Al Noor Softs

( Joined ایک سال قبل )

"My Main mission is that to promote the love of our beloved Holy prophet Muhammad SAW ".

Books by Al Noor Softs

2,840 Books found
جدید اقتصادی مسائل شریعت کی نظر میں

Authors: مختلف اہل علم

In Hadith & science of hadith

By Al Noor Softs

دور جدید کا انسان جن سیاسی ،معاشرتی اور معاشی مسائل سے دوچار ہے اس پر زمانے کا ہر نقش فریادی ہے۔آج انسان اس رہنمائی کا شدید حاجت مند ہے کہ اسے بتلایا جائے ۔اسلام زندگی کے ان مسائل کا کیا حل پیش کرتا ہے۔ زندگی کے مختلف شعبوں میں اس کا وہ نقطہ اعتدال کیا ہے؟جس کی بناء پر وہ سیاسی ،معاشی اور معاشرتی دائرے میں استحکام اور سکون واطمینان سے انسان کو بہرہ ور کرتا ہے ۔اس وقت دنیا میں دو معاشی نظام اپنی مصنوعی اور غیر فطری بیساکھیوں کے سہارے چل رہے ہیں۔ایک مغرب کا سرمایہ داری نظام ہے ،جس پر آج کل انحطاط واضطراب کا رعشہ طاری ہے۔دوسرا مشرق کا اشتراکی نظام ہے، جو تمام کی مشترکہ ملکیت کا علمبردار ہے۔ایک مادہ پرستی میں جنون کی حد تک تمام انسانی اور اخلاقی قدروں کو پھلانگ چکا ہے تو دوسرا معاشرہ پرستی اور اجتماعی ملکیت کا دلدادہ ہے۔لیکن رحم دلی،انسان دوستی اور انسانی ہمدردی کی روح ان دونوں میں ہی مفقود ہے۔دونوں کا ہدف دنیوی مفاد اور مادی ترقی کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔اس کے برعکس اسلام ایک متوسط اور منصفانہ معاشی نظریہ پیش کرتا ہے،وہ سب سے پہلے دلوں میں خدا پرستی،انسان دوستی اور رحم دلی کے جذبات پیدا کرتا ہے۔عصر حاضر میں متعدد ایسے اقتصادی مسائل پیدا ہو چکے ہیں جن کے بارے میں شرعی راہنمائی کی اشد ضرورت تھی۔ زیر تبصرہ کتاب " جدید اقتصادی مسائل ، شریعت کی نظر میں"عالم اسلام کے جید علماء اور ماہرین معاشیات کی تحقیقات کا ماحصل ہے جو البرکہ انٹر نیشنل کے زیر اہتمام عالمی سیمینارز میں پیش کیا گیا۔یہ کتاب اپنے موضوع ایک انتہائی مفید اور شاندار کتاب ہے۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مقالات نگار اور مرتبین وناشرین کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

مسئلہ حیات عیسٰی ابن مریم علیہ السلام

Authors: مختلف اہل علم

In Worship and matters

By Al Noor Softs

امت مسلمہ مسئلہ حیات مسیح ؑ پر ہر دور میں متفق رہی ہے ۔لیکن مرزا قادیانی کے کچھ نفس پرستوں نے خود ساختہ عقلی دلائل کا سہارا لے کر مسئلہ حیات مسیح ؑ پر امت مسلمہ میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔اور الحمد اللہ ہمارے بزرگان دین اور علماءکرام نے ایسے فتنوں کا پوری طرح تعاقب کیااور ان کو کیفر کردار تک پہنچایا ہے۔قادیانیوں کا عقیدہ ہے کہ جب یہود نے عیسی ؑ کو صلیب دے کر قتل کرنے کی کوشش کی تو قرآن نے جو فرمایا کہ 'اللہ نےانہیں اپنی طرف بلند کردیا 'وہ حقیقت میں انہیں بلند نہیں کیا گیا تھا بلکہ انکے درجات بلند کردیے گئے تھے ، اس جگہ پر درجات کے بلند ی کا یہ فیدہ ہوا کہ صلیب پر وہ زندہ رہے اور یہود کو شبہ لگ گیا کہ وہ وفات پاچکے ہیں اور وہ انہیں چھوڑ کر چلے گئے، عیسی پھر کسی اور علاقہ میں چلے گئے وہاں تقریبا نصف صدی حیات رہے پھر طبعی وفات پائی اور انکی قبر کشمیر میں ہے۔یہی عقیدہ تھوڑی سی کمی پیشی کیساتھ غامدی صاحب کا بھی ہے ، یہ بھی ان قادیانیوں کی طرح وفات عیسی کا عقیدہ رکھتے ہیں لیکن کہانی تھوڑی سی مختلف بیان کرتے ہیں۔ غامدی صاحب فرماتے ہیں کہ عیسی ؑ کو صلیب کے قریب ہی موت دی گئی پھر انہیں کہیں دفن کرنے کے بجائے انکا جسم آسمان پر اٹھا لیا گیااور اب وہ دوبارہ نہیں آئیں گے۔ زیر تبصرہ کتاب" مسئلہ حیات عیسی بن مریم علیہ السلام"میں 24 کبار علماء کرام کے فتاوی کی روشنی میں مسئلہ حیات عیسی بن مریم کو ثابت کیا گیا ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مفتی علماء کرام اورمرتب کی اس محنت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

