Al Noor Softs

( Joined ایک سال قبل )

"My Main mission is that to promote the love of our beloved Holy prophet Muhammad SAW ".

Books by Al Noor Softs

2,840 Books found
عصر حاضر اور اسلام کا نظام قانون

Authors: ڈاکٹر محمد امین

In Worship and matters

By Al Noor Softs

جب کوئی معاشرہ مذہب کو اپنے قانون کا ماخذ بنا لیتا ہے تو اس کے نتیجے میں علم فقہ وجود پذیر ہوتا ہے۔ علم فقہ، دین کے بنیادی ماخذوں سے حاصل شدہ قوانین کے ذخیرے کا نام ہے۔ چونکہ دین اسلام میں قانون کا ماخذ قرآن مجید اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی سنت ہے اس وجہ سے تمام قوانین انہی سے اخذ کیے جاتے ہیں۔ جب قرآن و سنت کی بنیاد پر قانون سازی کا عمل شروع کیا جائے تو اس کے نتیجے میں متعدد سوالات پیدا ہو جاتے ہیں۔قرآن مجید کو کیسے سمجھا جائے؟قرآن مجید کو سمجھنے کے لئے کس کس چیز کی ضرورت ہے؟ سنت کو سمجھنے کے لئے کس کس چیز کی ضرورت ہے؟ سنت کہاں سے اخذ کی جائے گی وغیرہ وغیرہ۔ ان سوالوں کا جواب دینے کے لئے جو فن وجود پذیر ہوتا ہے، اسے اصول فقہ کہا جاتا ہے۔اور تمام قدیم مسالک (احناف،شوافع،حنابلہ اور مالکیہ)نے قرآن وسنت سے احکام شرعیہ مستنبط کرنے کے لئے اپنے اپنے اصول وضع کئے ہیں۔بعض اصول تو تمام مکاتب فکر میں متفق علیہ ہیں جبکہ بعض میں اختلاف بھی پایا جاتا ہے۔ زیر تبصرہ کتاب " عصر حاضر اور اسلام کا نظام قانون " محترم ڈاکٹر محمد امین صاحب کی تصنیف ہے۔جس میں فقہ اسلامی،علم اصول فقہ،فقہ اسلامی کے امتیازی خصائص،اہم فقہی علوم اور مضامین ایک تعارف،تدوین فقہ اور مناہج فقہاء،اسلامی قانون کے بنیادی تصورات،مقاصد شریعت اور اجتہاد،اسلام کا دستوری اور انتظامی قانون،اسلام کا قانون جرم وسزا،اسلام کا قانون تجارت ومالیات،مسلمانوں کا بے مثال فقہی ذخیرہ ایک جائزہ،اور فقہ اسلامی دور جدید میں جیسے عنوانات جمع ہیں۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور پاکستاب میں اسلامی قانون کا نفاذ فرمائے۔آمین(راسخ)

