eBooks
٢٬٨٤١ Results Found
دیور اور بہنوئی
Authors: ام عبد منیب
دیور اور بہنوئی یہ دونوں رشتے بھی بڑے عجیب ہیں۔ایک رشتہ بہن کا خاوند ہے تو دوسرا خاوند کا بھائی ہے۔خاوند اور بہن دونوں ہی انتہائی قریبی رشتے ہیں۔اس لئے دیور اور بہنوئی کی اہمیت بھی مسلم ہے۔موجودہ معاشرے میں ان سے تعلقات کی نوعیت جو بھی ہو دونوں میں ایک قدرِ مشترک ضرور ہے کہ سالی کا بہنوئی سے اور دیور کا بھابھی سے ہنسی ،مذاق اور بے تکلفی اور بعض اوقات تو یہ مذاق بے ہودگی اور بے حیائی تک جا پہنچتا ہے۔اسلامی معاشرت میں باہمی ادب واحترام اور شائستگی کو اولیت حاصل ہے،اس لئے بیہودہ گفتگو یا غیر شائستہ مذاق کی کسی رشتے کے ساتھ کوئی گنجائش نہیں ہے۔ زیر تبصرہ کتاب " دیور اور بہنوئی"معروف مبلغہ داعیہ،مصلحہ،مصنفہ کتب کثیرہ اور کالم نگار محترمہ ام عبد منیب صاحبہ کی تصنیف ہے ۔ جس میں انہوں نےدیور اور بہنوئی کے ساتھ تعلقات کی حدود وقیود اور ان سے شرعی پردے کی اہمیت وضرورت پر گفتگو کی ہے ۔کیونکہ وہ قریبی رشتہ دار ہونے کے باوجود اس عورت کے لئے نامحر م ہی رہتے ہیں ،جن سے پردہ کرنا از حد ضروری اور فرض ہے۔اللہ نے ان کو بڑا رواں قلم عطا کیا تھا،انہوں نے سو کے قریب چھوٹی بڑی اصلاحی کتب تصنیف فرمائی ہیں۔ محترمہ ام عبد منیب صاحبہ محمد مسعود عبدہ کی اہلیہ ہیں۔ موصوف تقریبا 23 سال قبل جامعہ لاہور الاسلامیہ میں عصری علوم کی تدریس کرتے رہے اور 99۔جے ماڈل ٹاؤن میں بمع فیملی رہائش پذیر رہے ۔موصوف کے صاحبزادے محترم عبد منیب صاحب نے اپنے طباعتی ادارے ’’مشربہ علم وحکمت ‘‘ کی تقریبا تمام مطبوعا ت محدث لائبریری کے لیے ہدیۃً عنائت کی ہیں ۔اللہ تعالیٰ ان کی تمام مساعی جمیلہ کو قبول فرمائے۔ آمین(راسخ)
قربانی کے مسائل
Authors: ام عبد منیب
قربانی وہ جانور ہے جو اللہ کی راہ میں قربان کیا جائے اور یہ وہ عمل ذبیحی ہے جس سے اللہ تعالیٰ کاقرب حاصل کیا جائے ۔تخلیق ِانسانیت کے آغازہی سے قربانی کا جذبہ کار فرما ہے ۔ قرآن مجید میں حضرت آدم کے دو بیٹوں کی قربانی کا واقعہ موجود ہے۔اور قربانی جد الانبیاء سیدنا حضرت ابراہیم کی عظیم ترین سنت ہے ۔یہ عمل اللہ تعالیٰ کواتنا پسند آیا کہ اس عمل کوقیامت تک کےلیے مسلمانوں کے لیے عظیم سنت قرار دیا گیا۔ قرآن مجید نے بھی حضر ت ابراہیم کی قربانی کے واقعہ کوتفصیل سے بیان کیا ہے ۔ پھر اہلِ اسلام کواس اہم عمل کی خاصی تاکید ہے اور نبی کریم ﷺ نے زندگی بھر قربانی کے اہم فریضہ کو ادا کیا اور قرآن احادیث میں اس کے واضح احکام ومسائل اور تعلیمات موجو د ہیں ۔ اللہ تعالی کےہاں کوئی بھی عبادت کا عمل تب ہی قابل قبول ہوتا ہے کہ جب اسے نبی کریمﷺ کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق کیا جائے۔ کیوں کہ نبی کریم ﷺ کی ذات ِمبارکہ تمام اہل اسلام کے لیے اسوۂ حسنہ ہے ۔