Books by Al Noor Softs
2,840 Books found
ابراہیم علیہ الصلاۃ والسلام بحیثیت والد
Authors: ڈاکٹر فضل الٰہی
In History
اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیم ؑ کی زندگی کو تمام مسلمانوں کے لیے مشعل راہ قرار دیا۔ واقعتاً آپ ؑ کی زندگی کا ہر پہلو قابل اتباع اور نمونہ عمل ہے۔ پیش نظر کتاب میں محترم ڈاکٹر فضل الہٰی نے حضرت ابراہیم ؑ کی حیات طیبہ میں تفکر و تدبر کرتے ہوئے مسلمانوں کے لیے دروس و عبر کا استنباط کیا ہے۔ مصنف نے حضرت ابراہیم ؑ کی زندگی کو بطور والد تین گوشوں میں تقسیم کیا ہے۔ پہلے گوشے میں پہلے میں حضرت ابراہیم ؑ کی ان باتوں کا تذکرہ ہے جن کے اولاد کے حصول کے لیے انھوں نے رغبت اور کوشش کی۔ دوسرے گوشے میں وہ باتیں ہیں جن سے انھوں نے اپنی اولاد کو محفوظ رکھنے کے لیے انھوں نے کوشش اور خواہش کی۔ تیسرےاور آخری گوشے میں ان طریقوں کا تذکرہ ہے جو انھوں نے اپنی اولاد کے متعلق ارادوں اور خواہشات کی تکمیل کے لیے اختیار کیے۔ مصنف نے کتاب میں اس بات پر شدید زور دیاہے کہ والدین اپنی اولادوں کی تربیت کے سلسلے میں حضرت ابراہیم ؑ کی زندگی کو مشعل راہ بنائیں اور اس میں موجود نصیحتوں سے فیض یاب ہوں۔ (عین۔ م)
دعوت دین کہاں دی جائے؟
Authors: ڈاکٹر فضل الٰہی
پروفیسر ڈاکٹر فضل الہٰی سو کے قریب عربی و اردو اور دیگر زبانوں میں تصنیف شدہ کتب کے مصنف ہیں۔ ان کا قلم بظاہر عام سے موضوع کو خاص بنا دیتا ہے۔ ’دعوت دین کہاں دی جائے‘ دیکھنے میں ایک مختصر سا مضمون نظر آتا ہے لیکن پروفیسر صاحب نے اس پر بھی اچھوتے اور نہایت دلچسپ انداز میں 200 سے زائد صفحات لکھ دئیے ہیں۔ انھوں نے تفصیل کے ساتھ ان مقامات کا تذکرہ کیا ہے جہاں پر دعوت حق پہنچانے کے شواہد موجود ہیں۔ اس کے لیے انھوں نے تقریباً چودہ مقامات کا انتخاب کیا ہے۔ سب سے پہلے انھوں نے ’قید خانے میں دعوت‘ کے نام سے عنوان قائم کیا ہے اور اس میں حضرت یوسف ؑ کی دعوت کا ذکر کرتے ہوئے مجدد الف ثانی اور جزائر انڈیمان میں مجرم قیدیوں کے قبول اسلام کا احوال لکھا ہے۔ اسی طرح انھوں نے ایوان اقتدار میں، جبل صفا پر، گھروں میں،لوگوں کی مجالس میں دعوت کی طرح متعدد عناوین قائم کرتے ہوئے نبی کریمﷺ کی سیرت سے استنباط کیا ہے اور بہت سے متعلقہ واقعات کا تذکرہ کیا ہے۔ مصنف نے دراصل اہل اسلام کے سامنے اس حقیقت کو آشکار کرنا چاہا ہے کہ دعوت دین مسجد و مدرسہ میں محصور نہیں، بلکہ ہر مناسب جگہ میں ہے۔ (عین۔ م)
دعوت دین کسے دیں؟
Authors: ڈاکٹر فضل الٰہی
’دعوت دین کسے دیں؟‘ میں پروفیسر ڈاکٹر فضل الٰہی نے تین سوالات کو موضوع بحث بنایا ہے۔ دعوت اسلامیہ کن کے لیے ہے؟ نبی کریمﷺ نے کن لوگوں کو دعوت دین دی؟ اس بارے میں پیش کردہ شبہات کی حقیقت کیا ہے؟ ان سوالات کے تشفی بخش جوابات کے لیے مولانا نے کتاب و سنت کو بنیاد بنایا ہے۔ نبی کریمﷺ نے جن متعدد اقسام کے لوگوں کو دعوت دین دی ان کے بارے میں متعدد شواہد کا تذکرہ کیا گیا ہے اور ان شواہد میں سے دعوتی فوائد کو بھی احاطہ تحریر میں لایا گیا ہے۔ عوام الناس اور خصوصاً دعوت دین سے متعلق لوگوں کے لیے یہ کتاب نہایت مفید ہے۔ (عین۔ م)
