Books by Al Noor Softs
2,840 Books found
مختصر فقہ الصلاۃ نماز نبوی جدید ایڈیشن
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
نماز دینِ اسلام کا دوسرا رکنِ عظیم ہے۔ قرآن و حدیث میں نماز کو بروقت اور باجماعت ادا کرنے کی بہت زیادہ تلقین کی گئی ہے۔ نماز کی ادائیگی اور اس کی اہمیت و فضلیت اس قدر اہم ہے کہ سفر و حضر، میدانِ جنگ اور بیماری کی حالت میں بھی نماز ادا کرنا ضروری ہے۔ نماز کی اہمیت و فضیلت کے متعلق بے شمار احادیث ذخیرۂ حدیث میں موجود ہیں اور بیسیوں اہل علم نے مختلف انداز میں اس پر کتب تالیف کی ہیں۔ نماز کی ادائیگی کا طریقہ جاننا ہر مسلمان مرد و زن کے لیے ازحد ضروری ہے، کیونکہ اللہ عزوجل کے ہاں وہی نماز قابل قبول ہو گی جو رسول اللہ ﷺ کے طریقے کے مطابق ادا کی جائے گی اسی لیے آپ ﷺ نے فرمایا "صلو كما رأيتموني اصلي" لہذا ہر مسلمان کے لیے رسول للہ ﷺ کے طریقۂ نماز کو جاننا بہت ضروری ہے۔ زیر نظر کتاب ’’ مختصر فقہ الصلاۃ نماز نبوی ‘‘ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ کی ان تقاریر کا مجموعہ ہے جو انہوں نے متحدہ عرب امارات کی ریاست ام القیوین کے ریڈیو اسٹیشن کی اردو سروس سے نماز کے بارے میں روزانہ نشر ہونے والے پروگرام ’’ دین و دنیا‘‘میں تقریباً 786 نشتوں میں پیش کیے۔ بعد ازاں مولانا حافظ ارشاد الحق (فاضل مدینہ یونیورسٹی) نے انہیں بڑی محنت سے مرتب کیا ہے۔ اس کتاب میں استقبال قبلہ سے لے کر سلام پھیرنے تک کے مسائلِ نماز کو صحیح و حسن اجادیث کی روشنی میں نبی کریمﷺ کی نماز کی صحیح کیفیت اور اس کا مسنون طریقہ پوری تفصیل کے ساتھ بیان کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے اس سے قبل یہ کتاب 3؍ ضخیم جلدوں میں بھی شائع ہو چکی ہے۔ (م۔ا) نماز
اسیران جہاد اور مسئلہ غلامی
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
اسلام سے قبل رائج نظام غلامی کی اسلام نے اصلاح کی اور غلاموں کو ان کے حقوق دئیے۔ قرون وسطی کی غلامی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ غلامی کا مسئلہ ہمیشہ دانشوران یورپ کی زبان پر رہتا ہے بلکہ یہ اسلام و پیغمبر اسلام ﷺ پر اعتراض کے سلسلہ میں ان کا بہت مشہور ہتھیار ہے۔ اسلام کے روئے روشن کو داغدار کرنے کی غرض سے دانشوران یورپ کوئی موقعہ ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ ان کی ہر کتاب میں یہ اعتراض بڑے اہتمام سے موجو ہوتا ہے۔ زیر نظر کتاب ’’اسیران ِجہاد اور مسئلہ غلامی‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ کی تصنیف ہے۔ انہوں نے اس کتاب میں اسلام میں غلاموں کے حقوق اور مسئلہ غلامی کے خاتمہ کے لیے کیے گئے اقدامات کا تذکرہ کر کے معاندین کے شکوک و شبہات اور اعتراضات و الزامات کا ازالہ کیا ہے اور ساتھ ہی مسئلہ فلسطین وغیرہ جیسے جدید مسائل کی طرف بھی اشارہ کیا ہے۔ (م۔ا)
اسلام میں انسانی جان کی قدر و قیمت اور فلسفہ جہاد
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
