Books by Al Noor Softs
٢٬٨٤٠ Books found
منہاج السنۃ النبویۃ جلد اول و دوم
Authors: امام ابن تیمیہ
شیخ الاسلام والمسلمین امام ابن تیمیہ کی شخصیت محتاجِ تعارف نہیں۔ آپ ساتویں صدی ہجری کی عظیم شخصیت تھے،آپ بہ یک وقت مفکر بھی تھے اور مجاہد بھی ، آپ نے اپنے قلم سے باطل کی سرکوبی کی۔ اسی طرح اپنی تلوار کو بھی ان کے خلاف خو ب استعمال کیا ۔ اورباطل افکار وخیالات کے خلاف ہردم سرگرم عمل او رمستعدر رہے جن کے علمی کارہائے نمایاں کے اثرات آج بھی پوری آب وتاب سے موجود ہیں۔آپ نے اپنی پوری زندگی دین اسلام کی نشرواشاعت ،کتاب وسنت کی ترویج وترقی اور شرک وبدعت اور مذاہب باطلہ کی تردید وتوضیح میں بسر کردی ۔امام صاحب علوم اسلامیہ کا بحر ذخار تھے اور تمام علوم وفنون پر مکمل دسترس اور مجتہدانہ بصیرت رکھتے تھے۔آپ نے ہر علم کا مطالعہ کیا اور اسے قرآن وحدیث کے معیار پر جانچ کر اس کی قدر وقیمت کا صحیح تعین کیا۔آپ نے مختلف موضوعات پر 500 سے زائد کتابیں لکھیں۔ آپ کا فتاوی ٰ 37 ضخیم جلد وں میں مشتمل ہے زیرنظر کتاب ’’ منہاج السنۃ النبویہ‘‘ شیخ الاسلام امام ابن تیمیہ کی شہرۂ آفاق کتاب’’ منہاج الاعتدال فی نقض کلام اہل الرفض والاعتدال ‘‘ کا اردو ترجمہ ہے۔ امام ابن تیمیہ نے یہ کتاب ایک مشہور رافضی شیعہ عالم حسن بن یوسف کی کتاب ’’المنہاج الکرامۃ فی معرفۃ الامامۃ‘‘کے جواب میں لکھی ۔یہ کتاب اہل سنت وشیعہ کےمابین متنازع مسائل ومباحث سےلبریز اور من گھڑت و موضوع روایات کا پلندہ تھی ۔ اور اس میں سابقین اولین صحابہ کوجی بھر کرگالیاں دی گئی تھیں ۔امام ابن تیمیہ نے رافضی مؤلف کے اٹھائے ہوئے تمام اعتراضات واشکالات اورمطاعن ومصائب کامدلل ومسکت جوابات دیے ۔شیخ الاسلام کی ہر بات عقل ونقل کی دلیل سے مزین اور محکم استدلال پرمبنی ہے آپ نے روافض کے تمام افکارونظریات کےتاروبود بکھیر کر رکھ دیئے ہیں۔امام موصوف شیعہ مصنف ابن المطہر کی کتاب سےعبارت نقل کر کے اس کا رد کرتے ہیں۔ چار جلدوں میں یہ کتاب ’’منہاج االسنہ‘‘ ردّ رافضیت پر یہ ایک مستند کتاب ہے۔ منہاج السنہ کےترجمہ اور احادیث کی مکمل تخریج کا اہم کام محترم جناب پیر زادہ شفیق الرحمن شاہ الدراوی ﷾ (فاضل مدینہ یونیورسٹی )نےکیا ہے۔اور اس میں العواصم من القواصم اور المنتقیٰ سے استفادہ کر کے اہم ترین حواشی بھی شامل کردیے ہیں ۔ للہ تعالیٰ عقیدہ اور صحابہ کے دفاع میں مترجم کی یہ محنت قبول فرمائے ۔(آمین)(م۔ا)
بندگی ( اردو ترجمہ العبودیۃ)
Authors: امام ابن تیمیہ
