eBooks

2,841 Results Found
فارقلیط

Authors: حکیم محمدعمران ثاقب

In Fiqha

By Al Noor Softs

سابقہ کتب سماویہ کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ سیدنا عیسی ﷤نے اپنی امت کو یہ خوشخبری دی تھی کہ میرے بعد ایک رسول آنے والا ہے ،جس کا نام احمد (فارقلیط) ہوگا۔بائیبل میں متعدد مقامات پر واضح الفاظ میں اس کی تصریح کی گئی ہے ۔اور قرآن مجید نے بڑی وضاحت کے ساتھ اس حقیقت کو بیان کیا ہے کہ سیدنا عیسی﷤ نے نام لیکر آپ کی آمد کی بشارت دی تھی کہ میرے بعد ایک رسول آنے والا ہے جس کا نام احمد ﷺ ہوگا۔لیکن عیسائی از راہ حسداسے تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ نبی کریم کا نام صرف محمد ﷺ ہی نہیں تھا ،بلکہ احمد ﷺ بھی تھا۔اور عرب کا پورا لٹریچر اس بات سے خالی ہے کہ آپ سے پہلے کسی کا نام محمد ﷺ یا احمد ﷺ رکھا گیا ہو۔انجیل برنباس میں واضح طور پر نبی کریم ﷺ کی آمد کی بشارت دی گئی ہے،لیکن عیسائیوں نے از راہ ضد اس کو جھوٹی انجیلوں کی فہرست میں شامل کر لیاہے۔زیر تبصرہ کتاب"فارقلیط"محترم حکیم محمد عمران ثاقب کی تصنیف ہے۔آپ رد عیسائیت پر لکھنے کے حوالے سے ایک معروف اور نامور شخصیت اور لکھاری ہیں۔ادیان باطلہ خصوصا عیسائیت پر ان کو کافی عبور حاصل ہے۔اس سے پہلے ان کی کتاب "بائبل اور محمد رسول اللہ ﷺ "شائع ہو کر اہل علم سے خراج تحسین حاصل کر چکی ہے۔یہ کتاب بھی حکیم صاحب نے بڑی محنت سے لکھی ہے اور پادری وکلف اے سنگھ کی طرف سے اٹھائے گئے اعتراضات کا جواب عیسائیوں کی کتابوں سے دلائل کے ساتھ دیا ہے۔اللہ تعالی دفاع اسلام کے سلسلے میں انجام دی جانے والی ان کی ان خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔آمین(راسخ)

ڈاکٹر طاہر القادری کی علمی خیانتیں

Authors: حکیم محمدعمران ثاقب

In Arguments

By Al Noor Softs

افراد امت تک دین کا پیغام پہنچانا نبوی مشن ہے جسے ارباب علم نےسنبھال رکھا ہے اور بخیر وخوبی سرانجام دے رہے ہیں لیکن بعض لوگ دین ومذہب کے نام پر لوگوں کا جذباتی ،مذہبی اورمعاشی استحصال کررہے ہیں افسوس کہ جناب طاہر القادری صاحب کا نام بھی انہی میں شامل ہے موصوف دین اور عشق رسول ﷺ کے نام پرمعاشرے میں بدعات کو فروغ دے رہے ہیں ان کےنام سے بہت سی کتابیں منصۂ شہود پر آچکی ہیں لیکن ان میں محکم استدلال کے بجائے من گھڑت اور ضعیف وواہی روایات سے دلیل اخذ کی جانے کی کوشش کی جاتی ہے اسی طرح تفسیر میں بھی موصوف کامنہج درست نہیں جناب ڈاکٹر رفض وتشیع کی طرف بھی میلان رکھتے ہیں جیسا کہ وہ باقاعدہ مجالس عزا میں جاکر خطاب کرتے ہیں زیرنظر کتاب میں ڈاکٹر طاہر القادری صاحب کی علمی خیانتوں کو طشت ازبام کیا گیا ہے جس سے ان کااصل چہرہ بے نقاب ہوکر سامنے آگیا ہے امیدہے کہ اس کےمطالعہ سے قارئین کو جناب ''شیخ الاسلام '' کو پہنچاننے میں آسانی رہے گی-