عبادات میں سے اہم عبادت عید الاضحیٰ کے دن جانوروں کواللہ تعالی کی رضا کے لیے ذبح کرنا ہے اس سلسلے میں ہمارے معاشرے میں بہت سی کتاہیاں پائی جاتی ہیں۔ زیر نظر کتابچہ ’’ قربانی کے احکام مسائل ‘‘ محترمہ ام عبدمنیب صاحبہ کا مرتب شدہ ہے۔ جس میں انہوں نے عام فہم انداز میں قربانی کے جملہ احکام ومسائل کو بیان کردیا ہے۔ قارئین اس سے استفادہ کر کے قربانی کےسلسلے میں معاشرہ میں پائی جانے والی کتاہیوں کی اصلاح کرسکتے ہیں ۔اللہ تعالیٰ اسے عوام الناس کے لیے اسے مفید بنائے۔آمین( م۔ا)
حج میں چہرے کا پردہ
Authors: ام عبد منیب
قرآن حکیم میں عورت پر باہر نکلتے وقت جلباب (ایسا کپڑا جو اس کے جسم ،سر پاؤں اور زینت کوڈھانپ لے ) کو اوڑھنا فرض قرار دیا گیا ہے ۔ لہذا عورت جب احرام کی حالت میں باہرنکلتی ہے تو بھی اس جلباب سے جسم اور چہرہ ڈھانپنا فرض ہے۔ رسول اللہ ﷺ کی احادیث میں دورانِ حج جلباب نہ اوڑہنے کا کوئی حکم نہیں ملتا۔دوران ِ احرام عورت پر نقاب(سلا ہوا وہ مخصوص کپڑا جوصرف چہرے کوچھپانے کے کام آتاہے ) باندھنا اسی طرح ممنوع ہے جس طرح دستانے یا زغفران سےرنگے ہوئے کپڑے پہننا ممنوع ہے یاجس طرح مرد پر دوران ِ احرام سر ڈھانپنایا سلے ہوئے کپڑے پہننا یا ٹخنے ڈھانپ لینے والے جوتے پہننا ممنوع ہے۔ نقاب ایک مخصوص کپڑے کا نام ہے حجاب کا نام نہیں۔ دورانِ احرام عورت پر نقاب باندھنا ممنوع ہے لیکن حجاب دورانِ حج ہو یا اس کے علاوہ ہر حالت میں اس پر فرض ہے۔ لہذا وہ دورانِ احرام بھی حجاب (چہرے کاپردہ) کرنے کی پابند ہے۔ جیسا کہ ام المؤمنین سیدہ عائشہ ؓ عنہا دوران ِحج اپنی جلباب(بڑی چادر) کو مردوں کےسامنے پر چہرے پر ڈال لیتی تھیں۔ زیر نظر کتابچہ میں محترمہ ام عبد منیب صاحبہ نے اسی مذکورہ مسئلہ کو قرآن واحادیث اور علمائے اسلام کے فتاویٰ کی روشنی میں اختصار کےساتھ عام فہم انداز میں بیان کیا ہے۔ اللہ تعالی اسے عوام الناس کےلیے نفع بخش بنائے۔آمین( م۔ا)
ماہ ذو الحجہ کے فضائل
Authors: ام عبد منیب
ماہ ذوالحجہ قمری تقویم کے لحاظ سے سال کا بارہواں اور آخری مہینہ ہے ۔ چونکہ اس ماہِ مبارک میں حج جیسا عظیم فریضہ انجام دیا جاتا ہے اس لیے اس کا نام حج ہی کی مناسبت سے مشہور ہے ۔اس ماہ ِمبارک میں عشرہ ذوالحجہ کے ایام بڑے ہی اہمیت وفضیلت والے ہیں۔جسے نبی کریم ﷺ نے سال بھر کے دیگر ایام سے افضل قرار دیا ہے ۔اور اسی طرح اس میں ایام تشریق جیسے اہم دن بھی شامل ہیں ۔اس میں بنیادی عبادات نماز، روزہ، صدقہ، حج ،قربانی جیسی اہم عبادات کی جاتی ہیں اس لیے اس کی بڑی اہمیت وفضیلت ہے۔حج بیت اللہ ارکانِ اسلام میں سے ایک اہم رکن ہے بیت اللہ کی زیارت او رفریضۂ حج کی ادائیگی ہر صاحب ایمان کی تمنا اور آرزو ہے ہر صاحب استطاعت اہل ایمان کے لیے زندگی میں ایک دفعہ فریضہ حج کی ادائیگی فرض ہے اور اس کے انکار ی کا ایمان کامل نہیں ہے اور وہ دائرہ اسلام سےخارج ہے اجر وثواب کے لحاظ سے یہ رکن بہت زیادہ اہمیت کاحامل ہے تمام كتب حديث وفقہ میں اس کی فضیلت اور احکام ومسائل کے متعلق ابو اب قائم کیے گئے ہیں اور تفصیلی مباحث موجود ہیں ۔