eBooks
2,841 Results Found
زینت المصحف
Authors: قاری محمد ادریس العاصم
قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی مقدس اور محترم کتاب ہے۔ جو جن وانس کی ہدایت ورہنمائی کے لیے نازل کی گئی ہے ۔ اس کا پڑھنا باعث اجراوثواب ہے اوراس پر عمل کرنا تقرب الی اللہ او رنجاتِ اخروی کا ذریعہ ہے ۔ یہ قرآن باعث اجروثواب اسی وقت ہوگا کہ جب اس کی تلاوت اسی طرح کی جائے جس طرح تلاوت کرنے کا حق ہے اور یہ صرف اور صرف علم تجوید ہی سے حاصل ہوگا۔ علم تجوید کا ثبوت قرآن کریم ،احادیث نبویہ ۔اجماع امت ، قیاس اوراقوال ائمہ سے ملتا ہے۔تجوید وقراءات کی اہمیت وحجیت پر کئی اہل علم قراء کی کتب موجود ہیں ۔ زیر نظر کتاب ’’زینۃ المصحف‘‘ استاذ القراء قاری محمدادریس العاصم ﷾ (فاضل مدینہ یونیورسٹی )کی کاوش ہے جس میں انہو ں نے قواعد التجویدکو آسان فہم انداز میں بیان کیا ہے ۔اور آخر میں معروف ائمہ قراء کا تعارف بھی پیش کیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ تجوید وقراءات کے میدان میں موصوف قاری صاحب کی خدمات کو قبول فرمائے ۔(آمین) (م۔ا)
الفوائد السلفیہ علی المقدمہ الجزریہ
Authors: قاری محمد ادریس العاصم
اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کو بندوں کی رشد و ہدایت کے لیے نازل فرمایاہے۔،یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل کیا جانے والا ایسا کلام ہے جس کے ایک ایک حرف کی تلاوت پر دس دس نیکیاں ملتی ہیں۔اور قرآن مجید کی درست تلاوت اسی وقت ہی ممکن ہو سکتی ہے، جب اسے علم تجویدکے قواعد وضوابط اوراصول وآداب کے ساتھ پڑھا جائے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کو ترتیل کے ساتھ پڑھنے کا حکم دیا ہے ۔لہٰذا قرآن کریم کو اسی طرح پڑھا جائے جس طرح اسے پڑھنے کا حق ہے۔اور ہرمسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ علمِ تجوید کے بنیادی قواعد سے آگاہی حاصل کرے۔فن تجوید پر عربی زبان میں بے شمار کتب موجود ہیں۔جن میں سے مقدمہ جزریہ ایک معروف اور مصدر کی حیثیت رکھنے والی عظیم الشان منظوم کتاب ہے،جو علم تجوید وقراءات کے امام علامہ جزری کی تصنیف ہے۔اس کتاب کی اہمیت وفضیلت کے پیش نظر متعدد اہل علم نے اس کی شاندار شروحات لکھی ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب " الفوائد السلفیۃ علی المقدمۃ الجزریۃ"بھی مقدمہ جزریہ کی ایک مفصل شرح ہے جواستاذ القراء والمجودین قاری محمد ادریس العاصم﷾کی کاوش ہے۔جو ان کی سالہا سال کی محنت وکوشش اور عرصہ دراز کی تحقیق وجستجو کا نتیجہ ہے۔اور شائقین علم تجوید کے لئے ایک نادر تحفہ ہے۔ تجوید وقراءات کے ہر طالب علم کو اس کا ضرور مطالعہ کرنا چاہئے۔اللہ تعالی مولف کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)