اسلام اور تزکیہ نفس مغربی نفسیات کے ساتھ تقابلی مطالعہ

Authors: ڈاکٹر محمد امین

In Worship and matters

By Al Noor Softs

تزکیۂ نفس ایک قرآنی اصطلاح ہے ۔اسلامی شریعت کی اصطلاح میں تزکیہ کا مطلب ہے اپنے نفس کوان ممنوع معیوب اور مکروہ امور سے پاک صاف رکھنا جنہیں قرآن وسنت میں ممنوع معیوب اورمکروہ کہا گیا ہے۔گویا نفس کو گناہ اور عیب دارکاموں کی آلودگی سے پاک صاف کرلینا اور اسے قرآن وسنت کی روشنی میں محمود ومحبوب اور خوب صورت خیالات وامور سے آراستہ رکھنا ہے۔اللہ تعالیٰ نے انبیاء کو جن اہم امور کےلیے بھیجا ان میں سے ایک تزکیہ نفس بھی ہے جیسا کہ نبی اکرم ﷺ کے متعلق ارشاد باری تعالیٰ ہے : هُوَ الَّذِي بَعَثَ فِي الْأُمِّيِّينَ رَسُولًا مِنْهُمْ يَتْلُو عَلَيْهِمْ آيَاتِهِ وَيُزَكِّيهِمْ وَيُعَلِّمُهُمُ الْكِتَابَ وَالْحِكْمَةَ‘‘اس آیت سے معلوم ہوتاہےکہ رسول اکرم ﷺ پر نوع انسانی کی اصلاح کےحوالے جو اہم ذمہ داری ڈالی گئی اس کےچار پہلو ہیں ۔تلاوت آیات،تعلیم کتاب،تعلیم حکمت،تزکیہ انسانی۔ قرآن مجید میں یہی مضمون چار مختلف مقامات پر آیا ہے جن میں ترتیب مختلف ہے لیکن ذمہ داریاں یہی دہرائی گئی ہیں۔ان آیات سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ تلاوت آیات اورتعلیم کتاب وحکمت کا منطقی نتیجہ تزکیہ ہے۔تزکیہ نفس کے حصول کےلیے قرآن وحدیث میں وارد بہت سے امور کااختیار کرنا اور بہت سےامور کا ترک کرنا ضروری ہے۔ زیر تبصرہ کتاب’’ اسلام اور تزکیہ نفس‘‘ در اصل ڈاکٹر محمد امین (مدیر البرہان ،لاہور )کے پی ایچ ڈی کے مقالہ کی کتابی صورت ہے جس میں تزکیۂ نفس کے اسلامی تصور اور مغربی نفسیات کا تقابلی جائزہ پیش کیاگیا ہے ۔ڈاکٹر امین صاحب کی یہ کتاب مذہب اور نفسیات کے حوالے سے ایک معتبر اورسائنٹفک سوچ کا امتزاج ہے ۔یہ کتاب تعمیر سیرت میں تزکیہ نفس کاکردار ، نفسیات میں مذہبی رنگ یا مذہب میں نفسیات کے حوالے سے تعمیر شخصیت میں تزکیہ نفس کی ہر پہلو اور افادیت کو عام فہم زبان میں گیرائی اور گہرائی کےساتھ خوبصورت انداز میں بیان کرتی ہے۔انسان ، شخصیت ، نفس ، روح اور قلب کی بڑی اچھی طرح وضاحت کی گئی ہے ۔ مصنف موصوف نے تزکیہ نفس کی اہمیت ، قرآن وحدیث اور مسلمان مفکرین کےحوالے سے بتاتے ہوئے مغربی نفسیات کا بھی بھر پور انداز میں تذکرہ کیا ہے۔(م۔ا)

