اسلام کی فلک بوس عمارت عقیدہ کی اسا س پر قائم ہے ۔ اگر اس بنیاد میں ضعف یا کجی پیدا ہو جائے تو دین کی عظیم عمارت کا وجود خطرے میں پڑ جاتا ہے۔ عقائد کی تصحیح اخروی فوزو فلاح کے لیے اولین شرط ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اللہ کی طرف سے بھیجی جانے والی برگزیدہ شخصیات سب سے پہلے توحید کا علم بلند کرتے ہوئے نظر آتی ہیں۔ اور نبی کریم ﷺ نے بھی مکہ معظمہ میں تیرا سال کا طویل عرصہ صرف اصلاح ِعقائدکی جد وجہد میں صرف کیا عقیدہ توحید کی تعلیم وتفہیم کے لیے جہاں نبی کریم ﷺ او رآپ کے صحابہ کرا م نے بے شمار قربانیاں دیں اور تکالیف کو برداشت کیا وہاں علماء اسلام نےبھی دن رات اپنی تحریروں اور تقریروں میں اس کی اہمیت کو خوب واضح کیا ۔ عقائد کے باب میں اب تک بہت سی کتب ہر زبان میں شائع ہو چکی ہیں اردو زبان میں بھی اس موضوع پر قابل قدر تصانیف اور تراجم سامنے آئے ہیں اور ہنوز یہ سلسلہ جاری ہے زیر نظر کتاب ’’ صحیح اسلامی عقیدہ‘‘ مدینہ یونیورسٹی اور جامعۃالامام محمد بن سعود ،الریاض کے اساتذہ کی ٹیم کی تیار کردہ کتاب کا اردو ترجمہ ہے جوکہ چھ حصوں پر مشتمل ہے ۔ یہ کتاب جامعہ سلفیہ ،بنارس اور ہندوستان کے کئی سلفی مدارس میں شامل نصاب ہے۔یہ کتاب اسلامی عقیدہ سیکھنے اور مسلمانوں کےحالات کی اصلاح کے لیے بہترین کتاب ہے ۔مصنفین نے اس کتاب میں شامل تمام موضوعات کو عمدہ اور ایسے سادہ عبارت واسلوب میں بیان کیا ہے کہ جن سے عقائد کے مسئلہ میں پڑھنے والے کو پوری تشفی حاصل ہوجاتی ہے ۔ صحیح عقیدہ کی تعلیم واشاعت کے سلسلہ میں مصنفین کےاخلاص کا پتہ اس بات سے بھی چلتا ہے کہ کتاب کی تیاری کے بعد انہوں نے اسےبراعظم افریقہ کے بعض مدارس اور وہاں منعقد ہونے والے تدریبی دوروں میں پڑھانے کاانتطام کراکر اس بات کا اطمینان حاصل کیا ہےکہ کتاب اپنے مقصد میں کامیاب ہے۔اللہ تعالیٰ اس کتاب کے مصنفین ،مترجم وناشرین کی اس عمدہ کاوش کوقبول فرمائے ۔(آمین) (م۔ا)