متشابہات القرآن (مطول )
Authors: قاری محمد ادریس العاصم
قرآن مجید وہ عظیم الشان کتاب ہے جس میں ہماری ہدایت اور راہنمائی کی تما م تفصیلات موجود ہیں۔ یہ کتاب قیامت تک آنے والے لوگوں کےلئے ذریعۂ ہدایت و رُشد اور راہ نجات ہے۔ یہ کتاب ایک ایسی گائیڈ بک ہے ،جو کسی بھی انسان کے لئے ہرقسم کے حالات وواقعات میں شاندار اور کامیاب رہنمائی کرتی ہے۔ یہ کتاب آسمانی وزمینی علوم کا احاطہ کرنے والی ہے۔ اس کائنات میں کیاہوا، کیا ہوچکا اورکیا ہونے والاہے،اس کے بارے میں تمام معلومات اس کتاب میں موجودہے۔ صرف یہ نہیں بلکہ اس کتاب میں دنیا میں رونما ہونے والے کسی بھی قسم کے حالات وواقعات کے اسباب اور وجوہات کا تذکرہ تفصیلی طور پر گیا ہے۔ اللہ کی نازل کردہ اس کتاب میں اور بھی بہت کچھ ہے،جس کا احاطہ کرنا کسی انسان کے لئے ناممکن ہے۔اس کتاب میں انسان جتنا غور وفکر کرکے پڑھے گا، اتنا ہی اس کتاب سے استفادہ کرکے اس کے اسرار ورموز اور معلومات سے آگاہ ہوسکے گا۔ اس آج تک کوئی کمی بیشی نہیں ہو سکی اور اسے دنیا کی واحد محفوظ کتاب ہونے کی حیثیت حاصل ہے جس کا مواد تبدیل نہیں ہو سکا اور تمام دنیا میں کروڑوں کی تعداد میں چھپنے کے باوجود اس کا متن ایک جیسا ہے۔قرآن مجید کی اسی شان اور مقام ومرتبے کے پیش نظر اہل علم نے اس کی خدمت میں اپنی زندگیاں کھپا ئی ہیں اور اس کے مختلف علوم وفنون کو مدون فرمایا ہے۔قرآن مجید کے مختلف علوم وفنون میں سے ایک علم متشابہات القرآن ہے۔زیر تبصرہ کتاب "متشابہات القرآن"جماعت اہل حدیث کے معروف قاری المقری الاستاذ محمد ادریس العاصم کی تصنیف ہے ،جس میں انہوں نے حفاظ کرام کے لئے قرآن مجید میں آنے والے متشابہات کو جمع فرما دیا ہے تاکہ دوران تلاوت متشابہات کی بناء پر تلاوت نہ ہو جائے۔اللہ تعالی ان کی اس خدمت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)
شرح طیبۃ النشر
Authors: قاری محمد ادریس العاصم
قرآن مجید نبی کریم پر نازل کی جانے والی آسمانی کتب میں سے آخری کتاب ہے۔آپﷺ نے اپنی زندگی میں صحابہ کرام کے سامنے اس کی مکمل تشریح وتفسیر اپنی عملی زندگی ، اقوال وافعال اور اعمال کے ذریعے پیش فرمائی اور صحابہ کرام کو مختلف قراءات میں اسے پڑھنا بھی سکھایا۔ صحابہ کرام اور ان کے بعد آئمہ فن اور قراء نے ان قراءات کو آگے منتقل کیا۔ کتبِ احادیث میں اسناد احادیث کی طرح مختلف قراءات کی اسناد بھی موجود ہیں ۔ بے شمار اہل علم اور قراء نے علوم ِقراءات کے موضو ع پرسینکڑوں کتب تصنیف فرمائی ہیں اور ہنوز یہ سلسلہ جاری وساری ہے ۔زیر نظر کتاب قراءات کے مشہور ومعروف امام محمد بن محمد الجزری کی کتاب طیبۃ النشر کی اردو زبان میں تفہیم وشرح ہے ۔