قرآنی وظائف

Authors: مختلف اہل علم

In Tafseer Zia Ul Quran

By Al Noor Softs

اللہ تعالیٰ اپنےکلام مجید میں جابجا اپنے بندوں کودربار الٰہی سے مانگنے کی ترغیب دلائی ہے اور ساتھ ہی انہیں اس کا سلیقہ اور ڈھنگ بھی سکھایا ہے۔ قرآن مجید میں انبیاء کرام ﷩ کے واقعات کے ضمن میں انبیاء﷩ کی دعاؤں او ران کے آداب کاتذکرہ ہوا ہے ۔ ان قرآنی دعاؤں سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ کے سب سے برگزیدہ بندے کن الفاظ سے کیا کیا آداب بجا لاکر کیا کیا مانگا کرتے تھے ۔ انبیاء﷩ کی دعاؤں کو جس خوبصورت انداز سے قرآن مجید نے پیش کیا ہے یہ اسلوب کسی آسمانی کتاب کے حصے میں بھی نہیں آیا ۔ ان دعاؤں میں ندرت کاایک پہلو یہ بھی ہے کہ ہر قسم کی ضرورت کے بہترین عملی اور واقعاتی نمونے بھی ہماری راہنمائی کے لیے فراہم کردیئے گئے ہیں ۔اللہ تعالیٰ نے انبیاء ان دعاؤں کو شرف قبولیت سے بھی نوازا۔ زیر تبصرہ کتاب’’ قرآنی وظائف‘‘ مکتبہ اسلامیہ ،لاہورکے مدیر جناب مولانا محمد سرور عاصم ﷾ کی نگرانی میں ان کے ادارے کے ریسرچ سکالرز نے مرتب کی ہے ۔اس کتاب میں دعا کی اہمیت ، فضیلت اورآداب کو ذکرکرنے کےبعد انبیاء﷩ کی دعاؤں کو درج کیا گیا ہے۔ ہمیں بھی اپنی زندگی میں ان کو یاد کرنے اور اللہ تعالیٰ کے حضور مانگنے کی عادت بنانی چاہیے۔اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے درکا سوالی بنائے رکھے اور دعا کےآداب کو ملحوظ رکھتے ہوئے دعا کرنے کی توفیق عطار فرمائے ۔(آمین)(م۔ا)

