eBooks
2,841 Results Found
سادہ لوح مسلمان اور قادیانی حربے
Authors: خاور رشید بٹ
اسلامی تعلیمات کے مطابق نبوت ورسالت کا سلسلہ سیدنا آدم سے شروع ہوا اور سید الانبیاء خاتم المرسلین سیدنا محمد ﷺ پر ختم ہوا اس کے بعد جوبھی نبوت کادعویٰ کرے گا وہ دائرۂ اسلام سے خارج ہے ۔ ختم نبوت ناصرف اسلام کی روح ہے بلکہ وہ بنیادی عقیدہ ہے جس پر تمام امت مسلمہ کا روزِ اول سے اتفاق، اتحاد اوراجماع ہے ۔قادیانیت اسلام کے متوازی ایک ایسا مصنوعی مذہب ہے جس کا مقصد اسلام دشمن سامراجی طاقتوں کی سرپرستی میں ا سلام کی بنیادوں کو متزلزل کرنا ہے۔قادیانیت کے یوم پیدائش سے لے کر آج تک اسلام اور قادیانیت میں جنگ جار ی ہے یہ جنگ گلیوں ،بازاروں سے لے کر حکومت کے ایوانوں اور عدالت کےکمروں تک لڑی گئی اہل علم نے قادیانیوں کا ہر میدان میں تعاقب کیا تحریر و تقریر ، سیاست و قانون اور عدالت میں غرض کہ ہر میدان میں انہیں شکستِ فاش دی ۔ مولانا خاور رشید بٹ ﷾ (انچار ج شعبہ تقابل ادیان وسیرت سیکشن ادارہ حقوق الناس ویلفیئر فاؤنڈیشن ،لاہور )کی زیر نظر کتاب بعنوان’’سادہ لوح مسلمان اور قادیانی حربے‘‘ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔فاضل مصنف نے اس کتاب میں میں قادیانیوں کے 15حربوں پیش کر کے ان کے جوابات تحریر کیے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ فاضل مصنف کی دعوتی وتدریسی، تحقیقی وتصنیفی خدمات کو شرفِ قبولیت سے نوازے۔آمین ( م۔ا)
قائلین جشن میلاد کو دعوت فکر
Authors: خاور رشید بٹ
متنازعہ مسائل میں سے ایک اہم مسئلہ بارہ ربیع الاول کو میلاد النبی ﷺ منانےکاہے بہت سارے مسلمان ہرسال بارہ ربیع الاول کو عید میلادالنبی ﷺ او رجشن میلاد مناتے ہیں ۔ لیکن اگر قرآن وحدیث اور قرونِ اولیٰ کی تاریخ کا پوری دیانتداری کے ساتھ مطالعہ کیا جائے تو ہمیں پتہ چلتا ہےکہ قرآن وحدیث میں جشن عید یا عید میلاد کا کوئی ثبوت نہیں ہے اور نہ نبی کریم ﷺ نے اپنا میلاد منایا او رنہ ہی اسکی ترغیب دلائی ، قرونِ اولیٰ یعنی صحابہ کرام ﷺ ،تابعین،تبع تابعین کا زمانہ جنہیں نبی کریم ﷺ نے بہترین لوگ قرار دیا ان کے ہاں بھی اس عید کا کوئی تصور نہ تھا اورنہ وہ جشن مناتے تھے اور اسی طرح بعد میں معتبر ائمہ دین کےہاں بھی نہ اس عید کا کو ئی تصور تھا اور نہ وہ اسے مناتے تھے او ر نہ ہی وہ اپنے شاگردوں کو اس کی تلقین کرتےتھے بلکہ نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے جشن منعقد کرنے کا آغاز نبی ﷺ کی وفات سے تقریبا چھ سو سال بعد کیا گیا ۔عید میلاد النبی ؍جشن میلاد کی حقیقت کو جاننے ک لیے اہل علم نےبیسیوں کتب تصنیف کی ہیں ۔ زیر نظررسالہ ’’ قائلین جشن میلاد کو دعوت فکر‘‘مولانا خاور رشید بٹ ﷾ (انچار ج شعبہ تقابل ادیان وسیرت سیکشن ادارہ حقوق الناس ویلفیئر فاؤنڈیشن ،لاہور ) کی کاوش ہے ۔ موصوف نےاس مختصر کتابچہ میں قائلین عید میلاد النبی ﷺ کے معروف دلائل پیش کر کےان کا علمی انداز میں تجزیہ کیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ فاضل مصنف کی دعوتی وتدریسی، تحقیقی وتصنیفی خدمات کو شرفِ قبولیت سے نوازے۔آمین ( م۔ا)