حدیث نبوی ہےکہ آپ ﷺنےفرمایا الحج المبرور لیس له جزاء إلا الجنة’’حج مبرور کا ثواب جنت سوا کچھ اور نہیں ۔اس موضوع پر اب تک اردو و عربی زبان میں چھوٹی بڑی بیسیوں کتب لکھی جاچکی ہیں۔ زیر نظر کتابچہ ’’ماہ ذوالحجہ کے فضائل‘‘ محترمہ ام عبد منیب صاحبہ کا مرتب شدہ ہے جس میں انہوں نے ماہ ذوالحجہ کی فضائل ومسائل کو قرآن حدیث کی روشنی میں عام فہم انداز میں بیان کیا ہے۔ جس سے عام قارئین بھی مستفید ہو سکتے ہیں ۔ اللہ تعالی ٰ محترمہ کی تمام دینی ،تبلیغی،تحقیقی وتصنیفی خدمات کوشرف قبولیت سے نوازے ۔آمین(م۔ا)
صنف مخالف کی مشابہت ایک مہلک بیماری
Authors: ام عبد منیب
دور ِحاضر میں مغرب میں ظاہری طور پر مرد اور عورت کا فرق مٹ چکا ہے مساوات کے جنون میں عورتیں مردوں کی طرح اور مرد عورتوں کی طرح نظر آنے اورکام کرنے کےجنون میں مبتلا ہوچکے ہیں۔لوگ آپریشن کروا کر اور زنانہ یا مردانہ ہارمونز کے انجکشن لگوا کر اپنی جنس تبدیل کروا رہے ہیں۔ اللہ تبارک وتعالیٰ کے تخلیق کردہ قوانین فطرت میں بے جار ردوبدل کرنےکی گستاخانہ ،مشرکانہ اور سفاکانہ حرکات جاری ہیں۔صنف نازک کی مشابہت کا مطلب یہ ہے کہ مردکاعورت کی اورعورت کا مرد کی نقالی کرنا مرد کازنانہ چیزیں اور عادتیں جب کہ عورت کامردانہ چیزیں اور عادتیں اختیار کرنا ہے۔مشابہت ایک شرعی اصطلاح ہے جسے تشبہ بھی کہا جاتاہے ۔اگر کوئی شخص اپنا لباس ،حلیہ ،لہجہ ،چال ، بناؤ سنگھار اپنی صنف یا ہم پیشہ لوگوں کے علاوہ کسی اورکا لباس ،حلیہ ،لہجہ ،چال ، بناؤ سنگھار اپنا لے تو اسے تشبہ یا مشابہت کہا جاتا ہے اسلام نے مشابہت یا تشبہ اختیار کرنے سے منع کیا ہے ۔ارشاد نبوی ہے من تشبه بقوم فهو منهم(سنن ابو داؤد) ’’جس نے کسی کی مشابہت اختیار کی وہ انہی میں سے ہے ‘‘ایک اور حدیث میں نبی کریم ﷺ نے مخنث مردوں پر اور اسی طرح مرد بننے والی عورتوں پر بھی لعنت کی ہے۔اس لیے صنف مخالف کی مشابہت حرام اورممنوع کام ہے ۔اس کی روک تھام کےلیے اسلامی حکومت او رمسلمان شہروں کےسربراہوں،امیروں،عاملوں اور کوتوالوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ماتحت علاقوں اورلوگوں میں دین کی تعلیمات عام کریں ،انہیں ممنوعات اور منکرات سے روکیں اور معروف کاموں کی تلقین کریں۔ مسلمان امراء کو چاہیے کہ مصنوعات تیارکرنے والی کمپنیوں پر یہ پابندی عائدکریں کہ وہ لڑکیوں اور لڑکوں کے لیے الگ الگ شرعی احکام کے مطابق اشیاء تیار کریں۔اگر پھربھی باز نہ آئیں تو پھر انہیں سزادیں جو رسول اللہ ﷺ نے صنف مخالف کی مشابہت اختیار کرنے والے مردوں کودی ۔سیدنا ابو ھریرہ سے روایت ہے کہ نبیﷺکے پاس ایک مخنث کو لایاگیا جس نے ہاتھ پاؤں پر میں مہندی لگائی ہوئی تھی ۔ رسول اللہ ﷺ نے اسے دیکھ کر فرمایا : یہ ایسا کیو ں کرتا ہے ۔صحابہ کرام نے عرض کیا: یہ عورتوں کی مشابہت کرتا ہے ۔ آپ ﷺ نے اسے نقیع(چراہ گاہ) کی طرف بگا دینے کا حکم دیا ۔ اور اسی طرح صحابہ کرام کے دورِ خلافت میں میں بھی عورتوں کی نقالی کرنے والے مردوں کو یہی سزا دی جاتی رہی ۔زیر نظر کتابچہ ’’ صنف مخالف کی مشابہت ایک مہلک بیماری ‘‘محترمہ ام عبد منیب صاحبہ کا مرتب شد ہ ہے۔جس میں انہوں نے صنف مخالف کی مشابہت اختیار کرنے کی شرعی حیثیت اور اس کے مہلک نتائج واثرات کو پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان امور کو بھی ذکر کیا ہے جن کی مشابہت سے ایک مسلمان کو گریز کرنا چاہیے۔۔ محترمہ ام عبد منیب صاحبہ نے اصلاحی موضوعا ت پر بیسیوں کتابچہ جات تحریر کیے ہیں جن میں سے بعض تو کتاب وسنت ویب سائٹ پر موجود ہیں باقی بھی عنقریب اپلوڈ کردئیے جائیں گے۔ محتر م عبد منیب صاحب (مدیر مشربہ علم وحکمت،لاہور) نے اپنے ادارے کی تقریبا تمام مطبوعات ویب سائٹ کے لیے ہدیۃً عنایت کی ہیں اللہ تعالی اصلاح معاشرہ کے لیے ان کی تمام مساعی کو قبول فرمائے (آمین) (م۔ا)
شادی کی رسومات دعوتیں اور ان میں شرکت
Authors: ام عبد منیب
In Knowledge
شادی ایک سماجی تقریب ہے جو دنیا کے ہر مذہب ہر خطے اور ہر قوم میں جاری وساری ہے کیونکہ اس کا تعلق زندگی کی بقا اور تسلسل کے اس مخصوص عمل سے ہے جسے چھوڑ دینے سے نسلِ انسانی ہی منقطع ہوکررہ جائے گی۔اسکی اہمیت کےپیش نظر ہر قوم اور ہر مذہب نے اس کے لیے اپنے اپنے معاشرتی اور مذہبی پس منظر میں طریقے وضع کر رکھے ہیں ۔یہ طریقے بہت سی رسومات کا مجموعہ ہیں۔ان رسومات کے بعض پہلویا تو انتہائی شرم ناک ہیں یا اہل معاشرہ اور شادی کرانے والے شخص اوراس کے متعلقین کے لیے مالی اور جسمانی تکلف اور تکلیف کاباعث ہیں۔دین اسلام میں بھی شادی کوایک اہم معاشرتی تقریب کی حیثیت حاصل ہے ۔تقریب نکاح کاطریقہ اس قدر آسان ہونے کے باوجود ہمارے موجودہ معاشرے میں اسے ایک مشکل ترین تقریب بنادیاگیا ہے ۔بات طے کرنے سےلے کر قدم قدم پر ایسی رسومات ادا کی جاتی ہیں جن میں مال خرچ بھی ہوتا ہے اور متعلقین کوبھی بار بار مال اور وقت خرچ کر کے ان رسومات میں شریک کیا جاتا ہے ۔ ان رسومات پر ایک طائرانہ نظر رڈالنے سے یہ پتہ چلتا ہے کہ ان میں سے اکثر کاتعلق ہندو مذہب کی شادی کی رسومات سے ہے ۔اور کچھ لوازمات مغربی معاشرے کے بھی شامل کر لیے گیے ہیں۔زیر نظر کتابچہ ’’شادی کی رسومات ‘‘ اصلاح معاشرہ کے سلسلے میں محترمہ ام عبد منیب صاحبہ کی کاوش ہے جس میں انہوں شادی بیاہ کا مسنون طریقہ بیان کرنے کے بعد اس موقع پر ناجائز رسومات اور ہندوانہ رسوم ورواج اور خرافات کو عام فہم انداز میں پیش کیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ محترمہ کی اس کاوش کو اہل اسلام کےلیے فائد مند بنائے (آمین) (م۔ا)
