eBooks
2,841 Results Found
توحید کی برکات شرک کے نقصانات
Authors: میاں محمد جمیل ایم ۔اے
زیر نظر کتاب ’’ توحید کی برکات اور شرک کے نقصانات‘‘ مفسر قرآن مولانا میاں محمد جمیل حفظہ اللہ (مصنف کتب کثیرہ) کی کاوش ہے ۔ فاضل مصنف نے اس کتاب میں ایجوکیڈ طبقہ کو سامنے رکھتے ہوئے سہل انداز میں توحید اور شرک کے تمام پہلوں کا احاطہ کرتے ہوئے قارئین کرام کو توحید کی برکات اور شرک کے اعتقادی ، اخلاقی ،معاشرتی اور اخروی نقصانات سے آگاہ کیا ہے۔اللہ تعالیٰ میاں جمیل صاحب کی تحقیقی و تصنیفی ، دعوتی و تبلیغی جہود کو قبول فرمائے اور اسے عوام الناس کے لیے نفع بخش بنائے ۔ تمام اہل اسلام کو توحید کے نور سے منور فرمائے اور شرک کی تباہ کاریوں سے محفوظ فرمائے ۔ آمین (م۔ا)
فضیلت قربانی اور اس کے مسائل
Authors: میاں محمد جمیل ایم ۔اے
قربانی کرنا اللہ تعالیٰ کے ہاں سب سے بہترین عمل ہے نبیﷺ کا فرمان ہے : ’’یقینا یوم النحر اللہ تعالیٰ کےہاں بہترین دن ہے۔‘‘ ( سنن ابوداود: 1765 ) اللہ تعالیٰ کےہاں کوئی بھی عبادت کا عمل تب ہی قابل قبول ہوتا ہے کہ جب اسے نبی کریمﷺ کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق کیا جائے ۔ کیوں کہ نبی کریم ﷺ کی ذات مبارکہ تمام اہل اسلام کے لیے اسوۂ حسنہ ہے ۔عبادات میں سے اہم عبادت عید الاضحیٰ کے دن جانوروں کواللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے ذبح کرنا ہے اس سلسلے میں ہمارے معاشرے میں بہت سی کتاہیاں پائی جاتی ہیں۔ زیر نظر رسالہ ’’فضیلت قربانی اور اس کے مسائل ‘‘وطن عزیز کی معرو ف شخصیت مفسر قرآن میاں محمد جمیل ایم اے حفظہ اللہ (مصنف کتب کثیرہ) کا مرتب شدہ ہے۔میاں صاحب نےقربانی کی وجہ تسمیہ، تاریخ،اہمیت وفضلیت اورقربانی کے جملہ احکام ومسائل کوآسان فہم انداز میں پیش کیا ہے اللہ تعالیٰ کتابچہ کوعامۃ الناس کےلیے نفع بخش بنائے ۔ آمین (م۔ا)
القرآن الکریم مترجم میاں محمد جمیل ایم اے
Authors: میاں محمد جمیل ایم ۔اے
قرآن کریم ہی وہ واحد کتاب ہے جو تاقیامت انسانیت کے لیے ذریعہ ہدایت ہے ۔ اسی پر عمل پیرا ہو کر دنیا میں سربلند ی او ر آخرت میں نجات کا حصول ممکن ہے لہذا ضروری ہے اس کے معانی ومفاہیم کوسمجھا جائے ،اس تفہیم کے لیے درس وتدریس کا اہتمام کیا جائے او راس کی تعلیم کے مراکز قائم کئے جائیں۔ قرٖآن فہمی کے لیے ترجمہ قرآن اساس کی حیثیت رکھتا ہے ۔آج دنیاکی کم وبیش 103 زبانوں میں قرآن کریم کے مکمل تراجم شائع ہوچکے ہیں۔جن میں سے ایک اہم زبان اردو بھی ہے ۔اردو زبان میں اولین ترجمہ کرنے والے شاہ ولی اللہ محدث دہلوی کے دو فرزند شاہ رفیع الدین اور شاہ عبد القادر ہیں اور یہ سلسلہ تاحال جاری وساری ہے ۔ زیر نظر ترجمہ قرآن ’’القرآن الکریم ‘‘ وطن عزیز کی معرو ف شخصیت مفسر قرآن میاں محمد جمیل ایم اے حفظہ اللہ (مصنف کتب کثیرہ) کی کاوش ہے ۔ جو کہ مترجم کےتدریسی تجریہ اور علمی رسوخ کا نمونہ ہے ۔اس کی زبان سادہ اور اسلوب دل نشیں ہر عمر کے قاری کےلیے نافع اورمفید ہے ۔ اس میں قرآن فہمی کے جملہ مصادر کو پیش نظر رکھتے ہوئےبامحاروہ رواں ترجمہ پیش کیا گیا ہے۔اس ترجمہ سے دینی مدارس اور ترجمہ قرآن کی کلاسز کے طلباء واساتذہ بھی بھر پور استفادہ کرسکتے ہیں ۔میاں صاحب کا یہ وہی ترجمہ جو انکی تفسیر ’’فہم القرآن‘‘ کے ساتھ شائع ہوا ہے ۔ بعد ازاں میاں صاحب کے ایک شاگرد رشید پروفیسر حامد رحمن صاحب نے اس ترجمہ کو افادۂ عام کے لیے الگ شائع کیا ہے ۔اس ترجمہ کی پروفیسر حافظ عبد الستار حامدحفظہ اللہ نے بڑی باریک بینی سے نظرثانی کی ہے اور کئی مقامات پر الفاظ میں تبدیلیاں کیں ہیں جس سے اس کی افادیت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔اللہ مترجم موصوف اور اسے شائع کرنے والے احباب کی مساعی کو قبول فرمائے اور اسے تمام مسلمانوں کے لیے نافع بنائے ۔آمین (م۔ا)
الدین یسر ( دین تو آسان ہے )
Authors: میاں محمد جمیل ایم ۔اے
سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریمﷺ نے فرمایا: ’’دین آسان ہے، لیکن جو اس میں سختی برتے گا، دین اسے پچھاڑ دے گا۔ اس لیے تمھیں چاہیے کہ سیدھی راہ پر چلو، میانہ روی اختیار کرو۔ لوگوں کو انعام کی نوید بھی دو اور صبح وشام اور رات کے خوش گوار وقتوں میں اللہ کی بندگی بجا لایا کرو ‘‘اور فرمان نبوی :’’ان الدین یسرٌ: دین آسان ہے۔‘‘ کا مطلب یہ ہے کہ یہ دین اپنے سب تقاضوں کے ساتھ مشکل نہیں ہے، کیونکہ اس کے تمام تقاضے ہماری فطرت کے مطابق ہیں۔ اور اس لیے بھی کہ یہ دین انسان کی طاقت سے بڑھ کر کوئی حکم نہیں دیتا۔ لیکن مذہبی پیشواؤں کی مجرمانہ حرکتوں ،لوگوں کی بے علمی اوردین میں عدم دلچسپی کی وجہ سے یہ آسان ترین دین مشکل ترین صورت اختیار کرتا چلاگیا ہےجس طرح دین میں غلو اور مبالغہ بڑا گناہ ہے اسی طرح اس میں آسانی کے نام پر کمی کرنا بھی جرم عظیم ہے ۔ مولانامیاں محمد جمیل ایم اے حفظہ اللہ (مصنف کتب کثیرہ ،بانی ابو ھریرہ اکیڈمی ،لاہور)نے زیرنظر کتاب ’’ دین تو آسان ہے ‘‘ میں انتہائی ایمانداری کےساتھ فرقہ واریت اور مذہبی تعصبات سے بالاتر ہوکر خالصتاً رب کریم کی رضا کی خاطر اسی آسانی کا ذکرکیا ہے کہ جس کو حقیقتاً دین نےآسان قرار دیا ہے ۔تاکہ دین کو مشکل سمجھنے والے حضرات کی غلط فہمیاں دور ہوں اور وہ دین کو آسان سمجھ کر والہانہ انداز سے دین پر عمل پیرا ہوکر دنیا اور آخرت کی کامیابیوں سے سرافراز ہوسکیں۔(م۔ا)
فہم القرآن جلد اول
Authors: میاں محمد جمیل ایم ۔اے
