eBooks
2,841 Results Found
شرعی منہیات پر واضح تنبیہ
Authors: محمد بن صالح المنجد
شریعت اسلامیہ میں جہاں متعدد احکامات کی تعمیل ضروری قرار دی گئی ہے وہیں بہت سے کاموں سے رکنے کا بھی سختی سے حکم دیا گیا ہے۔ تاکہ نہ صرف دنیوی زندگی کو گل و گلزار بنایا جائے بلکہ اخروی فلاح و کامرانی بھی انسان کے مقدر ٹھہرے۔ زیر نظر مختصر سے کتابچہ میں انہی تشریعی ممانعات کو قدرے اختصار سے قلم بند کیا گیا ہے۔ شیخ صالح المنجد نے تقریباً ان تمام منہایت الہٰیہ کو جمع کر دیا ہے جو قرآن یا احادیث صحیحہ میں موجود ہیں۔ انہوں نے اس کی ترتیب فقہی ابواب پر رکھی ہے۔ مکمل نص ذکر کرنے سے احتراز کرتے ہوئے صرف جزء شاہد پر اکتفاء کیا ہے۔ کتاب میں بیان کردہ منہیات کے حوالہ جات مذکور نہیں ہیں اگر یہ اہتمام ہو جاتا تو کتاب کی افادیت مزید بڑھ جاتی۔
خطرناک گناہ
Authors: محمد بن صالح المنجد
موجودہ مسلم معاشروں میں ایسے محرمات کا ارتکاب عام ہوگیا ہے جو اللہ تعالی کے ہاں سخت ناپسندیدہ اور مہلک ہیں- طرفہ تماشہ یہ ہے کہ ان گناہوں کو نہ صرف یہ کہ انتہائی معمولی خیال کیا جاتا ہے بلکہ ان کے جواز کے فتوے بھی جڑے جاتے ہیں- زیر مطالعہ کتاب میں ایسے ہی برے اعمال کے ہولناک نتائج پر بالتفصیل روشنی ڈالی گئی ہے- مصنف نے غیر اللہ کے نام کی قسم اٹھانا،نماز میں ترک اطمینان، لواطت، بیوی سے دوران حیض مباشرت، دیوثیت، سود خوری، کپڑا ٹخنوں سے نیچے لٹکانا اور پڑوسیوں سے بدسلوکی جیسے دیگر درجنوں مسائل کی اصل حقیقت بیان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان گناہوں کو اختیار کرنے کی وجہ سے ہم ایک انتہائی ہولناک اور نہ ختم ہونے والے عذاب کی طرف تیزی سے بڑھ رہے ہیں-
روزے کے ستر مسائل
Authors: محمد بن صالح المنجد
رمضان المبارک تمام مہینوں میں سے افضل ترین مہینہ ہے اور اس کی عبادات کو تمام عبادات سے افضل قرار دیا ہے-اس لیے اس کی احتیاط کے پیش نظر مختلف کوتاہیوں اور غلطیوں سے محفوظ رہنے کے لیے علماء نے بہت کچھ لکھا ہے-زير نظر كتاب ميں مصنف نے انتہائی آسان فہم انداز میں روزے سے متعلق تقریباً تمام مسائل کو یکجا کردیا ہے-مصنف نے روزے کی تعریف،اس کے فضائل اور سنتوں کاتذکرہ کرتے ہوئےروزے کے احکامات کو تفصیل سے بیان کیا ہے- نیزمسافر ،مریض اور عمررسیدہ کے لیے اس ضمن میں شرعی احکام کا تذکرہ کرتے ہوئے خواتین کے لیے روزے کے احکام سے متعلق بالدلائل گفتگوکی گئی ہے-
اسلامی نظریہ حیات
Authors: ڈاکٹر حافظ محمد زبیر
In Arguments
اس دنیا میں انسان کا وجود کسی اتفاق یا حادثے کا نتیجہ نہیں بلکہ خالق وحدہ لاشریک کی ایک بامقصد تخلیق کا ظہور ہے۔اور انسان کی تخلیق کا اصل مقصد یہ ہے کہ وہ اپنی عبادت اور بہترین عمل کے ذریعے اپنے خالق کا شکر ادا کرے۔ اسلامی نظریہ حیات ہی وہ واحد نظریہ ہے کہ جس میں انسانی زندگی کی ابتداء وانتہاء ،مقصدِ زندگی ،طرزِحیات، تاریخ ، لسانیات ، علمیت ،اور اخلاقیات وغیرہ کے بارے اس قدر تفصیلی اور واقعی معلومات موجود ہیں کہ اس پر "Theory of Everything" کا اطلاق نہیں ہوسکتا ہے۔ زیر تبصرہ کتاب’’اسلامی نظریہ حیات‘‘معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر حافظ محمد زبیر ﷾(فاضل جامعہ لاہور الاسلامیہ ،لاہور ،مصنف کتب کثیرہ،اسسٹنٹ پروفیسر کامساٹس یونیورسٹی،لاہور) کی کاوش ہے ڈاکٹر صاحب نے اسلامی ضابطہ حیات کی روشنی میں اسلام کا عالمی نقطہ نظر اصولی انداز میں اس طرح پیش کرنے کی کوشش کی ہےیہ دین کی روایتی فکرکا ایک جامع اور مختصر بیانیہ بن جائے۔