eBooks
2,841 Results Found
تفسیر القرآن الکریم (عبد السلام بن محمد) جلد۔1
Authors: حافظ عبد السلام بن محمد
قرآنِ مجید پوری انسانیت کے لیے کتاب ِہدایت ہے او ر اسے یہ اعزاز حاصل ہے کہ دنیا بھرمیں سب سے زیاد ہ پڑھی جانے والی کتاب ہے۔ اسے پڑھنے پڑھانے والوں کو امامِ کائنات نے اپنی زبانِ صادقہ سے معاشرے کے بہتر ین لوگ قراردیا ہے اور اس کی تلاوت کرنے پر اللہ تعالیٰ ایک ایک حرف پرثواب عنایت کرتے ہیں۔ دور ِصحابہ سے لے کر دورِ حاضر تک بے شمار اہل علم نے اس کی تفہیم وتشریح اور ترجمہ وتفسیرکرنے کی خدمات سر انجام دیں اور ائمہ محدثین نے کتبِ احادیث میں باقاعدہ ابواب التفسیر کے نام سےباب قائم کیے۔اور مختلف ائمہ نے عربی زبان میں مستقل بیسیوں تفاسیر لکھیں ہیں۔ جن میں سے کئی تفسیروں کے اردو زبان میں تراجم بھی ہوچکے ہیں ۔اور ماضی قریب میں برصغیرِ پاک وہند کے تمام مکتب فکر کےعلماء نے قرآن مجید کی اردو تفاسیر لکھنے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ان میں علماء اہل حدیث کی بھی تفسیری خدمات نمایاں ہیں۔ زیر تبصرہ ’’تفسیر القرآن الکریم ‘‘جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے جامعہ الدعوۃ الاسلامیہ،مرید کے ،شیخورہ کے شیخ الحدیث والتفسیر محترم جناب الشیخ حافظ عبد السلام بھٹوی ﷾ کی چار جلدوں پرمشتمل تفسیر ہے۔ اس تفسیر میں انہوں نے احادیث صحیحہ، آثار ِصحابہ اورمنہج سلف کی روشنی میں تفسیر بالماثور کاعمدہ نمونہ پیش کیاہےاور عام مفسرین کے برعکس انبیائے کرام اور سابقہ امتوں کےحالات وواقعات کی تفصیل بیان کرنے میں اسرائیلیات اور غیر مستند روایات سے مکمل اجتناب کیاہے۔ اوران کےحالات وواقعات کے بیان میں ثقاہت اورحقائق کو ملحوظِ خاطر رکھا ہے۔اس کےعلاوہ انہوں نے قرآن کے مشکل اور تفصیل طلب اہم مقامات کی بڑی عمدہ اور مفید تشریح کی ہے جو متلاشیانِ حق وصداقت کےلیے متاعِ گمشدہ ہے۔ مزید برآں بعض مقامات پر قرآن کےمشکل الفاظ کےمعانی کی لغوی او رنحوی وضاحت بھی کی ہے۔مذکورہ بالا نمایاں اورامتیازی خصوصیات کی حامل یہ تفسیر حافظ صاحب کی 45 سال سے زائد عرصہ پر محیط تعلیمی خدمات ،تدریسی تجربے اور دقیق مطالعہ کا خلاصہ ہے۔ اس تفسیر کی نمایاں اور قابلِ ذکر خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس میں ترجمۂ قرآن بھی محترم حافظ صاحب ہی کا ہے۔ جو لفظی اور بامحاورہ ترجمے کا حسین امتراج ہے جس میں انہوں نے عام فہم اسلوبِ نگارش اختیار کرتے ہوئےالفاظ کے معانی کےلیے اختصار اور جامعیت کو پیش ِنظررکھا ہے۔اللہ تعالیٰ حافظ صاحب کی مساعی جمیلہ کوشرف قبولیت بخشے اور اسے قارئین کے لیے اصلاحِ عقائد،ترغیب اعمال صالحہ، تزکیۂ نفس اور تطہیر قلوب واذہان کا ذریعہ بنائے ۔آمین (م۔ا)
