اللہ تبارک وتعالیٰ کے تنہالائقِ عبادت ہونے ، عظمت وجلال اورصفاتِ کمال میں واحد اور بے مثال ہونے اوراسمائے حسنیٰ میں منفرد ہونے کا علم رکھنے اور پختہ اعتقاد کےساتھ اعتراف کرنے کانام توحید ہے ۔توحید کے اثبات پر کتاب اللہ اور سنت رسول ﷺ میں روشن براہین اور بے شمار واضح دلائل ہیں ۔ اور شرک کام معنیٰ یہ کہ ہم اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھرائیں جبکہ اس نےہی ہمیں پیدا کیا ہے ۔ شرک ایک ایسی لعنت ہے جو انسان کوجہنم کے گڑھے میں پھینک دیتی ہے قرآن کریم میں شرک کوبہت بڑا ظلم قرار دیا گیا ہے اور شرک ایسا گناہ ہے کہ اللہ تعالیٰ انسان کے تمام گناہوں کو معاف کردیں گے لیکن شرک جیسے عظیم گناہ کو معاف نہیں کریں گے ۔شرک اس طرح انسانی عقل کوماؤف کردیتا ہےکہ انسان کوہدایت گمراہی اور گمراہی ہدایت نظر آتی ہے ۔نیز شرک اعمال کو ضائع وبرباد کرنے والا اور ثواب سے محروم کرنے والا عمل ہے ۔ پہلی قوموں کی تباہی وبربادی کاسبب شرک ہی تھا۔ چنانچہ جس کسی نے بھی محبت یا تعظیم میں اللہ کے علاوہ کسی کواللہ کے برابر قرار دیا یا ملت ابراہیمی کے مخالف نقوش کی پیروی کی وہ مشرک ہے۔ زیر نظر کتاب ’’ عقیدہ توحید اوراس کے منافی امور ‘‘ سعودی عرب کےنامور عالم دین فضیلۃ الشیخ صالح بن فوزان الفوزان کی توحید اورعقائد کے دیگر امور کےمتعلق تصنیف شدہ عربی کتاب ’’ عقیدۃ التوحید وبیان مایضادہا من الشرک الاکبر والاصغر والتعطیل والبدع وغیر ذلک ‘‘ کا سلیس ورواں ترجمہ ہے ۔شیخ موصوف نےاس کتاب میں توحید کا معنیٰ ،اسکی اقسام ، کلمہ طیبہ کامطلب،اس کے تقاضے ،شرائط، ارکان ونواقض کوبیان کرنےکے بعد عبادت کا معنیٰ واقسام ، دین کے مراتب اورآپس میں ان کے تعلق کو واضح کیا ہے ۔اور ان افعال واعتقادات کو بیان کیا کہ جن کواختیار کرنے سے انسان دائرہ اسلام سے خارج ہوجاتا ہے یا اس کےایمان میں کمی آجاتی ہے ۔(م۔ا)