شیخ الاسلام و المسلمین امام ابن تیمیہ (661۔728ھ) کی شخصیت محتاجِ تعارف نہیں۔ آپ ساتویں صدی ہجری کی عظیم شخصیت تھے، آپ پائے کے عالم اور دلیر مجاہد تھے، آپ نے جس طرح اپنے قلم سے باطل کی سرکوبی کی، اسی طرح اپنی تلوار کو بھی ان کے خلاف خوب استعمال کیا۔ باطل افکار و خیالات کے خلاف ہر دم سرگرم عمل اور مستعد رہے جن کے علمی کارہائے نمایاں کے اثرات آج بھی پوری آب و تاب سے موجود ہیں۔آپ نے اپنی پوری زندگی دین اسلام کی نشر و اشاعت، کتاب و سنت کی ترویج و ترقی اور شرک و بدعت کی تردید و توضیح میں بسر کی ۔ امام صاحب علوم اسلامیہ کا بحر ذخار تھے اور تمام علوم و فنون پر مکمل دسترس اور مجتہدانہ بصیرت رکھتے تھے۔آپ نے ہر علم کا مطالعہ کیا اور اسے قرآن و حدیث کے معیار پر جانچ کر اس کی قدر و قیمت کا صحیح تعین کیا۔تفسیر، حدیث، فقہ، علم کلام، منطق، فلسلفہ، مذاہب و فرق اور عربی زبان و ادب کا گوشہ ایسا نہیں ہے جس پر آپ نے گراں قدر علمی سرمایہ نہ چھوڑا ہو۔ آپ نے مختلف موضوعات پر 500 سے زائد کتابیں لکھیں۔ زیر نظر کتاب ’’بندگی‘‘شیخ الاسلام امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ کی کتاب العبودية کا اردو ترجمہ ہے۔ یہ کتاب عقیدہ اسلامیہ کے موضوع پر انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ امام موصوف سے عبادت کا معنیٰ اور مفہوم کے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب میں یہ مفصل ،جامع اور بنیادی رسالہ لکھ دیا جوکہ چار فصلوں پر مشتمل ہے۔عبادت کیا چیز ہے اور اس کے فروعات کیا ہیں۔؟ اور کیا تمام دین عبادت کی تعریف میں داخل ہے کہ نہیں؟ عبودیت کی کیا حقیقت ہے؟ کیاعبودیت بلند ترین مقامات سے ہے یا کوئی اور مقام اس سے بھی بلند تر ہے؟ ان سب سوالوں کا جواب امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ نے اس کتاب میں دیا ہے۔ (م۔ا)
دین کے تین اہم اصول ( ابو عدنان محمد منیر قمر )
Authors: محمد بن سلیمان التمیمی
اللہ تعالیٰ نے انسان کو عقل وشعور اور فہم وفراست سے نوازا ہے۔لہذا انسان پر لازم ہے کہ وہ اللہ تبارک وتعالیٰ کے تخلیقی کرشموں اور نظام کائنات کا جائزہ لے کر غور وفکر کرے ، خالق حقیقی کی پہچان حاصل کرے اور اپنی تخلیق کا مقصد تلاش کرے۔نظام کائنات اور اللہ کی خلاقی وصناعی کے اوصاف پر غورو خوض کرنے سے ہی انسان دین حق تلاش کرسکتا ہے۔لیکن اللہ تبارک وتعالیٰ نے انسانوں پر مزید احسان کیے کہ ان کی رشد وہدایت کے لیے انبیاء ورسل مبعوث کیے اور آسمانی کتابیں نازل کیں۔یوں خالق کی پہچان آسان ہوئی اور دنیا وآخرت کی فلاح کی راہیں کھلیں۔پھر نبوت ورسالت کا خاتمہ آقا نامدار رسول ہاشمی ﷺ پر ہوا اور شریعت محمدیہ کو قیامت تک کے لیے رشد وہدایت کا سرچشمہ قرار دیا گیا۔اس شریعت کی پاسداری ہر مسلمان پر لازم ہے۔پھر دین کے کچھ بنیادی ارکان ہیں،جن سے شدید وابستکی صحت ایمان کی شرط ہے۔اس کتاب میں ارکان اسلام اور دین کے بنیادی اصولوں ہی پر روشنی ڈالی گئی ،اصلاح عقیدہ کے اعتبار سے یہ ایک اچھی کتاب ہے۔(ف۔ر)
اصول دین
Authors: محمد بن سلیمان التمیمی
In Arguments