بائبل اور محمد رسول اللہ ﷺ

Authors: حکیم محمدعمران ثاقب

In Faith and belief

By Al Noor Softs

سابقہ آسمانی کتب اگرچہ مختلف ازمنہ میں تغیرات و تحریفات کا شکار ہوتی رہیں لیکن پھر بھی ان میں ایسا مواد موجود ہے جن سے آپﷺ کی عظمت شان اور رسالت و نبوت کا اثبات ہوتا ہے۔ ’بائبل اور محمد رسول اللہﷺ‘ میں حکیم محمد عمران ثاقب نے بائبل سے کوہ کنی کر کے دین اسلام کی حقانیت کو ثابت کیا ہے اور عیسائیوں اور دیگر اہل مذاہب کو اپنی روحانی تشنگی بجھانے اور اس سے سیراب ہونے کی دعوت دی ہے۔ کتاب کو چھ ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے بنیادی مضامین عیسی ٰ اور مروجہ اناجیل، سیدہ حاجرہ سیدنا اسماعیل اور بنی اسرائیل، تورات اور محمد رسول اللہﷺ، زبور اور محمد رسول اللہﷺ، انجیل اور محمد رسول اللہﷺاور انجیل برناباس اور محمد رسول اللہﷺہیں۔ یقیناً یہ کتاب جہاں یہود و نصاریٰ کے لیے اتمام حجت اور مسلمانوں کے ایمان میں اضافے کا باعث ہو گی۔ (عین۔ م)

طاہر القادری خادم دین متین یا افاک اثیم؟

Authors: حکیم محمدعمران ثاقب

In Arguments

By Al Noor Softs

طاہر القادری صاحب کا نام محتاج تعارف نہیں ان کے معتقدین انہیں مفکر اسلام،نابغہ عصر، قائد انقلاب اور شیخ الاسلام ایسے پر فخر القاب سے یاد کرتے ہیں جبکہ ان کے ناقدین انہیں احسان فراموش، شہرت کا بھوکا اور حب جاہ و منصب کا حریص قرار دیتے ہیں۔موصوف کے ناقدین میں محض مسلکی مخالفین ہی شامل نہیں بلکہ بریلوی علما بھی ،جن کی طرف قادری صاحب اپنا انتساب کرتے ہیں،موصوف کو خطرے کی گھنٹی سمجھتے ہوئے اہل سنت میں شمار کرنے پر تیار نہیں۔شہرت و ناموری کی خاطر قادری صاحب کرسمس کا کیک کاٹنے اور دشمنان صحابہ روافض کی مجالس کو رونق بخشنے سے بھی ذرا نہیں شرماتے اور اب تو نوبت بایں جا رسید کہ انہوں نے اعداے ملت یہود ونصاریٰ کے حق میں بھی فتاویٰ صادر کرنے شروع کر دیے ہیں۔زیر نظر کتاب جناب قادری کے نقاب سنیت کو الٹ کر ان کے باطنی رفض وتشیع کوآشکار کرتی ہے۔اس کتاب کے فاضل مصنف قبل ازیں طاہرالقادری کی علمی خیانتیں کے نام سے بھی ایک کتاب تحریر کر چکے ہیں۔اس کے جواب میں ایک صاحب نے قادری صاحب کا دفع کرنے کی ناکام کوشش کی جس کے جواب میں زیر تبصرہ کتاب منصہ شہود پر آئی ہے۔بہ حیثیت مجموعی اس کے مندرجات سے اتفاق ہونے کے باوجود مصنف سے التماس ہے کہ کتاب کا نام شدت و سختی کا عکاس ہے بہتر تھا کہ ذرا سنجیدہ نام منتخب کیا جاتا۔