رہنمائے حجاج ضیوف الرحمن کی خدمت میں

Authors: مختلف اہل علم

In Worship and matters

By Al Noor Softs

حکومت ِسعودی عرب ہر سال لاکھوں کی تعداد میں باہر سے آنے والے حجاج اور لاکھوں داخلی حجاج کا اپنی مادی اور بشری قوتیں بروئے کار لاتے ہوئے استقبال کرتی ہے ۔اور اس سلسلے میں اپنی تمام ترمادی وبشری توانائیاں بروئے کار لاتی ہے کہ منظم انداز میں حجاج بیت اللہ کی خدمت کرسکے اور ان کی رہائش ونقل وحمل کو آسان بناسکے ،نیز دیگر سہولیات بھی ایک محدود وقت اور مخصوص جگہ میں مہیا کرسکے ۔اور اس مملکت سعودی عرب سے اللہ تعالیٰ کی مدد وتوفیق ہی کا نتیجہ ہے کہ یہ اتنے بڑے اجتماع کے معاملات چلاتی ہے جس کی مثال ساری دنیا میں ملنا مشکل ہے ۔ وزارت اسلامی امور واوقاف ودعوت وارشاد اس حکومتی ڈھانچہ کا حصہ ہے جو حج کےامور میں ہر سال شریک رہتاہے’’تربیت اسلامی برائے حج ‘‘ بھی اسی وزارت کی ذمہ دار ی ہے ۔اس لیے اس وزارت اوقاف کے تحت سیکڑوں مبلغین کو مکہ اور دیگر مقدس مقامات اور بری وبحری او رہوائی راستوں سے آنے والے حجاج کےکیمپوں میں متعین کیا جاتاہے۔ اور اسی طرح یہ وزارت ہی تمام میقاتوں کی جہاں پر حجاج احرام باندھتےہیں مسؤل ہے ۔اور یہی وزارت ان میقاتوں پر موجود مساجد کی ذمہ دار ہے۔ان جگہوں پر یہی مختلف طلبہ کو متعین کرتی ہے تاکہ وہ حجاج کرام کی دینی رہنمائی کرسکیں اور حجاج صحیح شرعی طریقے سے حج ادا کرسکیں اور حج کے احکام کے سلسلے میں ان سے مسائل بھی پوچھ سکیں ۔ زیر تبصرہ کتاب ’’رہنمائے حجاج ضیوف الرحمن کی خدمت میں ‘‘حکومت سعودی کی وزارت اطلاعات ونشریات کی طرف سے شائع کی گئی جس میں حجاج کرام کےلیے حج سے متعلق معلومات اوروزارت حج کے تفصیلی پروگرام اور اس کے دیگر وہ کام جو میقات اور منیٰ وعرفات میں وزارت سرانجام دیتی ہے۔انہیں اس کتاب میں درج کردیا ہے۔نیز سعوی عرب کے اہم مقامات اور میقات کاتعارف ، مناسک وحرمین کی توسیع کے تفصیلی معلومات بھی اس کتاب میں شامل کردی ہیں۔اللہ تعالیٰ سعودی عرب کے حکام کو صراط مستقیم پر قائم رکھے او ر اشاعت ِدین کےلیے ان کی خدمات کو قبول فرمائے (آمین) (م۔ا)

مجلہ صفدر فتنہ غامدی نمبر 1 ( جون 2015ء )

