Books by Al Noor Softs
٢٬٨٤٠ Books found
رمضان و روزہ احکام و مسائل تحقیق و دلائل
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
رمضان المبارک کے روضے رکھنا اسلام کےبنیادی ارکان میں سے ہے نبی کریم ﷺ نے ماہ رمضان اور اس میں کی جانے والی عبادات ( روزہ ،قیام ، تلاوت قرآن ،صدقہ خیرات ،اعتکاف ،عبادت لیلۃ القدر وغیرہ )کی بڑی فضیلت بیان کی ہے ۔روزہ کے احکام ومسائل سے ا گاہی ہر روزہ دار کے لیے ضروری ہے ۔لیکن افسوس روزہ رکھنے والے بیشتر لوگ ان احکام ومسائل سےلا علم ہوتے ہیں،بلکہ بہت سے افراد تو ایسے بھی ہیں جو بدعات وخرافات کی آمیزش سے یہ عظیم عمل برباد کرلینے تک پہنچ جاتے ہیں ۔ کتبِ احادیث میں ائمہ محدثین نے کتاب الصیام کے نام سے باقاعدہ عنوان قائم کیے ہیں اور کئی اہل علم نے رمضان المبارک کے احکام ومسائل وفضائل کے حوالے سے کتب تصنیف کی ہیں ۔ زیر نظر کتاب’’رمضان وروزہ احکام ومسائل، تحقیق ودلائل‘‘ فضیلۃ الشیخ محمد منیر قمر حفظہ اللہ (مصنف کتب کثیرہ ) کی ان ریڈیائی تقاریر کی کتابی صورت ہے جو انہوں نے متحدہ عرب امارات کے ریڈیو ام لقیوین کی اردو سروس سے روزانہ پروگرام ’’دین ودنیا میں پیش کیے ۔فاضل مصنف نے اس کتا ب میں روز کے جملہ احکام ومسائل کو بادلائل تفصیلاً پیش کیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ مصنف کی دعوتی وتدریسی،تحقیقی وتصنیفی جہود کو قبول فرمائے ۔
عظمت قرآن ( محمد منیر قمر)
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
قرآن مجید واحد ایسی کتاب کے جو پوری انسانیت کےلیے رشد وہدایت کا ذریعہ ہے اللہ تعالی نے اس کتاب ِہدایت میں انسان کو پیش آنے والےتما م مسائل کو تفصیل سے بیان کردیا ہے جیسے کہ ارشادگرامی ہے کہ و نزلنا عليك الكتاب تبيانا لكل شيء قرآن مجید سیکڑوں موضوعا ت پرمشتمل ہے۔مسلمانوں کی دینی زندگی کا انحصار اس مقدس کتاب سے وابستگی پر ہے اور یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک اسے پڑ ھا اور سمجھا نہ جائے۔ قرآن کریم کا یہ اعجاز ہے کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کی حفاظت کا ذمہ خود لیا۔اور قرآن کریم ایک ایسا معجزہ ہے کہ تمام مخلوقات مل کر بھی اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہیں۔قرآن کی عظمت کا اندازہ اس امر سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ یہ کتاب جس سرزمین پر نازل ہوئی اس نے وہاں کے لوگوں کو فرشِ خاک سے اوجِ ثریا تک پہنچا دیا۔اس نےان کو دنیا کی عظیم ترین طاقت بنا دیا۔قرآن واحادیث میں قرآن اور حاملین قرآن کے بہت فضائل بیان کے گئے ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’ عظمت قرآن ‘‘ مولانا منیر قمر حفظہ اللہ (مصنف کتب کثیرہ) کے ان تفسیری دروس کی تحریری شکل ہے جو انہوں نے ائیربیس الظہران کے اسلامک سنٹر میں دئیے ۔اس کتاب میں فاضل مصنف نے قرآن مجید سیکھنے کی عظمت وفضلیت اور بعض قرآنی سور کی الگ الگ فضائل بیان کیے ہیں ۔ (م۔ا)
