اسلامی عقائد میں سے ایک بنیادی عقیدہ حیات مسیح کا ہے کہ سیدنا مسیح زندہ آسمانوں پر اٹھا لیے گئے اور قربِ قیامت دوبارہ نزول فرمائیں گے ۔ یہ عقیدہ قرآن مجید اور صحیح احادیث سے ثابت ہے اوراس پر امت مسلمہ کا اجماع بھی ہے ۔لیکن مرزا غلام احمد قادیانی نےاپنی جھوٹی نبوت کی بنیاد اس عقیدہ پر رکھی کہ مسیح انتقال کرچکے ہیں او ر اب میں ہی وہ مسیح موعود ہوں جس کے آنے کا وعدہ کیا گیا ہے ۔ قادیانیت کے یومِ پیدائش سے لے کر آج تک اسلام اور قادیانیت میں جنگ جار ی ہے ۔ اہل علم نے قادیانیوں کا ہر میدان میں تعاقب کیا تحریر و تقریر ، سیاست و قانون اور عدالت غرض کہ ہر میدان میں انہیں شکستِ فاش دی ۔مولانا خاور رشید بٹ ﷾ (انچار ج شعبہ تقابل ادیان وسیرت سیکشن ادارہ حقوق الناس ویلفیئر فاؤنڈیشن ،لاہور )کی زیر نظر کتاب بعنوان ’’ حیات عیسی کے متعلق مرزائی شبہات کا ازلہ ‘‘بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ مولانا خاور شید صاحب نے اس کتاب میں وفات مسیح کے متعلق قادیانیوں کی طرف سے عام کیے گئے دو بروشر کا دلائل سے ردّ پیش کیا ہے ۔اللہ تعالیٰ فاضل مصنف کی دعوتی وتدریسی، تحقیقی وتصنیفی خدمات کو شرفِ قبولیت سے نوازے۔آمین ( م۔ا)