علامہ جزری نے اپنی اس کتاب میں الشاطبیہ اور الدرۃ سے زائدوجوہ اور قراءات کو اختصارکےساتھ جمع فرمادیا ہے۔ طیبۃ النشر کے شارح استاد القراء والجودین الشیخ ا لمقری محمد ادریس العاصم﷾ نے اس میں بہت تسہیلی انداز کو اختیارکیا ہے۔ شرح کی تیاری میں شاطبیہ اور درہ کی بہت سے شروحات سے استفادہ کرتے ہوئے انہوں نے کوشش کی ہےکہ اس میں کوئی علمی نکتہ یاپہلو تشنہ نہ رہے، اور بات بہت زیادہ طویل بھی نہ ہونےپائے ۔قاری صاحب نے طلباء کی سہولت کی خاطر ترجمہ میں ایسا انداز اختیار کیا ہے، جو شعروں کوحل کرنے اوران سے قراءات اخذ کرنے میں آسان ترین ہے ۔ موصوف قاری صاحب ماشاء اللہ اس کتاب کے علاوہ بھی تجوید وقراءات کے موضوع پر متعدد کتب کے مصنف اور معروف قراء کے استاد ہیں۔ دورِ حاضر میں تجوید قراءات کےمیدان میں ان کی نمایاں خدمات ہیں اور ان کی کتب مدارس وجامعات میں شامل نصاب ہیں۔ اللہ تعالی خدمت قرآن میں ان کی جہودکوشرف قبولیت سے نوازے۔آمین(م۔ا)
تدریب المعلمین یعنی رہنمائے مدرسین
Authors: قاری محمد ادریس العاصم
اس پر فتن دور میں مبارک باد کے لائق ہیں وہ والدین جو اپنے بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرتے ہیں ۔اور سعادت مند ہیں وہ بچے جو علم دین سےآراستہ ہو رہے ہیں، اور لائق تحسین ہیں وہ قابل فخر اساتذہ کرام جو خدمت قرآن میں مصروف ہیں۔کسی بھی دینی ادارے کی خیر وخوبی انتظام و انصرام کا انحصار اس بات پہ ہوتا ہے کہ وہاں حصول علم کےلیے آنے والے طلباء اور تعلیم دینے والے اساتذہ کرام کا باہمی تعلق آپس میں محبت یگانگت اور پڑہائی کے مسلمہ اصول وقواعد کے مطابق ہو۔یہ اصول وقواعد کیا ہوں طالب علم حصول علم کے لیے کن امور کو پیش نظر رکھیں ۔اساتذہ کن اصول وقواعد کو اختیار کریں۔ پڑہانے کا طریقہ کار کیا ہو؟ مدرسے میں رہن سہن کا طریقہ کیا ہو؟زیر تبصرہ کتاب میں انہی مذکورہ امورکو مد نظررکھتے ہوئے استاد القراء مصنف کتب کثیرہ قاری محمد ادریس العاصم ﷾ نے اپنے تدریسی تجربہ و مشاہدات اور اپنے قابل صد احترام اساتذہ عظام کے ارشادات اور ان کی کتب سےاخذ شدہ تعلیم وتعلم کے رہنما اصول وقواعد کو جمع کردیا ہے۔اورکتاب میں صرف ان امور کو زیر بحث لائے ہیں جو ایک طالب علم اور استادکے لیے نہایت ضروری ہیں۔ نیز طلباء اور اساتذہ کے لیے قابل مطالعہ کتب کے نام بھی ذکر کر دیے ہیں تاکہ طلباء اوراساتذہ میں مطالعہ کا ذوق پیدا ہو۔ اپنے موضوع پریہ ایک منفرد اور مفید کتاب ہے جس میں مذکور اصول وضوابط کو اختیا ر کر کے ایک طالب علم مثالی طالب علم اور ایک استاد اچھا کامیاب استاد بن سکتاہے ۔اللہ ان کے علم و عمل میں برکت فرمائے۔ (آمین )(م۔ا)