رحمۃ اللعالمین ﷺ کی جانوروں پر شفقت
Authors: ام عبد منیب
ہمارے پیارے نبیﷺ کی آمد سے قبل عرب کےلوگ بڑے جاہل تھے ۔ وہ بہت سے ایسے کام کرتے جو کھلم کھلا ظلم تھے جانوروں پر بھی وہ طرح طرح کے ظلم کرتے تھے ۔ ان ہی مظالم میں سے ایک یہ تھا کہ جب وہ سفر کرتے راستے میں کھانے کا سامان ختم ہو جاتا تو زندہ جانور کے جسم سے گوشت کاٹ کر کچابھون کر کھاجاتےاوراسی اگر سفر کےدوران پانی نہ ملتا تویہ لوگ اونٹ کا کوہان چیر کر اس میں سے پانی نکال کرپی جاتے اور بھی اس طرح کے کئی ظلم جانوروں پر کرتے ۔ لیکن جب رحمت کائنات نبی کریم ﷺکی آمد ہوئی تو آپ ﷺ نے جانوروں کے معاملے میں لوگوں کوسمجھایا ،انہیں ہدایات دی اور ان بے زبانوں پر ظلم کاسلسلہ بندکروایا ۔اس طر ح آپ کی ذات گرامی جانوروں کے لیے بھی رحمت بن کر آئی۔اس لیے جانوروں پرترس کھانا، ان کی خوراک کاخیال رکھنا ،خصوصا بھوک میں ان کو کھلانا پلانا، ان کوتنگ کرنےسے باز رہنا،ان کی طاقت کے مطابق ان پر بوجھ لادنا،زخمی یا بیمار ہونے کی صورت میں انہیں آرام دلانا ایک مسلمان پر فرض ہے ۔اور پیار ے نبی ﷺ کی سنت بھی ۔زیر نظر کتاب ’’ر حمۃ اللعالمین کی جانوروں پر شفقت‘‘ محترمہ ام عبد منیب صاحبہ کی تالیف ہے جس میں انہوں نے نبی ﷺکی آمدسے قبل عرب کے جانوروں پر مظالم کاذکر کرتے ہوئے نبی ﷺکی جانوروں کے متعلق شفقت ورحمت اور ان کے ساتھ حسنِ معاملہ اور دیگر احکامات کو سیرت نبویہ اور احادیث کی روشنی میں بڑے احسن انداز سےں بیان کیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ محترمہ کی اس کاوش کو شرف قبولیت سے نوازے (آمین) (م۔ا)
قیام اللیل اور مروجہ شب بیداریاں
Authors: ام عبد منیب
قیام اللیل کا مطلب عشاء کی نمازِ فرض کے علاوہ رات کے کسی حصے میں اٹھ کر نماز ادا کرنا ہے ۔یہ ایک شرعی اصطلاح ہے اس عبادت کا غالب حصہ نمازتہجد سے ہے ۔ لہٰذا تہجد اور قیام اللیل دونوں نام ایک دوسرے کے مترادف کےطور پر قرآن وحدیث میں استعمال ہوئے ہیں۔اور رمضان کی راتوں کا یہی وہ قیام ہے جسے تراویح بھی کہا جاتاہے ۔نبی کریم ﷺ نے رمضان البارک میں قیام کرنے کی بڑی فضیلت بیان کی ہے ۔ ارشا د نبوی ہے : «مَنْ قَامَ رَمَضَانَ إِيمَانًا وَاحْتِسَابًا، غُفِرَ لَهُ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِهِ»لیکن دور حاضر میں قیام اللیل جیسی عظیم نفلی عبادت کو شب بیداریوں کی رنگا رنگ اقسام اختیار کرکے اسے رواجی چیزوں کی گرد سےدھندلا دیاگیا ہے ۔زیر نظر کتابچہ ’’ قیام اللیل اور مروجہ شب بیداریاں‘‘ میں محترمہ ام عبدمنیب صاحبہ نے کوشش کی ہے کہ قیام اللیل کو کتاب وسنت کی روشنی میں واضح کیاجائے اور رواجی چیزوں کی گرد کوالگ کرکے یہ دکھایا اور بتایا جائے کہ اس وقت کی مروجہ شب بیداریوں میں قرآن وسنت کے مطابق کیا ہے اور کیااس کے مطابق نہیں ہے۔تاکہ خلوص اور زندہ جذبے کے ساتھ اس عبادت کوادا کرنے والے لاعلمی میں غلط کو صحیح سمجھنے کی غلطی کر رہے ہیں تو اس سے بچ کر قیام اللیل کے مقاصد ،منافع اور فوائد کوسمیٹ سکیں۔اللہ تعالیٰ محترمہ کی اس کاوش کو عوام الناس کےلیے نفع بخش بنائے (آمین)(م۔ا)