اسلام میں غیر مسلموں کے حقوق
Authors: خاور رشید بٹ
اللہ تعالیٰ کا پسندیدہ دین اسلام دینِ امن وسلامتی ہے اور یہ معاشرے میں رہنے والے تمام افراد کو ،خواہ ان کا تعلق کسی بھی مذہب اور رنگ و نسل سے ہو ، جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کی ضمانت عطا کرتا ہے ۔ ایک اسلامی ریاست میں آباد غیر مسلم اقلیتوں کی عزت اور جان و مال کی حفاظت کرنا مسلمانوں پر بالعموم اور اسلامی ریاست پر بالخصوص فرض ہے ۔ غیر مسلموں کے حقوق کا تحفظ جس انداز میں عہد رسالت مآب ﷺاور عہد خلفاے راشدین میں کیا گیا اس کی نظیر پوری انسانی تاریخ میں نہیں ملتی. حضور ﷺنے اپنے مواثیق، معاہدات اور فرامین کے ذریعے اس تحفظ کو آئینی اور قانونی حیثیت عطا فرما دی تھی۔جس کی تفصیلات کتب تاریخ وسیر اورکتب فقہ میں موجود ہے ۔ زیر نظر کتاب’’اسلام میں غیر مسلموں کے حقوق‘‘مولانا خاور رشید بٹ﷾ (انچارچ شعبہ تقابل ادیان وسیرت سیکشن ادارہ حقوق الناس ویلفیئر فاؤنڈیشن ،لاہور) کی کاوش ہے۔فاضل مصنف نے نہایت عرق ریزی اور خوش اسلوبی سے اسلامی ریاست میں غیرمسلموں کے حقوق کے متعلق اپنی تحقیق کو دلائل کے ساتھ پیش کیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ مصنف کی تمام دعوتی وتبلیغی ، تحقیقی وتصنیفی کاوشوں کو شرفِ قبولیت سے نوازے ۔(آمین)(م۔ا)
حیات عیسٰی علیہ السلام کے مرزائی شبہات کا ازالہ
Authors: خاور رشید بٹ
In Biography
اسلامی عقائد میں سے ایک بنیادی عقیدہ حیات مسیح کا ہے کہ سیدنا مسیح زندہ آسمانوں پر اٹھا لیے گئے اور قربِ قیامت دوبارہ نزول فرمائیں گے ۔ یہ عقیدہ قرآن مجید اور صحیح احادیث سے ثابت ہے اوراس پر امت مسلمہ کا اجماع بھی ہے ۔لیکن مرزا غلام احمد قادیانی نےاپنی جھوٹی نبوت کی بنیاد اس عقیدہ پر رکھی کہ مسیح انتقال کرچکے ہیں او ر اب میں ہی وہ مسیح موعود ہوں جس کے آنے کا وعدہ کیا گیا ہے ۔ قادیانیت کے یومِ پیدائش سے لے کر آج تک اسلام اور قادیانیت میں جنگ جار ی ہے ۔ اہل علم نے قادیانیوں کا ہر میدان میں تعاقب کیا تحریر و تقریر ، سیاست و قانون اور عدالت غرض کہ ہر میدان میں انہیں شکستِ فاش دی ۔مولانا خاور رشید بٹ ﷾ (انچار ج شعبہ تقابل ادیان وسیرت سیکشن ادارہ حقوق الناس ویلفیئر فاؤنڈیشن ،لاہور )کی زیر نظر کتاب بعنوان ’’ حیات عیسی کے متعلق مرزائی شبہات کا ازلہ ‘‘بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ مولانا خاور شید صاحب نے اس کتاب میں وفات مسیح کے متعلق قادیانیوں کی طرف سے عام کیے گئے دو بروشر کا دلائل سے ردّ پیش کیا ہے ۔اللہ تعالیٰ فاضل مصنف کی دعوتی وتدریسی، تحقیقی وتصنیفی خدمات کو شرفِ قبولیت سے نوازے۔آمین ( م۔ا)
رحمۃ للعالمین ﷺ کے اصول جنگ
Authors: خاور رشید بٹ
اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اسلام ایک تبلیغی مذہب ہے جس کی اشاعت کی ذمداری ایک فریضہ دین کی حیثیت رکھتی ہے ۔ جوکہ نبیﷺ کو شروع دن سے ہی سونپ دی گئی تھی۔ قرآن او راحادیث نبویہ ﷺ کے مطالعہ سے پتہ چلتاہے کہ جبرنہ اسلامی تعلیمات کاحصہ نہ ہی مسلمانوں کا مزاج ہے ۔ پیغمبر اسلامﷺ اور آپ کے جان نثار صحابہ کی تلوار تو صرف تسخیر ممالک اورعدل وانصاف کے قیام کے لیےتھی جبکہ دلوں کو تو اسلام بلند اخلاق ،انصاف ،نرمی،صبر،ایثار او ر ایک بے مثال نظریہ حیات کی بے نیام تلوار سے فتح کرتا رہا ہے ۔ اسلام اس بات کا قطعاً قائل نہیں کہ لوگوں کو جبراً مسلمان کرے او رنہ ہی جہاد فی سبیل اللہ کی غرض دنیاوی مال ومتاع پرقبضہ کرنا ہے ۔ لیکن ہر دور میں اسلام دشمن عناصر نے اپنے نوک تنقید اور بغض کے تیروں سے سرسبز تعلیمات محمد یہ کو تارتار کرتے رہے تو علماء نے بھی اسلام کا دفاع کرتےہوئے اسلام پر مستشرقین کے اعتراضات کا کا فی شافی جواب دیا ۔زیر نظر کتابچہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس میں فاضل مصنف نے عہد نبویﷺ کی جنگوں او رمقاصدِ جہاد کو بیان کرتے ہوئے اسلامی اور غیر اسلامی جنگوں میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان اور ان کے اعداد شمار کو خوبصورت انداز میں پیش کیا ہے۔ کتاب ہذا کےمصنف مولانا خاوررشید بٹ ایک اچھے خطیب ومناظر ہونےکےساتھ ساتھ کہنہ مشق استاداور مدرس بھی ہیں ۔ ادارہ حقوق الناس ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت سیرت رسول ﷺ ، قرآن مجید او راحادیث نبویہ پر مستشرقین ودیگرغیرمسلموں کی طرف سے اٹھنے والے اعتراضات کاجواب لکھنے کی خدمات سرانجام دہے رہیں اللہ تعالیٰ غالبۂ دین کے لیے ان کی مساعی کو قبو ل فرمائے ۔ (آمین) (م۔ا)
نبی ﷺ کی خانگی زندگی حقیقت کے آئینے میں
Authors: خاور رشید بٹ
نبی کریمﷺ کی شانِ اقدس میں گستاخی پر مبنی خاکے اور فلم یہود و نصاریٰ کے گندے ذہن اور گھٹیا سوچ کی عکاسی کر رہی ہے۔ یہ فلم سراسر شرارت اور دل آزاری پر مبنی ہے اس میں کوئی حقیقی بات بیان نہیں ہوئی یہ چبائے ہوئے الفاظ کی متحرک تصاویر ہیں جو ان سے قبل دشمنان اسلام اپنی کتابوں میں لکھ چکے ہیں۔ ایسے میں اس امر کی شدید ضرورت ہے کہ نبی کریمﷺ کی زندگی کے ہر پہلو کو سامنے لایا جائے اور مسلمان سیرت رسولﷺ کے ہر پہلو کو نمونہ عمل بنائیں۔ ادارہ حقوق الناس ویلفیئر فاؤنڈیشن نے سیرت رسولﷺ سیکشن کا آغاز کیا تھا جس میں مولانا خاور رشید بٹ کی خدمات حاصل کی گئیں، جو کہ کہنہ مشق مدرس ہونے کے ساتھ قادیانیت اور عیسائیت کے تقابلی مطالعہ میں ید طولیٰ رکھتے ہیں نیز میدان مناظرہ کے بھی شہسوار ہیں۔ مولانا نے سید المرسلینﷺ کی سیرت و کردار اور تعلیم پر اٹھنے والے شکوک و شبہات کا پردہ چاک کیا گیا۔ اس کے ایک باب میں امام الانبیاﷺ کی خانگی زندگی اور تعدد ازواج پر گفتگو کی گئی جسے موجودہ حالات کے تناظر میں پیش کیا جا رہا ہے۔(ع۔م)
نور من نوراللہ حقیقت کے آئینے میں
Authors: خاور رشید بٹ
اس وقت امت کا ایک بہت بڑا طبقہ نبی کریمﷺ کی ذات کے حوالے سے افراط و تفریط کا شکار ہے۔ بہت سے لوگ آپﷺ کو اللہ کے نور کا جزو قرار دیتے ہیں اور نام نہاد ملاں اس سلسلہ میں عوام کو خانہ زاد دلائل اورمن مانی تاویلات و تشریحات کے ذریعے اپنے دامن فریب میں پھنسائے ہوئے ہیں۔ نبی کریمﷺ کے نور من اللہ ہونے میں کس حد تک صداقت ہے زیر نظر کتابچہ میں مولانا خاور رشید بٹ نے اسی کا جائزہ لیا ہے۔ اور دلائل و براہین کے ساتھ ثابت کیا ہے کہ یہ دعوی شرک و ضلالت پر مبنی ہے جس کا انجام بہرحال اچھا نہیں ہے۔(ع۔م)
