eBooks
2,841 Results Found
ٹیلی فون اور موبائل کا استعمال آداب، فوائد، نقصانات
Authors: محمد اختر صدیق
In Knowledge
گزشتہ چند سالوں سے ٹیلیفون اور موبائل کی دنیا میں زبردست انقلاب آیا ہے۔ موبائل فون اور کنکشن بے انتہا سستے ہونے کی وجہ سے پوری دنیا میں موبائل فون کے صارفین کی تعداد میں حیرت انگیز طور پر اضافہ ہوا ہے۔ ملک پاکستان میں موبائل صارفین کی تعداد کروڑوں میں ہے۔ ٹیلیفون بے شبہ ایک جدید ٹیکنالوجی اور وقت کی اہم ضرورت ہے۔ لیکن اس کے استعمال کے حوالے سے بعض اخلاقیات کا ملحوظ رکھا جانا بہت ضروری ہے۔ لیکن موبائل فون کمپنیوں کے کال اور میسجز کے نت نئے پیکجز کے باوصف بہت سے لوگ اس کا غلط استعمال کرتے ہیں۔ مولانا اختر صدیق صاحب نے پیش نظر کتابچہ اسی وجہ سے تالیف کیا ہے کہ لوگوں کو موبائل اور ٹیلیفون کے غلط استعمال سے بچا کر اس نعمت سے استفادے کی طرف راغب کیا جائے۔ انھوں نے کتاب میں ٹیلیفون اور موبائل پر گفتگو کے آداب ذکر کیے ہیں اور اس بات کی بھی وضاحت کی ہے کہ موبائل کا غلط استعمال کس طرح کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ موبائل پر معصوم خواتین کو اپنے جال میں پھنسانے والوں کو طریقہ واردات اور ان کے علاج کو شامل کتاب کیا گیا ہے۔ موبائل فون کے استعمال کے چند خاص آداب ذکر کرنے کے ساتھ ساتھ بعض حقیقی واقعات بھی ذکر کیے گئے ہیں جو ان لڑکیوں کے لیے مشعل راہ ہیں جو ٹیلی فونک رابطہ کے ذریعے اپنے خوابوں کا شہزادہ تلاش کرنے کی کوشش کرتی ہیں مگر اپنا سب کچھ برباد کرا بیٹھتی ہیں۔(ع۔م)
پریشانیوں سے نجات
Authors: محمد اختر صدیق
ہر انسان کو زندگی میں متعدد مقامات پر ایسے سانحات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو ا س کے لیے تکلیف کا باعث ہوتے ہیں اور جن کی وجہ سے وہ غمگین اور پریشان ہو جاتا ہے۔ بہت سے لوگ ایسے میں صبر کا دامن ہاتھ سے چھوڑ بیٹھتے ہیں اور ایسے افعال کے مرتکب ہو جاتے ہیں جن سے شریعت نے اجتناب کا حکم دیا ہے۔ دین اسلام نے اس سلسلہ میں بہت جامع احکامات دئیے ہیں جن میں انسانی نفسیات کا پاس وو لحاظ کیا گیا ہے اور جو فطرت کےعین مطابق ہیں۔ غموں اور تکلیفوں کے سلسلہ میں اگر شرعی احکامات کو سامنے رکھا جائے تو یقین مانیے بہت سے عرصہ دراز سے لا ینحل مسائل خود بخود حل ہوتے چلے جاتے ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب بھی اسی سلسلہ کی ایک سنجیدہ کاوش ہے جس میں محترم اختر صدیق صاحب نے پریشانیوں اور غموں سے نبرد آزما ہونے اور ان سے چھٹکارا پانے کےستائیس کے قریب علاج رقم کیے ہیں۔ دراصل شیخ صالح المنجد نے اسی موضوع پر ’علاج الہموم‘ کے نام سے ایک مختصر کتابچہ تالیف کیا تھا جس کی افادیت کو دیکھتے ہوئے مولانا نے اس میں بہت سارے اضافہ جات اور مناسب ترمیم کے بعد اردو دان طبقہ کے لیے پیش کیا ہے۔کتاب کا اسلوب اور زبان کا استعمال سادہ اور عام فہم ہے۔ مولانا نے کتاب کے شروع میں کتاب کی چند قسمیں بیان کرنے کے بعد براہ راست کتاب و سنت سے اخذ کرتے ہوئے غموں سے نجات کے طریقے بتلائے ہیں۔ کتاب کے آخر میں غموں کو ختم کرنے کے لیے ابن قیم کے بیان کردہ پندرہ نکات کا خلاصہ بھی درج کیا گیا ہے ۔ غموں اور پریشانیوں سے نبرد آزما ہونے اور اس سلسلہ میں شرعی رہنمائی سے آگاہی کے لیے80 صفحات پر مشتمل اس کتابچے کا مطالعہ بہت ضروری ہے۔ (ع۔م)
خواب اور تعبیر
Authors: محمد اختر صدیق
عام زندگی میں ہر انسان کو خوابوں سے واسطہ رہتا ہے جہاں انسان اچھا خواب دیکھ کر خوش ہوتا ہے وہیں برا خواب دیکھ کر پریشان بھی ہو جاتا ہے۔ خوابوں سے متعلق مناسب شرعی رہنمائی نہ ہونے کی وجہ سے بہت سارے لوگ فقط نیند میں نظر آنے والے واقعات پر کچھ غیر شرعی افعال سرانجام دینے لگتے ہیں۔ بہر حال شریعت مطہرہ نے اس سلسلہ میں بھی انسان کی کامل رہنمائی فرمائی ہے۔ پچاس کے قریب صفحات پر مشتمل زیر نظر کتابچہ میں مولانا اختر صدیق نے اسی شرعی رہنمائی کو اختصار کے ساتھ قلمبند کر دیا ہے۔ مولانا موصوف فاضل مدینہ یونیورسٹی اور جامعہ لاہور الاسلامیہ کے سابق استاد ہیں۔ کتابچہ کی دو حصوں میں تقسیم کی گئی ہے پہلے حصہ میں خواب کے آداب، اقسام اور خواب سے متعلقہ شرعی رہنمائی کا تذکرہ ہے جبکہ دوسرے حصہ میں اچھے اور بہترین خواب کے اسباب، کیا اللہ تعالیٰ کو خواب میں دیکھا جا سکتا ہے؟ نبی کریمﷺ کو خواب میں دیکھنا کیسا ہے؟ جیسے مباحث پیش کیے گئے ہیں۔ خوابوں سے متعلقہ شریعت کی عام تعلیمات سے واقفیت کے لیے اس کتابچہ کا مطالعہ نہایت مفید ہے۔(ع۔م)
خواتین اور شاپنگ
Authors: محمد اختر صدیق
In Arguments
اللہ تعالیٰ نے خواتین کے لیے بہترین مقام ان کا گھر قرار دیا ہے۔ لیکن شریعت نے ضروری کاموں کے سلسلہ میں انھیں گھر سے باہر نکلنے کی بھی اجازت دی ہے۔ انہی ضروری کاموں میں ایک بازار جانا اور خریداری کرنا ہے۔ اس سلسلہ میں ہماری بہت سی بہنوں کا انداز ہر گزرتے دن کے ساتھ بہت بے باکانہ ہوتا چلا جا رہا ہے، چھوٹی چھوٹی ضرورت کے لیے بازار جانا معمول بن گیا ہے، حالانکہ ایک ہی وقت میں بازار جا کر ضروری چیزیں خریدی جا سکتی ہیں۔ اور تو اور ہماری بہت سی بہنیں اپنی کلائیاں غیر محرم مردوں کے ہاتھوں میں دے کر چوڑیاں چڑھانے میں مصروف نظر آتی ہیں اس کے علاوہ ایک ناشائستہ حرکت خاص طور پر عید کے دنوں میں یہ دیکھنے میں آتی ہےکہ مہندی لگوانے کے لیے بھی مرد حضرات کا چناؤ کیا جاتا ہے۔ بہر حال اس سلسلہ میں خواتین کو دینی تعلیمات کو یکسر فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ زیر مطالعہ کتابچہ بھی مولانا اختر صدیق نے اسی مقصد کے تحت تالیف کیا ہے کہ خاتون اسلام کو شاپنگ سے متعلقہ دینی احکامات سے آگاہی دی جائے۔ اس سلسلہ میں انہوں نے بہت سے اہم امور کی طرف اشارہ کیا ہے جن کا اگر خواتین اہتمام کریں تو بہت ساری خرابیوں سے بچا جا سکتا ہے۔ خواتین کے لیے اس کتابچہ کامطالعہ خاصا مفید ہے۔(ع۔م)
مسلمان خاندان اسلام کی آغوش میں
Authors: محمد اختر صدیق
In Arguments
افراد سے خاندان تشکیل پاتا ہے اور خاندانوں سے معاشرہ وجود میں آتا ہے۔ ایک اسلامی معاشرے کے قیام کے لیے اسلامی خاندانوں کا وجود بنیادی حیثیت کا حامل ہے۔ اسلامی خاندانی نظام کے تحت شریعت نے خاندان کے سربراہ کو اپنے ماتحت افراد کا نگران مقرر کیا ہے۔ حقوق و فرائض کی ادائیگی اور اپنی ذمہ داری سے عہدہ برآ ہوتے ہوئے کئی قسم کی پیچیدگیاں اور مشکلات جنم لیتی ہیں جس کا حل شریعت نے بہت احسن انداز میں پیش کیا ہے لیکن بدقسمتی سے بہت سے لوگ شرعی تعلیمات سے آگاہی نہ رکھنے کی وجہ سے افراد خانہ کی رہنمائی سے قاصر رہتے ہیں۔ زیر نظر کتاب ’مسلمان خاندان اسلام کی آغوش میں‘ میں یہی سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ ایک اسلامی خاندان کس طرح شریعت سے رہنمائی حاصل کر کے کامیابی کے زینے پر قدم رکھ سکتا ہے اور خاندان کا سربراہ کیسے خاندان کی تربیت اور اپنی ذمہ داری سے عہدہ برآ ہو سکتا ہے؟ یہ کتاب عرب و عجم کے جید علمائے کرام کے خاندانی نظام پر دئیے گئے فتاویٰ جات پر مشتمل ہے۔ عربی فتاویٰ جات کا سلیس اردو ترجمہ اور ان کو ترتیب مولانا اختر صدیق صاحب نے دیا ہے۔ اس میں نکاح کی شروط، اولاد کی تربیت، میاں بیوی کے حقوق، والدین کی خدمت و اطاعت، خاندانی مشکلات، طلاق، خلع، عدت وغیرہ سے متعلق فتاوی جات جمع کیے گئے ہیں۔ بعض قدیم فتاویٰ جات مثلاً فتاویٰ ثنائیہ، فتاویٰ نذیریہ سے بھی بعض فتاویٰ شامل کتاب کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اس کتاب کا بڑا حصہ ایسے فتاوی جات پر مشتمل ہے جو ہفت روزہ ’غزوہ‘ اور ’جرار‘ میں قسط وار طبع ہوتے رہے ہیں۔(ع۔م)
تمباکو نوشی کی شرعی حیثیت
Authors: محمد اختر صدیق
In Arguments