Authors: مختلف اہل علم

In Arguments

By Al Noor Softs

دورِ حاضر کے فتنوں میں ایک بڑا فتنہ منکرین حدیث کا ہے۔ مغرب کی چکا چوند سے متاثر ، وضع قطع میں اسلامی شعائر سے عاری، نام نہاد روشن خیالی کے سپورٹر، دینی اصولوں میں جدت و ارتقاء کے نام پر تحریف کے قائل و فاعل ، دینی احکام کی عملی تعبیر کو انتہا پسندی اور دقیانوسیت قرار دینے والے، قرآن مجید کی آڑ میں احادیث رسول ﷺ کی تاویل و تحریف کے ساتھ استہزاء کرنے والے اس گروہ کے دور حاضر کے لیڈر جناب جاوید احمد غامدی صاحب ہیں۔ جو میڈیا کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے اپنے باطل افکار و نظریات کو خوب پھیلا رہے ہیں۔ جن میں معتزلہ کی طرح عقل انسانی کے بجائے فطرت انسانی کو کلی اختیارات عطا کرنا، دین اسلام کی تفہیم و تشریح میں انسانی فطرت و عربی محاورات یا دور جاہلیت کے اشعار کو بنیادی حیثیت دینا اور احادیث کو روایات کہہ کر ثانوی یا ثالثی حیثیت دے کر اوربسا اوقات قرآن سے متصادم کا لیبل چسپاں کر کے اسے پس پشت ڈال دینا، مسئلہ تحلیل و تحریم کو شریعت سے خارج کرنا، علاقائی رسومات کو تواتر عملی کا جامہ پہنا کر اسے دین بنا ڈالنا، قرآن کے نام پر مغرب کے تمام ملحدانہ افکار و نظریات کو امپورٹ کرنا ، سنت کی جدید تعریف کر کے اصطلاحات محدثین کو نشانہ ستم بنانا، قرات سبعہ کو فتنہ عجم بتانا وغیرہ وغیرہ۔رد فتنہ غامدیت کےسلسلے میں ماہنامہ محدث ،لاہور نے آغاز کیا ۔ محترم مولانا محمدرفیق چودہری صاحب نے مسلسل غامدیت کے رد میں علمی وتحقیقی مضمون لکھے جومحدث کےصفحات پر شائع ہوتے رہے بعدازاں ان مضامین کو چودہری صاحب نے اپنے ادارہ مکتبہ ’’قرآنیات‘‘ کی طرف سے کتابی صورت میں شائع کیا۔جسے اہل علم کے ہاں بڑا قبول عام حاصل ہوا ۔اور پھر اس کے بعد کئی اہل علم نے غامدیت کے رد میں مضامین وکتب تصنیف کیں حالیہ ایام میں مجلہ ماہنامہ ’’صفدر ‘‘ کی غامدیت کے رد میں جدوجہد بھی انتہائی لائق تحسین ہے۔ زیر تبصرہ مجلہ ماہنامہ کا صفدر کا ’’ فتنہ غامدی نمبر‘‘ ہے جسے ماہنامہ صفدر ک ذمہ داران نے بڑی محنت اور جدوجہد سے مرتب کر کے قارئین کے سامنے پیش کیا ہے ۔یہ فتنہ غامدی نمبر محض صفحات کاایک مجموعہ اورکاغذوں کاایک پلندہ نہیں ہے بلکہ بہت سے اہل علم کی دماغ سوزی ، بہت سے اہل دل کے درد دل اور بہت سےاہل محبت کی محبتوں کی مجسم صورت ہے ۔اور ملک بھر کے نامور قلمکار ،مضمون نگاران اور جید علماء کرام ،مفیانِ عظام کی قیمتی تحریروں کا بیش قیمت مجموعہ ہے ۔یہ خاص نمبر ٹی وی اور میڈیا کے شہرت یافتہ متجدد ،آزادخیالی کے داعی دورِ حاضر کے منکرِحدیث نام نہاد دینی اسکالر جاوید احمد غامدی کے گمراہ کن افکار ونظریات کا تحقیقی وعلمی محاسبہ پر مشتمل علمی دستاویزات ہے ۔اس میں ایک باب جاوید غامدی اور اس کے ہم خیال احباب کے افکار ونظریات کے حامل افراد کے متعلق ملک کے نامور مفیان کے فتاوی ٰ جات پر مشتمل ہے جس میں انہوں نے دلائل سے جاوید غامدی کوان کےافکار ونظریات کی وجہ سے ملحد وزندیق قرار دیا ہے ۔یقیناً اس کا حق اور اس کی قدر کا طریقہ یہی ہے کہ اس کی دعوت کودل کے نہاں خانوں سے اتار کر اسے گلی گلی، کوچہ کوچہ عام کیا جائے،غامدیت اور ہر باطل کے زہر سے خود کومحفوظ رکھنے کے علاوہ ہر مسلمان کو اس ایمان سوز فتنے سے بچانے اوراس کی ضلالت کو سمجھانے کی کوشش کی جائے۔اللہ تعالیٰ محترم مولانا احسن خدامی ، حمزہ احسانی اور کے معاونین ،اوراس خاص نمبر کو منظر عام پرلانے میں شامل تمام احباب کی اس کاوش کوقبول فرمائے اور اسے مسلمانوں کےلیے فتنہ غامدیت سے بچنے کا ذریعہ بنائے ۔(آمین) (م۔ا)

ماہنامہ محدث بنارس افتا نمبر ( جون تا اکتوبر 2015 )