آمین معنی و مفہوم فضیلت امام ومقتدی کے لیے حکم
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
نماز میں سورہٴ فاتحہ کے بعد آمین کہنا بالاتفاق مسنون ہے،علماء کا اس بات پر بھی اتفاق ہے کہ سری اور انفرادی نمازوں میں آمین آہستہ کہی جائے گی،جن نمازوں میں بالجہر (زور) سے قراء ت کی جاتی ہے (جیسے مغرب، عشاء، فجر) ان میں سورہ فاتحہ ختم ہوتے ہی امام ومقتدی دونوں کو بآواز بلند آمین کہنا مشروع ومسنون ہے، اس کا ثبوت احادیث مرفوعہ صحیحہ صریحہ اور آثار صحابۂ کرام اور اجماع صحابہ سے ہے۔ سیدنا بوہریرہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا کہ جب امام غیر المغضوب علیہم ولا الضالین کہے تو تم بھی آمین کہو کیوں کہ جس نے فرشتوں کے ساتھ آمین کہی اس کے پچھلے تمام گناہ معاف کر دیئے جاتے ہیں۔ زیر نظر کتابچہ ’’ آمین معنیٰ ومفہوم فضلیت ،امام ومقتدی کے لیے حکم ‘‘ مولانا منیر قمر حفظہ اللہ (مصنف کتب کثیرہ) کا مرتب شدہ ہے فاضل مرتب نے اس میں قائلین آمین بالجہر اور قائلین آمین بالسر دونوں فریق کے دلائل ذکر کر کے ان کا بے لاگ جائزہ پیش کیاگیا ہے اور آمین بالجہر کو احادیث صحیحہ اور آثار صحابہ کرام وتابعین عظام نیز آئمہ کرام اور محققین علماء وفقہاء کے اقوال سے ثابت کیا اوراس موقف کو راجح اور صحیح تر قرار دیاگیا ہے ۔ (م۔ا)
اذان و اقامت اور جماعت و امامت
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
اذان اسلام کا شعار ہے نماز پنجگانہ کے لیے اذان کا طریقہ رسول اللہ ﷺ کے زمانے سے رائج ہے۔ سیدنا بلال رضی اللہ عنہ اسلام کے پہلے مؤذن تھے۔ بلالی اذان کے الفاظ بھی قرآن و حدیث سے ثابت ہیں۔ لیکن ایک نام نہاد جماعت نے اذان سے پہلے اور بعض مساجد میں اذان کے بعد ایک ایسا درود جاری کیا ہے جس کا ثبوت قرآن و حدیث ، صحابہ ،تابعین ، تبع تابعین اور محدثین سے نہیں ملتا۔ زیر نظر کتاب ’’اذان و اقامت اور جماعت و امامت ‘‘فضیلۃ الشیخ محمد منیر قمر حفظہ اللہ کے متحدہ عرب امارات کے ریڈیو ام القیوین کی اردو سروس سے نشر شدہ چند ریڈیائی تقاریر کی کتابی صورت ہے۔ جس میں اذان و اقامت کے مسائل و احکام اور نماز باجماعت کا حکم کیا ہے؟کو قرآن و سنت کی روشنی میں بیان کیا گیا ہے۔(م۔ا)
جرابوں پر مسح کی مشروعیت
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