فی زمانہ تمباکو نوشی کی وبا بہت عام ہو رہی ہے صرف پاکستان میں روزانہ ہزاروں نئے سگریٹ نوشوں کا اضافہ ہوجاتا ہے۔ اس کی ایک بنیادی وجہ شاید ہمارے ہاں علمائے کرام کا اس نشے کو شدو مد سے تنقید کا نشانہ نہ بنانا ہے۔ زیر تبصرہ مختصر سا کتابچہ اسی سلسلے میں تالیف کیا گیاہے۔ کتابچہ کے مؤلف مولانا اختر صدیق صاحب نے کتابچہ میں سب سے پہلے تمباکو نوشی کی شرعی حیثیت واضح کی ہےپھر تمباکو نوشی کے فوائد و نقصانات کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ لوگ تمباکونوشی کا شکار کیوں ہوتے ہیں اس کے محرکات کا تذکرہ ہے تو وہیں اسلامی معاشرہ پر اس کے اثرات کو بھی مختصراً بیان کیا گیا ہے۔ مسلمان علما کے فتاوی جات، ڈاکٹر حضرات کے تاثرات ذکرکرنے کے ساتھ ساتھ تمباکو نوشی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کو بھی شامل کتاب کیا گیا ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ تمباکونوشی سے چھٹکارا پانے کے کی تراکیب بھی کتاب کا حصہ ہیں۔(ع۔م)
استخارہ احکام و مسائل
Authors: محمد اختر صدیق
بسا اوقات ایسا ہوتا ہے کہ انسان کسی معاملے میں مختلف وجوہات کی بناء پرکوئی فیصلہ کرنے کی ہمت نہیں پاتا-ایسی صورت میں انسان کوچاہیے کہ وہ دو رکعت نماز ادا کر کے اللہ تعالی سے استخارہ کرے تاکہ پریشان کن صورتحال سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے-مصنّف نے اس مختصرسے کتابچہ میں استخارہ کے تمام شرعی احکام ومسائل سے آگاہی فراہم کی ہے-استخارہ کی فضیلت واہمیت بیان کرتے ہوئے اس کی حکمت اور آداب پر روشنی ڈالی گئی ہے- اس کے بعد استخارہ کا مکمل طریقہ ذکرکرنے کے ساتھ ساتھ استخارہ کے فوائد پر اپنی آراء کا اظہار کیا گیا ہے –اس کے علاوہ استخارہ سے متعلق دیگر مسائل جن میں استخارہ کا وقت،کیا استخارہ کے کے بعد خواب آنا ضروری ہے؟ اور استخارہ کے بعد انسان کیا کرے؟جیسے مسائل شامل ہیںدورِحاضر میں ٹی وی پروگرامز اور دیگر ذرائع سے استخارہ کا لوگوں کے اذہان میں غیر شرعی مفہوم ٹھونسا جا رہا ہے۔ یہ کتابچہ کتاب و سنّت کی درست راہنمائی فراہم کرتا ہے۔
بسنت اسلامی ثقافت اور توہین رسالت
Authors: محمد اختر صدیق
In Arguments
ہمارے بہت سارے نام نہاد دانشور ایک عرصے سے اس بات کا اعلان کرتے چلے آرہے ہیں کہ بسنت ایک خالص موسمی اور علاقائی تہوار ہے جس کا مذہب کے ساتھ دور کا بھی تعلق نہیں ہے- اس دعوے کی حقیقت کیا ہے آئیے ملاحظہ کرتے ہیں مولانا اختر صدیق صاحب کی اس کتاب میں-مولانا نے کتاب کے شروع میں بسنت کا مکمل تعارف کرواتے ہوئے بسنت کی ابتدا اور تاریخ پر تفصیل سے روشنی ڈالی ہے جس سے ثابت ہوجاتا ہے کہ یہ خالص ہندوانہ مذہبی تہوار ہے جو کہ گستاخ رسول ''حقیقت رائے'' کی یاد میں منایا جاتا ہے-بسنت نے پاکستانیوں کی زندگی میں کیا گل کھلائے ہیں اوراس کی وجہ سے انہیں کس قدر جانی ومالی نقصان برداشت کرنا پڑا اس کی تفصیل بھی آپ کو اس کتاب میں پڑھنے کوملے گی-کتاب کے آخر میں بسنت کے حق میں دلائل کا مختصر جائزہ پیش کرتے ہوئے بسنت کے خلاف عوام الناس کے بیانات کو قلمبند کیا گیا ہے-