سید الکونین ﷺ

Authors: محمد صادق سیالکوٹی

In History

By Al Noor Softs

خُدا نے ہر چیز کو انسان کی خدمت‘ فائدے اور نفع کی خاطر پیدا کی اور اُسے صرف اپنی خالص عبادت کے لیے جلوہ بار کیا۔ خدا کی خالص عبادت کرنا انسان از خود نہیں جان سکتا اس لیے انسانوں میں ے ہی اس نے نبیوں کو منتخب فرمایا اور ان پر وحی نازل کر کے اپنی عبادت کے طریقوں کو متعین کیا۔ فانی‘ ہنگامی اور عارضی زندگی بسر کرنے کا لائحہ عمل بتایا تاکہ اس مستقر کو چھوڑنے کے بعد انسان اپنے اصلی گھر میں پہنچ کر ہمیشہ کی زندگی‘ ابدی‘ آرام اور چین پائے۔ سلسلہ انبیاء کی آخری کڑی جناب محمد الرسول اللہﷺ ہیں جن کی بشارت پہلے نبیوں نے بھی دی اور خدا تعالیٰ نے تمام انبیاء سے یہ عہد بھی لیا تھا کہ اگر ان کی موجودگی میں نبی آخر الزمان کا ظہور ہو تو وہ اپنی شریعت کو چھوڑ کر اُن کی نبوت پر ایمان لائیں گے۔اور نبیﷺ کی سیرت پر بہت سی کتب اور بہت سارے مضامین لکھے جا چکے ہیں جو کہ نبیﷺ کی عزت وتکریم کی روشن مثال ہیں۔ ان کتب میں سے ایک کتاب’’سید الکونین‘‘ کےنام سے تالیف کی گئی ہے جس کا مقصد نبیﷺ کے حالات مسلمانوں کے سامنے آجائیں اور ہزار جان سے ان پر قربان ہو کر انہیں اپنائیں۔ اور اس کتاب کے مطالعے سے مسلمانوں کو یہ بھی معلوم ہو گا کہ نبیﷺ کو کتاب وسنت اور دینِ اسلام کی تبلیغ کے لیے کن خارزاروں سے گزرنا اور کیسی کیسی تکلیفوں‘ مصیبتوں اور دکھوں سے دو چار ہونا پڑا ہے۔اس کتا ب میں نبیﷺ کی پیدائش پاک سے لے کر وفات تک تمام ضروری باتیں جمع کی گئی ہیں۔ یہ کتاب نہ اتنی طویل اور ضخیم ہے کہ وقت کی قلت اور مشاغل کی کثرت اس کے مطالعہ میں مانع ہو اور نہ ہی اتنی مختصر ہے کہ نا مکمل کہلائے۔ تمام حالات اور واقعات تاریخ اور سیرت کی معتبر اور مستند کتابوں سے لیے گئے ہیں ۔ عقائد اور اعمال سے متعلق تمام باتیں قرآن اور حدیث سے درج کی گئی ہیں۔یہ کتاب حکیم مولانا محمد صادق سیالکوٹی کی علمی کاوش کا نتیجہ ہے۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مصنف کی خدماتِ دین کو قبول فرمائے اور ان کے لیے ذریعہ نجات بنا ئے اور عوام کے لیے نفع عام فرمائے (آمین)( ح۔م۔ا )

شرح خطبہ رحمۃ اللعالمین

Authors: محمد صادق سیالکوٹی

In History

By Al Noor Softs

سید الانبیاء خاتم النبین ﷺ جب بھی لوگوں کووعظ ونصیحت فرماتے ، عیدین ،جمعۃ المبارک اور نکاح کےموقعہ پر خطبہ ارشاد فرماتے تواس میں اللہ تعالیٰ کی تعریف کرتے ،بڑے جامع اور ہمہ گیر الفاظ میں اسلام کاخلاصہ اور نچوڑ پیش فرماتے تھے ۔لیکن امت مسلمہ آج بے شمارسنتوں کو چھوڑ کر من گھڑت رسوم ورواجات اور بدعات میں پڑی ہوئی ہے۔اور اس امر کی بڑی شدید ضرورت ہے کہ ان مردہ ہوجانے والی سنتوں کو زندہ کیا جائے،اور لوگوں کی درست طریقے سے راہنمائی کی جائے۔انہی سنتوں میں سے ایک اہم ترین سنت خطبۃ الحاجۃ ہے،جسے زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔آج صورتحال یہ ہے کہ خطبہ مسنونہ کو چھوڑ کر خانہ ساز اور طبع ساز خطبے پیش کئے جاتے ہیں ۔اور اکثر لوگ خطبہ مسونہ کی مشروعیت اور معنویت سے نا آشنا ہیں،اور اس میں موجود تین آیات مبارکہ کی حکمتوں اور معانی سے ناواقف ہیں۔ زیرتبصرہ کتاب ’’شرح خطبہ رحمۃ للعالمین ‘‘ مولانا محمد صادق سیالکوٹی﷫ کی تصنیف ہے۔ اس میں انہوں نے رسول اللہ ﷺ کے اس پاکیزہ ، نورانی جامع اور ہمہ گیر خطبے کی تشریح پیش کی ہےجو رحمت عالم اپنے ہر وعظ اور تذکیر کےشروع میں پڑھا کرتے تھے ۔مصنف موصوف نےوحی جلی اور وحی خفی کےاستشہاد سے اس کےمطالب و معانی کواچھی طرح واضح کیا ہے تاکہ مسلمان اس مبارک خطبہ کوسمجھ سکیں۔(م۔ا)