قرآنِ مجید پوری انسانیت کے لیے کتاب ِہدایت ہے او ر اسے یہ اعزاز حاصل ہے کہ دنیا بھرمیں سب سے زیاد ہ پڑھی جانے والی کتاب ہے ۔ اسے پڑھنے پڑھانے والوں کو امامِ کائنات نے اپنی زبانِ صادقہ سے معاشرے کے بہتر ین لوگ قراردیا ہے اور اس کی تلاوت کرنے پر اللہ تعالیٰ ایک ایک حرف پرثواب عنایت کرتے ہیں۔ دور ِصحابہ سے لے کر عصر حاضر تک بے شمار اہل علم نے اس کی تفہیم وتشریح اور ترجمہ وتفسیرکرنے کی خدمات سر انجام دیں اور ائمہ محدثین نے کتبِ احادیث میں باقاعدہ ابواب التفسیر کے نام سےباب قائم کیے۔اور مختلف ائمہ نے عربی زبان میں مستقل بیسیوں تفاسیر لکھیں ہیں ۔جن میں سے کئی تفسیروں کے اردو زبان میں تراجم بھی ہوچکے ہیں ۔ ہر دور اور ہر زبان میں قرآن مجید کی تفاسیر لکھی گئی ہیں۔ یہاں تک کہ ماضی قریب میں برصغیرِ پاک وہند کے تمام مکتب فکر کےعلماء نے تراجم اور تفاسیر کا بے شمار ذخیرہ اردو زبان میں پیش کر كے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ہنوز یہ سلسلہ جاری وساری ہے۔ زیر نظر کتاب ’’ تفسیر فہم القرآن ‘‘قائد ’’تحریک دعوت توحید‘‘ میاں محمد جمیل ﷾ کی تصنیف ہے ۔ میاں جمیل صاحب نے اس تفسیر کا نام سورة الانبیاء کی آیت 79 ( فَفَهَّمْنَاهَا سُلَيْمَانَ ) سے لیا ہے ۔ موصوف نے اس تفسیر میں درج ذیل باتیں جمع کر نے کی کوشش کی ہے تاکہ عوام الناس ‘ طلبہ اور مبتدی خطباء اس سے آسانی سے استفادہ کرسکیں۔ ١ ۔ لفظی اور بامحاورہ ترجمہ٢۔ ربطِ کلام ٣ ۔ ہر آیت کے الگ الگ مسائل کا بیان٤ ۔ تفسیر بالقرآن کے حوالے سے ہر آیت کے مرکزی مضمون سے متعلقہ چند آیات ۔تفسیر ہذا کے مفسر موصوف میاں محمد جمیل بن میاں محمد ابراہیم گوہڑ چک 8 پتوکی ضلع قصور اپریل 1947 ء میں پیدا ہوئے۔ حفظِ قرآن اور سکول کی تعلیم اپنے گاؤں میں حاصل کی۔ تجویدِ قرآن جامعہ محمدیہ اور درس نظامی کی تعلیم جامعہ اسلامیہ گوجرانوالہ سے پائی۔ اور دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ ایم۔ اے اسلامیات اور فاضل اردو کی ڈگریاں بھی حاصل کیں۔ فراغت ِ تعلیم کے بعد لاہور میں کاروبار کرنے کے ساتھ ساتھ جون 1986 ء میں جامع مسجد ابوہریرہ کی بنیاد کریم بلاک اقبال ٹاؤن میں رکھی اور اعزازی خطابت کی ذمہ داری سنبھالی۔ 1997 ء میں ابوہریرہ شریعہ کالج کا آغاز کیا جس میں طلبہ کو چار سال میں درس نظامی اور بی ۔ اے کروایا جاتا ہے۔ 1987 ء میں مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات اور 1996 ء سے لے کر 2002 تک مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سیکرٹری جنرل رہے۔ اس کے بعد موصوف نے مرکزی جمعیت کی آئندہ ذمہ داری سنبھالنے سے معذرت کی اور اپنے آپ کو تعلیم و تصنیف کے لیے وقف کیا۔تفسیر فہم القرآن کے علاوہ متعدد کتب تصنیف کر کے شائع کیں۔ 2005 ء میں تفسیر فہم القرآن لکھنے کا آغاز کیا۔جو 6 سال کے عرصہ میں مکمل ہوئی ۔اللہ تعالیٰ میاں صاحب کے علم وعمل اور عمرمیں برکت فرمائے اور ان کی تمام مساعی کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے ۔(م۔ا)
جادو کی تباہ کاریاں اس کا شرعی علاج