اللہ تعالیٰ نے انسان کو بہترین مخلوق کے اعزاز سے نوازا۔ فضیلت و بزرگی اور علم و شرف کے قابلِ فخر تمغے عطا فرما کر اسے مسجودِ ملائکہ بنایا۔ اور اپنی عظیم کتاب میں انسانی جان کی حُرمت کا اعلان فرمایا۔ انسانی جان کو جو رِفعت و بلندی اسلام نے عطا کی ہے اس کا اندازہ یہاں سے لگائیے کہ اسلام نے بغیر کسی وجہ کے ایک فرد کے قتل کو تمام انسانیت کے قتل کے مُتَرادِف قرار دیا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے ’’جس نے ایک انسان کو قتل کیا ،اس نے گویا پوری انسانیت کو قتل کر دیا اور جس نے ایک شخص کو بچایا، اس نے گویا پوری انسانیت کو بچا لیا‘‘(المائدہ:32) نیز محسنِ انسانیت ﷺ نے کئی احادیث میں قتلِ انسانی کی مذمت بیان فرمائی ہے، جیسا کہ ارشاد نبوی ﷺ ہے ’’سب سے بڑے گناہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ شرک کرنا، کسی جان کو قتل کرنا، والدین کی نافرمانی کرنا اور جھوٹی گواہی دینا ہیں۔‘‘ (صحیح بخاری : 6871) اور خود نبیِّ ﷺ نے مسلمان کی جان کی حُرمت کو کعبے کی حرمت سے زیادہ محترم قرار دیا ہے۔ انسانی جان کی حفاظت کے لیے اسلام فقط اخلاقی طریقہ ہی اختیار نہیں کرتا، بلکہ سزا کے ذریعہ بھی اس کو دبانے کی کوشش کرتا ہے۔ چنانچہ انسان کے قتل کی سخت سزا متعین کی گئی ہے ۔ اسلامی قانون کے مطابق قاتل کی سزا قتل ہے۔ زیر نظر کتاب ’’اسلام میں انسانی جان کی قدر و قیمت اور فلسفۂ جہاد‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ کی تصنیف ہے جو کہ ان کے ریڈیو ام القیوین متحدہ عرب امارات کی اردو سروس میں پیش کیے گئے پروگرامز کی کتابی صورت ہے۔ (م۔ا)
جہاد اسلامی فضائل ، مسائل ، حقائق
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
اسلامی تعلیمات کی رو سے جہاد کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا نہیں بلکہ ہر وہ کوشش جو دین اسلام کی سربلندی کے لیے کی جائے وہ جہاد ہے۔ خواہ وہ کوشش انفرادی ہو یا اجتماعی، زبانی ہو یا قلمی ہو، مالی ہو یا جانی، بشرطیکہ اس کوشش میں نصب العین غلبہ دین ہو۔ جہاد فی سبیل اللہ، اللہ کو محبوب ترین اعمال میں سے ایک ہے۔ اللہ تعالیٰ نے بیش بہا انعامات جہاد فی سبیل میں شریک ایمان والوں کے لئے رکھے ہیں۔ اور تو اور مومن مجاہدین کا اللہ کی راہ میں نکلنے کا عمل اللہ کو اتنا پسندیدہ ہے کہ اس کے مقابلے میں نیک سے نیک، صالح سے صالح مومن جو گھر بیٹھا ہے، کسی صورت بھی اس مجاہد کے برابر نہیں ہو سکتا۔ نصوص کتاب و سنت میں جہاد و مجاہد کے باقاعدہ فضائل موجود ہیں جس کی تفصیل قرآنی آیات اور کتب حدیث میں موجود ہے۔ زیر نظر کتاب ’’جہاد اسلامی فضائل، مسائل، حقائق‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ کی تصنیف ہے جو کہ ان کے ریڈیو ام القیوین متحدہ عرب امارات کی اردو سروس میں پیش کیے گئے پروگرامز کی کتابی صورت ہے۔ انہوں نے اس کتاب میں جہاد کے فضائل، حقائق کو پیش کرنے کے علاوہ جہاد کے متعلق جدید ذہن کی طرف سے پیدا ہونے والے تمام شبہات و اعتراضات کا بخوبی ازالہ کیا ہے۔ (م۔ا)
مساجد و مقابر اور مقامات نماز
