اللہ تبارک وتعالیٰ کے تنہالائقِ عبادت ہونے ، عظمت وجلال اورصفاتِ کمال میں واحد اور بے مثال ہونے اوراسمائے حسنیٰ میں منفرد ہونے کا علم رکھنے اور پختہ اعتقاد کےساتھ اعتراف کرنے کانام توحید ہے ۔توحید کے اثبات پر کتاب اللہ اور سنت رسول ﷺ میں روشن براہین اور بے شمار واضح دلائل ہیں ۔ اور شرک کا معنیٰ یہ کہ ہم اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھرائیں جبکہ اس نےہی ہمیں پیدا کیا ہے ۔ شرک ایک ایسی لعنت ہے جو انسان کوجہنم کے گڑھے میں پھینک دیتی ہے قرآن کریم میں شرک کوبہت بڑا ظلم قرار دیا گیا ہے اور شرک ایسا گناہ ہے کہ اللہ تعالیٰ انسان کے تمام گناہوں کو معاف کردیں گے لیکن شرک جیسے عظیم گناہ کو معاف نہیں کریں گے ۔شرک اس طرح انسانی عقل کوماؤف کردیتا ہےکہ انسان کوہدایت گمراہی اور گمراہی ہدایت نظر آتی ہے ۔نیز شرک اعمال کو ضائع وبرباد کرنے والا اور ثواب سے محروم کرنے والا عمل ہے ۔ پہلی قوموں کی تباہی وبربادی کاسبب شرک ہی تھا۔ چنانچہ جس کسی نے بھی محبت یا تعظیم میں اللہ کے علاوہ کسی کواللہ کے برابر قرار دیا یا ملت ابراہیمی کے مخالف نقوش کی پیروی کی وہ مشرک ہے۔ زیر تبصرہ کتاب’’ توحید الرحمان بجواب استمداد از عبادالرحمٰن‘‘ حضرت العلام محدث العصر حافظ عبداللہ محدث روپڑی کی تصنیف ہے جو انہوں نے 1959ء میں انجمن حزب الاحناف ،لاہور کی طرف سے شائع کردہ کتاب ’’ استمداد ازعبادالرحمٰن‘‘ کےجواب میں تحریرکی ۔حافظ صاحب مرحوم کی یہ کتاب ان کی زندگی میں تبویب وتصویب جدید سے شائع نہ ہوسکی۔بعد ازاں ان کے اخلاف حافظ عبد الوہاب روپڑی ﷾ نےاس کتاب کو تبویب وترتیب کےساتھ شائع کیا ہے تاکہ عوام الناس ان علمی جواہرپاروں سے استفادہ کرسکیں اور شرکیہ ظلمات سےباہر آکر نجات اخروی حاصل کرسکیں۔محدث روپڑی اکیڈمی نے اس کتاب کےعلاوہ بھی محدث روپڑی بعض کتب(انسانی زندگی کامقصد، زیارت قبر نبویﷺ، ارسال الیدین بعدالرکوع، تحقیق التراویح، تقلید اور علماء دیوبند، وسیلہ بزرگان ، رد بدعات ) کو دوبارہ شائع کیا ہے ۔(م۔ا)