Authors: میاں محمد جمیل ایم ۔اے
In Knowledge
علوم کی دنیا میں جادو ایک پرانا علم ہے۔ ابتدائے افرینش سے انسانی معاشرے میں اس کا وجود اور ثبوت پایا جاتا ہے۔ جناب موسیٰ کلیم اللہ کے مقابلے میں جادو کو فرعونی حکومت کی سرپرستی اور جادوگر کو انتہائی مراعات یافتہ طبقہ شمار کیا جاتا ہے۔ جنہوں نے حاکم وقت فرعون کی نگرانی اور سرپرستی میں حضر کلیم اللہ کا مقابلہ کیا لیکن اصلیت اور حقیقت نہ ہونے کی وجہ سے علم نبوت کے سامنے پسپا اور ناکام ہوئے۔ اسی اثناء حضرت موسیٰؑ نے جادوگروں کو مخاطب کرتے ہوئے جادو کی حقیقت بے نقاب فرمائی تھی کہ جادو گر کبھی بھی حقیقی اور دائمی کامیابی حاصل نہیں کر سکتے۔ جادو کا اثرات بڑے مہلک ہوتے مگر اس کا مؤثر علاج بھی ہے۔زیرِ تبصرہ کتاب کا موضوع ہی یہی ہے کہ جادو کے اثرات یا نقصانات کیا ہیں اور اس کا قرآن وحدیث کے مطابق حل کیا ہے؟۔ اس کتاب میں چھ ابواب ہیں‘ پہلے میں واقعات اور مشکلات کے بارے میں لوگوں کے تین قسم کے خیالات‘ جادو کے محرکات اور تاریخی وغیرہ رقم ہیں‘ دوسرے میں جادو کا شرعی علاج‘ وظائف وغیرہ‘ تیسرے میں حفاظتی تدابیر‘ چوتھے میں جادوگروں کے متعلق سوالات کے جوابات‘ پانچویں میں جنات کی حقیقت ‘ چھٹے میں نظر بد کے اثرات وغیرہ ‘ ساتویں میں نظام فلکی اور علم نجوم کی حقیقت اور آٹھویں میں پامسٹری اور مسمریزم کو بیان کیا گیا ہے۔ یہ کتاب’’ جادو کی تباہ کاریاں ‘اس کا شرعی حل ‘‘ میاں محمد جمیل ایم اے کی مرتب کردہ ہے۔آپ تصنیف وتالیف کا عمدہ شوق رکھتے ہیں‘ اس کتاب کے علاوہ آپ کی درجنوں کتب اور بھی ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مؤلف وجملہ معاونین ومساعدین کو اجر جزیل سے نوازے اور اس کتاب کو ان کی میزان میں حسنات کا ذخیرہ بنا دے اور اس کا نفع عام فرما دے۔(آمین)( ح۔م۔ا )
انبیاء کا طریقۂ دعاء
Authors: میاں محمد جمیل ایم ۔اے
In History
شریعتِ اسلامیہ میں دعا کو اایک خاص مقام حاصل ہے او رتمام شرائع ومذاہب میں بھی دعا کا تصور موجود رہا ہے ۔صرف دعا ہی میں ایسی قوت ہے کہ جو تقدیر کو بدل سکتی ہے۔ دعا ایک ایسی عبادت ہے جو انسا ن ہر لمحہ کرسکتا ہے اور اپنے خالق ومالق اللہ رب العزت سے اپنی حاجات پوری کرواسکتا ہےقرآن مجید میں انبیاء کرام کے واقعات کے ضمن میں انبیاء کی دعاؤں او ران کے آداب کاتذکرہ ہوا ہے۔ ان قرآنی دعاؤں سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ کے سب سے برگزیدہ بندے کن الفاظ سے کیا کیا آداب بجا لاکر کیا کیا مانگا کرتے تھے ۔ انبیاء کی دعاؤں کو جس خوبصورت انداز سے قرآن مید نے پیش کیا ہے یہ اسلوب کسی آسمانی کتاب کے حصے میں بھی نہیں آتا۔ ان دعاؤں میں ندرت کاایک پہلو یہ بھی ہے کہ ہر قسم کی ضرورت کے بہترین عملی اور واقعاتی نمونے بھی ہماری راہنمائی کے لیے فراہم کردیئے گئے ہیں ۔