شاتم رسول کو مارنے والے کی سزا کا شرعی حکم ممتاز قادری کیس کے تناظر میں

Authors: ڈاکٹر محمد امین

In Worship and matters

By Al Noor Softs

نبی کریمﷺکی عزت، عفت، عظمت اور حرمت اہل ایمان کاجزوِلاینفک ہے اور حب ِرسولﷺایمانیات میں سے ہے اور آپ کی شانِ مبارک پر حملہ اسلام پر حملہ ہے۔عصر حاضر میں کفار ومشرکین کی جانب سے نبوت ورسالت پر جو رکیک اور ناروا حملے کئےجارہے ہیں، دراصل یہ ان کی شکست خوردگی اور تباہی و بربادی کے ایام ہیں۔گستاخ رسول کی سزا ئے موت ایک ایسا بین امر ہے کہ جس کے ثبوت کے لئے قرآن و حدیث میں بے شمار دلائل موجود ہیں۔ نبی کریم ﷺ کی عظمت و توقیر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جزو ہے اور علمائے اسلام دور صحابہ سے لے کر آج تک اس بات پر متفق رہے ہیں کہ آپ ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کرنیوالا آخرت میں سخت عذاب کا سامنا کرنے کے علاوہ اس دنیا میں بھی گردن زدنی ہے۔ خود نبی رحمت ﷺ نے اپنے اور اسلام کے بے شمار دشمنوں کو (خصوصا فتح مکہ کے موقع پر)معاف فرمادینے کیساتھ ساتھ ان چند بدبختوں کے بارے میں جو نظم و نثر میں آپ ﷺ کی ہجو اور گستاخی کیا کرتے تھے، فرمایا تھا کہ:اگر وہ کعبہ کے پردوں سے چمٹے ہوئے بھی ملیں تو انہیں واصل جہنم کیا جائے۔اور گستاخ رسول کو قتل کرنے والے کو شرعا کوئی سزا نہیں دی جائے گی۔لیکن افسوس کہ اسلام کے نام پر حاصل کئے جانے والے ملک پاکستان کی عدالتیں توہین رسالت کے معاملے پر کوتاہی اور غیر شرعی فیصلے صادر کر رہی ہیں۔ زیر تبصرہ کتابچہ"شاتم رسول کو مارنے والے کی سزا کا شرعی حکم، ممتاز قادری کیس کے تناطر میں"محترم ڈاکٹر محمد امین صاحب کی تصنیف ہے جس میں انہوں نے ممتاز قادری کیس کے حوالے سے پاکستانی عدالتوں سے صادر ہونے والے غیر شرعی فیصلوں کے اسباب کا جائزہ لیا ہے اور ممتاز قادری کا بھرپور دفاع کیا ہے۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس محنت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے آمین(راسخ)

مغرب کا زوال اور مسلم نشاۃ ثانیہ کے روشن امکانات

Authors: ڈاکٹر محمد امین

In Faith and belief

By Al Noor Softs

امت مسلمہ تاریخ کے ہر دور میں دشمنان اسلام کا ہدف بنی رہی ، دشمن اس پر مسلسل یلغار کرتا رہا اور اس کی اینٹ سے اینٹ بجا دینے پر تلا رہا ، تاریخ میں کئی مواقع ایسے آے کہ محسوس ہونے لگا کہ اب یہ امت زندگی کے افق سے غائب ہو جاے گی ، مگر ہر بار اس نے سنبھالا لیا اور تازہ دم ہو کر تمام تر جلوہ سامانیوں کے ساتھ نمودار ہوئی ، پچھلی دو تین صدیوں کے حالات کاجا ئزہ لیا جاتا ہے تو اس امت کے جسم سے مسلسل خون ٹپکتا ہوا نظر آتا ہے ، کبھی وہ بے حد کمزور ، نڈھال اور شکست و ریخت سے دو چار ہوتی نظر آتی ہے ، مگر یکا یک ہمتیں جٹاتی ہے اور افق عالم میں تازہ دم اور بلند عزائم و ارادوں سے مالا مال نمودار ہوتی ہے۔مگر تصویر کا ایک دوسرا رخ بھی ہے، جب ہم پچھلی دو صدیوں کے زوال وانحطاط، اور اپنی ذہنی وجسمانی غلامی کی تاریخ کا آج کی صورتحال سے موازنہ کرتے ہیں تو امت مسلمہ کی نشاۃ ثانیہ کے روشن امکانات نظر آنے لگتے ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب" مغرب کا زوال اور مسلم نشاۃ ثانیہ کے روشن امکانات "محترم ڈاکٹر محمد امین صاحب کی تصنیف ہے، جس میں انہوں نے مغرب کے زوال کی پیشین گوئی کرتے ہوئے امت مسلمہ کی نشاۃ ثانیہ کی طرف اشارہ کیا ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ مولف موصوف کی اس محنت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور تمام مسلمانوں کو متحد اور امت مسلمہ کی نشاۃ ثانیہ کی راہ کو ہموار فرمائے۔آمین(راسخ)

