eBooks
2,841 Results Found
مسلمان خواتین کے لیے اسوہ صحابیات ؓ
Authors: عبد السلام ندوی
اسلامی تاریخ ہمارے سامنے مسلمان عورت کابہترین اورپاکیزہ نمونہ پیش کرتی ہے۔آج جب زمانہ بدل رہا ہے،مغربی تہذیب و تمدن او رطرزِ معاشرت ہمارے گھروں میں سرایت کررہا ہے، تہذیب مغرب کی دلدادہ مسلمان خواتین او رلڑکیاں اسلام کی ممتاز اور برگزیدہ خواتین کے اسوہ حسنہ کوچھوڑ کر گمراہ اور ذرائع ابلاغ کی زینت خواتین کواپنے لیے آئیڈل سمجھ رہی ہیں۔ہمیں اپنے اسلاف کی خدمات کو پڑھنے کی اشد ضرورت ہے۔ اسلام کے ہردور میں عورتوں نےمختلف حیثیتوں سے امتیاز حاصل کیا ہے ،اور بڑے بڑے عظیم کارنامے سر انجام دیئے ہیں۔ ازواجِ مطہرات طیباتؓ اور اکابر صحابیاتؓ کی زندگیاں ہمارے لئے بہترین نمونہ ہیں۔ان کے دینی ،اخلاقی معاشرتی اور علمی کارنامے نہ صرف دنیا وآخرت دونوں جہانوں میں نجات کا ذریعہ ہیں ،بلکہ موجودہ دور کےتمام معاشرتی خطرات سے محفوظ رکھنے کے بھی ضامن ہیں۔ زیر نظر کتاب کے پہلے حصے’’مسلمان خواتین کے لیے اسوۂ صحابیات ‘‘ میں مولانا عبد السلام ندوی ،او ر دوسرے حصے ’’مسلمان عورتوں کی بہادری ‘‘ میں سید سلیمان ندوی نے دور حاضر کی خواتین اور لڑکیوں کے لیے ازواج مطہرا ت طیباتؓ ، اکابر صحابیات ؓاو ر نامور مسلمان بہادرخواتین کے مستند اور مؤثر واقعات کو ایک جگہ مرتب کردیا ہے، تاکہ دور حاضر کی خواتین اورلڑکیاں ان کی اخلاقی،معاشرتی اوربہادری کے واقعات کو اپنے لیے نمونہ بنا ئیں،اور ان کی زندگیوں کے مطابق اپنی زندگی گزاریں۔(م۔ا)
قول مقبول در اثبات ظل رسول ﷺ
Authors: عبد القادر حصاروی
نبی کریم ﷺاﷲ کے برگزیدہ نبی اور انسان تھے ۔ اﷲ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو سلسلہ انسانیت سے پیدا کیا تھا اورجس طرح ہر انسان کا سایہ ہوتا ہے اسی طرح آپ کا بھی سایہ مبارک موجود تھا۔ بہت سی غلط باتوں کی طرح معاشرے میں ایک یہ بات بھی شہرت پاگئی ہے کہ رسول ﷲ ﷺ کا سایہ نہیں تھا، بعض سادہ فطرت اور جذباتی اسلاف نے تو اس بے اصل خیال کا چرچا کیا ہی تھا لیکن ہندوستان میں اسے پھیلانے کی ذمہ داری قبرپرستوں پر عموماً اورمولانااحمد رضا خان صاحب پر خصوصاً ہے۔صحیح احادیث سے ثابت ہے کہ آپﷺ کا سایہ موجود تھا۔ سیدنا انس بن مالک ؓ عنہ سے روایت ہے کہ ایک رات رسول اللہ ﷺ نے ہمیں نماز پڑھائی اور عین نماز کے دوران آپ ﷺ نے اپنا ہاتھ مبارک اچانک آگے بڑھایا ، پھر جلد ہی پیچھے ہٹا لیا ۔ ہم نے آپ ﷺسے آپ کے اس خلاف معمول نماز میں جدید عمل کے اضافہ کی وجہ دریافت کی تو ہمارے اس سوال کے جواب میں آپ ﷺنے فرمایا کہ میرے سامنے ابھی ابھی جنت لائی گئی ۔ میں نے اس میں بڑے اچھے پھل دیکھے تو میں نے چاہا کہ اس میں سے کوئی گچھا توڑلوں ۔ مگر معاحکم ملا کہ پیچھے ہٹ جاؤ۔ میں پیچھے پلٹ گیا ۔ پھر اسی طرح جہنم بھی دکھائی گئی ۔ حتى رأيت ظلى وظلكم میں نے اس کی روشنی میں اپنا اور آپ لوگوں سایہ دیکھا ۔ دیکھتے ہی میں نے تمہاری طرف اشارہ کیا کہ پیچھے ہٹ جاؤ۔ (مستدرك الحاكم ج4ص 456) زیر تبصرہ کتاب "قول مقبول در اثبات ظل رسولﷺ" محقق اسلام مولانا عبد القادر صاحب عارف حصاروی کی تصنیف ہے، جس میں انہوں نے مستند دلائل کے ساتھ نبی کریمﷺ کا سایہ ثابت کیا ہے اور جو لوگ سائے کے منکر ہیں ان کا مسکت جواب دیا ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس محنت کو اپنی بارگاہ میں قبول ومنطورفرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔ آمین(راسخ)
ختم مروجہ برطعام کی تردید سدید
Authors: عبد القادر حصاروی
اسلام اللہ تعالی کا دیا ہوا دین ہے۔یہ نہ تو عوام کی من مانیوں کا مرکب ہے اور نہ ہی کسی کی خواہشات کے تابع ہے۔نہ اسے بزرگوں کی اندھی تقلید سے کوئی واسطہ ہے اور نہ ہی معاشرے کی خود ساختہ رسوم وبدعات سے کوئی سروکار ہے۔بلکہ یہ تو سیدھی کھری اور دو ٹوک بات کرتا ہےکہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی اطاعت کرو۔یہی وہ خالص اور بنیادی تعلیم ہے جو ہر قسم کی آمیزش سے پاک ہے۔اس میں نہ مرغوبات نفس کا دخل ہے نہ کج رو عقل کا۔مگر انتہائی دکھ کی بات ہے کہ آج اس کا خالص رنگ نظر نہیں آتا، بلکہ سنت کو پامال کیا جا رہا ہے اور رسوم وبدعات دن بدن بڑھتی جارہی ہیں۔انہی بے شمار بدعات میں سے ایک معروف ترین بدعت کھانے پر ختم پڑھنے کی بدعت ہے۔ زیر تبصرہ کتاب" ختم مروجہ بر طعام کی تردید سدید "محقق شہیر محترم مولانا عبد القادر عارف حصاروی صاحب کی تصنیف ہے، جس پر محترم مولانا محمد شریف حصاروی صاحب نے تحقیق فرمائی ہے۔اس کتاب میں مولف موصوف نے ختم مروجہ کو بدعت ثابت کیا ہے اوردلائل کی روشنی میں یہ ثابت کیا ہے کہ اس کا قرآن وسنت میں کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اوران کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)
معیار صداقت
Authors: عبد القادر حصاروی
In Knowledge
مسلمانوں کی فرقہ بندیوں کا افسانہ بڑا طویل اورالمناک ہے ۔مسلمان پہلے صرف ایک امت تھے ۔ پہلے لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ کہہ کر ایک شخص مسلمان ہوسکتا تھا لیکن اب اس کلمہ کے اقرار کے ساتھ اسے حنفی یا شافعی یا مالکی یا حنبلی بھی ہونے کا اقرار کرنا ضروری ہوگیا ہے ۔اگر دین ومذہب پرغور کریں تومختلف اور متعدد ادیان دنیا میں پائے جاتے ہیں ۔کہیں ہندو آریہ، سکھ مت، کہیں یہودی وعیسائی اور بہائی ، مرزائی، اورکہیں دہریہ ہیں،کوئی اہل قرآن (منکر حدیث) کوئی نیچری ،کوئی جہمیہ ا ور متعتزلہ ہے ۔ اوراسی طرح سیاسی جماعتوں کا حال ہے حتی کہ عوام کوتمام دینوں اور ساسی فرقوں اور مذاہب میں سچا دین اور حق مذہب معلوم کرنا دشوار ہوگیاہے۔ضرورت اس امر کی مسلمانوں کو اس تقلیدی گروہ بندی سے نجات دلائی جائےاور انہیں براہ راست کتاب وسنت کی تعلیمات پر عمل کرنے کی دعوت دی جائے ۔ کیونکہ سچا اور مقبول دین اللہ کےنزدیک اسلام ہی ہے ۔ زیر تبصرہ مختصر کتابچہ ’’معیار صداقت ‘‘ معروف محقق ومفتی مولانا عبد القادر حصاری کی کاوش ہے ۔