۔ احادیث کی استنادی حالت کو جانچنے کے لیےنہایت عمدہ تحریر ہے۔(ک۔ط)

مشکوۃ المصابیح جلد اول

Authors: ولی الدین الخطیب التبریزی

In Arguments

By Al Noor Softs

اللہ تعالی کی رسی یعنی قرآن کریم کے ساتھ انسان کا تعلق اس وقت تک مکمل نہیں ہوسکتا جب تک قرآن کریم کی تشریح وتفسیر رسول اللہ ﷺ کی سنت ،حدیث یعنی آپ کے طریقہ سے نہ ہو اور آپ ﷺ کےطریقہ کےساتھ وابستہ ہونا اس وقت تک ناممکن ہے جب تک اس علم پر عمل نہ کیا جائے ۔کتبِ حدیث کے مجموعات میں سے ایک مجموعۂ حدیث ’’مشکاۃ المصابیح‘‘ کے نام سے معروف ہے ۔مشکاۃ المصابیح احادیث نبویہ ﷺ کا انمول ذخیرہ ہے جسے امام بغوی  نے ’مصابیح السنۃ‘ کے نام سے حدیث کی مشہور کتابوں صحاح ستہ، مؤطا امام مالک، مسند امام احمد ، سنن بیہقی اور دیگر کتب احادیث سے منتخب کیا ہے۔ پھر علامہ خطیب تبریزی ﷫نے ’مصابیح السنۃ‘ کی تکمیل کرتے ہوئے اس میں کچھ اضافہ کیا۔ اور راوی حدیث صحابی کا نام اور حدیث کی تخریج کی اور اس کو تین فصول میں تقسیم کیا ۔اس کتاب کی افادیت کے پیش نظر اس کے متعدداردو تراجم کیے گئے اور جید علماء کرام نے اس پر تحقیق وتخریج کا کام بھی کیا ہے ۔ یہ مجموعہ جہاں دینی مدارس کے نصاب میں شامل ہے تووہیں یہ عام پرھے لکھے افراد کےلیے بھی روشنی کامینارہ ہے۔ اصولی طور پر اگر اس کی اہمیت کودیکھا جائے تواحادیث کا یہ ایسا ذخیرہ ہے کہ جوہر ایک مسلمان گھرانے کی ضرورت ہے کیونکہ اس میں دین ِاسلام کےتقریبا ہر قسم کے مسائل درج ہیں کہ جن کو سمجھنا اور ان پر عمل کرنا ہر مسلمان کادینی فریضہ ہے ۔زیرتبصرہ مشکوٰۃ المصابیح کا نسخہ سیدمحمد عبداللہ غزنوی کے فرزند جلیل سید محمد عبدالاول غزنوی کا ترجمہ وفوائد پانچ مجلدات پر مشتمل ہےاور اس میں احادیث کی تخریج کےساتھ ساتھ شیخ ناصرالدین البانی کی طرف سے حکم الحدیث کے عنوان سے صحت وضعف کا حکم لگا کر حدیث کی اہمیت کو واضح کیاگیاہے ۔محترم حافظ عبد لخبیر اویسی اور پروفیسر ابو انس محمدسرور گوہر نے اس میں تسہیل ترجمہ وحواشی کا کام انتہائی خوش اسلوبی سے کیا ہے ۔جس کی وجہ سے قاری کےلیے سید عبد الاول غزنویکے ترجمہ وفوائد سے استفادہ کرنا آسان ہوگیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ اس کتاب کی تیاری میں شامل تمام احباب کی مساعی جمیلہ کو شرف ِقبولیت سے نواز ے ۔جلد اول کے شروع میں ائمہ محدثین کے حالات واحوال پر مشتمل طویل مقدمہ اور جلد پنجم کے آخر میں’’ الاکمال فی اسماء الرجال ‘‘کا ترجمہ بھی شامل اشاعت ہے جو کہ طالبانِ حدیث کے لیے انتہائی مفید ہے ۔(آمین) (م۔ا)