اس بیانیے کا ہرہر جملہ ایک ایسی فکر کا حامل ہے کہ جس میں کسی فتنے کا ردّ موجود ہے یا کسی اہم سوال کاجواب پوشیدہ ہے اورمتن کا ہر جملہ دوسرے کےساتھ نہ صرف لفظاً ومعناً مربوط ہے بلکہ اس کے لیے ایک دلیل بھی ہے ۔بیانیئے کا متن اگرچہ مختصر ہےلیکن حواشی میں بیانیہ کی دلیل اور استدلال تفصیل کے ساتھ کتاب وسنت سے نقل کردیا گیا ہے۔ڈاکٹر حافظ زبیر صاحب کےمرتب کردہ جدید اسلوب پر مشتمل عقیدہ کا یہ مختصر بیانیہ(متن) وحواشی کی تفہیم تفصیلی شرح کی متقاضی ہے۔جیسے عقیدہ کے دو مشہور متون ’’ متن العقیدہ الطحاویۃ ‘‘ اور ’’ عقیدہ واسطیہ‘‘ کی تفہیم وتوضیح کےلیے شروح لکھی گئی ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مصنف کی تمام تدریسی ، تحقیقی وتصنیفی کاوشوں کو شرفِ قبولیت سے نوازے۔آمین (م۔ا)
پی ڈی ایف کتابوں کی شرعی حیثیت فقہ اسلامی اور معاصر قوانین کے تناظر میں
Authors: ڈاکٹر حافظ محمد زبیر
In Fiqha
پچھلے دنوں میں یہ بحث بہت زور و شور سے جاری رہی ہے کہ مصنف یا پبلشر کی اجازت کے بغیر پی ڈی ایف کتاب کو شیئر کرنا جائز ہے یا نہیں؟ یہ مختصر کتابچہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ڈاکٹر حافظ محمد زبیر صاحب کا اس سلسلے میں نقطہ نظر یہ ہے کہ ایک بندے نے جب ہارڈ کاپی خرید لی تو اب وہ اس کا مالک بن گیا اب ایسے وہ کسی ہدیہ بھی دے سکتا ہے، فوٹو کاپی کروا کے مفت بانٹ بھی سکتا ہے اور اگر وہ اسے تجارتی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کرتا تو اس کے حق استعمال پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی۔ کتابچہ میں حافظ صاحب نے اپنے موقف کے حق میں بہت سے دلائل کا سہارا لیا ہے۔ کتابچہ کے مطالعہ سے دوسرے موقف کے حاملین کی آرا بھی سامنے آ جائیں گی۔(ع۔ا)
ابن عربی کا تصور ختم نبوت
Authors: ڈاکٹر حافظ محمد زبیر
’’ابن عربی کاتصورختم نبوت‘‘ان تحریروں کا مجموعہ ہے جو پہلے پہل فیس بک ٹائم لائن پر شیئر کی گئی تھی۔ بعض لوگوں کے اصرار پر انہیں ضروری ایڈیٹنگ اور کچھ اضافوں کے بعد ایک کتابچہ کی صورت میں پیش کیا جا رہا ہے۔یہ کتابچہ حافظ صاحب کی نئی کتاب "مقالات"کا ایک باب بھی ہےلہذا اس موضوع کی اہمیت کے پیش نظر اسے علیحدہ سے بھی شائع کیا جا رہا ہے۔ شیخ ابن عربی کے تصور توحید یا وحدت الوجود پر تو بہت کام ہوا ہے لیکن ان کے تصور ختم نبوت پر کوئی کام موجود نہیں ہے۔تو اس کمی کو اس کتابچہ کے ذریعے پورا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔اس مقالے میں جائزہ لیا گیا ہے کہ کیا غلام احمد قادیانی اور شیخ ابن عربی کے تصور ختم نبوت میں کچھ مشترک بنیادیں موجود ہیں؟ اور کیا غلام احمد قادیانی نے واقعی اپنا تصور ختم نبوت شیخ ابن عربی اور دیگر متصوفین سے اخذ کیا ہے؟ اور کیا شیخ ابن عربی بھی محض تشریعی نبوت کے خاتمے کے قائل تھے؟ اور کیا شیخ ابن عربی مطلق نبوت ک ےجاری رہنے کے قائل تھے؟ اور کیا شیخ ابن عربی نے بھی نبوت کا دعویٰ کیا تھا؟ تو ان سب سوالات کو اس کتابچے میں ایڈریس کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔(ع۔ا)
شمالی علاقہ جات کی سیر و سیاحت سیاحین کی رہنمائی کے لیے گائیڈ بک
Authors: ڈاکٹر حافظ محمد زبیر
In Knowledge