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
نماز کے لیے جسم و لباس کی طہارت کی طرح اس جگہ کا پاک ہونا بھی ضروری ہے جہاں نماز پڑھی جائے۔ جائے نماز کی طہارت و پاکیزگی اہل علم کے نزدیک نماز صحیح ہونے کے لیے شرط ہے۔ مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ نے زیر نظر کتاب بعنوان ’’مساجد و مقابر اور مقاماتِ نماز‘‘میں اس بات کو واضح کیا ہے کہ نماز کی صحت و قبولیت کے لیے جسم و لباس کی طرح جائے نماز کا بھی پاک ہونا ضروری ہے، اور کچھ مقامات ایسے ہیں کہ وہ اگرچہ بظاہر پاک ہوں گے مگر وہاں نماز پڑھنا دیگر وجوہات کی بنا پر جائز نہیں۔ مزاروں یا قبرستان میں پائی جانے والی مساجد کے بارے میں اسلامی تعلیمات کیا ہیں؟ اس کی تفصیل بھی اس کتاب میں موجود ہے
مصنوعی اعضاء اور خارجی اشیاء کی صورت میں احکام غسل و وضو
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
نماز ایک عظیم فریضہ ہے جس کے صحیح ہونے کے لیے پاکی شرط ہے۔ چنانچہ حدث اصغر کی صورت میں وضو اور حدث اکبر کی صورت میں غسل واجب ہے، اور پانی کی عدم موجوگی یا اس کے استعمال سے عاجزی کی صورت میں تیمّم مشروع ہے نیز جگہ اور کپڑے کی پاکی بھی ضروری ہے۔ اسلامی نظامِ حیات میں طہارت و پاکیزگی کے عنصر کو جس شدومد سے اُجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے اس طرح سے کسی اور مذہب میں نہیں کی گئی۔ زیر نظر کتاب ’’مصنوعی اعضاء اور خارجی اشیاء کی صورت میں احکامِ غسل‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ(مترجم و مصنف کتب کثیرہ ) کی تصنیف ہے جو کہ ان کے ریڈیو ام القیوین متحدہ عرب امارات کی اردو سروس میں پیش کیے گئے پروگرامز کی کتابی صورت ہے۔ مصنف موصوف نے اس کتاب میں مصنوعی اعضاء اور خارجی اشیاء کی صورت میں پیدا ہونے والے، غسل وضوء کے فقہی مسائل و احکام بیان کئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ مصنف کی تمام دعوتی و تبلیغی ، تحقیقی و تصنیفی کاوشوں کو شرفِ قبولیت سے نوازے ۔ (م۔ا)
مختصر مساجد و مقابر اور مقامات نماز
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
نماز کے لیے جسم و لباس کی طہارت کی طرح اس جگہ کا پاک ہونا بھی ضروری ہے جہاں نماز پڑھی جائے۔ جائے نماز کی طہارت و پاکیزگی اہل علم کے نزدیک نماز صحیح ہونے کے لیے شرط ہے۔ مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ نے زیر نظر کتاب بعنوان ’’مختصر مساجد و مقابر اور مقاماتِ نماز‘‘میں اس بات کو واضح کیا ہے کہ نماز کی صحت و قبولیت کے لیے جسم و لباس کی طرح ہی جائے نماز کا بھی پاک ہونا ضروری ہے۔ کچھ مقامات ایسے ہیں جو اگرچہ بظاہر پاک ہوں گے مگر وہاں نماز پڑھنا دیگر وجوہات کی بنا پر جائز نہیں۔ مزاروں یا قبرستانوں میں پائی جانے والی مساجد کے بارے میں اسلامی تعلیمات کیا ہیں؟ اس کی تفصیل بھی اس کتاب میں موجود ہے۔(م۔ا)
وجوب نقاب و حجاب ( چہرے کا پردہ )
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