حکومت کا یکساں قومی نصاب قابل رد ہے ایک تجزیہ ایک مطالعہ

Authors: ڈاکٹر محمد امین

In Worship and matters

By Al Noor Softs

تحریک انصا ف کی حکومت نے اپنے دور حکومت میں یکساں نصاب تعلیم کا اعلان کیا ہے۔ اس کتاب کے مرتب ڈاکٹر محمد امین کے مطابق یہ نصاب اسلام او رنظریہ پاکستان کے بجائے ملحدانہ مغربی فکر و تہذیب کے بنیادی نظریے ہیومنزم پر مبنی ہےجو کفر و شرک ہے اور کوئی مسلمان اس کو تسلیم نہیں کر سکتا۔ اور اس کے خلاف بات کرنا اور لوگوں کو آگاہی فراہم کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ یہ کتاب ان مضامین کا مجوعہ ہے جو پروفیسر ملک محمد حسین صاحب، ڈاکٹر محمد امین، مولانا زاہد الراشدی اور دوسرے بہت سے احباب نے پچھلے چند ماہ میں حکومت کے مجوزہ یکساں نصاب کے خلاف لکھے۔ اگر حکومت یکساں نصاب کے حوالے سے سنجیدہ ہے تو اس ضمن میں یہ پہلو پیش نظر رہنا چاہیے کہ اس کی بنیاد اسلام اور نظریہ پاکستان پر ہو۔(ع۔ا)

مدرسہ ڈسکورسز مطالعہ و تجزیہ

Authors: ڈاکٹر محمد امین

In Arguments

By Al Noor Softs

کچھ عرصہ قبل پاکستان میں مدرسہ ڈسکورسز کے نام سے ایک پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا۔ امریکہ کی سب سے بڑی کیتھولک یونیورسٹی نوٹرڈیم جو امریکی صوبے انڈیانا میں واقع ہے، دراصل اس پروگرام کی محرک ہے۔ اس یونیورسٹی کے ایک ذیلی ادارے کے پروفیسر ابراہیم موسیٰ جو اصلاً جنوبی افریقہ سے تعلق رکھتے ہیں، مدرسہ ڈسکورسز کے ذمہ دارے بنائے گئے ہیں۔ اس پروگرام کے دوسرے ذمہ دار پروفیسر ماہان مرزا ہیں۔ نوٹرڈیم یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر اس پروگرام کا تعارف کراتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ ’’اس پروگرام کا مقصد علماء کو پلورلزم، جدید سائنس اور جدید فلسفہ سے آراستہ کرنا ہے۔‘‘ اس کتاب میں مدرسہ ڈسکورسز سے متعلق لکھے جانے والے مختلف اہل قلم کے وقیع مضامین کو جمع کیا گیا ہے۔ جس میں ڈاکٹر محمد امین صاحب کے دو مضامین ’علماء کرام کے تساہل اور علمی کمزروی کی وجہ‘ اور ’مدرسہ ڈسکورسز کے حامی بالواسطہ تجدد کو فروغ دے رہے ہیں‘ شامل ہیں۔ ڈاکٹر صاحب کے نزدیک مدرسہ ڈسکورسز کے دانشور دین کے مسلمہ عقائد و مفاہیم کی تعبیر یوں کر رہے ہیں کہ وہ مغربی سیکولر فکر و تہذیب کے مطابق ہو، کیونکہ جمہور اہل سنت کے افکار ان کے نزدیک غلط اور جمود زدہ ہیں۔ اسی موضوع پر لکھے جانے والے چند دیگر سکالرز کے مضامین کو بھی شامل کتاب کیا گیا ہے۔ (ع۔ا)