Authors: مختلف اہل علم

In Faith and belief

By Al Noor Softs

اسلام میں فتویٰ نویسی کی تاریخ اتنی ہی پرانی ہے جتنا کہ بذات خود اسلام۔ فتویٰ سے مراد پیش آمدہ مسائل اور مشکلات سےمتعلق دلائل کی روشنی میں شریعت کا وہ حکم ہے جو کسی سائل کےجواب میں کوئی عالم دین اور احکامِ شریعت کےاندر بصیرت رکھنے والاشخص بیان کرے۔فتویٰ پوچھنے اور فتویٰ دینے کاسلسلہ رسول ﷺکےمبارک دور سے چلا آرہا ہے ۔نبی کریم ﷺ نے اپنی زبان ر سالت سے سوال کرنے اور اس سوال کاجواب دینے کےادب آداب بھی سکھلائے ہیں ۔کتب فقہ وحدیث میں یہ بحثیں موجود ہیں او رباقاعدہ آداب المفتی والمستفتی کے نام سے کتب بھی لکھی گئیں ہیں ۔ اب عصر حاضر میں تو مفتی کورس بھی کروائے جاتے ہیں۔ ہر دور میں فتاووں کےاثرات دیر پار ہے ہیں ۔فتاوی کےاثرات کبھی کبھی تاریخ ساز ہوتے ہیں ۔ہندوستان میں شاہ عبد العزیز محدث دہلوی ﷫کے فتوےکاہی اثر تھا کہ سید احمد شہید﷫ اور شاہ اسماعیل شہید﷫ کی قیادت میں مجاہدوں کی ایک تحریک اٹھی جس نےملک کو انگریزی استبداد سےنجات دلانے کےلیے کمر کس لی اور اس کی راہ کی صعوبتیں براداشت کرتے ہوئے 1831ء میں جام شہادت نوش کیا ۔ یہ اس فتویٰ کااثر تھا کہ ہندوستانیوں میں قومی شعور پیدا ہوا، ان میں آزادی کا احساس جاگا اور 1857ء میں انگریزوں کےخلاف ایک فیصلہ کن جنگ چھیڑ دی۔ہندوستان میں آزادی کےبعد افتا کافریضہ کافی اہمیت اختیار کرگیا۔لیکن ہمارا دستور آئینِ اسلام کے شرعی قوانین سے قعطا میل نہیں کھاتا ۔ افتا کے نفاذ اور اس پر عمل کی آزادی بہت ہی محدود ہوچکی ہے ۔ حکومتی عدالتیں دار الافتا کے فیصلوں کو تسلیم نہیں کرتی ہیں۔بر صغیر پاک وہند کےعدالتی نظام نے انصاف کےحصول کوبہت پچیدہ اوردشوار بنادیا ہے ۔پاک ہند میں دار الافتاء کی تعد اد عربی مدارس سے کم نہیں مگر افسوس کہ ان میں باہمی ربط اور ہم آہنگی نہیں ہے ۔ برصغیر پاک وہند میں قرآن کی تفاسیر شروح حدیث، حواشی وتراجم کےساتھ فتویٰ نویسی میں بھی علمائے اہل حد یث کی کاوشیں لائق تحسین ہیں تقریبا چالیس کے قریب علمائے حدیث کے فتاویٰ جات کتابی صورت میں شائع ہو چکے ہیں ۔ زیر تبصرہ ماہنامہ ’’محدث بنارس‘‘ کاافتا نمبر ہے ۔ جس میں مجلہ کےمدیر مولانا ابو القاسم فاروقی اوران رفقا ءنے بڑی جدوجہد سے افتا کے موضوع پر پاک وہند کے 26 اہل علم کے مضامین جمع کر کے اس اشاعت خاص میں شامل کیے ہیں۔ان میں فتویٰ نویسی کی تاریخ ، مستفتی کےآداب، فتوی نویسی اور منہج سلف صالحین، عصر حاضر میں ،اسلام میں افتا کی اہمیت ، فتویٰ نویسی میں نواب صدیق حسن خاں﷫ کا مرتبہ ومقام وران کا طریقۂ استدلال وغیرہ جیسے اہم مضامین کےعلاوہ مفتیا ن جامعہ سلفیہ،بنارس، شعبہ دار الافتاء جامعہ سلفیہ ،بنارس عزائم اور منصوبے اور ہندوستان میں افتا کےموجود ہ اہل حدیث مراکزبڑے اہم مضامین ہیں ۔اس خاص نمبر میں شامل ایک مضمون بعنوان ’’علماء اہل حدیث کی اہم کتب فتاویٰ تعارف اور خصوصیات ازمولانا حافظ کلیم اللہ عمری مدنی میں میرے خیال کے مطابق علماء اہل حدیث کے فتاویٰ جات کے تعارف میں مکمل احاطہ نہیں کیاگیا۔کیونکہ اس میں پاکستان کے ممتاز مفتیان کرام کے کتب فتاوی ٰ ( فتاوی ٰ اہل حدیث از عبداللہ محدث روپڑی ،فتاویٰ علماء اہل حدیث از مولانا سعیدی ، فتاوی ٰ حصاریہ از مولاناعبد القادر حصاری ، فتاوی ثنائیہ مدنیہ از مولانا ثناء اللہ مدنی ، فتاویٰ اصحاب الحدیث از مولانا حافظ عبدالستار حماد، فتاوی محمد یہ از مفتی عبید اللہ عفیف ،آپ کے مسائل اور ان کا حل از مبشرربانی ،احکام ومسائل از مولاناعبد المنان نورپوری ﷫ ، فتاوی ٰ راشدیہ از مولانا بدیع الدین شاہ راشدی اور مولانا زبیرعلی زئی کے فتاویٰ کے عرب شیوخ کے فتاویٰ جات کےتراجم کا بھی ذکر نہیں ہے۔اور کچھ ایسی کتب فتاویٰ کا تعارف پیش کیا ہے جن کا میرے علم کےمطابق وجود ہی نہیں ہے ۔جیسے فتاویٰ محمد اسحاق بھٹی لاہوری اور فتاویٰ صادق سیالکوٹی پاکستانی۔اس سلسلے میں اگر ماہنامہ محدث ،لاہور ،صحیفہ اہل حدیث ،کراچی، ہفت روزہ الاعتصام وغیرہ رسائل میں ڈاکٹر عبدالرؤف ظفر صاحب اور مولانا رمضان یوسف سلفی آف فیصل آباد کے علماء اہل حدیث کی کتب فتاویٰ کے تعارف پر مشتمل مضامین کو سامنے رکھا جاتا تو بہتر تھا ۔بحرحال مجموعی طور ماہنامہ محدث بنارس کے ذمہ داران کی اس موضوع پر یہ ایک منفرد کاوش ہے اللہ تعالیٰ ان کی اس کاوش کو قبول فرمائے ۔ (آمین) (م۔ا)