القرآن الکریم اردو ترجمہ (عبد السلام بن محمد)
Authors: حافظ عبد السلام بن محمد
قرآن ِ مجید انسانوں کی راہنمائی کےلیے رب العالمین کی طرف سے نازل کی گئی آخری کتاب ہے ۔اور قرآن کریم ہی وہ واحد کتاب ہے جو تاقیامت انسانیت کے لیے رشد وہدایت کا سرچشمہ اور نوعِ انسانی کےلیے ایک کامل او رجامع ضابظۂ حیات ہے ۔ اسی پر عمل پیرا ہو کر دنیا میں سربلند ی او ر آخرت میں نجات کا حصول ممکن ہے لہذا ضروری ہے کہ اس کے معانی ومفاہیم کوسمجھا جائے ،اس کی تفہیم کے لیے درس وتدریس کا اہتمام کیا جائے او راس کی تعلیم کے مراکز قائم کئے جائیں۔ قرٖآن فہمی کے لیے ترجمہ قرآن اساس کی حیثیت رکھتا ہے ۔آج دنیاکی کم وبیش 103 زبانوں میں قرآن کریم کے مکمل تراجم شائع ہوچکے ہیں۔جن میں سے ایک اہم زبان اردو بھی ہے ۔اردو زبان میں اولین ترجمہ کرنے والے شاہ ولی اللہ محدث دہلوی کے دو فرزند شاہ رفیع الدین اور شاہ عبد القادر ہیں ۔ اب تو اردو زبان میں سیکڑوں تراجم دستیاب ہیں اور یہ سلسلہ تاحال جاری وساری ہے۔ زیر تبصرہ ترجمہ قرآن جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے جامعہ الدعوۃ الاسلامیہ،مرید کے ،شیخورہ کے شیخ الحدیث والتفسیر محترم جناب الشیخ حافظ عبد السلام بھٹوی ﷾ کا ہے یہ ترجمہ قرآن مجید کے اردو تراجم میں ایک نہایت عمدہ اور قابل تعریف اضافہ ہے۔ جس میں انہوں نے قرآن مجید کے دل نشیں اسلوب کا لحاظ رکھتے ہوئے لفظ بہ لفظ ترجمہ کرنے اوراسے اردو محاورہ کےمطابق بنانے کی بھر پور کوشش کی ہے اور ترجمہ کرتے وقت عربی الفاظ کے قریب تر اور موزوں ترین الفاظ کا انتخاب کیا ہے۔ اور ترجمہ میں فصاحت وبلاغت کے اصولوں اورعربی زبان کے قواعد کا بھی لحاظ رکھا ہے۔ اس لیے یہ ترجمہ لفظی ہونے کےساتھ ساتھ حسن بیان،عبارت کی روانی اور سلاست کاآئینہ دار بھی ہے ۔اردو زبان میں یہ نادر الوجو اور شاہکار ترجمہ ہے۔ جس کے الفاظ کےانتحاب میں مترجم کے40 سال سے زائد عرصے پر محیط دینی علوم وفنون کےتدریسی تجربے اور نصوص کے گہرے اور وسیع مطالعے کی جھلک اورقدیم وجدید تراجم کا واضح عکس نظر آتا ہے۔ماء اللہ اس ترجمہ کوبڑا قبول عام حاصل ہے چند سالوں میں بیسیوں ہزار نسخے اندرون وبیرون ملک قارئین تک پہنچ چکے ہیں۔اور علماء وطلباء میں حافظ عبدالسلام بھٹوی ﷾ کی اس قابل قدر کاوش کو بہت پذیرائی ملی ہے۔ بالخصوص علمی حلقوں میں بھی اسے بہت سراہا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ حافظ صاحب کی علمی،تدریسی وتصنیفی خدمات کو قبول فرمائے۔ آمین (م۔ا)
