دینِ اسلام دنیا میں غالب ہونے کے لئے آیا ہے، اﷲ پاک نے اپنے آخری رسول حضرت محمدﷺکو ہدایت یعنی قرآن پاک اور دین حق یعنی اسلام دے کر بھیجا ہے تاکہ اس دین کو تمام ادیان پر غالب کردے اگرچہ مشرکین جن میں یہود ونصاریٰ بھی شامل ہیں جتنا بھی نہ چاہیں کہ دین اسلام غالب نہ ہو ۔ کیونکہ ارشاد باری تعالیٰ ہے۔ ھُوَالَّذِیْٓ اَرْسَلَ رَسُوْلَہٗ بِالْھُدٰی وَدِیْنِ الْحَقِّ لِیُظْھِرَہٗ عَلَی الدِّیْنِ کُلِّہٖ (التوبہ، الفتح، الصف) ترجمہ: اس (اللہ) نے اپنے رسول کو ہدایت اور سچا دین دے کر بھیجا ہے تاکہ اسے سب دینوں پر غالب کرے اور اگرچہ مشرک ناپسند کریں۔ زیر تبصرہ کتاب ’’غلبۂ اسلام کی بشارتیں‘‘ علامہ یوسف القرضاوی کی عربی تصنیف ہے ’’المبشرات بانتصار الاسلام ‘‘ کا اردو ترجمہ ہے۔ انہوں نے اس کتاب میں دلائل کی روشنی میں واضح کیا ہے کہ لوگوں کا یہ خیال کہ اب ہم محض برے دن دیکھنے کے لیے زندہ رہیں گے بالکل غلط ہے۔ کیونکہ قرآن اوراحادیث میں ایسی بشارتیں موجود ہیں جن سے اس خیال کی تردید ہوتی ہے۔ علامہ قرضاوی ہے نے ایسی تمام روایات اور احادیث پر گفتگو کی ہے اور ان کے صحیح مفہوم ومنشا کو واضح کیا ہے۔