مقالات قومی سیرت کانفرنس 2005ء ( برائے مرد)

Authors: مختلف اہل علم

In Knowledge

By Al Noor Softs

اس روئے ارضی پر انسانی ہدایت کے لیے اللہ تعالیٰ کے بعد حضرت محمد ﷺ ہی ،وہ کامل ترین ہستی ہیں جن کی زندگی اپنے اندر عالمِ انسانیت کی مکمل رہنمائی کا پور سامان رکھتی ہے ، رہبر انسانیت سیدنا محمد رسول اللہ ﷺ کی شخصیت قیامت تک آنے والےانسانوں کےلیےبہترین نمونہ ہے اور دنیا جہان کے تمام انسانوں کے لیے مکمل اسوۂ حسنہ اور قابل اتباع ہیں ۔ گزشتہ چودہ صدیوں میں اس ہادئ کامل ﷺ کی سیرت وصورت پر ہزاروں کتابیں اورلاکھوں مضامین لکھے جا چکے ہیں ۔اورکئی ادارے صرف سیرت نگاری پر کام کرنے کےلیےمعرض وجود میں آئے ۔اور پورے عالمِ اسلام میں سیرت النبی ﷺ کے مختلف گوشوں پر سالانہ کانفرنسوں اور سیمینار کا انعقاد کیا جاتاہے جس میں مختلف اہل علم اپنے تحریری مقالات پیش کرتے ہیں۔پاکستان میں ہر سال وزارت مذہبی امور کے زیر انتظام سیرت کانفرنس منعقد ہوتی ہے کا نفرنس میں خاص موضوع پر پیش کیے جانے والے مقالات کو کتابی صورت میں پیش کیا جاتاہے۔ زیر نظر کتاب ’’ مقالات قومی سیرت کانفرنس 2005ء (برائے مرد) ‘‘قومی سیرت کانفرنس میں کانفرنس کے خاص موضوع’’عصر حاضر کے تقاضے اور ایک روشن خیال ،اعتدال پسند اسلامی معاشرے کی تشکیل وضرورت سیرت طیبہ کی روشنی میں ‘‘ے متعلق مختلف اہل قلم کی طرف سے پیش کیے جانے والے علمی وتحقیقی مقالات و خطبات کی کتابی صورت ہے حصہ (الف ) خطبات حصہ (ب ) تقاریر جبکہ حصہ (ج) مقالات سیرت پر مشتمل ہے ۔ وزارت مذہبی امور پاکستان نے اسے مرتب کر کے طباعت سے آراستہ کیا ہے (م۔ا)

