Hadith & science of hadith - eBooks

384 Results Found
نماز میں خشوع کیسے حاصل کریں

Authors: محمد بن صالح المنجد

In Hadith & science of hadith

By Al Noor Softs

نماز کی ادائیگی کا طریقہ جاننا ہر مسلمان مرد و زن کے لیے ازحد ضروری ہے کیونکہ اللہ عزوجل کے ہاں وہی نماز قابل قبول ہو گی جو رسول اللہ ﷺ کے طریقے کے مطابق ادا کی جائے گی - ہمارے لیے نبی اکرم ﷺ کی ذات گرامی ہی اسوۂ حسنہ ہے۔ انہی کے طریقے کے مطابق نماز ادا کی جائے گئی تو اللہ کے ہاں مقبول ہے۔ اسی لیے آپ ﷺ نے فرمایا "صلو كما رأيتموني اصلي" لہذا ہر مسلمان کے لیے رسول للہ ﷺ کے طریقۂ نماز کو جاننا بہت ضروری ہے۔ نماز کی صحت کے لیے تعدیل ارکان کا لحاظ رکھنا بھی ضروری ہے - ایسی نماز جس میں خشوع و خضوع نہ ہو اور تعدیل ارکان کا لحاظ نہ رکھا گیا ہو باطل قرار پاتی ہے۔ زیر تبصرہ کتاب ’’نماز میں خشوع کیسے حاصل کریں؟‘‘سعودی عرب کے نامور عالم دین علامہ محمد صالح المنجد کی عربی تصنیف ’’33 سبباً للخشوع فی الصلاة ‘‘کا اردو ترجمہ ہے ۔اس کتاب میں نماز میں خشوع وخضوع کس طرح پیدا ہوتا ہے اس کے 33 اسباب قرآن و حدیث کی روشنی میں تحریر کیے گئے ہیں۔ اس موضوع پر لکھی گئی کتب میں جو مقبولیت و شہرت کتاب ہذا کو ملی ہے وہ کسی اور کے نصیب میں نہ ہو سکی ۔اس کی افادیت کے پیش نظر متعدد زبانوں میں اس کے ترجمے ہوئے ہیں اردو زبان میں بھی کئی اہل قلم نے اس کا ترجمہ کیا ہے۔ فضیلۃ الشیخ اساتذ الاساتذہ جناب عمر فاروق سعیدی حفظہ اللہ کا یہ ترجمہ سب سے زیادہ دلنشیں ،سلیس، عام فہم اور بہت سی دیگر خوبیوں سے مزین ہے۔ (م ۔ا)

اللہ کے ہاں حرام بندوں کے ہاں آسان

Authors: محمد بن صالح المنجد

In Hadith & science of hadith

By Al Noor Softs

حرام چیزوں کابیان علمِ دین کا ایک اہم ترین جز ہے اورجب تک آدمی حرام چیزوں سے نہ بچے نہ اس کا اسلام معتبر ہے او رنہ ہی عبادت قبول ہوتی ہے ۔ بنی اسرائیل کی تباہی کا بڑا سبب اللہ تعالیٰ کی حدود کو توڑنا ،احکام شریعت کامذاق اڑانا مختلف تاویلوں سے حرام کو حلال اور حلال کو حرام قرار دینا تھاجس کی وجہ سے اللہ تعالی نےان پر پے درپے عذاب نازل کیے۔حرام چیزوں کو بیان کرنے کے لیے علماء کرام نے متعدد کتب تالیف کی ہیں ۔ زیر نظر کتاب’’اللہ کے حرام بندوں کے آسان ‘‘عالم اسلام کے مشہور عالمِ دین فضیلۃ الشیخ محمد صالح المنجد ﷾کی عربی تصنیف ’’محرمات استهان بها الناس یجب الحذر منها ‘‘ کا اردو ترجمہ ہے ۔انہوں نے اس کتاب میں شریعت اسلامیہ کے دلائل کی روشنی میں حرام چیزوں کوبیان کر کے ان کی قباحتوں کو بھی واضح کیا ہے ۔اور بيشتر ایسی محرمات پر تنبیہ کی گئی ہے کہ جن میں لوگ بہت تساہل برتتے ہیں محترم جناب قاری سیف اللہ ساجد قصوری نے اردو دان طبقہ کے لیے اس کتاب کواردو قالب ڈھالا ہے ۔ یہ کتاب روزہ مرہ کے معمول بن جانے والے 70 محرمات کامجموعہ ہے جن سے بچنا ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے ۔اللہ تعالیٰ مصنف ومترجم کی اس کاوش کو قبول فرمائے اوراسے عامۃ الناس کےلیے نفع بخش بنائے ۔(آمین) (م۔ا)