عورت کے لیے پردے کا شرعی حکم اسلامی شریعت کا طرۂ امتیاز اور قابل فخر دینی روایت ہے۔ اسلام نے عورت کو پردے کا حکم دے کر عزت و تکریم کے اعلیٰ ترین مقام پر لاکھڑا کیا۔ پردہ کا شرعی حکم معاشرہ کو متوازن کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور مرد کی شہوانی کمزوریوں کا کافی و شافی علاج ہے۔ اس لیے دخترانِ اسلام کو پردہ کے سلسلے میں معذرت خواہانہ انداز اختیار کرنے کی بجائے فخریہ انداز میں اس حکم کو عام کرنا چاہیے تاکہ پوری دنیا کی خواتین اس کی برکات سے مستفید ہو سکیں۔ اللہ تعالیٰ کے حکم کی رو سے عورت پر پردہ فرض ہے جس کا تذکرہ قرآن کریم میں متعدد بار آیا ہے اور کتبِ احادیث میں اس کی صراحت موجود ہے۔ کئی اہل علم نے عربی و اردو زبان میں پردہ کے موضوع پر متعدد کتب تصنیف کی ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’وجوبِ نقاب و حجاب‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ کی تصنیف ہے جو کہ ان کے ریڈیو ام القیوین متحدہ عرب امارات کی اردو سروس میں پیش کیے گئے پروگرامز کی کتابی صورت ہے۔موصوف نے اس کتاب میں قرآن و سنت ، آثار صحابہ رضی اللہ عنہم و ائمہ اور اقوالِ علماء فقہاء کی روشنی میں عورتوں کے چہرے کے پردے کے بارے میں تفصیلی بحث پیش کی ہے اور دلائل سے ثابت کیا ہے کہ عورتوں کے چہرے کا پردہ فرض اور واجب ہے۔ اللہ تعالیٰ مصنف کی تمام دعوتی و تبلیغی ، تحقیقی و تصنیفی کاوشوں کو شرفِ قبولیت سے نوازے ۔ (م۔ا)
شراب کی حرمت و مذمت
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
شراب اور نشہ آور اشیاء معاشرتی آفت ہیں جو صحت کو خراب، خاندان کو برباد کر ڈالتی ہے۔شراب نے جتنی تیزی سے اور جتنی گہرائی تک اپنی جڑیں پھیلائی ہیں اس کا اندازہ اس سے کیا جا سکتا ہے کہ تمام عالمی مذاہب نے اس کے استعمال کو ممنوع قرار دیا ہے۔دین ِ اسلام میں اللہ تعالیٰ نے دنیا میں انسان کے لیے شراب کے استعمال کو حرام قرار دیا ہے اور رسول اللہ ﷺ نے اس کے استعمال کرنے والے پر حد مقرر کی ہے یہ سب اس مقصد کے تحت کیا گیا کہ مسکرات یعنی نشہ آور چیزوں سے پیدا شدہ خرابیوں کو روکا جائے ان کے مفاسد کی بیخ کنی اور ان کے مضمرات کا خاتمہ کیا جائے ۔کتبِ احادیث و فقہ میں حرمت شرات اور اس کے استعمال کرنے پر حدود و تعزیرات کی تفصیلات موجود ہیں ۔ اور بعض اہل علم نے حرمت شراب پر مستقل کتب تصنیف کی ہیں ۔شراب کے نجس و طاہر ہونے میں اہل علم کے اقوال مختلف ہیں ۔اور اسی طرح شراب سے علاج کے بارے میں بھی علماء کا اختلاف ہے۔ زیر نظر کتاب ’’شراب کی حرمت و مذمت‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر ﷾ کے متحدہ عرب امارات کے ام القیوین ریڈیو سٹیشن سے اردو پروگرام میں روزانہ نشر ہونے والی تقاریر کا مجموعہ ہے۔جسے افادۂ عام کے لیے جناب مولانا غلام مصطفیٰ فاروق نے کتابی صورت میں مرتب کیا ہے۔اس کتاب میں مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر صاحب نے اس بات کو واضح کیا ہے کہ شراب کا پینا حرام ہے اور اس کا چھونا باعث نجاست ہے ۔کیونکہ وہ بداتہ نجس و ناپاک ہے ۔ (م۔ا)