تفسیر سورت کہف ( ابراہیم میر سیالکوٹی )
Authors: محمد ابراہیم میر سیالکوٹی
سرزمین سیالکوٹ نے بہت سی عظیم علمی شخصیات کو جنم دیا ہے جن میں مولانا ابراہیم میر سیالکوٹی ،علامہ محمد اقبال، شہید ملت علامہ احسان الٰہی ظہیر سرفہرست ہیں مولانا ابراہیم میر 1874ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے سیالکوٹ مرے کالج میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے ہم جماعت رہے مولاناکا گھرانہ دینی تھا لہذا والدین کی خواہش پر کالج کوخیر آباد کہہ دیا اور دینی تعلیم کے حصول کے لیے کمر بستہ ہوگے ۔ شیخ الکل سید نذیر حسین محدث دہلوی کے حضور زانوے تلمذ طے کیا مولانا میر سیالکوٹی سید صاحب کے آخری دور کےشاگرد ہیں اور انہیں ایک ماہ میں قرآن مجید کو حفظ کرنےکااعزاز حاصل ہے ۔مولانا سیالکوٹی نے جنوری1956ء میں وفات پائی نماز جنازہ حافظ عبد اللہ محدث روپڑی نے پڑہائی اللہ ان کی مرقد پر اپنی رحمت کی برکھا برسائے ۔(آمین )مولانا مرحوم نے درس تدریس تصنیف وتالیف دعوت ومناظرہ وعظ وتذکیر غرض ہر محاذ پر کام کیا۔ ردّقادیانیت میں مولانا نےنمایاں کردار اداکیا مرزائیوں سے بیسیوں مناظرے ومباحثے کیے اور مولانا ثناء اللہ امرتسری کے دست وبازوبنے رہے مرزائیت کے خلا ف انھوں نے17 ؍کتابیں تصنیف کیں ۔مولانا کی تصانیف میں تفسیر’’ تبصیر الرحمن‘‘ بھی شامل ہے ۔ زیر نظر کتاب ’’ تفسیرسورۃ کہف ‘‘مولانا ابراہیم میر سیالکوٹی کی تالیف ہے ۔مولانا نے طریقِ تفسیر کے مسالک خمسہ(مسلک محدثین،مسلک متکلمین،مسلک صوفیائے کرام ،مسلک فقہائے مجتہدین،مسلک اہل ادب ومعانی ) کو ملحوظ رکھتے ہوئے یہ تفسیر مرتب کی ہے ۔ مولانا نے اس تفسیر کا آغاز 1353 ھ میں کیا اور1359ھ میں اسے مکمل کیا ۔ثنائی بریس ،امرتسر نے 1939ء کےآخر میں پہلی بار شائع کیا ۔یہ نسخہ مکتبہ ثنائیہ،سرگودہا کا شائع شدہ ہے جواب نایاب ہے ۔ استاد گرامی شیخ الحدیث مولانا ابو عمارعمرفاروق سعید ی﷾ (مترجم ومصنف کتب کثیرہ ) سے حاصل کر کے کتاب وسنت پر سائٹ پر پبلش کی گئی ہے تاکہ یہ نایاب تفسیر محفوظ ہوجائے اور دنیا بھر میں کتاب وسنت سائٹ کے ہزاروں قارئین اس سے مستفید ہوسکیں اگر کسی کے پاس پارہ اول ،پارہ ،سوم اورتفسیر سورۃ کہف کے علاوہ مولانا میر سیالکوٹی کی تفسیر کے اجزاءہوں ہمیں عنائت کریں سکین کرنے کے بعد قابل واپسی ہونگے ۔ ان شاء اللہ ۔(م۔ا) تفاسیر قرآن (م۔ا)