احکام زکاۃ و عشر و صدقہ فطر
Authors: حافظ عبد السلام بن محمد
دینِ اسلام کا جمال وکمال یہ ہے کہ یہ ایسے ارکان واحکام پر مشتمل ہے جن کا تعلق ایک طرف خالق ِکائنات اور دوسری جانب مخلوق کےساتھ استوار کیا گیا ہے یعنی اسلام کےپانچ ارکان میں یہ ایک ایسا رکن اور فریضہ ہے جس کا تعلق حقوق اللہ اور حقوق العباد سے ہے ۔ دین فرد کی انفرادیت کا تحفظ کرتے ہوئے اجتماعی زندگی کوہر حال میں قائم رکھنے کاحکم دیتاہے۔اس کے بنیادی ارکان میں کوئی ایسا رکن نہیں جس میں انفرادیت کے ساتھ اجتماعی زندگی کو فراموش کیا گیا ہو ۔انہی بینادی ارکان ِخمسہ میں سے ایک اہم رکن زکوٰۃ ہے۔عربی زبان میں لفظ ’’زکاۃ‘‘ پاکیزگی ،بڑھوتری اور برکت کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔جبکہ شریعت میں زکاۃ ایک مخصوص مال کے مخصوص حصہ کو کہا جاتا ہے جو مخصوص لوگوں کو دیا جاتا ہے ۔اور اسے زکاۃ اس لیے کہاجاتا ہے کہ اس سے دینے والے کا تزکیہ نفس ہوتا ہے اور اس کا مال پاک اور بابرکت ہوجاتا ہے۔ نماز کے بعد دین اسلام کا اہم ترین حکم ادائیگی زکاۃ ہے ۔اس کی ادائیگی فر ض ہے اور دینِ اسلام کے ان پانچ بنیادی ارکان میں سے ایک ہے جن پر دین قائم ہے۔زکاۃ ادا کرنےکے بے شمار فوائد اور ادا نہ کرنے کے نقصانات ہیں ۔قرآن مجید اور احادیث نبویہ میں تفصیل سے اس کے احکام ومسائل بیان ہوئے ۔جو شخص اس کی فرضیت سےانکار کرے وہ یقینا کافر اور واجب القتل ہے ۔یہی وجہ کہ خلیفہ اول حضرت ابو بکر صدیق نے مانعین ِزکاۃ کے خلاف اعلان جنگ کیا۔اور جو شخص زکاۃ کی فرضیت کا تو قائل ہو لیکن اسے ادا نہ کرتا ہو اسے درد ناک عذاب میں مبتلا کیا جائے گا۔جس کی وضاحت سورہ توبہ کی ایت 34۔35 اور صحیح بخاری شریف کی حدیث نمبر1403 میں موجود ہے ۔مال ودولت اورزمین وغیرہ میں اگر زکاۃ وعشر نکال کر اسے اللہ کے حکم کے مطابق خرچ کیا جائے تو اللہ رب العالمین کی طرف سے انعام واکرام ہے ورنہ یہ سب کچھ فتنہ وآزمائش بن جاتا ہے جو لوگ اللہ کے حکم کے مطابق مال ودولت پاک کرنا چاہتے ہیں تو ان کےلیے اگرچہ قرآن وحدیث اور کتب فقہ میں رہنمائی موجود ہے لیکن عام آدمی کےلیے اس کی تمام صورتوں کو آسانی سے سمجھنا مشکل ہے۔ زیر تبصرہ کتابچہ ’’ احکام ِ زکاۃ وعشر وصدقہ فطر‘‘ میں محترم حافظ عبد السلام بھٹوی﷾ نے زکاۃ وعشر اور صدقہ فطر کےمسائل کو عام فہم اور سادہ وسلیس انداز میں وضاحت کے ساتھ بیان کردیا ہے۔محترم حافظ صاحب نے اس کتابچہ کو پانچ ابواب میں تقسیم کیا ہے۔ ان ابواب میں زکاۃ و عشر اور صدقہ فطر کے متعلق ان تمام پہلوؤں کومد نظر رکھا گیا ہے جن کی ضرورت ان امور میں کبھی بھی پڑ سکتی ہے۔اللہ تعالیٰ اس کتابچہ کو عام مسلمانوں کی رہنمائی کےلیے مفید اور مؤلف کےلیے صدقہ جاریہ بنائے ۔ آمین( م۔ا)