اسلام اور رد مغرب

Authors: ڈاکٹر محمد امین

In Worship and matters

By Al Noor Softs

اسلام اورمغربی تہذیب کی کشمکش صدیوں سے جاری ہے۔ مغربی تہذیب کو اپنانے کے حوالے سے عالم اسلام میں تین مختلف مکاتب فکرپائے جاتے ہیں۔بعض نے مغربی تہذیب کومکمل طور پر اپنا طر زِ حیات بنالیا،توبعض نے درمیانی راہ نکال کر اس سےایک طرزِ مفاہمت پیدا کرلی۔صرف چند صاحب کرداراور باحمیت کردار ایسے ہیں، جنہوں نے کامل بصیرت اور گہرےادراک کے ساتھ اس تہذیب کاپُرزور ردّ کر کے مخالفین کے منہ بند کر دئیے۔ مغربی تہذیب کا ردّ کرنے والوں میں ڈاکٹر محمد امین صاحب کی کاوش لائق تحسین ہے ۔ زیر نظر کتاب’’اسلام اور ردّمغرب ‘‘ مولانا ڈاکٹر محمد امین صاحب (مدیر ماہنامہ البرہان ،لاہور ؛ ناظم اعلیٰ ملی مجلس شرعی ،پاکسان ) کی تصنیف ہے جوکہ تین ابواب پر مشتمل ہے جن کےعنوانات حسب ِذیل ہیں ۔باب اول: مغربی تہذیب کے قابل ردّ ہونے کے شرعی وعقلی دلائل ،باب دوم :ردّ مغربی تہذیب کے موقف پر اشکلات واعتراضات کاجائزہ،باب سوم: ردّ مغربی فکر وتہذیب کےتقاضے۔فاضل مصنف نے اس کتاب میں دلائل سے اس با ت کو خوب واضح کیا ہے کہ مغربی تہذیب خلافِ اسلام ہے اور اس کاردّ شرعاً واجب ہے اور اس کا ہماری دنیا اور آخرت سے گہرا تعلق ہے ۔ڈاکٹر صاحب اس کتاب سے قبل بھی اسلام اور مغربی تہذیب کے حوالے سے دو کتابیں(اسلام اور تہذیب مغرب کی کشمکش ،اسلام اور مغربی فکر وتہذیب میں تصورات واصطلاحات کا تقابلی مطالعہ )‘‘ پیش کرچکے ہیں ڈاکٹر آمین صاحب کتاب ہذا کے علاوہ تقریبا بیس کے قریب تعلیمی وفکری کتب کے مصنف ہیں۔ موصوف کے ادارہ محدث ،جامعہ لاہور الاسلامیہ،لاہور کے بانی ڈاکٹر حافظ عبد الرحمٰن مدنی ﷾ اور ان کے صاحبزدگان سے درینہ تعلقات ہیں ۔ڈاکٹر صاحب نے اپنی تصنیفات کتاب وسنت سائٹ پر پبلش کرنے کے لیے خود عنائت کی ہیں اللہ تعالیٰ ان کی تدریسی ، تحقیقی وتصنیفی اور صحافتی خدمات کو قبول فرمائے اور انہیں امن وسلامتی ، صحت وعافیت والی لمبی زندگی دے ۔آمین( م۔ا)