محرّمات (حرام اشیاء وامور)

Authors: محمد بن صالح المنجد

In Hadith & science of hadith

By Al Noor Softs

دین اسلام نفس کی پاکیزگی و طہارت پر بہت زور دیتا ہے اور وہ چیز جو نفس انسانی کو داغدار کرے اسلام نے اس سے اجتناب کی تلقین کی ہے، انسان کو ظاہری و باطنی آلائشوں اور برائیوں سے بچانے کی غرض سے اسلام نے محرمات کو حرام قرار دیاہے ۔محرمات کا ارتکاب چونکہ انتہائی مہلک اور تباہ کن ہے ،اس لیے حرام امورسے احتراز نہایت ضروری ہے۔لیکن شیطان کی ازل سو کوشش ہے کہ وہ انسانوں کو گناہوں میں مبتلا کر کے انہیں ضمیر کا مجرم بنادے اور حرام امور کی بجا آوری پر انہیں دلیر کردے،کیونکہ جب انسان کسی حرام کام کا مرتکب ہوتاہے تو شیطان کا آسان ہدف بن جاتاہے اور گناہوں میں آگے بڑھتا چلا جاتا ہے،نفس کی طہارت ،گناہوں سے بچاؤ اور اخروی فلاح کے لیے محرمات سے آگاہی اور اجتناب بہت ضروری ہے۔اس غرض سے علما نے کئی کتب تصنیف کی ہیں ،اسی سلسلے کی کڑی زیر نظر کتاب ہے ،جس میں 89کے قریب حرام چیزوں کا بیان ہے ۔محرمات کے موضوع پر یہ اچھی کتاب ہے۔(ف۔ر)

شرعی منہیات پر واضح تنبیہ

Authors: محمد بن صالح المنجد

In Hadith & science of hadith

By Al Noor Softs

شریعت اسلامیہ میں جہاں متعدد احکامات کی تعمیل ضروری قرار دی گئی ہے وہیں بہت سے کاموں سے رکنے کا بھی سختی سے حکم دیا گیا ہے۔ تاکہ نہ صرف دنیوی زندگی کو گل و گلزار بنایا جائے بلکہ اخروی فلاح و کامرانی بھی انسان کے مقدر ٹھہرے۔ زیر نظر مختصر سے کتابچہ میں انہی تشریعی ممانعات کو قدرے اختصار سے قلم بند کیا گیا ہے۔ شیخ صالح المنجد نے تقریباً ان تمام منہایت الہٰیہ کو جمع کر دیا ہے جو قرآن یا احادیث صحیحہ میں موجود ہیں۔ انہوں نے اس کی ترتیب فقہی ابواب پر رکھی ہے۔ مکمل نص ذکر کرنے سے احتراز کرتے ہوئے صرف جزء شاہد پر اکتفاء کیا ہے۔ کتاب میں بیان کردہ منہیات کے حوالہ جات مذکور نہیں ہیں اگر یہ اہتمام ہو جاتا تو کتاب کی افادیت مزید بڑھ جاتی۔