توحید کا معنی ہے کہ انسان یہ عقیدہ رکھے کہ حق باری تعالیٰ اپنی ذات، صفات اور جُملہ اوصاف و کمال میں یکتا و بے مثال ہے۔ اس کا کوئی ساتھی یا شریک نہیں۔ کوئی اس کا ہم پلہ یا ہم مرتبہ نہیں۔ صرف وہی با اختیار ہے۔ اس کے کاموں میں نہ کوئی دخل دے سکتا ہے، نہ اسے کسی قسم کی امداد کی ضرورت ہے۔ حتیٰ کہ اس کی نہ اولاد ہے اور نہ ہی وہ کسی سے پیدا ہواہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:قُلْ ہُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ اَللّٰہُ الصَّمَدُ لَمْ یَلِدْ ڏ وَلَمْ یُوْلَدْ وَلَمْ یَکُنْ لَّہٗ کُفُوًا اَحَدٌ کہو کہ وہ (ذات پاک ہے جس کا نام) اللہ (ہے) ایک ہے۔معبود برحق جو بےنیاز ہے۔نہ کسی کا باپ ہے۔ اور نہ کسی کا بیٹا۔ اور کوئی اس کا ہمسر نہیں۔(سورۃالاخلاص)علامہ جرجانی ؒ توحید کی تعریف اس طرح بیان کرتے ہیں :توحید تین چیزوں کا نام ہے۔ اللہ تعالیٰ کی ربوبیت کی پہچان اس کی وحدانیت کا اقرار اور اس سے تمام شریکوں کی نفی کرنا۔ (التعریفات73) توحید کا تقاضا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے حقوق صرف اللہ تعالیٰ ہی کیلئے خاص رکھے جائیں۔ زیر تبصرہ کتاب" اصول دین "شیخ الاسلام امام محمد بن سلیمان التمیمی کی عربی تصنیف "اصول الدین الاسلامی " کا اردو ترجمہ ہے۔ترجمہ کرنے کی سعادت جماعت اہل حدیث کے معروف عالم دین اور بلند پایہ ادیب محترم مولانا محمود احمد غضنفر صاحب نے حاصل کی ہے۔یہ کتاب اپنی اہمیت وفادیت کے پیش نظر متعدد دینی مدارس میں داخل نصاب ہے۔یہ کتاب اس لائق ہے کہ اسے ہر گھر کی زینت بنایا جائے اور گھر میں تما م بچوں کو یہ زبانی یاد کروائی جائے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف اور مترجم دونوں کی اس محنت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)
توحید باری تعالیٰ سے متعلقہ شقوق و شبہات کا ازالہ
Authors: محمد بن سلیمان التمیمی
آج کل کے پر فتن دور میں جو جہالت وضلالت میں، قبل ازبعثت کی جہالت سےدو ہاتھ آگے بڑھ چکاہے، اسلام کے نام لیواؤں کواسلام سے اتنی نفرت ہے کہ ان کہ سامنے اگر اسلام کواصلی صورت میں پیش کیا جائے تواسے اسی طرح مکروہ جانتے ہیں جیساکہ اسلام کی پہلی منزل پر سمجھا گیا تھا۔حالانکہ’’توحید‘‘وہ چیز ہے جس کے بغیر کوئی انسان دائرہ اسلام میں داخل نہیں ہوسکتا۔ ’’توحید‘‘ ہی وہ چیز ہےکہ جس کے لیے اللہ تعالیٰ نے اپنے برگزیدہ بندوں انبیاء و رسلﷺ کو مبعوث فرمایا تاکہ وہ لوگوں کو غیراللہ کی بندگی سے نکال کر ایک اللہ کی عبادت میں لگائیں۔ اور شرک جیسے گناہ کبیرہ سے ان کو بچائے۔ اور شرک کی شنا عت وخطورات کی سب سے بڑی دلیل یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نےشرک کرنے والے کے گنا ہوں کو بخشنے سے انکار کردیاہے،اور یہ ایک بہت ہی تلخ حقیقت ہے،جو اللہ رب العزت کی مشرکین سے نارضگی کا مظہر ہے۔ زیرہ تبصرہ کتاب ’’شکوک وشبہات کا ازالہ‘‘ جو کہ محمد بن سلیمان التمیمی صاحب کی بے مثال تصنیف ہے۔ جس میں فاضل موصوف نے تو حید باری تعالٰی کے اثبات اور شر ک کی مذمت میں نہایت ہی قابل تعریف اور مفید تصنیف ہے۔ اللہ ان کی مساعی جمیلہ کو اپنے دربارمیں شرف قبولیت بخشےـ آمین(شعیب خان)