اس میں انہوں نے اسلام کےمعیار صداقت کوبیان کیاہے وہ یہ ہے کہ جودین اللہ تعالیٰ نے بذریعہ وحی اپنے پیغمبر حضرت محمد مصطفیٰ پر نازل فرما کر انسانوں کے لیے مقرر فرمایا ہے وہ دین سچا ہے اورباقی دین اختراعی ہیں کیونکہ دین عقل ررائے سے نہیں بنایا جاسکتا وہ اللہ تعالیٰ کی ہدایت اور رہنمائی سے مقرر ہوتا ہے۔اسلام کے سوا باقی تمام ادیان جودنیا میں پھیلے ہوئے ہیں۔اگرچہ لاکھوں کروڑوں انسان ان کےپیر وکار ہوںوہ سب باطل او رمردود ہیں۔ارشاد ربانی کے مطابق جو شخص اسلام کےبغیر کوئی اور دین تلاش کر کےاختیار کرے گا وہ آخرت میں خسارہ پانے والوں میں ہوجائے گا۔ یہ معیار صحیح اور حق ہے جو ملک میں اسلام نافذ کرنے کی دعوت دیتا ہے ۔ مذہبی اور تشریعی فرقوں میں وہی فرقہ حق اور صداقت پر مبنی ہےجس کادار مدار خالص اسلام پر ہے ۔ یہ قدیم طرز پر لکھا گیا تھا جس میں حوالہ جات کا اہتمام نہ تھا مولانا محمد شریف حصاری کی کتاب ہذا پر عصر حاصر کے مطابق تحقیق وتخریج سے اس کی افادیت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔(م۔ا)
حرمت نکاح شغار
Authors: عبد القادر حصاروی
اسلام دنیا کا واحد مذہب ہے جو انسان کی پر موڑپر راہنمائی کرتا ہےاسلام ہی کی بدولت ایک پرامن معاشرتی نظام قائم ہو سکتا ہے اسلامی نظام زندگی کی خصوصیات میں سے سب سے بڑی خصوصیت اس کا خاندانی نظام ہے ۔اسلام نے انسان کی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام مفاسد،فواحش اور برائیوں کا استیصال ہی نہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ایک خاندانی نظام بھی متعارف کروایا ۔اور نکاح کی صورت میں ایمان کی حفاظت کا مؤثر ذریعہ امت محمدیہ کو بتایا۔قبل از اسلام زمانہ میں جاہلیت و کفراور دیگر رسومات قبیح رواج عام تھااسی طرح نکاح جاہلیت کی بھی چند قسمیں مروج تھیں جن میں نکاح شغار خاص طور پر قابل ذکر ہے جس کو ہمارے محاورےمیں بٹہ کا نکاح کہا جاتا ہے آپ ﷺنے خاندانی نظام کو ایک مثالی نظام سے ہمکنار کیا جس کی نظیر کسی اور مذہب و تمدن میں نہیں ملتی ۔ زیر نظرکتاب "حرمت نکاح شغار " " مولانا عبدالقادر حصاری "کی تصنیف ہے جس میں نکاح شغار )(نکاح بٹہ کی حرمت پر مستند دلائل اور عرب و عجم کے مفتیان کے فتاوجات کی روشنی میں نکاح شغار کے مفاسد کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اللہ تعالی مصنف کی ا س کاوش کو قبول فرمائے اور امت محمدیہ کے لیے ذریعہ رہنمائی بنائے ۔آمین (عمیر)
شرعی داڑھی
Authors: عبد القادر حصاروی
اللہ تعالی نے انسان کو جوڑا جوڑا پیدا کیا ہے ،اور مرد وعورت میں ظاہری تمیز کرنے کے لئے مرد کو داڑھی جیسے خوبصورت زیور سے مزین کیا ہے۔داڑھی مرد کی زینت ہے ،جس سے اس کا حسن اور رعب دوبالا ہو جاتا ہے۔داڑھی خصائل فطرت میں سے ہے ۔ تمام انبیاء کرام داڑھی کے زیور سے مزین تھے۔یہی وجہ ہے کہ شریعت اسلامیہ نے مسلمانوں کو داڑھی بڑھانے اور مونچھیں کاٹنے کا حکم دیا ہے۔اللہ تعالی کی عطا کردہ اس فطرت کو بدلنا اپنے آپ کو عورتوں کے مشابہہ کرنا اوراللہ کی تخلیق میں تبدیلی کرنا ہے ،جو بہت بڑا گناہ ہے۔