مقالات طیبہ
Authors: حافظ عبد السلام بن محمد
اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات اور دستورِ زندگی ہے ،جس میں زندگی کے ہر ہر گوشے سے متعلق راہنمائی موجود ہے۔اس کی ایک اپنی ثقافت ،اپنی تہذیب اور اپنا کلچر ہے ،جو اسے دیگر مذاہب سے نمایاں اور ممتاز کرتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ جب کوئی شخص اسلام لاتا ہے تواس میں متعدد تبدیلیاں پیدا ہوتی ہیں۔اس کی دوستی اور دشمنی کے معیارات بدل جاتے ہیں۔وہ دنیوی مفادات اور لالچ سے بالا تر ہو کر صرف اللہ کی رضا کے لئے دوستی رکھتا ہے اور اللہ کی رضا کے لئے ہی دشمنی کرتا ہے۔جس کے نتیجے میں کل تک جو اس کے دوست ہوتے ہیں ،وہ دشمن قرار پاتے ہیں اور جو دشمن ہوتے ہیں وہ دوست بن جاتے ہیں اور اس کی زندگی میں ایک انقلاب برپا ہو جاتا ہے۔ زیر نظر کتاب (مقالات طیبہ) جماعۃ الدعوہ کے مرکزی راہنما معروف عالم دین مولانا عبد السلام بن محمدبھٹوی﷾ کی علمی کاوش ہے ،جس میں انہوں نے اسلامی تہذیب کے انہی منفرد اصولوں کو مقالات کی شکل میں جمع کر دیا ہے،اور عصرِ حاضر کے چند مشکل موضوعات پر قرآن وسنت کے مستند دلائل کی روشنی میں بحث کی ہے۔اللہ تعالی ان کی اس محنت کو قبول فرمائے۔آمین(راسخ)
دعوتی نصاب تربیت
Authors: حافظ عبد السلام بن محمد
قرآن مجید کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ ابتدائے آفرینش سے ہی بنی نوع انسان کافر و مسلم ، حزب اور حزب الشیطان جیسے دو گروہوں میں تقسم ہو گئے ۔ اس طرح انسانیت بنیادی طور پر دونظریات میں بٹ گئی ۔ تاہم یہ بات ایک طےشدہ حقیقت ہے کہ نظریہ دین اور منہج و مسلک کوئی سا بھی ہو اسے اپنے نفاذ کے مرحلے تک پہنچنے کے لیے کئی ادوار سے گزرنا پڑتا ہے ۔ اگر انسانوں کی طرف سے ہو تو پہلا دور اسے وضع کرنے کا ہوتا ہے ۔ اور اگر خدا کی طرف سے ہو تو پہلا مرحلہ خدا کی طرف سے بذریعہ وحی اسے انسانوں تک پہنچانےکا ہوتا ہے ۔ دوسرا مرحلہ اس کی افادیت سے اگاہ کرنے کے لیے انسانوں کے درمیان اس کی تشہیر و دعوت کا ہوتا ہے ۔ چناچہ اس کام میں مذکورہ بالا دونوں متحارب گروہوں میں سے جس قدر کسی میں اخلاص اور لگن ہوگی وہ اسی کے حساب سے کامیاب ہو گا ۔ پھر تیسرا مرحلہ اس جماعت کے نظریہ اور سوچ کو عملی طور پر نافذ کرنے کا ہوتا ہے ۔ اور یہ تب ممکن ہے جب اس نظریے کو ماننے والی ایک جماعت ہو جو اس نظریے کے اصولوں پر پوری طرح ایمان رکھتی ہو ۔ اسے اپنی زندگی میں نافذ کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہو ۔ زیرنظر کتاب انہی مقاصد کو پیش نظر رکھ کر تیار کی گئی ہے ۔ جس میں جناب ابویحی محمد زکریا زاہد صاحب نے قرآنی آیات اور احادیث نبوی جمع کی ہیں ۔ (ع۔ح)