کتاب التوحید مترجم ( تمیمی )
Authors: محمد بن سلیمان التمیمی
تمام انبیاء کرام ایک ہی پیغام اورایک ہی دعوت لےکر آئےکہ لوگو! صرف اللہ کی عبادت کرو او راس کےسوا تمام معبودوں سےبچو۔تمام انبیاء کرام سالہاسال تک مسلسل اس فریضہ کو سرانجام دیتے رہے انھوں نے اس پیغام کو پہنچانےکےلیے اس قدر تکالیف برداشت کیں کہ جسکا کوئی انسان تصور بھی نہیں کرسکتاہے ۔ حضرت نوح نے ساڑے نوسوسال کلمۂ توحید کی طرف لوگوں کودعوت دی ۔ اور اللہ کے آخری رسول سید الانبیاء خاتم النبین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نےبھی عقید ۂ توحید کی دعوت کے لیے کس قدر محنت کی اور اس فریضہ کو سر انجام دیا کہ جس کے بدلے آپ ﷺ کو طرح طرح کی تکالیف ومصائب سے دوچار ہوناپڑا۔ عقیدہ توحید کی تعلیم وتفہیم کے لیے جہاں نبی کریم ﷺ او رآپ کے صحابہ کرا م نے بے شمار قربانیاں دیں اور تکالیف کو برداشت کیا وہاں علمائے اسلام نےبھی دن رات اپنی تحریروں اور تقریروں میں اس کی اہمیت کو خوب واضح کیا ۔ہنوز یہ سلسلہ جاری وساری ہے۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ کتاب التوحید مترجم ‘‘ امام محمد بن سلیمان التمیمی کی عقیدہ توحید پر تصنیف شدہ کتاب التوحید کااردو ترجمہ ہےاردو ترجمہ کی سعاد ابو عبداللہ محمد سورتی نے حاصل کی ۔کتاب وسنت سائٹ پرشیخ الاسلام محمد بن عبدالوہاب کی عقیدہ توحید پر مشہور کتاب کتاب التوحیداور اس موضوع پر دیگر کئی کتب موجود ہیں لیکن کتاب ہذا موجود نہ تھی لہذا فادۂ عام او راسے محفوظ کرنے کی خاطر اسے بھی سائٹ پر پبلش کیا گیا ہے۔(م۔ا)
شرح کشف الشبہات
Authors: محمد بن سلیمان التمیمی
شرک ایک ایسی لعنت ہے جو انسان کوجہنم کے گڑھے میں پھینک دیتی ہے قرآن کریم میں شرک کوبہت بڑا ظلم قرار دیا گیا ہے ۔ قیامت کے روز عقیدۂ توحید کی موجودگی میں اعمال کی کوتاہیوں اور لغزشوں کی معافی تو ہوسکتی ہے لیکن شرک کی غلاظت وگندگی کے ہوتے ہوئے آسمان وزمین کی وسعتوں کےبرابر اعمال بھی بے کاروعبث ہوگے ۔شرک اس طرح انسانی عقل کوماؤف کردیتا ہےکہ انسان کوہدایت گمراہی اور گمراہی ہدایت نظر آتی ہے ۔نیز شرک اعمال کو ضائع وبرباد کرنے والا اور ثواب سے محروم کرنے والا ہے ۔ شرک وبدعت کے خاتمہ اور اثباتِ توحید میں عرب وعجم کےبے شمارعلماء نے گراں قدر کتابیں تصنیف فرمائی ہیں۔ زیر نظر کتاب’’شرح کشف الشبہات ‘‘ شیخ الاسلام محمد بن عبد الوہاب رحمہ اللہ کی کشف الشبہات کی مختصر شرح ک اردو ترجمہ ہے شیخ محمد بن عبد الوہاب رحمہ اللہ نے اس کتاب میں مشرکین کے اہم شبہات پیش کر کے بڑے عمدہ انداز میں ان شبہات کے دلائل سے مزین جوابات دئیے ہیں ۔کشف الشبہات کے شارح فضیلۃ الشیخ محمد بن صالح العثیمین رحمہ اللہ نے شرح میں نہایت آسان فہم اور سادہ اسلوب اختیار کیا ہے ۔ (م۔ا)
