اللہ تعالیٰ نے انبیاء کودنیابھر کے انسانوں کی رشد و ہدایت اور فلاح و نجات کے لیے مبعوث فرمایا اوران کے ذریعے دنیا میں علم وعمل اور جدو جہد کا ایک ایسا سلسلہ شروع فرمایا جو تا قیامت اسی طرح جاری وساری رہے گا۔ سب سے آخری نبی حضرت محمدﷺ کو اللہ تعالیٰ کاجو ازلی اور ابدی کلام عطاہوا۔ یہ کلام لائق اور قابل اتباع ہے اور اس میں جن باتوں کاحکم دیاگیا ہے ان تمام باتوں پر عمل کرنا ضروری ہے تاہم اس کی وہ آیات خصوصاً قابل توجہ ہیں جن میں اہل ایمان کوخصوصی طور پر مخاطب کیا گیا ہے۔ یہ آیات اپنے اندر بڑی گہرائی اور بصیرت رکھتی ہیں۔ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا كے خطاب سے شروع ہونے والی آیات کے ذریعے اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو ایسی تعلیم دی ہےجو ان کے لیے دنیا اورآخرت میں فلاح وکامرانی کی ضامن اور ان کو ہر قسم کے نقصان وخسران سے بچانے والی ہے۔ زیر نظر کتاب ’’اے ایمان والو‘‘ ماہنامہ محدث کے معروف مضمون نگار اور کئی کتب کے مصنف ومترجم محترم مولانا محمد رفیق چودھری﷾ کی تصنیف ہے۔ اس کتاب میں انہوں نے ان تمام آیات کو جو ’’ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا‘‘کے خطاب سے شروع ہوتی ہیں جمع کر کے ان کا آسان اردو ترجمہ اور ساتھ ہی ان کی مختصر تشریح وتفسیر کردی ہے جس کی وجہ سے یہ ایک درس قرآن کی کتاب بن گئی ہے۔ قرآن مجید میں ’’يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا‘‘ کے خطاب سے شروع ہونے والی آیات کی تعداد 89 ہے۔ فاضل مصنف کی زندگی کا طویل حصہ قرآن مجید سمجھنے سمجھانے اور اس کی نحوی وتفسیری مشکلات حل کرنے میں گزرا ہے۔کتاب ہذا کے علاوہ آپ کئی دینی کتب کے مصنف ومترجم ہیں جن میں قرآن کریم کا اردو وانگلش ترجمہ اور تفسیر البلاغ بھی شامل ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی تدریسی وتعلیمی اور تحقیقی وتصنیفی خدمات کو قبول فر مائے۔ آمین (م۔ ا)