آپﷺ اور انبیاء کی دعائیں اس قدر جامع اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں مقبول ہیں کہ ان کےہوتےہوئے بزرگوں کے تجربات اورمن گھڑت فضائل کے حوالے سےمصنوعی وظائف کرنا قرآن وسنت کی دعاؤں اوراذکار پر عملاً بے اعتمادی اور شرکیہ وذظائف اللہ تعالیٰ اوراس کے رسول ﷺ سےبغاوت کاثبوت ہے۔ رب کریم نےانبیاء کےمسائل اور مصائب کے حوالے سےہماری مشکلات کا جو حل تجویز فرمایا ہے اس کے حضور ان سے زیاہ کوئی دعا اوروظیفہ مستجاب نہیں ہو سکتاہے ۔مگر یہ یاد رہے انسان کی دعا اسے تب ہی فائدہ دیتی ہے جب وہ دعا کرتے وقت دعا کےآداب وشرائط کوبھی ملحوظ رکھے۔دعاؤں کے حوالے سے بہت سے کتابیں موجود ہیں جن میں علماء کرام نے مختلف انداز میں میں دعاؤں کو جمع کیا ہے ۔ زیر تبصرہ کتاب’’ انبیاء کا طریقہ دعا‘‘ محترم میاں محمد جمیل﷾ کی کا وش ہے ۔اس مختصر کتاب میں موصوف نے انبیاء اور آپﷺکی مختصر اور ضروری دعاؤں کو پیش کرنے کےعلاوہ دعا کےاحکام آاداب اور اہمیت وضرورت کو بھی آسان فہم انداز میں پیش کردیا ہے ۔ میاں صاحب اس کتاب کے علاوہ قرآن مجید کی تفسیرسمعیت دیگر کئی کتب کے مصنف ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی تمام مساعی جمیلہ کو قبول فرمائے ۔ آمین( م۔ا)
آپ ﷺ کا حج
Authors: میاں محمد جمیل ایم ۔اے
حج عبادات کا مرقع دین کی اصلیت اور اس کی روح کا ترجمان ہے۔ یہ مسلمانوں کی اجتماعی تربیت اور ملت کے معاملات کا ہمہ گیر جائزہ لینے کا وسیع وعریض پلیٹ فارم ہے شریعت نے امت مسلمہ کواپنے او ردنیا بھر کے تعلقات ومعاملات کا تجزیہ کرنے کے لیے سالانہ بین الاقوامی سٹیج مہیا کیا ہے تاکہ وہ حقوق اللہ اور حقوق العباد کے معاملہ میں اپنی کمی بیشی کا احساس کرتے ہوئے توبہ استغفار اور حالات کی درستگی کےلیے عملی اقدامات اٹھائیں ۔حج بیت اللہ ارکانِ اسلام میں ایک اہم رکن ہے بیت اللہ کی زیارت او رفریضۂ حج کی ادائیگی ہر صاحب ایمان کی تمنا اور آرزو ہے ہر صاحب استطاعت اہل ایمان کے لیے زندگی میں ایک دفعہ فریضہ حج کی ادائیگی فرض ہے اور اس کے انکار ی کا ایمان کامل نہیں ہے اور وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے اجر وثواب کے لحاظ سے یہ رکن بہت زیادہ اہمیت کاحامل ہے۔نماز روزہ صر ف بدنی عبادتیں ہیں اور زکوٰۃ فقط مالی عبادت ہے۔ مگر حج کی یہ خصوصیت ہے کہ وہ بدنی اورمالی دونوں طرح کی عبادت کامجموعہ ہے۔ تمام كتب حديث وفقہ میں اس کی فضیلت اور احکام ومسائل کے متعلق ابو اب قائم کیے گئے ہیں اور تفصیلی مباحث موجود ہیں۔ حدیث نبویﷺ ہے کہ آپ نےفرمایا الحج المبرور لیس له جزاء إلا الجنة’’حج مبرور کا ثواب جنت سوا کچھ اور نہیں ۔اس موضوع پر اب تک اردو و عربی زبان میں چھوٹی بڑی بیسیوں کتب لکھی جاچکی ہیں اور ہنوذ یہ سلسلہ جاری وساری ہے۔ زیر تبصرہ کتابچہ ’’آپ ﷺ کا حج ‘‘ مولانا میاں محمدجمیل ﷾(مصنف کتب کثیر ہ )کی کاوش ہے جس میں نے آسان طریقے سے اختصار کے ساتھ نبی کریم ﷺ کے حج کا مسنون طریقہ بیان کیا ہے جس سے استفادہ کر کے حاجی کرنے والا سنت کے مطابق مناسک حج ادا کرسسکتا ہے۔ اللہ ان کی اس کاوش کو قبول فرمائے۔ آمین( م۔ا)