محاسن قرآن
Authors: قاری محمد ادریس العاصم
اللہ احکم الحاکمین نے جب کل نوع انسانی کو اپنی بے حدو حساب اور وسیع و عریض رحمت کی موسلادھار بارش سےسیراب کرنے کا ارادہ فرمایا تو تمام کائنات میں بہترین اور افضل ترین ہستی حضرت محمد ﷺ کو اس راہ سے بھٹکی ہوئی نوع انسانی کے لئے مبعوث فرمایا اور پھر اس نعمت پر اکتفا نہ فرمایا بلکہ بارش رحمت کا سلسلہ مزید وسیع ہوا اورقیامت تک کے جن و انس کی رہنمائی کے واسطے اپنے نبی رحمت ﷺ پر اپنی عظیم الشان آخری کتاب ہدایت نازل فرمائی جسے ہم قرآن حکیم ، فرقان حمید کے نام سے جانتے ہیں۔اس عظیم الشان کتاب کے ہمارے اوپر کئی حقوق ہیں ان میں سے جہاں ہم پر یہ فرض ہے کہ اس پر اچھی طرح عمل کریں وہاں ہم پر یہ بھی لازم ہے کہ اسے اچھی طرح یاد کریں اور اس کی تلاوت کریں اور وہ بھی اس طرح کریں جیسے کرنے کا حق ہے یعنی جس طرح صحابہء کرام نے اس کی تلاوت فرمائی۔ لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑھتا ہے کہ آج کے مسلمان انگلش زبان ادائیگی اور تلفظ میں تو بڑی احتیاط برتتے ہیں ۔ اس کی تلاوت کرتے وقت انتہائی خیال کیا جاتا ہے کہ کہیں خطاء سرزد نہ ہو جائے جبکہ عربی زبان اور قرآن کے بارے میں کوئی لحاظ نہیں۔محترم قاری ادریس العاصم ایک عرصہ دراز سے اس حوالے سے تدریسی ، تحریری اور فنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔ زیر نظر کتاب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے اللہ انہیں جزائے خیر سے نوازے۔ آمین۔(ع۔ح)
نفائس البیان فی رسم القرآن
Authors: قاری محمد ادریس العاصم
اللہ تعالیٰ نے جہاں رسول اللہﷺ کے ذریعے سے تجوید و قراء ات کے بہترین تلامذہ صحابہ کرام کی صورت میں پیدا فرمائے وہیں پر حضرات صحابہ رسم قرآن کے بھی ماہر کے طور پر سامنے آئے۔ صحابہ کرام نے قرآن کے رسم میں جن امور کو ملحوظ رکھا وہ قابل داد اور حیرت انگیز ہیں۔ رسم قرآنی پر علما و ائمہ نے بہت سی کتب تحریر فرمائیں جن میں علامہ دانی، علامہ شاطبی اور علامہ الخراز وغیرہم کے نام شامل ہیں۔ اردو زبان میں اس موضوع پر بہت قلیل کام ہوا ہے۔ اسی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے شیخ القرا قاری ادریس العاصم نے پیش نظر کتاب ترتیب دی ہے۔ کتاب کا پہلا حصہ تاریخ رسم سے متعلق ہے، دوسرے حصے میں مصاحف عثمانیہ کی تصاویر اور دیگر مختلف ادوار کے مصاحف اور آنحضرتﷺ کے دو نامہ مبارکہ کی تصاویر ہیں جو اس لیے شامل کتاب کی گئی ہیں تاکہ مختلف ادوار میں طرز تحریر سے آگاہی حاصل ہو۔ تیسرے حصے میں رسم قرآن کے اصول بتائے گئے ہیں، چوتھے حصے میں ان اصولوں کے مطابق پورے قرآن کے غیر قیاسی کلمات قرآنی کو بیان کیا گیا ہے۔ پانچواں اور آخری حصہ علم الضبط پر مشتمل ہے۔(ع۔م)