مسلمان کا سفر آخرت ( صادق سیالکوٹی )

Authors: محمد صادق سیالکوٹی

In Faith and belief

By Al Noor Softs

موت ایک ایسی حقیقت ہے جس پر ہر شخص یہ یقین رکھتا ہے کہ اس سےدوچار ہونا اوراس کا تلخ جام پینا ضروری ہے یہ یقین ہر قسم کےکھٹکے وشبہے سے بالا تر ہے کیونکہ جب سے دنیا قائم ہے کسی نفس وجان نے موت سے چھٹکارا نہیں پایا ہے۔کسی بھی جاندار کے جسم سے روح نکلنے اور جداہونے کا نام موت ہے۔ہر انسان خواہ کسی مذہب سے وابستہ ہو یا نہ ہو اللہ یا غیر اللہ کو معبود مانتا ہو یا نہ مانتا ہو اس حقیقت کو ضرور تسلیم کرتا ہےکہ اس کی دنیا وی زندگی عارضی وفانی ہےایک روز سب کو کچھ چھوڑ کر اس کو موت کا تلخ جام پینا ہے گویا موت زندگی کی ایسی ریٹائرمنٹ ہےجس کےلیے کسی عمر کی قید نہیں ہے اور اس کےلیے ماہ وسال کی جو مدت مقرر ہے وہ غیر معلوم ہے۔انسان کی ولات اور وفات کے درمیان کا وقفہ وجود ابن آدم کااہم ترین وقفہ ہے اللہ تعالیٰ نے اسے یہ زندگی دکے آزمانا چاہا ہےکہ وہ خیر وشر کے دونوں راستوں میں کس پر چلتا ہے وہ اپنے پیدا کرنےوالے کی عبادت کرتا ہےاوراس کی خوشنودی کے کام کرتا ہےیا سرکش ونافرمان بن کر اپنی زندگی گزارتا ہےاور کفر وشرکی راہ اختیارکرتا ہے۔اس لیےہر فوت ہونے والے انسان خواہ وہ مومن ہے یا کافر اسےموت کے بعد دنیا وی زندگی کی جزا وسزا کے مرحلے سے گزرنا پڑتا ہے۔یعنی ہر فوت ہونے والے کے اس کی زندگی میں اچھے یا برے اعمال کے مطابق کی اس کی جزا وسزا کا معاملہ کیا جاتا ہے۔موت کے وقت ایمان پر ثابت قدمی ہی ایک مومن بندے کی کامیابی ہے ۔ لیکن اس وقت موحد ومومن بندہ کے خلاف انسان کا ازلی دشمن شیطان اسے راہ راست سے ہٹانے اسلام سے برگشتہ اور عقیدہ توحید سے اس کے دامن کوخالی کرنے کےلیے حملہ آور ہوتاہے اور مختلف فریبانہ انداز میں دھوکے دیتاہے ۔ ایسےموقع پر صرف وہ انسان اسکے وار سےبچتے ہیں جن پر اللہ کریم کے خاص رحمت ہو ۔ زیر تبصرہ کتاب ’’مسلمان کا سفر آخرت ‘‘ مولانا محمد صادق سیالکوٹی ﷫ کی تصنیف ہے ۔انہوں نےاس کتاب میں موت کی یاد دلائی ہےصحیح اسلامی عقیدہ اور اتباع قرآن وسنت کی دعوت دی ہے، شرک وبدعات سے ڈرایا ہے اور بتایا ہےکہ مشرک کےتمام اعمال صالحہ رائیگاں ہوجاتے ہیں ۔نیز انہوں اس کتاب میں وہ تمام عقائد واعمال بیان کیے ہیں جن کاجاننا ایک مسلمان کےلیے نہایت ضروری ہے۔اور جس کی شخص کی موت کا وقت قریب ہوتو اسے اور اس کے عزیز واقارب کو کیا کرناچاہیے ، ایک مسلمان کے اچھے اور برے خاتمہ کی علامات کوقرآن وسنت سے ماخوذ دلائل کی روشنی میں بیان کیاہے ۔(م۔ا)