شرح اصول ثلاثہ
Authors: محمد بن سلیمان التمیمی
دین کے تین بنیادی اصول ہیں رب کی معرفت،دین کی معرفت ،نبی ورسول کی معرفت ہیں ۔لہذاہر مسلمان پر واجب ہے کہ وہ اپنے رب کی معرفت حاصل کرے اور تنہا اسی کی عبادت کرے نیز اس پر یہ بھی واجب ہے کہ وہ اپنے دین اور اپنے نبی محمدﷺکی معرفت حاصل کرے تاکہ حقیقی طور پر اہل ایمان میں سے ہو جائے۔ یہی وہ تین اصول ہیں جن کے بارے میں قبر کے اندر اس سے سوال کیا جائے گا۔ان تین بینادی اصولوں کی معرفت کے لیے شیخ محمد بن عبدالوہاب کا عربی رسالہ بعنوان ثلاثة الأصول وأدلتها بڑا اہم ہے ۔ زیر تبصرہ کتاب’’شرح اصول ِ ثلاثہ ‘‘ شیخ الاسلام محمد بن عبد الوہاب کی عقیدہ کے موضوع پر مختصر اور نہایت جامع کتاب ’’ اصول ثلاثہ ‘‘ کی شرح وتوضیح کا اردو ترجمہ ہے ۔یہ شرح سعودی عرب کے مایہ ناز عالم دین فضیلہ الشیخ صالح العثیمین نے کی ہے۔مذکورہ کتاب کی یہ نہایت جامع شرح وتوضیح ہے ۔یہ کتاب اپنے موضوع میں کتاب وسنت کی تعلیمات کاعطر ہے۔ اور یہ چھوٹی سے کتاب اپنی جامعیت اور نافعیت کے لحاظ سے بڑی بڑی کتابوں پر بھاری ہے۔یہ کتاب توحید ، رسالت اور آخرت کے بارےمیں دین حنیف کی جامع تعلیمات سے روشناس کراتی ہے ۔اصول ثلاثہ کی اس عظیم شرح کوعبدالکبیر عبد القوی مبارکپوری حفظہ اللہ نے اردو داں طبقہ کےلیے اردو قالب میں ڈھالا ہے اللہ تعالیٰ شارح ومترجم کتاب کی اس کاوش کو ان کی نجات کا ذریعہ بنائے اور اسے عامۃ الناس کےنفع بخش بنائے ۔(آمین) (م۔ا)
اصول دین
Authors: محمد بن سلیمان التمیمی
دین کے بنیادی اصول رب کی معرفت،دین کی معرفت ،نبی ورسول کی معرفت ہیں ۔لہذاہر مسلمان پر واجب ہے کہ وہ اپنے رب کی معرفت حاصل کرے اور تنہا اسی کی عبادت کرے نیز اس پر یہ بھی واجب ہے کہ وہ اپنے دین اور اپنے نبی محمدﷺکی معرفت حاصل کرے تاکہ حقیقی طور پر اہل ایمان میں سے ہو جائے۔ یہی وہ اصول ہیں جن کے بارے میں قبر کے اندر اس سے سوال کیا جائے گا۔ان بینادی اصولوں کی معرفت کے لیے شیخ محمد بن سليمان التميمي کا عربی رسالہ بعنوان الواجبات المتحتمات المعرفة على كل مسلم ومسلمة بہت مفید ہے مذکورہ رسالہ کی افادیت کے پیش نظر مختلف اہل علم نے اس کی عربی میں شروحات کی ہیں ۔مترجمین نے متن رسالہ اورشروحات کے تراجم کیے ہیں زیر نظر ترجمہ محمد طاہر محمد حنیف سلفی حفظہ اللہ نے’’ دین کے بنیادی اصول ‘‘ کے نام سے کیا ہے اور ہرموضوع کے آخر میں چند مشقی سوالات اور کچھ مفید اہم اضافہ جات کر کے ابو عبد البر عبد الحی السلفی نے اسے مرتب کیا ہے طلبہ مدارس اسلامیہ اس رسالہ کے استفادہ سے عقائد صحیحہ میں رسوخ حاصل سکتے ہیں ۔ (م۔ا)