چمڑے کے موزوں کی طرح اون، فوم یا نائیلون کی جرابوں پر مسح کرنا بھی جائز ہے جس کا ثبوت متعدد احادیث رسول ﷺ میں موجود ہے۔اس کے علاوہ صحابہ و تابعین کرام میں سے ایک جماعت جرابوں پر مسح کرنے کے جواز کی قائل ہے۔ مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ نے زیر نظر کتابچہ بعنوان ’’جرابوں پر مسح کی مشروعیت میں ‘‘احادیث رسول ﷺ ، آثار صحابہ و تابعین ،اقوال ائمہ کی روشنی میں یہ ثابت کیا ہے کہ جرابوں پر مسح کرنا جائز ہے۔ (م۔ا)
رفع الیدین تارکین و مانعین رفع الیدین حصہ دوم
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
اسلام کے ارکانِ خمسہ میں سے عقیدۂ توحید و رسالت کے بعد سب سے اہم ترین رکن نماز پنجگانہ ہے جس کو مسنون طریقے سے ادا کرنا ضروری ہے۔کیونکہ عقیدہ توحید کے بعد کسی بھی عمل کی قبولیت کے لیے دو چیزوں کا ہونا ضروری ہے۔ نیت اور طریقۂ رسول ﷺ ۔ لہٰذا نماز کے بارے میں آپ ﷺ کا واضح فرمان ہے ’’نماز اس طرح پڑھو جس طرح تم مجھے پڑھتے ہوئے دیکھتے ہو‘‘(صحیح بخاری) نماز میں رفع الیدین رسول اللہ ﷺ سے تواتر سے ثابت ہے۔امام شافعی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ رفع الیدین کی حدیث کو صحابہ کرام کی اس قدر کثیر تعداد نے روایت کیا ہے کہ شاید اور کسی حدیث کو اس سے زیادہ صحابہ نے روایت نہ کیا ہو اور امام بخاری رحمہ اللہ نے جزء رفع الیدین میں لکھا ہے کہ رفع الیدین کی حدیث کو انیس صحابہ نے روایت کیا ہے۔ لیکن صد افسوس اس مسئلہ کو مختلف فیہ بنا کر دیگر مسائل کی طرح تقلید اور مسلکی تعصب کی بھینٹ چڑھا دیا گیا ۔ زیر نظر کتاب ’’رفع الیدین‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر کی تصنیف ہے اس کتاب میں انہوں نے تارکین و مانعین رفع الیدین کے دلائل کا تحقیقی جائزہ پیش کیا ہے۔ (م۔ا)
سود و رشوت اور بعض دیگر ناجائز ذرائع معاش
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
رشوت انسانی سوسائٹی کا وہ بد ترین مہلک مرض ہے جو سماج کی رگوں میں زہریلے خون کی طرح سرایت کر کے پورے نظام انسانیت کو کھوکھلا اور تباہ کر دیتا ہے ۔ رشوت ظالم کو پناہ دیتی ہے اور مظلوم کو جبراً ظلم برداشت کرنے پر مجبور کرتی ہے۔ رشوت کے ہی ذریعے گواہ ، وکیل اور حاکم سب حق کو ناحق اور ناحق کو حق ثابت کرتے ہیں۔ رشوت قومی امانت میں سب سے بڑی خیانت ہے ۔اسلامی شریعت دنیا میں عدل و انصاف اور حق و رحمت کی داعی ہے ۔ اسلام نے روزِ اول سے ہی انسانی سماج کی اس مہلک بیماری کی جڑوں اور اس کے اندرونی اسباب پر سخت پابندی عائد کی اور اس کے انسداد کے لیے انتہائی مفید تدابیر اختیار کرنے کی تلقین فرمائی جن کی وجہ سے دنیا اس مہلک امراض سے نجات پا جائے۔ زیر نظر کتاب ’’سود و رشوت اور بعض دیگر ناجائز ذرائع معاش ‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمرحفظہ اللہ کے متحدہ عرب امارات ام القوین سے نشر ہونے والی ریڈیائی تقاریر کی کتابی صورت ہے۔ (م۔ا)
تمباکو نوشی شریعت اسلامیہ کی نظر میں ( ڈیجیٹل ایڈیشن )