دعوت دین کس چیز کی طرف دی جائے؟
Authors: ڈاکٹر فضل الٰہی
اسلام اپنی مکمل جامعیت اور پوری وسعتوں کے ساتھ دعوتِ دین کا موضوع ہے۔ اس حوالے سے ضروری ہے کہ مبلغ اسلام کے تمام گوشوں کی طرف دعوت دے۔ لیکن بنیاد عقیدہ توحید کو بنائے۔ کیونکہ اسوہ انبیاء سے یہی مترشح ہوتا ہے۔ زیر نظر کتاب میں پروفیسر ڈاکٹر فضل الہٰی نے ان گوشوں کو بالتفصیل بیان کیاہے جن کی طرف دعوت دین دی جانی چاہیے۔ مؤلف کا کہنا ہے کہ مبلغ کو چاہیے کہ وہ توحید و رسالت کی دعوت کے بعد موضوعات کے انتخاب میں مخاطب لوگوں کے احوال و ظروف اور فکری، عقلی اور دینی استعداد سے چشم پوشی نہ کرے۔ انھوں نے کتاب میں اس چیز کی بھی وضاحت کی ہے کہ اپنی دعوت کو مخصوص فرقے، مذہب یا گروہ کی طرف بلانے کی بجائے صرف اور صرف کتاب و سنت کی طرف دعوت دی جائے۔ کتاب کی تمام تر معلومات کی بنیاد کتاب و سنت ہے اور کتاب کا موضوع اچھی طرح واضح کرنے کے لیے اہل علم کے اقوال بھی نقل کیے گئے ہیں۔ (ع۔م)
اذکار نافعہ
Authors: ڈاکٹر فضل الٰہی
دین اسلام میں ذکر الٰہی کی بہت زیادہ اہمیت و فضیلت ہے۔ ایک حدیث کے مطابق اللہ کے رسولﷺ نے ذکر الٰہی کو سونا چاندی خرچ کرنے حتیٰ کہ جہاد جیسے عمل سے بھی بہتر قرار دیا۔ فی زمانہ دعاؤں اور ذکر و اذکار کی بہت سی مختصر اور مفصل کتب موجود ہیں۔ ان اذکار و دعاؤں کی فضیلت کیا ہے؟ یہی اس کتاب کا موضوع ہے۔ جس میں پروفیسر ڈاکٹر فضل الٰہی نے قرآن کریم کی بعض سورتوں اور آیات، اذان، نماز سے متعلقہ اذکار ، صبح و شام کے بعض اذکار کے فضائل اور مرادیں پوری کرنے والے آٹھ اذکار کا تذکرہ کرتے ہوئے دیگر مواقعوں کے اذکار کی بھی احادیث رسولﷺ کی روشنی میں فضیلت بیان کی ہے۔ کتاب کے آخر میں چند مفید تنبیہات بھی قلمبند کی گئی ہیں۔ (ع۔م)
لشکر اسامہ ؓکی روانگی
Authors: ڈاکٹر فضل الٰہی
In History
امت مسلمہ کے لیے حضرت ابوبکر صدیق کی بے شمار قربانیاں اور بے مثال کارنامے ہیں ان کا ایک کارنامہ یہ بھی ہے کہ انھوں نے آنحضرت محمدﷺ کی وفات کے بعد صحابہ کے اختلاف کے باوجود لشکر اسامہ کو روانہ فرمایا۔ آپ کے اس کارنامے میں بہت سے دروس پنہا ہیں۔ زیر نظر کتابچہ میں انھی دروس و عبرتوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ حدیث، سیرت اور تاریخ کے بنیادی مراجع کی روشنی میں حضرت ابوبکر ؓکے لشکر اسامہ کو ارسال کرنے کے واقعات کو اختصار کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ سیدنا ابوبکر صدیق ؓکے لشکر اسامہ کو روانہ کرنے کے متعلقہ واقعات سے سولہ دروس اور عبرت و نصیحت کی باتوں کا استنباط کیا گیا ہے۔ ان حاصل شدہ دروس اور عبرتوں کے بیان کے دوران، تائید و وضاحت کی غرض سے کتاب و سنت کے دلائل پیش کیے گئے ہیں۔ (ع۔م)
مسائل عیدین
Authors: ڈاکٹر فضل الٰہی