تابعین ؓ
Authors: شاہ معین الدین احمد ندوی
In Arguments
دنیا میں ہزار وں سماجی مصلحین ،فلاسفہ و حکماء ،مدبرین و سیاست داں ،مقنّنین ومنتظمینِ سلطنت ،انسانوں کا بھلا چاہنے والے اور ان کی فلاح و بہبود کے کام کرنے والے آئے ،لیکن انسانی سماج پر جتنے ہمہ گیر اثرات خاتم النبیین حضرت محمدﷺکی ذاتِ گرامی ، صحابہ اور تابعین کے مرتب ہوئے ، اتنی اثر آفرینی کسی اور کے حصے میں نہیں آئی ۔ تابعین کی شخصیت کے سحر ،کردار کی عظمت اور اخلاق کی پاکیزگی کی گواہی اپنوں اور پرایوں سب نے دی ہے اور تابعین کی تعلیمات و افکار کی بازگشت دنیا کے ہر خطے میں سنائی دیتی ہے تابعین کی شخصیت اور پیغام کے بارے میں ہر زمانے میں اور دنیا کے ہر خطے میں بے شمار کتابیں لکھی جا چکی ہیں ۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ تابعین ‘‘ شاہ معین الدین احمد ندوی کی ہے۔ جس میں چھیانوے اکابر تابعین ؓ کۃ سوانح زندگی اور ان کے مذہبی، اخلاقی، علمی، اصلاحی اور مجاہدانہ کار ناموں کا تفصیلی مرقع بیان کیا ہے۔مزید جن اکابرین کا تذکرہ بیان کیا ہے ان کو حروف تہجی کے اعتبار سے مرتب کیا ہے۔ امید ہے کہ یہ کتاب بگڑتے ہوئے معاشرے کی اصلاح کے لئے کار آمد ثابت ہو سکتی ہے۔ ہم اللہ رب العزت سے دعا گو ہیں اس کتاب کو مسلمان مردوں اور عورتوں کے لئے رہنمائی کا ذریعہ بنائے۔ آمین۔(ر،ر)
اسلام اور عربی تمدن
Authors: شاہ معین الدین احمد ندوی
اسلامی تہذیب وتمدن اور ثفاقت ومدنیت کے خاص اصول واحکام اور مبادی واقدار ہیں۔ جودوسروں سے ممتاز ومنفرد ہیں۔ اس کی مدنیت کے جو ظواہر اور ٹھوس معاملات امور وجود میں آئے وہ ان ہی بنیادی اقدار واصول کے عطاکردہ ہیں۔ اور وہ بھی دوسری تہذیبوں ،تمدن اور ثقافتوں کے ظواہر سے جداگانہ اور ممتاز ہیں ۔اسلامی تہذیب وتمدن بالخصوص نبوی عہد کے تمدن کےدو اہم پہلو ہیں۔ ایک آفاقی وعالمی پہلو ہے اوردوسرا مقامی اور علاقائی پہلوہے۔ عہد نبوی کا تمدن اپنی بنیاد ونہاد میں عربی اسلامی تمدن ہے۔ جس میں عربی مقامی روایات بھی موجود ہیں۔ ان خالص مقامی روایات وظواہر میں سے بھی بعض میں اسلامی آفاقیت موجود ہے اور وہ تمام اقدار واصول کی طرح تمام مسلمانوں اور مسلم علاقوں کےلیے لازمی اگر نہیں بنتی تو پسندیدہ ومسنون ضرور قرار پاتی ہے۔ زیر تبصرہ کتاب ’’اسلام اور عربی تمدن‘‘ شام کی مشہور فاضل شخصیت محمد کرد علی کی عربی کتاب ’’ الاسلام والحضارۃ العربیۃ‘‘ کا اردوترجمہ ہے۔ فاضل مصنف نے اس کتاب میں مذہب اسلام اور اسلامی تہذیب وتمدن پر علمائے مغرب کے اہم اعتراضات کا جواب دیا ہے اور یورپ پر اسلام اور مسلمانوں کےاخلاقی، علمی اور تمدنی احسانات او راس کے اثرات ونتائج کی تفصیل بیان کی ہے۔ نیز مسلمانوں کی علمی وتمدنی تاریخ پر اجمالی تبصرہ بھی کیا ہے۔ (م۔ا)