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
تمباکو نوشی ہمارے انسانی معاشرے کی ایک بڑی کمزوری ہے،اس کے کئی جسمانی و ذہنی نقصانات ہیں لیکن اس کے باوجود ایک بڑے طبقہ میں اس کا استعمال مدتوں سے مختلف شکلوں میں جاری ہے تمباکو نوشی ،سگریٹ نوشی ان ممنوعات میں سے ہے جو خبیث، نقصان دہ اور گندی ہونے کی وجہ سے ناجائز ہیں۔ قرآنِ مجید میں اللہ تعالی کا ارشاد ہے: وَيُحِلُّ لَهُمُ الطَّيِّبَاتِ وَيُحَرِّمُ عَلَيْهِمُ الْخَبَآئِثَ. (الأعراف: 157) ’’(نبی مکرم ﷺ) ان (اہلِ ایمان) کے لیے پاکیزہ صاف ستھری چیزیں حلال بتاتے ہيں اور خبائث کو حرام کرتے ہيں۔‘‘سگریٹ نوشی سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات واضح ہیں حتی کہ سگریٹ بنانے والے بھی ہر ڈبی پر 'مضر صحت ہے' لکھ کر اس سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں آگاہ کرتے ہیں ۔ زیر نظر کتاب ’’ تمباکو نوشی شریعت اسلامیہ کی نظر میں ‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر کی متحدہ عرب امارات کی ریاست ام القیوین کے ریڈیو اسٹیشن کی اردو سروس سے 1989ء،1990ء میں تمباکو نوشی کے موضوع پر نشر ہونے والی ریڈیائی تقاریر کا مجموعہ ہے ۔جسے بعد ازاں غلام مصطفی فاروق صاحب نے کتابی صورت مرتب کیا ہے۔ مولانا منیر قمر حفظہ اللہ نے اس کتاب میں کتاب و سنت ، فقہاء اربعہ کے اقوال اور کبار علمائے کرام کے فتاوی جات کے علاوہ تمباکو نوشی کے بارے میں بعض سروے رپوٹس کی روشنی میں تمباکو نوشی کے روحانی و جسمانی اور مادی نقصانات و مضمرات کو سہل انداز میں پیش کیا ہے ۔ (م۔ا)
ظہور امام مہدی ایک اٹل حقیقت ( اضافہ شدہ )
Authors: ابو عدنان محمد منیر قمر
امام مہدی علیہ السلام وہ شخصیت ہیں جن کے بارے میں نبی کریم ﷺ کے ارشادات تمام مستند کتب میں ملتے ہیں۔ حدیث کے مطابق ان کا ظہور قیامت کے نزدیک ہو گا۔ مسلمانوں کے نزدیک امام مہدی علیہ السلام اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام قیامت کے نزدیک اسلامی حکومت قائم کر کے دنیا کو عدل و انصاف سے بھر دیں گے۔ سیدنا عیسی اور امام مہدی کی آمد اور ان کی نشانیوں کی حدیث میں تفصیل موجود ہے ۔اور اس پر عربی و اردو زبان میں کئی مستقل کتب موجود ہیں ۔ زیر نظر کتاب ’’ظہور امام مہدی ایک اٹل حقیقت‘‘مولانا محمد منیر قمر حفظہ اللہ کی تصنیف ہے انہوں نے اس کتاب میں مہدی کے متعلق تمام قسم کے غلط دعاوی کا محققانہ نوٹس لیتے ہوئے ان کا واضح ردّ کرنے کے ساتھ ساتھ درست موقف پیش کیا ہے اپنے موقف کی تائید میں قرآن مجید اور احادیث نبویہ سے بھی دلائل ذکر کیے ہیں۔ ظہور امام مہدی کے حق میں لکھی گئی کتب و رسائل سے بھی آگاہی مہیا کی ہے اور آخر میں کبار اہل علم کے اقوال اور سعودی عرب کے فتاوی لجنۃ دائمہ کے فتاوی بھی درج کیے ہیں ۔(م۔ا)