مسلمانوں میں ہندوانہ رسوم و رواج
Authors: حافظ عبد السلام بن محمد
ایمانی محبت دیگر تمام محبتوں پر غالب ہوتی ہے۔ اور اللہ تعالیٰ کا بھی یہی تقاضا ہے کہ دین اسلام میں پورے کے پورے داخل ہو جاؤ۔ جس کا لازمی نتیجہ یہ ہے کہ کفر کی رسموں سے شدید بغض ہو۔ افسوس یہ ہے کہ گرد وپیش پر نگاہ ڈالیں تو امت مسلمہ کے مجموعی افعال و کردار کا جائزہ لیں۔ پاک و ہند میں مروجہ رسومات اور ثقافتی پہچان کی تاریخ ملاحظہ فرمائیں، تو یہ بات واضح ہو جائے گی کہ آج مسلمان غیر مسلموں کی شباہت اختیار کئے ہوئے ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب میں نہایت مدلل انداز میں مسلمانوں میں رواج پا جانے والی ہندوانہ رسوم و رواج کا بنظر غائر جائزہ لیا گیا ہے۔ اور کتاب و سنت کی روشنی میں ان سے بچنے کی احسن انداز میں ترغیب دلائی گئی ہے۔
طلاق خلع اور حلالہ قرآن و سنت اور فقہ حنفی کے تناظر میں تحقیقی جائزہ
Authors: حافظ صلاح الدین یوسف
نکاح کے بعد میاں بیوی دونوں میں سے کوئی ایک یا دونوں ہی یہ محسوس کریں کہ ان کی ازدواجی زندگی سکون و اطمینان کے ساتھ بسر نہیں ہو سکتی اور ایک دوسرے سے جدائی کے بغیر کوئی چارہ نہیں تو اسلام انہیں ایسی بے سکونی و بے اطمینانی اور نفرت کی زندگی گزارنے پر مجبور نہیں کرتا بلکہ علیحدگی کا یہ حق دونوں کو دیا گیا ہے۔مرد کے حق علیحدگی کا نام طلاق اور عورت کے حق علیحدگی کا نام خلع ہے اور حلالہ ایک لعنتی عمل ہے۔لیکن فقہائے احناف نے حلالہ جیسے لعنتی عمل کو نہ صرف جائز بلکہ اسے باعث اجر و ثواب قرار دے کر شریعت کے ایک نہایت اہم حکم کی پامالی کا راستہ کھولا ہے۔ زیر نظر کتاب ’’ طلاق ، خلع اور حلالہ‘‘ مفسر قرآن حافظ صلاح الدین یوسف رحمہ اللہ کے چند مضامین کا مجموعہ ہے جس میں انہوں نے چار عائلی معاملات طلاق ، خلع ،طلاق تفویض اور حلالہ جیسے مروجہ مسائل کا قرآن و سنت اور فقہ حنفی کے تناظر میں تحقیقی جائزہ پیش کیا ہے۔(م۔ا)
فکر فراہی اور اس کے گمراہ کن اثرات ایک علمی و تحقیقی جائزہ
Authors: حافظ صلاح الدین یوسف
In Biography