سبیل الرسول ﷺ

Authors: محمد صادق سیالکوٹی

In History

By Al Noor Softs

دین اسلام میں رسول اللہ ﷺ کی اطاعت اسی طرح فرض ہے جس طرح اللہ تعالیٰ کی اطاعت فرض ہے ۔ارشاد باری تعالیٰ ہے : مَنْ يُطِعِ الرَّسُولَ فَقَدْ أَطَاعَ اللَّه (سورہ نساء:80) جس نے رسول اللہﷺ کی اطاعت کی اس نے اللہ کی اطاعت کی ۔ اور سورۂ محمد میں اللہ تعالیٰ کا ارشادِ مبارک ہے : يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا أَطِيعُوا اللَّهَ وَأَطِيعُوا الرَّسُولَ وَلَا تُبْطِلُوا أَعْمَالَكُمْ(سورہ محمد:33) اے لوگو! جو ایمان لائے ہو اللہ اور رسول ﷺ کی اطاعت کرو (اور اطاعت سے انحراف کر کے ) اپنے اعمال ضائع نہ کرو۔اطاعت رسول ﷺ کے بارے میں یہ بات پیش نظر رہنی چاہیے کہ رسو ل اکرم ﷺ کی اطاعت صرف آپﷺ کی زندگی تک محدود نہیں بلکہ آپﷺ کی وفات کے بعد بھی قیامت تک آنے والے تمام مسلمانوں کے لیے فرض قرار دی گئی ہے ۔ اطاعت رسول ﷺ کے بارے میں صحیح بخاری شریف کی یہ حدیث بڑی اہم ہے ۔ کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا’’میر ی امت کے سب لوگ جنت میں جائیں گے سوائے اس شخص کے جس نے انکار کیا تو صحابہ کرام نے عرض کیا انکار کس نے کیا؟ تو آپ ﷺ نے فرمایا جس نے میری اطاعت کی وہ جنت میں داخل ہوگا او رجس نے میر ی نافرمانی کی اس نے انکار کیا ۔(صحیح بخاری :7280)گویا اطاعتِ رسول ﷺ اورایمان لازم وملزوم ہیں اطاعت ہے تو ایمان بھی ہے اطاعت نہیں تو ایمان بھی نہیں ۔ زیر تبصرہ کتاب’’سبیل الرسول ‘‘ پاکستان کے معروف عالم دین مصنف کتب کثیرہ مولانا محمد سیالکوٹی ﷫ کی تصنیف ہے ۔اس کتاب میں انہوں نے قرآن وحدیث کے استدلال سے ثابت کیا ہے کہ دین اسلام پر چلنے کے لیے حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کے راستے کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ہے ۔صرف احادیث النبیﷺ کے دیپ اور سنن ہدٰی کے چراغ ہی قرآن کی راہِ عمل کے اجالے ہیں ۔(م۔ا)