اسلامی آداب

Authors: مختلف اہل علم

In Worship and matters

By Al Noor Softs

ہر انسان فطرت پر پیدا ہوتا ہے پھر اس کے والدین اسے یہودی نصرانی یا مجوسی بنا لیتے ہیں ۔ اگر بچے کی شروع سے اچھی تربیت کی جائے اس میں حق ، نیکی اور خیر کو ترجیح دینے کا جذبہ پیدا کیا جائے تو یہ کام اس کی عادت میں شامل ہو جاتے ہیں ۔ پھر اس میں حلم ، حوصلہ ، صبر،تحمل، بردبار ، کرم شجاعت اور عدل و احسان جیسے اخلاق حسنہ پیدا ہو جاتے ہیں ۔ اس کے برعکس اگر بچے کی تربیت مناسب انداز سے نہ کی جائے تو وہ بری عادت کا شکار ہو جاتا ہے ۔ وہ خیانت، جھوٹ، بےصبری، لالچ، زیادتی اور سختی جیسے اخلاق سیئہ کا شکار ہو جاتا ہے ۔ چناچہ اسلامی تعلیمات کے گزارنے کے لیے اوراپنی زندگی میں اسلام پرعمل کرنے کے لیے ہمیں ایک مسلمان ہونے کی حیثیت سے آپ ﷺ کی زندگی پرعمل پیرا ہونا ہوگا ۔ اپنے بچوں اور اپنے سامنے حضور کی حیات مبارکہ کو ماڈل بنانا ہو گا ۔ آپ ﷺ نے ہمارے لئے زندگی کے ہرشعبہ میں اعلیٰ اور مثالی نمونے چھوڑے ہیں ۔ اور اس کے علاوہ آپ ﷺ کے بہترین فرمودات بھی موجود ہیں ۔ جن پر عمل کر کے ہم اپنی زندگیوں کو ایک جنت کا نمونہ بنا سکتے ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب’’اسلامی آداب‘‘حافظ نذر احمد ‎﷫ کےقائم کردہ ادارہ تعلیم القرآن خط وکتابت سکول کی جناب سے تیارہ کردہ دس اسباق پر مشتمل ایک تعارفی خط وکتاب کورس ہے ۔اس میں مرتبین نے سلام ،صفائی اور طہارت ،صحت اور حفظان صحت ، کھانے پینے ، عیادت ، لباس ، نشت وبرخاست ،ملاقات اور گفتگو اور مجلس کےآداب کو اختصار کے ساتھ قرآنی آیات اوراحادیث نبویہ کی روشنی میں بیان کیا ہے۔قارئین کی آسانی کےلیے ہر بحث کےبعد اس کاخلاصہ بھی تحریر کردیا ہے ۔(م۔ا)