اسلام ،دین فطرت ہے۔وہ ان تمام فطری جذبات کی قدر کرتا ہے ،جو انسانی مزاج میں موجود ہیں۔انہی میں سے ایک فطری جذبہ یہ بھی ہے کہ انسان خوشی کے تہوار منانے میں دلچسپی رکھتا ہے ۔اسلام نے انسان کے اسی فطری داعیے کی تکمیل کے لیے دو تہوار(عید الفطر اور عید الاضحٰی)عطا کیے ہیں ۔لیکن اس کے ساتھ اسلام کی یہ بھی خوبی ہے کہ وہ انسان کو شتر بےمہار کی طرح آزاد نہیں چھوڑتا کہ وہ خوشی کے نام پر جو چاہیے کرتا رہے،بلکہ خوشی منانے کا سلسلہ بھی بتلاتا ہے ۔زیرنظر کتاب میں عیدین کے مسائل کو موضوع بحث بنایا گیا ہے اور ان سے متعلقہ ہر مسئلے کو قرآن و حدیث کی روشنی میں بیان کیا ہے ۔امتیازی خوبی یہ ہے کہ صرف صحیح یا حسن احادیث سے استدلال کیا گیا ہے ۔عید الفطر کی آمد آمد ہے ، فلہذا موقع کی مناسبت سے یہ کتاب ناظرین کی خدمت میں پیش کی جارہی ہے ۔(م۔ا)
فرشتوں کا درود پانے والے اور لعنت پانے والے
Authors: ڈاکٹر فضل الٰہی
اللہ تعالیٰ کے کچھ خوش نصیب بندے ایسے ہیں جو ایسے اعمال سرانجام دیتے ہیں جن کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کے فرشتے ان پر درود بھیجتے ہیں اور درود کا مطلب علمائے کرام نے انسان کے لیے فرشتوں کو دعا و استغفار کرنا بتلایا ہے۔ اور کچھ بدقسمت ایسے ہیں جو ایسے کاموں میں بدمست رہتے ہیں جو اللہ اور اس کے فرشتوں کی لعنت کا موجب بنتے ہیں۔ قرآن وسنت میں ایسے اعمال کی بالتفصیل بیان کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹر فضل الہٰی نے زیر تبصرہ کتاب میں قرآن وحدیث کی نصوص سے ایسے ہی خوش قسمت اور بدقسمت لوگوں کی فہرست مرتب کی ہے۔ مولانا نے احادیث شریفہ کو ان کے اصلی مراجع سے نقل کیا ہے۔ صحیحین کے علاوہ دیگر کتب حدیث سے منقولہ احادیث سے متعلق علمائے امت کے اقوال ذکر کیے گئے ہیں۔ آیات کریمہ اور احادیث مبارکہ سے استدلال کرتے وقت مفسرین اور محدثین کی تفاسیر اور شروح سے مقدور بھر استفادہ کیا گیا ہے۔ کتاب کا مطالعہ اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے آپ کا جائزہ لیں کہ ہمارا شمار کس فہرست میں ہوتا ہے۔ اور اگر اس سلسلہ میں کوئی کمی کوتاہی موجود ہے تو اس کو دور کرتے ہوئے اپنے آپ کو فرشتوں کے درود کے مستحق بنانے کی کوشش کریں۔ (ع۔ م)
نبی کریم ﷺ کی محبت کے اسباب
Authors: ڈاکٹر فضل الٰہی
نبیﷺ کی محبت ایک مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ اور کوئی بھی مسلمان اس وقت تک مومن نہیں ہوسکتا جب تک وہ رسول اللہ ﷺ سے اپنے جان و مال ماں باپ اور اولاد سے زیادہ محبت نہ کرے۔ دعویٰ محبت میں صرف قول ہی معتبر نہیں بلکہ اس کی عملی دلیل ضروری ہے اور وہ محبوب یعنی نبیﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونا او ران کے اخلاق کو اپنانا ہے۔زیر نظر کتاب میں اس بات کو اجاگر کیا گیا ہے کہ نبیﷺ سے محبت کے اسبا ب کیا ہیں ؟اور ان پر عمل پیرا ہوا جائے جس سے نبیﷺ سے محبت کا رشتہ ہمیشہ کے لئے قائم رہ سکتا ہے۔مثلاً نبیﷺ سےمحبت کی فرضیت کو نہ بھولنا، حب نبیؐ کے ثمرات کو یاد رکھنا ، آپ ؐ کے احسانات کو فراموش نہ کرنا، شان مصطفیٰؐ کو نگاہوں میں رکھنا، اخلاق نبویؐ کو حرز جان بنانا اور کثرت سے آپؐ کا ذکر خیر کرنا اور درود پڑھنا۔یہ وہ اسباب ہیں جن سے ایک امت کا نبیؐ کی محبت سے رشتہ جڑا رہ سکتا ہے۔(ک۔ط)