خطرناک گناہ

Authors: محمد بن صالح المنجد

In Hadith & science of hadith

By Al Noor Softs

موجودہ مسلم معاشروں میں ایسے محرمات کا ارتکاب عام ہوگیا ہے جو اللہ تعالی کے ہاں سخت ناپسندیدہ اور مہلک ہیں- طرفہ تماشہ یہ ہے کہ ان گناہوں کو نہ صرف یہ کہ انتہائی معمولی خیال کیا جاتا ہے بلکہ ان کے جواز کے فتوے بھی جڑے جاتے ہیں- زیر مطالعہ کتاب میں ایسے ہی برے اعمال کے ہولناک نتائج پر بالتفصیل روشنی ڈالی گئی ہے- مصنف نے غیر اللہ کے نام کی قسم اٹھانا،نماز میں ترک اطمینان، لواطت، بیوی سے دوران حیض مباشرت، دیوثیت، سود خوری، کپڑا ٹخنوں سے نیچے لٹکانا اور پڑوسیوں سے بدسلوکی جیسے دیگر درجنوں مسائل کی اصل حقیقت بیان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان گناہوں کو اختیار کرنے کی وجہ سے ہم ایک انتہائی ہولناک اور نہ ختم ہونے والے عذاب کی طرف تیزی سے بڑھ رہے ہیں-

اسلامائزیشن آف سائنس

Authors: ڈاکٹر حافظ محمد زبیر

In Hadith & science of hadith

By Al Noor Softs

اسلام اور سائنس کے موضوع پر مختلف بیانیے اس وقت موجود ہیں ان میں ایک بیانیہ حسن عسکری صاحب کا ہے ۔حسن عسکری صاحب کے بیانیے نے انصاری مکتب فکر سے وابستہ بہت سے اہل فکر ودانش کو متاثر کیا ہے۔ ان حضرات کی تحریریں ماہنامہ’’الساحل‘‘ کراچی میں پبلش ہوتی رہی ہیں۔ خالد جامعی صاحب نے خاص طور اس موضوع پر کافی کچھ لکھا ہے اور لکھتے رہتے ہیں۔معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر حافظ محمد زبیر ﷾(مصنف کتب کثیرہ،اسسٹنٹ پروفیسر کامساٹس یونیورسٹی،لاہور) نے زیر نظر کتابچہ بعنوان’’ اسلامائزیشن آف سائنس‘‘ میں اس موضوع کے متعلق چند ایک معروف بیانیوں کو موضوع بحث بنایا ہے۔ اس کتابچے میں سب سے زیادہ زیر بحث حسن عسکری صاحب کا بیانیہ رہا ہے۔ڈاکٹرحافظ زبیر صاحب کو حسن عسکری صاحب اور ان کے متبعین کے نقطہ نظر سے بالکل بھی اتفاق نہیں ہے لیکن ڈاکٹر زبیر صاحب کے نزدیک ان کی تحریریں اس اعتبار سے قابل ستائش ہیں کہ کسی نے اس موضوع پر کھل کر اظہار خیال تو کیا ہے اور ایک بیانیہ تو پیش کیا ہے۔نیزسائنس اور ٹیکنالوجی کے حوالے سے جو نقطہ نظر انصاری مکتب فکر سے وابستہ حضرات پیش کر رہے ہیں، اس میں اضافی سچائی (relative truth) موجود ہے اگرچہ وہ کل حقیقت نہیں ہے۔ اگر یہ حضرات اسے حقیقت کے مطالعے کے لیے ایک زاویے کے طور پیش کریں تو بات پھر بھی چل جائے لیکن جب وہ اسے کل حقیقت بنا کر پیش کرتے ہیں تو پھر بات بگڑ جاتی ہے اور ایک ایسی فکر سامنے آتی ہے جو عدم توازن کا شکار لگتی ہے۔ ڈاکٹر زبیر صاحب کا یہ کتابچہ اسی حوالے سے اس حسن عسکری اور انصاری مکتب فکر سے وابستہ حضرات کے بیانیے پر ایک نقد ہے۔ صاحب کتابچہ کا ان حضرات کے بیانیے سے بنیادی اختلاف یہ ہےکہ سائنس فی نفسہ شر نہیں ہے بلکہ اس کا استعمال اسے خیر اور شر بنا دیتا ہے جبکہ ان حضرات کا اصرار یہ ہے کہ سائنس فی نفسہ شر ہے۔ زیر نظر کتابچہ اس موضوع پر ڈاکٹر زبیر صاحب کی فیس بک کی تحریروں کا مجموعہ ہے۔ جنہیں حافظ زبیر ﷾ نے تہذیب وتصحیح اور حک واضافے کے ساتھ شائع کیا ہے۔اللہ تعالیٰ ڈاکٹر حافظ زبیر ﷾ کی تحقیقی وتصنیفی ،تبلیغی وتدریسی اور صحافتی خدمات کو قبول فرمائے اور ان کے ان علم وعمل میں مزید خیر وبرکت فرمائے ۔(م۔ا)