اسلامی علوم میں تحقیق اصول ترجیحات اور معیار

Authors: ڈاکٹر محمد امین

In Worship and matters

By Al Noor Softs

دور ِحاضر میں اصول تحقیق ایک فن سے ترقی کرتاہوا ایک اہم علم کی صورت اختیار کرچکا ہے ۔ عالمِ اسلام کی تمام یونیورسٹیوں ، علمی اداروں ، مدارس اور کلیات میں تمام علوم پر تحقیق زور شور سے جاری ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اصول تحقیق کا مادہ تمام عالمِ اسلام کی یونیورسٹیوں میں عموماً ا ور برصغیر کی جامعات اور متعدد اداروں میں خصوصاً نصاب کے طور پر پڑھایا جاتا ہے ۔ان تمام اداروں میں بھی جہاں گریجویٹ اوراس کے بعد کی کلاسوں میں مقالہ لکھوایا جاتا ہے یا ایم فل وڈاکٹریٹ کی باقاعدہ کلاسیں ہوتی ہیں وہاں تحقیق نگاری یا اصول تحقیق کی بھی باقاعدہ تدریس ہوتی ہے تحقیق واصول تحقیق پر متعدد کتب موجود ہیں ۔ زیر نظر کتاب’’اسلام علوم میں تحقیق‘‘ وطن عزیز کی معروف شخصیت ڈاکٹر محمد امین کی مرتب شدہ ہے فاضل مرتب نے اس کتاب میں معروف شخصیات(سیدابوالاعلیٰ مودودی،ڈاکٹرنجات اللہ صدیقی،ڈاکٹر رفیع الدین،ڈاکٹر محمدالغزالی ) وغیرہ کی اسلامی علوم میں تحقیق کے ا صول، ترجیحات اور معیار سےمتعلق تحریروں کو تین ابواب میں مرتب کردیا ہے۔ (م۔ا)

ٹرانس جینڈر قانون اس کی حقیقت اور شرعی حیثیت

Authors: ڈاکٹر محمد امین

In Knowledge

By Al Noor Softs

ٹرانس جینڈر انگریزی زبان کے دو کلمات trans اور gender کا مجموعہ ہے، ٹرانس trans کا معنی ہے تبدیل کرنا اور gender سے مراد ہے جنس، گویا ٹرانس جینڈر پرسن، transgender person سےوہ مرد یا عورت مراد ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے مرد یا عورت پیدا کیالیکن وہ اللہ کے فیصلے پر ناخوش ہیں اور اپنی پیدائشی جنس تبدیل کرکے مرد سے عورت یا عورت سے مرد بننا چاہتے ہیں. ان میں سے بعض ہارمون تھراپی یا سرجری وغیرہ کروا جسمانی خد وخال بدل لیتے ہیں اور بعض اپنی طرز گفتگو، لباس، عادات وغیرہ تبدیل کرکے اپنی پسند کے مطابق جنس کا اظہارgender expression کرتے ہیں. پاکستانی پارلیمنٹ نے 2018 میں خواجہ سرا اور خُنثی کی آڑ میں اس غیر انسانی رویے کو قانونی تحفظ فراہم کرتے ہوئے transgender persons Right protection act منظور کیا ہے . جوکہ سراسر غیر اسلامی، اور غیر انسانی ہے ایکٹ ہے۔ زیر نظر کتاب’’ ٹرانس جینڈر قانون اس کی حقیقت اور شرعی حیثیت‘‘ پروفیسر ڈاکٹر محمد امین صاحب (جنرل سیکریٹری ملی مجلس شرعی پاکستان،مدیر ماہنامہ البرہان ،لاہور ) کی مرتب شدہ ہے جوکہ چودہ فصلوں پر مشتمل ہے ۔یہ کتاب ٹرانس جینڈر سے متعلق ان مضامین کا مجموعہ ہے جو 15دسمبر 2022ء تک دینی جرائد، اخبارات اورسوشل میڈیا میں شائع ہوئے ۔فاضل مرتب نے اس کتاب میں ٹرانس جینڈر ایکٹ کے بارے میں علماء کرا م ، اسلامی سکالرز، صحافیوں اور اہل دانش، قانونی ماہرین اور طبی معالجین کا موقف پیش کیا ہے بطور معلومات اس کتاب میں اس قانون کی حمایت کرنے والوں کا موقف بھی دیا دیا ہے اور دینی مدارس کے فتاویٰ جات، دینی تنظیموں کی قرار دادیں،اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے ، سپریم کورٹ کے فیصلے، وفاقی شرعی عدالت کی کاروائی اور صوبائی اسمبلیوں میں پیش کی جانے والی قراردادیں اور سینٹ وقومی اسمبلی کی کاروائیوں کا بھی ذکر کردیا ہے۔(م۔ا)