مجلہ المنہاج اشاعت خاص تحفظ دیار حرمین شریفین

Authors: مختلف اہل علم

In Hadith & science of hadith

By Al Noor Softs

بلادِ حرمین شریفین بے شمار عظمتوں ، برکتوں اور فضیلتوں کے حامل ہیں ۔ تمام مسلمانوں کےدینی وروحانی مرکزہیں اور حرم مکی مسلمانوں کا قبلہ امت کی وحدت کی علامت اوراتحاد واتفاق کا مظہر ہے۔ پوری دنیا کےمسلمان نمازوں کی ادائیگی کے وقت قبلہ کی طرف منہ کرتے ہیں اوراس کے علاوہ دیگر اسلامی شعائر وعبادات حج او رعمرہ بھی یہاں ادا ہوتے ہیں ۔ دنیا کے تمام شہروں میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سب سے افضل ہیں اور فضیلت کی وجہ مکہ مکرمہ میں بیت اللہ کا ہونا جبکہ مدینہ منورہ میں روضہ رسول ﷺ کا ہونا ہے۔ان دونوں کی حرمت قرآن و حدیث میں بیان کی گئی ہے۔سعودی حکومت کی حرمین شریفین کے تحفظ اور دنیا بھر میں دین اسلام کی نشر واشاعت ، تبلیغ کے لیے خدمات لائق تحسین ہیں ۔ لہذا سعودی عرب کا دفاع اور حرمین شریفین کا تحفظ عالمِ اسلام کے مسلمانوں کابھی دینی فریضہ ہے ۔ کیونکہ سعودی عرب میں حرمین شریفین امتِ مسلمہ کےروحانی مرکز ہیں ۔گزشتہ ایام میں سعودی عرب اور یمن کے مسئلہ میں کفر کے اماموں نے یمن کے حوثی باغیوں کی پشت پنائی کی اور ان کے ذریعہ مبارک سرزمین یمن کے حالات کو تباہ وبرباد کیا ان کا اصل ہدف بلاد حرمین شریفین تھا۔ اللہ تعالیٰ نے حاکم سعودی عرب شاہ سلمان بن عبدالعزیز ﷾ کوحکیمانہ وبصیرانہ فیصلہ کرنے کی توفیق بخشی۔ انہوں نے ’’عاصفۃ الحزم‘‘ آپریشن کےذریعہ ان سرکش باغیوں کا بروقت علاج کیا اوران کی قوت کوپاش پاش کر کے رکھ دیا جس سے باغیوں کے پشت پناہیوں کی آنکھیں گھل گئیں کہ ابھی حرمین کےپاسبان زندہ ہیں ۔بلاد حرمین شریفین سے محبت رکھنے والے عالمِ اسلام کے مسلمانوں نے بھی سعودی عرب کے دفاع اور حرمین کے تحفظ کے لیے مثالی کردار ادا کیا۔پاکستان میں بھی حرمین شریفین کےتحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تحریک شروع کی گئی اس تحریک میں بالعموم تمام دینی اور سیاسی جماعتوں نےبھر پور حصہ لیا ۔اور اسی طر ح پاکستان کی تمام اہل حدیث جماعتوں نے حرمین شریفین کے تحفظ ودفاع میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے قائدانہ کردار ادا کیا ۔ اس خالص دینی مسئلہ کو فرقہ وارانہ اورمتنازعہ بنانے کی سازش کوناکام بنایا ہے اور پاکستان کےتمام مسلمانوں کوایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے حرمین شریفین اور سعودی عرب کے دفاع کا عہد وپیمان کیا ۔ پورے ملک میں سیمینارز،جلسوں اور ریلیوں کی شکل میں مسلمانوں کوبیدار کیا اورآلِ سعود کےموقف کی تائید کی اور سرکش باغیوں کی مذمت بیان کی گئی۔ اوراسی طرح تمام اہل حدیث جماعتوں کےرسائل وجرائد اور مجلات بھی قلمی وتحریری جہاد میں برابر کےشریک رہے۔ بعض رسائل اوراخبار نے اشاعت خاص کااہتما کیا۔ جن میں ہفت روزہ ’اہل حدیث ‘لاہور ، ’اسوۂ حسنہ‘ ،کراچی ’ نوید ضاء ‘گوجرانوالہ اور مجلہ ’ المنہاج ‘ملتان قابل ذکر ہیں ۔اور جماعت الدعوۃ پاکستان کے اشاعتی ادارے ’دار الاندلس،لاہور نے تو اس سلسلے میں دو کتابیں بھی شائع کیں۔ زیر تبصرہ مجلہ ’’مجلہ المنہاج ‘‘کا تحفظ دیار حرمین شریفین کےسلسلے 164 صفحات پر مشتمل خاص نمبر ہے۔اس اشاعت ِخاص میں مختلف اہل علم وقلم کےمضامین شاملِ اشاعت ہیں ۔ جن میں علامہ سینٹر ساجد میر، مولانا محمد اسحاق بھٹی، مولانا عبد اللہ ناصررحمانی ، راناشفیق خاں پسروری، محمد رمضان یوسف سلفی، عبد الرشید عراقی، عطامحمد جنجوعہ وغیرہ قابل ذکر ہیں ۔اللہ تعالیٰ مجلہ منہاج کی تمام انتظامیہ کی اس قابل قدر کاوش کو قبول فرمائے اور اسے قارئین کےدلوں میں حرمین شریفین کےساتھ عقیدت ومحبت پیدا کرنے کا ذریعہ بنائے (آمین) (م۔ ا)