eBooks
2,841 Results Found
انسداد زناکاری کے لیے اسلام کی حفاظتی تدابیر
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
زنا کاری و فحاشی اور جنسی بے راہ روی ایک جرم عظیم ہے جس کی حرمت و قباحت شرائع سابقہ و امم قدیمہ، قبائل بدویہ اور شریعت اسلامیہ میں موجود ہے۔ فحاشی سے مراد ہر وہ عمل ہے جو ناجائز جنسی لذت کے حصول کے لئے کیا جائے یا جس کے ذریعے جنسی اعضاء یا فعل کی اس نیت سے اشاعت کی جائے کہ جنسی اشتہا بھڑ کے یا جنسی تسکین حاصل ہو۔ زنا و اغلام بازی تو واضح طور پر ایک فحش عمل ہے۔ البتہ وہ امور جو زنا سے قریب کرنے کا ذریعہ ہوں وہ بھی فحاشی ہی ہیں۔ ہمارے معاشرے میں فحاشی کا سیلاب آیا ہوا ہے جس سے ہمارا معاشرہ تباہی کی طرف گامزن ہے۔ فحاشی کے اس سیلاب سے ہمارے ایمان و یقین اور اقدار و روایات کو خطرہ ہے۔ فحاشی کا یہ سیلاب اونچے اونچے گھرانوں تک پہنچ چکا ہے۔ فحاشی کے سیلاب کو روکنا معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے ۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ انسداد زناکاری کے لیے اسلام کی حفاظتی تدابیر‘‘ مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ(مترجم و مصنف کتب کثیرہ ) کے ریڈیو ام القیوین متحدہ عرب امارات کی اردو سروس میں پیش کیے گئے مقالات کی کتابی صورت ہے۔ اس کتاب میں انہوں نے اسلامی نکتہ نظر سے فحاشی، بے حیائی اور اس کے مضمرات و مفاسد پر ایسی سیر حاصل بحث کی ہے کہ موضوع کا کوئی پہلو تشنہ نہیں چھوڑا۔ اللہ تعالیٰ مصنف کی تمام دعوتی و تبلیغی، تحقیقی و تصنیفی کاوشوں کو شرفِ قبولیت سے نوازے۔ (آمین) (م۔ا)
خنزیر کی چربی پر مشتمل اشیائے استعمال
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
خنزیر ایک انتہائی غلیظ جانور ہے جو گندگی میں پیدا ہوتا ہے اور گندگی میں ہی رہتا ہے۔ یہاں تک کہ اس کی خوراک بھی غلیظ ہی ہے ، جس میں گلے سڑے جانوروں کے گوشت کے علاوہ اپنے اور دوسرے جانوروں کی نجاست شامل ہے۔ قرآن حکیم کی چار مختلف آیات میں خنزیر کا گوشت کھانے سے منع کیا گیا ہے۔ روز مرہ زندگی میں خنزیر سے دور رہنے کے لیے یہی وجہ کافی ہے کہ یہ بے حد غلیظ جانور ہے۔ جن اشیاء میں خنزیر کی چربی کی آمیزش ثابت ہو جائے ایسی چیزوں کا استعمال ناجائز و حرام ہے۔ زیر نظر کتابچہ ’’خنزیر کی چربی پر مشتمل اشیائے استعمال‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ کا مرتب شدہ ہے اس کتابچہ میں یورپ سے بن کر آنے والی ان اشیاء کی تفصیل دی گئی ہے جن میں خنزیر کی چربی شامل ہوتی ہے ۔ (م۔ا)
سوئے حرم ( حج و عمرہ اور زیارت حرمین کے احکام و مسائل جدید ایڈیشن )
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
یت اللہ کی زیارت اور فریضۂ حج کی ادائیگی ہر صاحب ایمان کی تمنا اور آرزو ہے۔ ہر صاحب استطاعت اہل ایمان کے لیے زندگی میں ایک دفعہ فریضہ حج کی ادائیگی فرض ہے ۔اجر و ثواب کے لحاظ سے یہ رکن بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ جس طرح نماز، روزہ، زکوٰۃ، اسلام کے ارکان اور فرائض ہیں اسی طرح حج دین کا بہت بڑا رکن اور رفیع الشان فریضہ ہے۔ نماز اور روزہ صرف بدنی عبادتیں ہیں، زکوٰۃ صرف مالی عبادت ہے، لیکن حج اپنے اندر بدنی اور مالی دونوں قسم کی عبادتیں سموئے ہوئے ہے۔ یعنی حاجی گھر سے چل کر مکہ مکرمہ، عرفات اور مدینہ منورہ سے ہو کر لوٹتا اور ساتھ ہی مال بھی خرچ کرتا ہے تو گویا دونوں قسم کی بدنی اور مالی عبادتوں کا شرف حاصل کرتا ہے۔ حج کرنے سے پہلے حج کے طریقۂ کار سے مکمل آگاہی ضروری ہے۔ تمام كتب حديث و فقہ میں اس کی فضیلت اور احکام و مسائل کے متعلق ابواب قائم کیے گئے ہیں اور تفصیلی مباحث موجود ہیں۔ اس موضوع پر اب تک اردو و عربی زبان میں چھوٹی بڑی بیسیوں کتب لکھی جا چکی ہیں اور ہنوز یہ سلسلہ جاری و ساری ہے ۔ زیر تبصرہ کتاب ’’سوئے حرم (حج و عمرہ اور زیارت حرمین کے احکام و مسائل)‘‘ مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ کے تقریبا 35سال قبل ریڈیو متحدہ عرب امارات ام القیوین سے شمال اسٹوڈیوز کی اردو سروس میں نشر ہونے والے سلسلہ وار پروگرام ’’سوئے حرم‘‘کی کتابی شکل ہے، جس میں مناسب ترمیم اور مفید اضافے بھی کیے گئے ہیں ۔ اس کتاب میں حج و عمرہ اور قربانی کے جملہ احکام و مسائل کا کتاب و سنت کی روشنی میں احاطہ کیا گیا ہے۔ حافظ عبد الرؤف رحمہ اللہ (فاضل مدینہ یونیورسٹی) کی کتاب میں وارد تمام احادیث و آثار کی علمی و تفصیلی تخریج نے کتاب کی افادیت کو دوبالا کر دیا ہے ۔اللہ تعالیٰ کتاب کے مؤلف ،مخرِّج و معلّق کی اس کاوش کو قبول فرمائے۔اور اسے عوام الناس کے لیے مفید و نافع بنائے ۔(آمین)
سماع و قوالی اور گانا و موسیقی ( کتاب و سنت اور سلف امت کی نظر میں)
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
اسلام میں ہر اس چیز کی روک تھام کی گئی ہے جس سے اخلاقی بگاڑ پیدا ہوتا ہو۔ ذہنی انتشار اور اخلاقی بگاڑ پیدا کرنے والی مختلف چیزوں میں سے ایک موسیقی ہے جس کو لوگوں نے جواز بخشنے کے لیے روح کی غذا قرار دے دیا ہے جبکہ اسلام میں موسیقی اور گانے بجانے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ نبی کریم ﷺ نے واضح الفاظ میں اس حوالے سے وعید کا تذکرہ کیا ہے۔ فرمانِ رسولﷺ ہے:’’ میرى امت میں سے ایسے لوگ ضرور پیدا ہونگے جو شرمگاہ [زنا] ’ریشم ’شراب اور گانا و موسیقی کو حلال کر لیں گے‘‘یہ دل میں نفاق پیدا کرنے اور انسان کو ذکر الٰہی سے دور کرنے کا سبب ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:﴿وَمِنَ النّاسِ مَن يَشتَرى لَهوَ الحَديثِ لِيُضِلَّ عَن سَبيلِ اللَّهِ بِغَيرِ عِلمٍ وَيَتَّخِذَها هُزُوًا ۚ أُولـٰئِكَ لَهُم عَذابٌ مُهينٌ﴾( سورة القمان)’’ لوگوں میں سے بعض ایسے بھی ہیں جو لغو باتوں کو مول لیتے ہیں تاکہ بے علمی کے ساتھ لوگوں کو اللہ کی راہ سے بہکائیں اور اسے مذاق بنائیں۔ یہی وہ لوگ ہیں جن کے لیے رسوا کن عذاب ہے‘‘ جمہور صحابہ و تابعین اور ائمہ مفسرین کے نزدیک لهوالحدیث عام ہے جس سے مراد گانا بجانا اور اس کا ساز و سامان ہے اس میں آلات ِ موسیقی اور ہر وہ چیز جو انسان کو خیر اور بھلائی سے غافل اور اللہ کی عبادت سے دور کر دے شامل ہے ۔ زیر نظر کتاب ’’سماع و قوالی اور گانا و موسیقی‘‘ (کتاب و سنت اور سلف امت کی نظر میں) مولانا ابو عدنان محمد منیر قمرحفظہ اللہ کی تصنیف ہے۔انہوں نے اس کتاب میں گانا و موسیقی کے بارے میں قرآن و سنت کی نصوص اور سلف ِامت کے اقوال کی روشنی میں گانا و موسیقی کی شرعی حیثیت کو واضح کیا ہے۔ مسجد نبوی کے امام و خطیب فضیلۃ الشیخ صلاح البدیر حفظہ اللہ کے گانے بجانے کی شرعی حیثیت کے عنوان پر مشتمل خطبہ کو اس کتاب میں بطور مقدمہ شامل کر دیا ہے۔(م ۔ا)
درود شریف فضائل و برکات اور احکام و مسائل