دنیا بھر کے کروڑوں لوگ ہر سال سیر و سیاحت کے لیے مختلف علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔ مغربی ممالک میں یہ ٹرینڈ بہت ہی زیادہ ہے۔ جہاں چھٹیوں کو خوب انجوائے کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں بھی حالیہ دنوں میں سیر و سیاحت میں کے سلسلے میں خاصی تیزی دیکھنے میں آ ئی ہے۔ بالخصوص عید وغیرہ کے موقع پر ضرورت سے زیادہ لوگ مری اور شمالی علاقہ جات کا رخ کرنے لگے ہیں۔ ڈاکٹر حافظ محمد زبیر صاحب کی یہ کتاب بھی ایسے ہی سفر کی داستان ہے۔ انھو ں نے 2018 میں ناران کاغان اور جولائی 2019 میں وادی نیلم کا سفر کیا تھا۔ عموماً ان علاقوں کا سفر کرنے والے حضرات جب اس سے متعلق کچھ لکھتے ہیں تو صرف خوبیوں کو ہی زیر بحث لاتے ہیں۔ ان علاقوں کا سفر کرنے والے کو کن مشکلات کا سامنا کر پڑ سکتا ہے اسے نظر انداز کر دیتے ہیں۔ جبکہ حافظ صاحب نے کسی لگی لپٹی کے بغیر ہر جگہ کی خوبیوں اور خامیوں کو قلمبند کر دیا ہے تاکہ جو بھی ان علاقوں کا رخ کرنا چاہے وہ ان چیزوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے مکمل تیاری کے ساتھ ان علاقوں کا رخ کرے۔ اس لحاظ سے یہ مختصر سی کتاب ایک مکمل گائیڈ بک ہے۔ یہ تحریریں حافظ صاحب پہلے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر لکھتے رہے ہیں اس کے بعد اسی کتابی صورت دی گئی ہے۔ اہم فیس بک کمنٹس کو بھی کتاب میں جگہ دی گئی ہے۔ (ع۔ا)
انجینیئر محمد علی مرزا افکار ونظریات
Authors: ڈاکٹر حافظ محمد زبیر
In History
انجینئر محمد علی مرزا انٹرنیٹ کی دنیا کا ایک معروف نام ہیں۔ ان کے بقول میں معروف مکاتب فکر میں سے کسی کا بھی براہ راست حصہ نہیں ہوں۔ بلکہ وہ مسالک کی تقسیم کو درست نہیں سمجھتے اور بہت سی برائیوں کی جڑ اسی کو قرار دیتے ہیں۔ اور اپنے آپ کو صرف مسلمان کہلانا پسند کرتے ہیں۔ مرزا صاحب کی ایک تحریر ’’ واقعہ کربلا کا حقیقی پس منظر: 72 صحیح الاسناد احادیث کی روشنی میں‘‘ کے عنوان سے موجود ہے۔ مرزا صاحب اپنے اس کتابچے کو اپنا بنیادی ترین فکر بتلاتے ہیں بلکہ ان کے بقول یہ کتاب ان کی ’’دی بیسٹ پراڈکٹ‘‘ ہے اور وہ اسے علماء کے خلاف ’’ہائیڈروجن بم‘‘ قرار دیتے ہیں۔ ڈاکٹر حافظ محمد زبیر نے ’ انجینئر محمد علی مرزا: افکار و نظریات ‘ میں ان کی اسی تحریر کا مکمل جائزہ پیش کیا ہے۔ حافظ صاحب نے پہلے مرزا صاحب کے کتابچے پر 18گھنٹے پر مشتمل ویڈیوز ریکارڈ کروائی تھیں۔ اب انھیں ویڈیوز کو کتابی صورت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ (ع۔ا)
مکالمات
Authors: ڈاکٹر حافظ محمد زبیر
معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر حافظ محمد زبیر ﷾(مصنف کتب کثیرہ،اسسٹنٹ پروفیسر کامساٹس یونیورسٹی،لاہور) گزشتہ کئی سالوں سے فیس،واٹس ایپ پر کسی علمی، تحقیقی اور فکری مسئلے میں کوئی نہ کوئی تحریر شیئر کر تے رہتے ہیں جسے قارئین بڑی دلچسپی سے خود پڑھ کر دوسروں کو بھی فارورڈ کرتے رہتے ہیں اور اپنے پاس کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ وغیرہ میں محفوظ بھی کر لیتے ہیں کہ وہ انہیں اچھی لگتی ہیں ۔ دوست واحباب کے اصرار پر ڈاکٹر صاحب اپنی ان تحریروں کو کتابی صورت میں مرتب کر کے متعدد کتب شائع کرچکے ہیں ایسی مطبوعہ کتب میں ان کی کتاب ’’مکالمہ‘‘ سر فہرست ہے۔ زیر نظر کتاب ’’مکالمات‘‘ بھی ان کے دس مختلف اہم کتابچوں کا مجموعہ ہے ۔ جن میں سے بعض کتاب وسنت سائٹ پر موجود ہیں لیکن ڈاکٹر زبیر صاحب نےانہیں پ ڈیٹ کر کے اس کتاب میں شامل کیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ مصنف کی تمام تدریسی ، تحقیقی وتصنیفی کاوشوں کو شرفِ قبولیت سے نوازے ۔(آمین)(م۔ا)