مطلقہ خواتین اور ان کے مسائل
Authors: ام عبد منیب
انسانی زندگی میں ظروف ،حالات اورمزاج کے لحاظ سے کبھی یو ں بھی ہوتا ہے کہ میاں بیوی کا باہم نباہ ناممکن ہو جاتا ہے او ردونوں کے لیے باہم مل کر زندگی کی گاڑی چلانا ایک ناگوار اورانتہائی دہ صورت اختیار کر جاتا ہے ۔ ایسے مرحلے میں اسلام یہ اجازت دیتا ہے کہ برے دل بے تعلق اور کھوٹی نیت کے ساتھ باہم جڑے رہنے اور زندگی کے جائز وحقیقی لطف کےحاصل کرنے اور حقوق وفرائض کودل جمعی سےادا کرنے کے اجروثواب سےمحرومی کی بجائے علیحدگی اختیار کرلیں۔لیکن جس طر ح گھر کے معاملات کا سربراہ مرد کو بنایا گیا ہے اسی طرح طلاق کی گرہ بھی مرد کے ہاتھ رکھی گئی ہے ۔ طلاق کے بعد عورت نے واپس اسی گھر آنا ہوتا ہے جہاں سےوہ نکاح کےوقت رخصت کی گئی تھی تو اس کو مختلف مسائل کاسامنا کرنا پڑتا ہے ۔مطلقہ کا بہترین حل تواس کا نکاح ہی ہے لہٰذا اس کے رشتہ داروں اور سہیلیوں کےذریعے اسے کسی مناسب جگہ پر نکاح کےلیے آمادہ کرلینا ہی بہتر ہے ۔ اگر ایسانہ ہوسکے تو عورت کے اولیا کوچاہیے کہ اس خاتون کےلیے ایسی رہائش کا انتظام کریں جو اس کے لیے الگ گھر کے تصور کو پورا کرتی ہو۔کیونکہ الگ گھر ہر عورت کی فطری خواہش ہوتی ہے ۔اگر بے سہارا یا مطلقہ خواتین دوسرا نکاح نہ کریں یا اولاد نہ ہو تو اس صورت میں انہیں چاہئے کہ اپنے لیے کوئی تبلیغی ،تعلیمی یا اسلام کی حدود میں رہتے ہوئے رفاہی کام شروع کردیں ۔اور اسی طرح ایسی خواتین اپنے خاندان کےبچوں کو اپنے زیر تربیت رکھ کر اجر بھی کما سکتی ہیں اور یہ بہترین مصروفیت ہے جس میں دنیا اور آخرت دونوں کی بھلائی مضمر ہے ۔یادر ہے بچےکو گود لے کر اس کا نسب بدل دینا گناہ ہے لیکن گھر میں رکھ کر اس کی تربیت کرنا اسلامی معاشرے کی جانی پہچانی نیکی ہے ۔ زیر نظر کتاب ’’ مطلقہ خواتین اوران کے مسائل‘‘محترمہ ام عبد منیب صاحبہ کی کاوش ہے۔جس میں انہوں نے طلاق کی شرعی حیثیت اور اس کے احکام ومسائل قرآن واحادیث میں بیان کرنے کےساتھ مطلقہ اور بے سہارا خواتین کواچھی زندگی بسر کرنے کےلیے مفید تجاویز اور ہدایات پیش کی ہیں ۔ اللہ تعالی ٰ ان کی تمام دینی واصلاحی خدمات کو قبول فرمائے ۔( آمین)۔ محترمہ ام عبد منیب صاحبہ نے اصلاحی موضوعا ت پر بیسیوں کتابچہ جات تحریر کیے ہیں جن میں سے بعض تو کتاب وسنت ویب سائٹ پر موجود ہیں باقی بھی عنقریب اپلوڈ کردئیے جائیں گے۔ محترم عبد منیب صاحب (مدیر مشربہ علم وحکمت،لاہور) نے اپنے ادارے کی تقریبا تمام مطبوعات ویب سائٹ کے لیے ہدیۃً عنایت کی ہیں اللہ تعالی اصلاح معاشرہ کے لیے ان کی تمام مساعی کو قبول فرمائے (آمین) (م۔ا)