تحریک تجدد اور متجددین

Authors: ڈاکٹر حافظ محمد زبیر

In Hadith & science of hadith

By Al Noor Softs

تحریک تجدد اور متجددین کے عنوان سے میرے کچھ مضامین ماہنامہ میثاق، لاہور میں دسمبر 2010ء سے جولائی 2011ء کے دوران پبلش ہوئے۔ یہی مضامین ماہنامہ الاحرار، ملتان میں بھی جون 2010ء سے مئی 2011ء کے دوران شائع ہوئے۔ انہی مضامین کو اب افادہ عام کے لیے کتابی صورت میں شائع کیا جا رہا ہے۔ اس کتاب میں مصر، برصغیر پاک وہند اور ترکی میں تجدد پسندی کی حالیہ تحریک اور افکار کا ایک مختصر اور ناقدانہ جائزہ لیا گیا ہے۔ اس کتاب میں شیخ جمال الدین افغانی، مفتی محمد عبدہ، شیخ رشید رضا، طہ حسین، توفیق الحکیم، شیخ یوسف القرضاوی، شیخ وہبہ الزحیلی، مصطفی کمال پاشا، سر سید احمد خان، غلام احمد پرویز اور پروفیسر ڈاکٹر طاہر القادری صاحب کے افکار کا مختصر انداز میں تجزیاتی مطالعہ پیش کیا گیا ہے۔ اس کتاب کا اسلوب تحقیقی نہیں رکھا گیا کہ ہر اہم بات کا حواشی میں مفصل حوالہ درج کیا جائے۔ یہ کتاب دراصل مصنف کا حاصل مطالعہ ہے کہ جسے تحریر کی صورت میں ڈھال دیا گیا ہے اور مطالعہ کے مصادر کو علیحدہ سے بیان کر دیا گیا ہے۔ جب یہ مضامین مجلہ میثاق اور مجلہ الاحرار میں شائع ہوئے تھے تو اس وقت تو ترتیب یہی تھی کہ ہر مضمون کے آخر میں اس کے مصادر ومراجع بیان کر دیے جاتے تھے۔ اور اب ان تمام مضامین کے مصادر ومراجع کو آخر کتاب میں اسی عنوان سے جمع کر دیا گیا ہے۔