آپ ﷺ کی نماز اور اس کا عملی مظاہرہ
Authors: میاں محمد جمیل ایم ۔اے
نماز انتہائی اہم ترین فریضہ اور اسلام کا دوسرا رکن ِ عظیم ہے جوکہ بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ کلمہ توحید کے اقرار کےبعد سب سے پہلے جو فریضہ انسان پر عائد ہوتا ہے وہ نماز ہی ہے۔ اسی سے ایک مومن اور کافر میں تمیز ہوتی ہے۔ بے نماز ی کافر اور دائرۂ اسلام سے خارج ہے ۔ قیامت کےدن اعمال میں سب سے پہلے نماز ہی سے متعلق سوال ہوگا۔ فرد ومعاشرہ کی اصلاح کے لیے نماز ازحد ضروری ہے ۔ نماز فواحش ومنکرات سےانسان کو روکتی ہے ۔بچوں کی صحیح تربیت اسی وقت ممکن ہے جب ان کوبچپن ہی سےنماز کا پابند بنایا جائے۔ قرآن وحدیث میں نماز کو بر وقت اور باجماعت اداکرنے کی بہت زیاد ہ تلقین کی گئی ہے۔ نماز کی ادائیگی اور اس کی اہمیت اور فضلیت اس قد ر اہم ہے کہ سفر وحضر اور میدان ِجنگ اور بیماری میں بھی نماز ادا کرنا ضروری ہے۔ نماز کی اہمیت وفضیلت کے متعلق بے شمار احادیث ذخیرۂ حدیث میں موجود ہیں او ر بیسیوں اہل علم نے مختلف انداز میں اس موضوع پر کتب تالیف کی ہیں۔ نماز کی ادائیگی کا طریقہ جاننا ہر مسلمان مرد وزن کےلیے ازحد ضروری ہے کیونکہ اللہ عزوجل کے ہاں وہی نماز قابل قبول ہوگی جو رسول اللہ ﷺ کے طریقے کے مطابق ادا کی جائے گی ۔او ر ہمارے لیے نبی اکرم ﷺکی ذات گرامی ہی اسوۂ حسنہ ہے۔ انہیں کے طریقے کےمطابق نماز ادا کی جائے گئی تو اللہ کے ہاں مقبول ہے۔ اسی لیے آپ ﷺ نے فرمایا صلو كما رأيتموني اصلي لہذا ہر مسلمان کےلیے رسول للہ ﷺ کے طریقۂ نماز کو جاننا بہت ضروری ہے۔جیساکہ اس بات میں شبہ نہیں کہ نماز ارکان ِاسلام سے ایک اہم ترین رکن خیر وبرکات سے معمور ، موجب راحت واطمینان، باعثِ مسرت ولذات اور انسان کے گناہ دھوڈالنے، اس کے درجات بلند کرنے والی ایک بہترین عبادت ہے مگر یہ امر بھی واضح رہے کہ نمازی اس کی خیر وبرکات سے کما حقہ مستفید اور اس کی راحت ولذت سے پوری طرح لطف اندوز تبھی ہوسکتاہے جب وہ اس کے معانی ا ور مطالب سے واقف ہو۔ زیر تبصرہ کتاب’’آپ ﷺ کی نماز اور اس کی عملی تصویریں‘‘محترم میاں محمد جمیل﷾ کی کا وش ہے۔ اس مختصر کتاب میں موصوف نے نماز کےروحانی اور معاشرتی فوائد اور قیام وسجود کی عملی تصاویر کے ذریعے نماز کے جملہ واحکام ومسائل کو آسان فہم انداز میں پیش کیا ہے۔ میاں صاحب اس کتاب کے علاوہ قرآن مجید کی تفسیرسمعیت دیگر کئی کتب کے مصنف ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی تمام مساعی جمیلہ کو قبول فرمائے۔ آمین( م۔ا)