زیر نظر کتاب بعنوان ’’ فکر فراہی اور اس کے گمراہ کن اثرات ایک علمی و تحقیقی جائزہ‘‘مفسر قرآن مصنف کتب کثیرہ حافظ صلاح الدین یوسف ﷾ کی تصنیف ہے اور المدینہ اسلامک ریسرچ سنٹر،کراچی کے دفاع حدیث انسائیکلوپیڈیا کی دوسری جلد ہے ۔ جلد اول امین احسن اصلاحی کے نظریات کے ردّ میں ہے ۔ کتاب ہذا فکر فراہی کے بانی مولانا حمید الدین فراہی اور اس فکر کے حامل دیگر اہل قلم کے افکار زائغہ اور نظریات باطلہ کے جائزہ پر مشتمل ماضی قریب اور عہد حاضر کے کچھ متجددین غامدی ،عمار خان ناصر بالخصوص فراہی کے گمراہ کن افکار و نظریات کی تردید و تنقید کا شاہکار ہے ۔ حافظ صلاح الدین یوسف صاحب نے اس کتاب میں قوی دلائل کی روشنی میں منکرین حدیث کے شبہات کو بے نقاب کر کے ان پر ایسی کاری ضرب لگائی ہے کہ جس کا جواب نہ ان کے پاس موجود ہے اور نہ آئندہ ہو گا ۔ ( ان شاء اللہ ) (م۔ا)
خلافت و ملوکیت کی تاریخی وشرعی حیثیت ( اضافہ و تخریج کا اضافہ )
Authors: حافظ صلاح الدین یوسف
خلافت و ملوکیت ابو الاعلیٰ مودودی کی تصنیف ہے جو انہوں نے اکتوبر 1966ءمیں محمود احمد عباسی کی خلافتِ معاویہ و یزید کے جواب میں لکھی تھی۔ کتاب کا موضوع بحث خلافت کا بادشاہت میں تبدیل ہونے کے مراحل کے بارے میں ہے۔مولانا مودودی نے اپنی کتاب میں صحابہ کرام کےبارے میں بہت سی غلط فہمیوں کو پھیلایا اور بالخصوص سیدنا عثمان،سیدنا معاویہ،سیدنا مغیرہ، سیدنا عمروبن العاص اور دیگر بہت سےاصحاب رسول کےکردارکو داغدار کرنے کی مذموم کوشش کی ۔تو کئی سنی علماء نے مولانامودووی کی گمراہ کن کتاب ’’خلافت وملوکیت ‘‘ کے ردّ میں تنقیدی جوابات لکھ کر مودودی صاحب کی کتاب سے جو جو غلط فہمیاں عوام الناس میں پھیل سکتی تھیں، باحوالہ، نہایت مفصل اور مدلل ردّ کیا ۔مولانامودودی کی مذکورہ کتاب پر نقد کرنے میں مفسر قرآن مصنف کتب کثیرہ مولانا حافظ صلاح الدین یوسف رحمہ اللہ کا نام سرفہرست ہے ۔ زیر نظر کتاب’’خلافت وملوکیت کی تاریخی وشرعی حیثیت‘‘ حافظ صاحب مرحوم کی وہ شاہکار تصنیف ہے جس میں انہوں مودودی صاحب کی کتاب سے جو جو غلط فہمیاں عوام الناس میں پھیل سکتی تھیں، اس کتاب میں ان سب کا باحوالہ، نہایت مفصل اور مدلل ردّ کیا گیا ہے۔یہ کتاب بعض حیثیتوں سے انفرادیت کی حامل ہے۔ ایک تو اس کتاب میں مودودی صاحب کے اس مؤقف کا نہایت تفصیلی رد ّہے۔ حتی کہ کتاب کے آخر میں موجود ضمیمہ کا بھی جواب فاضل مصنف نے دیا ہے۔ دوسرے اکثر مقامات پر مودودی صاحب کا موقف ان کے اپنے الفاظ میں بیان کر کے اس کا ضعف واضح کیا گیا ہے۔ جس سے طرفین کے دلائل قاری کے سامنے خوب نکھر کر آ جاتے ہیں اور اسے حق بات پہچاننے میں دشواری نہیں ہوتی۔حافظ صلاح الدین یوسف رحمہ اللہ کی اس کتاب کا پہلا ایڈیشن 1970ء میں مکتبہ سلفیہ،لاہور نے شائع کیا۔موجودہ اضافہ وتخریج شدہ ایڈیشن حافظ صاحب مرحوم کے صاحبزادے حافظ محمد عثمان یوسف (فاضل مدینہ یونیورسٹی ) نے2018ء میں شائع کیا۔(م۔ا)