ظہور امام مہدی کے مسئلہ میں بہت سے لوگوں نے ٹھوکر کھائ ہے۔ بعض وہ ہیں جو حضرت عیسٰیؑ اور امام مہدی کو ایک ہی شخصیت قرار دیتے ہیں ‘ بعض وہ ہیں جو آنحضرت کی اس پیشگوئی کا مصداق حضرت عمر بن عبد العزیز کو ٹھراتےہیں‘ ایک گروہ ایسا ہے جو اپنے امام منتظر محمد بن حسن عسکری کو مہدی بنانے پر تلاا ہوا ہے‘ بعض انتہا پسند وہ ہیں جو آئے دن مہدی ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں اور بعض نے تو سرے سے ہی امام مہدی کا انکار کر دیا ہے۔اس طرح کے دیگر اور بھی بہت سے لوگ ہیں جو وارد شدہ احادیث پر اعتراضات کی صورت میں یا انکار کی صورت میں عوام الناس کے لیے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔۔ زیرِ تبصرہ کتاب میں مصنف﷾ نے تمام دعاوی کا محققانہ جائزہ لیتے ہوئے ان کا واضح رد کرنے کے ساتھ ساتھ درست موقف وعقیدہ’’ظہور امام مہدی۔ ایک اٹل حقیقت‘‘ کو دلائل وبراہین کی روشنی میں خوب مجلی ومنور کیا ہے۔ دلائل قرآن مجید واحادیث صحیحہ سے اور متواتر ائمہ وعلماء کا بھی تذکرہ ہے جو اس موقف کے حاملین میں سے ہیں۔ کبار اہل علم کے اقوال اور سعودی عرب کے دار الافتاء کی دائمی کمیٹی کے فتاوی جات بھی نقل کیے ہیں۔ حدیث کے رواۃ کا تعارف بھی پیش کیا گیا ہے۔۔ یہ کتاب’’ ظہور امام مہدی ایک اٹل حقیقت ‘‘ ابو عدنان محمد منیر قمر﷾ کی مرتب کردہ ہے۔آپ تصنیف وتالیف کا عمدہ شوق رکھتے ہیں‘ اس کتاب کے علاوہ آپ کی اور کتب بھی ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مؤلف وجملہ معاونین ومساعدین کو اجر جزیل سے نوازے اور اس کتاب کو ان کی میزان میں حسنات کا ذخیرہ بنا دے اور اس کا نفع عام فرما دے۔(آمین)( ح۔م۔ا )