لیکن افسوس کی بات ہے کہ بعض عاقبت نااندیش ملا نہ صرف داڑھی کاٹنے کی ترغیب دیتے نظر آتے ہیں بلکہ اسے نبی کریم ﷺکی سنت بھی قرار دیتے ہیں،جو نبی کریم ﷺ پر بہت بڑا بہتان اور الزام ہے۔ زیر تبصرہ کتاب"شرعی ڈاڑھی "جماعت اہل حدیث کے معروف عالم مولانا عبد القادر عارف حصاروی صاحب کی کاوش علمیہ ہے ،جس میں انہوں نے قرآن وسنت کے دلائل سے یہ ثابت کیا ہے کہ داڑھی رکھنا فرض اور واجب ہے اور داڑھی کاٹنا یا مونڈنا ناجائز اور حرام عمل ہے۔یہ کتاب اپنے موضوع پر ایک مفید اور بڑی شاندار تصنیف ہے،جو موضوع سے متعلق تمام محتویات پر مشتمل ہے۔بارگاہ الہی میں دعا ہے کہ وہ مولف کی اس جدوجہد کو قبول فرماتے ہوئے ان کے میزان حسنات میں اضافے کا باعث بنائے۔آمین(راسخ)
اسلام میں اصلی اہلسنت کی پہچان
Authors: عبد القادر حصاروی
عوام الناس میں یہ بات م مشہور کہ اہل سنت ہی سچا مذہب ہے ۔اور مقلدین حنفیہ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ہم ہی اہل سنت ہیں جس کا ثبوت یہ ہے کہ اس مذہب کے ماننے والوں کی اکثریت ہے ۔بڑے بڑے بادشاہ ،اکابر، وزراء حکام ،علماء ،اولیاء ،خاص وعام سب اس مذہب میں داخل ہیں اور تمام ممالک میں یہ مذہب پھیلا ہوا ہے ۔حالانکہ یہ نظریہ اور دعویٰ باطل اور بالکل لغو ہے کیونکہ مذہب اہل سنت عہدنبوی او رعہد صحابہ سے شروع ہوا اور اب تک چلا آرہا ہے ۔اور حقیقت میں اہل سنت والجماعت وہ لوگ ہیں جن کاطریقہ وعمل وہی ہے جوطریقہ رسول اللہﷺ او رآپ ﷺکے صحابہ کرام کاتھا ۔اس لیے عوام جہلاء طبقہ جن کو سنن نبویہ کا علم نہیں اور وہ آباء واجداد کی رسومات کے پابند ہیں اور مختلف رسم ورواج اور بدعات کی دلدل میں گھیرے ہوئے یہ کسی عالم او رعقل مند کے نزدیک اہل سنت نہیں ہوسکتے ۔زیر نظر کتاب ’’اسلام میں اصلی اہل سنت کی پہچان‘‘معروف اہل حدیث عالم دین مولانا عبد لقادر حصاری کی کاوش ہے جس میں انہوں نے سنت کی تعریف او ر سنت کی تعلیم عہد نبوی میں ،سنت پر عمل کرنے کی فضلیت ، ترک سنت پر وعید وغیرہ جیسے اہم موضوعات کو بیان کرتے ہوئے یہ واضح کیا کہ اہل سنت سے مراد خرافات وبدعات میں گھیرے ہوئے لوگ نہیں بلکہ اہل سنت وہ ہیں جو تقلید اور بدعات وخرافات کو چھوڑ کر فرمان الٰہی اور فرمان نبویﷺکی اس طرح اتباع کرتے ہیں کہ جس طرح صحابہ کرام نے اتباع کی ۔اللہ تعالی ا ہل ایمان کو قرآن وحدیث پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے ۔(آمین) (م۔ا)
فتاویٰ حصاریہ ومقالات علمیہ جلد 1
Authors: عبد القادر حصاروی
اسلام میں فتویٰ نویسی کی تاریخ اتنی ہی پرانی ہے جتنا کہ بذات خود اسلام فتویٰ سے مراد پیش آمدہ مسائل اور مشکلات سےمتعلق دلائل کی روشنی میں شریعت کا وہ حکم ہے جو کسی سائل کےجواب میں کوئی عالم دین اور احکام شریعت کے اندر بصیرت رکھنے والا شخص بیان کرے فتویٰ پوچھنے اور فتویٰ دینے کاسلسلہ رسول ﷺکےمبارک دور سے چلا آرہا ہے برصغیر پاک وہند میں قرآن کی تفاسیر شروح حدیث، حواشی وتراجم کےساتھ فتویٰ نویسی میں بھی علمائے اہل کی کاوشیں لائق تحسین ہیں تقریبا چالیس کے قریب علمائے حدیث کے فتاوی ٰ کتابی صورت میں شائع ہو چکے ہیں زیر نظر فتاوی حصاریہ بھی اس سلسلہ کی ایک کڑی ہے ۔ الحمد للہ تقریبا 20 فتاوی ٰ جات کتا ب وسنت ویب سائٹ پر موجود ہیں۔مولاناعبدالقادر حصاروی اپنے علم اورتحقیق کے اعتبار سے اونچے مقام ومرتبے کے حامل عالم دین تھے انہوں نے مختلف دینی موضوعات پر بہت کچھ لکھا۔ ان کے مقالات وفتاویٰ بڑے مفصل اور تحقیقی ہوتے تھے اہل حدیث رسائل وجرائد مولانا حصاری کے فتاویٰ اور مقالات سےبھر ے پڑے ہیں بزرگ عالم دین مولانا محمد یوسف راجوالوی نے مولانا محمد ابراہیم خلیل﷾ سےمولانا حصاری کا فتاوی مرتب کروایا اور مولانا حصاروی کے نواسے پروفیسر ڈاکٹر عبد الرؤف ظفر﷾ نے اسے طباعت سے آراستہ کیا ہے اللہ تعالی مولاناکے حصاری کےدرجات بلند فرمائے اور فتاوی کے مرتبین اور ناشرین کی کاوشوں کو قبول فرمائے (آمین) (م۔ا)
سیرت النبی ﷺ کا انسائکلو پیڈیا (کوئز بک)
Authors: محمد مسعود عبدہ
اس روئے ارض پر انسانی ہدایت کے لیے حق تعالیٰ نے جن برگزیدہ بندوں کو منتخب فرمایا ہم انہیں انبیاء ورسل کی مقدس اصطلاح سے یاد رکرتے ہیں اس کائنات کے انسانِ اول اور پیغمبرِاول ایک ہی شخصیت حضرت آدم کی صورت میں فریضۂ ہدایت کےلیے مبعوث ہوئے۔ اور پھر یہ کاروانِ رسالت مختلف صدیوں اور مختلف علاقوں میں انسانی ہدایت کے فریضے ادا کرتے ہوئے پاکیزہ سیرتوں کی ایک کہکشاں ہمارے سامنے منور کردیتاہے۔ درخشندگی اور تابندگی کے اس ماحول میں ایک شخصیت خورشید جہاں تاب کی صورت میں زمانےاور زمین کی ظلمتوں کو مٹانے اور انسان کے لیے ہدایت کا آخری پیغام لے کر مبعوث ہوئی جسے محمد رسول اللہ ﷺ کہتے ہیں۔ آج انسانیت کےپاس آسمانی ہدایت کا یہی ایک نمونہ باقی ہے۔ جسے قرآن مجید نے اسوۂ حسنہ قرار دیا اور اس اسوۂ حسنہ کےحامل کی سیرت سراج منیر بن کر ظلمت کدۂ عالم میں روشنی پھیلارہی ہے۔ رہبر انسانیت سیدنا محمد رسول اللہ ﷺ قیامت تک آنے والے انسانوں کے لیے’’اسوۂحسنہ‘‘ ہیں ۔ حضرت محمد ﷺ ہی اللہ تعالیٰ کے بعد ،وہ کامل ترین ہستی ہیں جن کی زندگی اپنے اندر عالمِ انسانیت کی مکمل رہنمائی کا پور سامان رکھتی ہے۔ گزشتہ چودہ صدیوں میں اس ہادئ کامل ﷺ کی سیرت وصورت پر ہزاروں کتابیں اورلاکھوں مضامین لکھے جا چکے ہیں۔ اورکئی ادارے صرف سیرت نگاری پر کام کرنے کے لیے معرض وجود میں آئے۔ اور پورے عالمِ اسلام میں سیرت النبی ﷺ کے مختلف گوشوں پر سالانہ کانفرنسوں اور سیمینار کا انعقاد کیا جاتاہے جس میں مختلف اہل علم اپنے تحریری مقالات پیش کرتے ہیں۔ ہنوذ یہ سلسلہ جاری وساری ہے۔ زیر تبصرہ کتاب’’ سیرت النبی کا انسائیکلوپیڈیا‘‘ سوال وجواب کی صورت میں سیرت النبی ﷺ پر مشتمل بڑی مفید کتاب ہے۔ اس کتاب کو محمد مسعود عبدہ اور محمد الیاس عادل سیرت کی امہات الکتب سے استفادہ کر کے مرتب کیا ہے۔ نبی ﷺ کی زندگی کےابتدائی حالات سے لے کر آپ ﷺ کی پوری زندگی میں پیش آنے حالات واقعات، غزوات وسرایا ،ارض حجاز کے تاریخی مقامات کے معلومات آسان انداز سوال وجواب کی صورت میں پیش کردی ہیں اور آخر میں کتاب کی تیاری میں زیر استعمال کتب کی فہرست مراجع ومصادر کی صورت میں پیش کردی ہے۔ (م۔ا)