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
نبی کریم ﷺ پر درود پڑھنا آپ ﷺ سے محبت کا اظہار اور ایمان کی نشانی ہے۔ درود پڑھنے کے متعدد فضائل صحیح احادیث سے ثابت ہیں۔ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص مجھ پر ایک مرتبہ درود بھیجتا ہے، اللہ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں نازل فرماتا ہے۔‘‘( مسلم : ۴۰۸)ایک دوسری روایت میں نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’جو شخص مجھ پر ایک مرتبہ درود بھیجتا ہے ، اللہ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں نازل فرماتا ہے ، اس کے دس گناہ مٹا دیتا ہے اور اس کے دس درجات بلند کر دیتا ہے۔‘‘(صحیح الجامع : ۶۳۵۹) اور بعض روایات میں ہے کہ ’’کثرت سے درود پڑھنے سے گناہ معاف کر دئیے جائیں گے اور اللہ تعالیٰ دنیا و آخرت کی پریشانیوں سے بچا لے گا۔‘‘لیکن درود وہ قابل قبول ہے جو نبی کریم ﷺ سے ثابت ہو اور آپ ﷺ نے وہ صحابہ کرام کو سکھلایا ہو۔درود لکھی ،درود تنجینا،درود ہزاری اور درود تاج جیسے آج کل کے من گھڑت درودوں کی اللہ تعالیٰ کے ہاں کوئی حیثیت نہیں ہے ،کیونکہ یہ اس کے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت نہیں ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب ’’درود شریف فضائل و برکات اور احکام و مسائل ‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمرحفظہ اللہ کی تصنیف ہے۔انہوں نے اس کتاب میں درود شریف کے فضائل و برکات ،درود شریف پڑھنے کے مقامات و مواقع،نبی اقدسﷺ کے سوا دوسرے لوگوں پر درود و سلام کا حکم اور درود کے دیگر احکام و مسائل کو وضاحت سے پیش کیا ہے ۔(م۔ا)
اوقات نماز
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
اوقات نماز سے مراد وہ اوقات ہیں جنہیں شارع نے نماز کی ادائیگی کے لئے مقرر کیا ہے۔ نمازوں کو ان کے مقررہ اوقات پر ادا کرنا ضروری ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:’’کہ نماز اس کے وقت کی پابندی کے ساتھ اہل ایمان پر فرض کی گئی ہے ۔‘‘(النساء :103) اور رسولِ مکرم ﷺ کی کئی ایک صحیح احادیث میں نمازوں کے اوقات کی ابتدا و انتہا کو متعین کر دیا گیا ہے۔جس کی تفصیلات کتب احادیث و فقہ میں موجود ہیں گویا کہ نماز میں پابندیِ وقت کا حکم قرآن و سنت دونوں میں آیا ہے اور عدمِ پابندی پر سخت وعید بھی سنائی گئی ہے۔ زیرنظر کتاب ’’اوقاتِ نماز‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ کی تصنیف ہے انہوں نے اس کتاب میں اوقات نماز،طویل الاوقات علاقوں میں نماز اور نماز میں پابندیِ وقت کے احکامات قرآن و حدیث کی روشنی میں تفصیلاً بیان کر دیے ہیں ۔ (م۔ا)
ظہور امام مہدی ایک اٹل حقیقت ( اضافہ شدہ )
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
امام مہدی علیہ السلام وہ شخصیت ہیں جن کے بارے میں نبی کریم ﷺ کے ارشادات تمام مستند کتب میں ملتے ہیں۔ حدیث کے مطابق ان کا ظہور قیامت کے نزدیک ہو گا۔ مسلمانوں کے نزدیک امام مہدی علیہ السلام اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام قیامت کے نزدیک اسلامی حکومت قائم کر کے دنیا کو عدل و انصاف سے بھر دیں گے۔ سیدنا عیسی اور امام مہدی کی آمد اور ان کی نشانیوں کی حدیث میں تفصیل موجود ہے ۔اور اس پر عربی و اردو زبان میں کئی مستقل کتب موجود ہیں ۔ زیر نظر کتاب ’’ظہور امام مہدی ایک اٹل حقیقت‘‘مولانا محمد منیر قمر حفظہ اللہ کی تصنیف ہے انہوں نے اس کتاب میں مہدی کے متعلق تمام قسم کے غلط دعاوی کا محققانہ نوٹس لیتے ہوئے ان کا واضح ردّ کرنے کے ساتھ ساتھ درست موقف پیش کیا ہے اپنے موقف کی تائید میں قرآن مجید اور احادیث نبویہ سے بھی دلائل ذکر کیے ہیں۔ ظہور امام مہدی کے حق میں لکھی گئی کتب و رسائل سے بھی آگاہی مہیا کی ہے اور آخر میں کبار اہل علم کے اقوال اور سعودی عرب کے فتاوی لجنۃ دائمہ کے فتاوی بھی درج کیے ہیں ۔(م۔ا)
تمباکو نوشی شریعت اسلامیہ کی نظر میں ( ڈیجیٹل ایڈیشن )
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
تمباکو نوشی ہمارے انسانی معاشرے کی ایک بڑی کمزوری ہے،اس کے کئی جسمانی و ذہنی نقصانات ہیں لیکن اس کے باوجود ایک بڑے طبقہ میں اس کا استعمال مدتوں سے مختلف شکلوں میں جاری ہے تمباکو نوشی ،سگریٹ نوشی ان ممنوعات میں سے ہے جو خبیث، نقصان دہ اور گندی ہونے کی وجہ سے ناجائز ہیں۔ قرآنِ مجید میں اللہ تعالی کا ارشاد ہے: وَيُحِلُّ لَهُمُ الطَّيِّبَاتِ وَيُحَرِّمُ عَلَيْهِمُ الْخَبَآئِثَ. (الأعراف: 157) ’’(نبی مکرم ﷺ) ان (اہلِ ایمان) کے لیے پاکیزہ صاف ستھری چیزیں حلال بتاتے ہيں اور خبائث کو حرام کرتے ہيں۔‘‘سگریٹ نوشی سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات واضح ہیں حتی کہ سگریٹ بنانے والے بھی ہر ڈبی پر 'مضر صحت ہے' لکھ کر اس سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں آگاہ کرتے ہیں ۔ زیر نظر کتاب ’’ تمباکو نوشی شریعت اسلامیہ کی نظر میں ‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر کی متحدہ عرب امارات کی ریاست ام القیوین کے ریڈیو اسٹیشن کی اردو سروس سے 1989ء،1990ء میں تمباکو نوشی کے موضوع پر نشر ہونے والی ریڈیائی تقاریر کا مجموعہ ہے ۔جسے بعد ازاں غلام مصطفی فاروق صاحب نے کتابی صورت مرتب کیا ہے۔ مولانا منیر قمر حفظہ اللہ نے اس کتاب میں کتاب و سنت ، فقہاء اربعہ کے اقوال اور کبار علمائے کرام کے فتاوی جات کے علاوہ تمباکو نوشی کے بارے میں بعض سروے رپوٹس کی روشنی میں تمباکو نوشی کے روحانی و جسمانی اور مادی نقصانات و مضمرات کو سہل انداز میں پیش کیا ہے ۔ (م۔ا)
سود و رشوت اور بعض دیگر ناجائز ذرائع معاش
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
رشوت انسانی سوسائٹی کا وہ بد ترین مہلک مرض ہے جو سماج کی رگوں میں زہریلے خون کی طرح سرایت کر کے پورے نظام انسانیت کو کھوکھلا اور تباہ کر دیتا ہے ۔ رشوت ظالم کو پناہ دیتی ہے اور مظلوم کو جبراً ظلم برداشت کرنے پر مجبور کرتی ہے۔ رشوت کے ہی ذریعے گواہ ، وکیل اور حاکم سب حق کو ناحق اور ناحق کو حق ثابت کرتے ہیں۔ رشوت قومی امانت میں سب سے بڑی خیانت ہے ۔اسلامی شریعت دنیا میں عدل و انصاف اور حق و رحمت کی داعی ہے ۔ اسلام نے روزِ اول سے ہی انسانی سماج کی اس مہلک بیماری کی جڑوں اور اس کے اندرونی اسباب پر سخت پابندی عائد کی اور اس کے انسداد کے لیے انتہائی مفید تدابیر اختیار کرنے کی تلقین فرمائی جن کی وجہ سے دنیا اس مہلک امراض سے نجات پا جائے۔ زیر نظر کتاب ’’سود و رشوت اور بعض دیگر ناجائز ذرائع معاش ‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمرحفظہ اللہ کے متحدہ عرب امارات ام القوین سے نشر ہونے والی ریڈیائی تقاریر کی کتابی صورت ہے۔ (م۔ا)