مولانا وحید الدین خان افکار و نظریات

Authors: ڈاکٹر حافظ محمد زبیر

In Hadith & science of hadith

By Al Noor Softs

مولانا وحید الدین خان یکم جنوری 1925ءکو پید ا ہوئے۔ اُنہوں نے اِبتدائی تعلیم مدرسۃ الاصلاح سرائے میر اعظم گڑھ میں حاصل کی ۔شروع شروع میں مولانا مودودی﷫ کی تحریروں سے متاثر ہوکر 1949ء میں جماعت اسلامی ہند میں شامل ہوگئے، لیکن 15 سال بعد جماعت اسلامی کوخیر باد کہہ دیا اورتبلیغی جماعت میں شمولیت اختیار کرلی ۔ 1975ء میں اسے بھی مکمل طور پر چھوڑ دیا ۔مولانا وحید الدین خان تقریبا دو صد کتب کے مصنف ہیں جو اُردو ،عربی، اورانگریزی زبان میں ہیں۔ اُن کی تحریروں میں مکالمہ بین المذاہب ،اَمن کابہت زیادہ ذکر ملتاہے اوراس میں وعظ وتذکیر کاپہلو بھی نمایاں طور پر موجود ہوتاہے ۔لیکن مولانا صاحب کے افکار ونظریات میں تجدد پسندی کی طرف میلانات اور رجحانات بہت زیادہ پائے جاتے ہیں ۔ اُنہوں نے دین کے بنیادی تصورات کی از سر نو ایسی تعبیر وتشریح پیش کی ہے، جو ان سے پہلے کسی نے نہیں کی۔وہ نہ صرف اس بات کو تسلیم کرتے ہیں، بلکہ اپنے لیے اس میں فخر بھی محسوس کرتے ہیں ۔زیر تبصرہ کتاب ڈاکٹر حافظ زبیر﷾ کی تالیف ہے، جس میں اُنہوں نے مولاناوحید الدین خان صاحب کی فکر کا ان کے اپنے الفاظ کی روشنی میں ایک مفصل تحلیلی وتجزیاتی مطالعہ پیش کیاہے۔اور نقد وتبصرہ کرتے ہوئے اس بات کا بھی لحاظ رکھا ہے کہ مولانا صاحب کے اصولوں ہی کی روشنی میں ان کے افکار ونظریات کا جائزہ لیا جائے۔ اس لیے کتاب میں جابجا مولانا صاحب پرتبصرہ کرتےہوئے شواہد کے طور پر مکمل حوالہ جات کے ساتھ ان کی عبارتوں کو بھی نقل کیا گیاہے ۔الغرض مولانا کی فکر کو سمجھنے کےلیے یہ منفرد اورمفید کتاب ہے۔ ڈاکٹر حافظ زبیر صاحب اس کتاب کے علاوہ متعدد تحقیقی وتنقیدی کتب کے مصنف ہیں، اور پاک وہندکے مختلف معروف مجلات میں ان کے تحقیقی وتنقیدی نوعیت کے مضامین شائع ہوتے رہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی تمام ترمساعی جمیلہ بالخصوص تحریک تجدد اور فرق باطلہ پر نقد وتنقید کی کوششوں کو شرف قبولیت سے نوازے ۔ (آمین) (م۔ا)

فکر غامدی ایک تحقیقی وتجزیاتی مطالعہ

Authors: ڈاکٹر حافظ محمد زبیر

In Hadith & science of hadith

By Al Noor Softs

علامہ جاوید احمد غامدی صاحب اپنے تجدد پسندانہ نظریات کے حوالے سے کافی شہرت رکھتے ہیں۔ میڈیا کی کرم فرمائی کی وجہ سے علامہ صاحب کو روشن خیال طبقوں میں کافی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ علامہ صاحب کےگمراہ کن اور منہج سلف سے ہٹے ہوئے نظریات پر بہت سے لوگوں نے مختلف انداز میں تنقید کی ہے۔ ڈاکٹر حافظ زبیر صاحب کا شمار بھی ایسے لوگوں میں ہوتا ہے جنھوں نے غامدی صاحب کے خوشنما افکار کی قلعی کھولنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ آپ نے نہایت سنجیدہ اور علمی انداز میں ہر فورم پر غامدی صاحب کے نظریات کو ہدف تنقید بنایا۔ زیر تبصرہ کتاب غامدی صاحب اور اہل سنت کے اصول استنباط اور قواعد تحقیق کے ایک تقابلی مطالعہ پر مشتمل ہے۔ یعنی اس کتاب میں غامدی صاحب کے اختیار کردہ اصولوں پر نقد کیا گیا ہے فروعات کو موضوع بحث نہیں بنایا گیا ہے۔ غامدی صاحب کے افکار پر نقد دو اعتبارات سے کیا گیا ہے۔ ایک کتاب و سنت کی روشنی میں اور دوسرا خود غامدی صاحب کے اصولوں کی روشنی میں۔ حافظ صاحب خاصیت ہےکہ شخصیات پر تنقید سے گریز کرتے اور ممکن حد تک نرم انداز میں گفتگو کرتے ہیں اور صرف نظریات کو موضوع بحث بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہی خوبی ان کی زیر نظر تصنیف میں بھی واضح طور پر عیاں ہے۔ یہ کتاب دراصل ان مضامین کا مجموعہ ہے جو ماہنامہ ’الشریعہ‘ میں شائع ہوتے رہے۔ ان مضامین کو اس سے قبل بھی یکجا صورت میں شائع کیا گیا ہے۔ اب کے بار اس کتاب میں کافی سارے اضافوں کے ساتھ افادہ قارئین کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔ جو یقیناً علمی حلقوں کے لیے خاصے کی چیز ہے۔ (ع۔ م)