اس پر فتن دور میں ہر آئے دن بے شمار نئے نئے فرقے اور گروہ مذہب کے نام پر سامنے آرہے ہیں۔اور ان میں سے ہر ایک نے اپنے چند مخصوص اور شاذ نظریات وعقائد سنبھال رکھے ہیں۔جو شخص ان کے نظریات سے متفق ہو،اور ان کے ساتھ تعاون کرتا ہو، ان کے نزدیک وہ مومن اور اہل ایمان میں سے ہے ،اور جو ان کے عقائد ونظریات کا مخالف ہو اس پر وہ بلا سوچے سمجھے شرائط وموانع کا خیال رکھے بغیر کفر کا فتوی لگا دیتے ہیں اور اس فتوی بازی یا کسی مسلمان کی تکفیر میں ذرا خیال نہیں رکھتے کہ وہ کوئی محترم شخصیت اور مخلص مسلمان کی ذات بھی ہو سکتی ہے۔اسی طرز عمل کے گروہوں میں سے ایک کراچی کا معروف عثمانی گروہ ہے ،جو اپنے آپ کو کیپٹن مسعود الدین عثمانی کی طرف منسوب کرتاہے۔اس گروہ نے بھی بعض ایسے منفر د اور شاذ عقائد ونظریات اختیار کر رکھے ہیں ،جو امت کے اجماعی اور اتفاقی مسائل کے مخالف ہیں۔زیر تبصرہ کتاب ’’کراچی کا عثمانی مذہب اور اس کی حقیقت‘‘ خواجہ محمد قاسم کی تالیف ہے ،جس میں انہوں عثمانی گروہ کے غلط اور بے بنیاد عقائد ونظریات کو جمع کر دیا ہے تاکہ اہل اسلام ان کی کے عقائد سے آگاہ ہوجائیں اور اپنے آپ کو ان کے جال میں پھنسنے سے محفوظ رکھ سکیں۔اللہ تعالی مولف کی اس کاوش کو قبول فرمائیں۔آمین مسعود الدین عثمانی کے افکار ونظریات کے حوالے سے ڈاکٹر ابو عبد اللہ جابر دامانوی ﷾ کی کتب بھی لائق مطالعہ ہیں (راسخ)