اعجاز حدیث

Authors: محمد صادق سیالکوٹی

In Hadith & science of hadith

By Al Noor Softs

اللہ تعالیٰ نے بنی نوع ِ انسان کی رشد وہدایت کے لیے انبیاء ورسل کو اس کائنات میں مبعوث کیا،تاکہ ان کی راہنمائی کی بدولت اللہ تعالیٰ کی رضا کو حاصل کیا جاسکے۔انسان اپنے تیئں کتنی ہی کوشش اور محنت کیوں نہ کرلے ، اسے اس وقت تک اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل نہیں ہوسکتی جب تک وہ زندگی گزارنے کے لیے اسی منہج کو اختیار نہ کرے جس کی انبیاء﷩ نے تعلیم دی ہے ،اسی لیے اللہ تعالیٰ نے ہر رسول کی بعثت کا مقصد صرف اس کی اطاعت قراردیا ہے ۔جو بندہ بھی نبی اکرم ﷺ کی اطاعت کرے گا تو اس نے اللہ تعالیٰ کی اطاعت کی اور جو انسان آپ کی مخالفت کرے گا ،اس نے اللہ تعالیٰ کے حکم سے روگردانی کی ۔ اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ ﷺ کی اطاعت کی تاکید کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: وَمَا آتَاكُمُ الرَّسُولُ فَخُذُوهُ وَمَا نَهَاكُمْ عَنْهُ فَانْتَهُوا(الحشر:7) اللہ تعالیٰ کے اس فرمان ِعالی شان کی بدولت صحابہ کرام ،تابعین عظام اور ائمہ دین رسول اللہ ﷺ کے ہر حکم کو قرآنی حکم سمجھا کرتے تھے اور قرآن وحدیث دونوں کی اطاعت کویکساں اہمیت وحیثیت دیا کرتے تھے ،کیونکہ دونوں کا منبع ومرکز وحی الٰہی ہے ۔عمل بالحدیث کی تاکید اورتلقین کے باوجود کچھ گمراہ لوگوں نےعہد صحابہ ہی میں احادیث نبویہ سےمتعلق اپنےشکوک وشبہات کااظہارکرناشروع کردیا تھا ،جن کوپروان چڑہانے میں خوارج ، رافضہ،جہمیہ،معتزلہ، اہل الرائے اور اس دور کے دیگر فرق ضالہ نےبھر پور کردار ادا کیا۔ لیکن اس دور میں کسی نے بھی حدیث وسنت کی حجیت سے کلیتاً انکار نہیں کیا تھا،تاآنکہ یہ شقاوت متحدہ ہندوستان کے چند حرماں نصیبوں کے حصے میں آئی،جنہوں نے نہ صرف حجیت حدیث سے کلیتاً انکار کردیا بلکہ اطاعت رسولﷺ سے روگردانی کرنے لگے اور رسول اللہ ﷺ کی اطاعت کو عہد نبوی تک ہی قرار دینے کی سعی نامشکور کرنے لگے ۔اگر کوئی حدیث کاانکار کردے تو قرآن کا انکار بھی لازم آتا ہے۔ منکرین اور مستشرقین کے پیدا کردہ شبہات سےمتاثر ہو کر مسلمانوں کی بڑی تعداد انکار حدیث کے فتنہ میں مبتلا ہوکر دائرہ اسلام سے نکلنے لگی ۔ لیکن الحمد للہ اس فتنہ انکار حدیث کے رد میں برصغیر پاک وہند میں جہاں علمائے اہل حدیث نے عمل بالحدیث اورردِّ تقلید کے باب میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں وہیں فتنہ انکار حدیث کی تردید میں بھی اپنی تمام تر کوششیں صرف کردیں۔اس سلسلے میں سید نواب صدیق حسن خان، سید نذیر حسین محدث دہلوی،مولانا شمس الحق عظیم آبادی ،مولانا محمد حسین بٹالوی ، مولانا ثناء اللہ امرتسری ، مولانا عبد العزیز رحیم آبادی،حافظ عبداللہ محدث روپڑی، مولانا ابراہیم میر سیالکوٹی ،مولانا داؤد راز شارح بخاری، مولانا اسماعیل سلفی ، محدث العصر حافظ محمدگوندلوی ﷭وغیرہم کی خدمات قابل تحسین ہیں۔اور اسی طرح ماہنامہ محدث، ماہنامہ ترجمان الحدیث ،ہفت روزہ الاعتصام،لاہور ،پندرہ روزہ صحیفہ اہل حدیث ،کراچی وغیرہ کی فتنہ انکار حدیث کے رد میں صحافتی خدمات بھی قابل قدر ہیں ۔اللہ تعالیٰ علماءاور رسائل وجرائد کی خدمات کو شرف قبولیت سے نوازے (آمین) زیر تبصرہ کتاب’’اعجاز حدیث ‘‘ پاکستان کے معروف عالم دین مصنف کتب کثیرہ مولانا محمد سیالکوٹی ﷫ کی تصنیف ہے ۔اس کتاب میں انہوں نے دلائل سےثابت کیا ہے کہ قرآن مجید کے احکام اور مسلمان کی زندگی کے تمام دین ودنیا کے کام صرف حدیث ہی کی روشنی میں انجام پاتےہیں۔ مومن پیدائش سے لے کر تادم واپسیں حدیث ہی کی آغوش میں ہے او رکسی کو اس کی ضرورت ،حجیت اورخاتمیت سے انکار نہیں ہے ۔(م۔ا)