تحبیر التجوید
Authors: قاری محمد ادریس العاصم
قرآن مجید کو اللہ تعالیٰ نے بندوں کی رشد و ہدایت کے لیے نازل فرمایا۔ یہ خدا تعالیٰ کی طرف سے نازل کیا جانے والا ایک معجزہ ہے اس کی ایک واضح دلیل یہ ہے کہ عرب لوگ باوجود فصیح و بلیغ ہونے کے قرآن کریم جیسی ایک آیت لانے سے بھی قاصر رہے۔ قرآن کریم کو اللہ تعالیٰ نے ترتیل کے ساتھ پڑھنے کا حکم دیا ہے فلہٰذا ضروری ہے کہ قرآن کریم کو اسی طرح پڑھا جائے جس طرح پڑھنے کا حق ہے ۔ اور یہ حق اسی طور پر ادا ہو سکتا ہے جب قرآن کو صحیح تلفظ اور قواعد تجوید کے مطابق پڑھا جائے۔ شیخ القرا قاری ادریس عاصم صاحب کو فن تجوید و قراءات میں نمایاں مقام حاصل ہے۔ اس سلسلہ میں آپ کی خدمات اظہر من الشمس ہیں زیر نظر رسالہ بھی اسی فن کے حوالہ سے آپ کا عوام و خواص کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے۔ جس میں عام فہم انداز میں تجوید کے قواعد اسی غرض سے جمع کیے گئے ہیں کہ حفاظ و طلبا اس کو آسانی سے یاد کر سکیں۔ اور ان قواعد کی روشنی میں قرآن کریم صحیح پڑھنے کی مشق کریں۔ کتاب میں ایک جگہ پر قاری صاحب نے مخارج کا نقشہ بھی پیش کیا ہے۔ علاوہ بریں بعض عیوب تلاوت اور علامات وقوف پر بھی روشنی ڈالی ہے۔ کتاب کے اخیر میں حافظ صاحب نے اپنی مکمل روایت حفص کی سند بھی لکھی ہے۔(ع۔م)
طریقہ نماز تکبیر سے سلام تک
Authors: فاروق اصغر صارم
نماز دین ِ اسلام کا دوسرا رکن ِ عظیم ہے جوکہ بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے ۔ قرآن وحدیث میں نماز کو بر وقت اور باجماعت اداکرنے کی بہت زیاد ہ تلقین کی گئی ہے ۔نماز کی ادائیگی اور اس کی اہمیت اور فضلیت اس قد ر اہم ہے کہ سفر وحضر اور میدان ِجنگ اور بیماری میں بھی نماز ادا کرنا ضروری ہے ۔نماز کی اہمیت وفضیلت کے متعلق بے شمار احادیث ذخیرۂ حدیث میں موجود ہیں او ر بیسیوں اہل علم نے مختلف انداز میں اس پر کتب تالیف کی ہیں ۔ نماز کی ادائیگی کا طریقہ جاننا ہر مسلمان مرد وزن کےلیے ازحد ضروری ہے کیونکہ اللہ عزوجل کے ہاں وہی نماز قابل قبول ہوگی جو رسول اللہ ﷺ کے طریقے کے مطابق ادا کی جائے گی ۔او ر ہمارے لیے نبی اکرم ﷺکی ذات گرامی ہی اسوۂ حسنہ ہے ۔انہیں کے طریقے کےمطابق نماز ادا کی جائے گئی تو اللہ کے ہاں مقبول ہے ۔ اسی لیے آپ ﷺ نے فرمایا صلو كما رأيتموني اصلي لہذا ہر مسلمان کےلیے رسول للہ ﷺ کے طریقۂ نماز کو جاننا بہت ضروری ہے۔ زیر نظر کتاب’’طریقہ نماز (تکبیر سے سلام تک )‘‘ محترم ڈاکٹر محمد صارم حفظہ اللہ کی مرتب شدہ ہے ڈاکٹر صاحب نے اس کتاب میں فاضل مرتب نے رسول اکرمﷺ کی نماز کا مکمل طریقہ ازحد آسان اور عام فہم انداز میں بیان کردیا ہے۔(م۔ا)