Books by Al Noor Softs
٢٬٨٤٠ Books found
خطبات سورۃ الحجرات
Authors: حافظ عبد الستار حامد
سورۃ الحجرات قرآن مجید کی 49 ویں سورت جو نبی کریم ﷺ کی مدنی زندگی میں نازل ہوئی۔ اس سورت میں 2 رکوع اور 18 آیات ہیں۔یہ سورت ایک ہی دفعہ نازل نہیں کی گئی بلکہ حسب ِضرورت اس کانزول کئی حصوں او رمختلف اوقات میں ہوا ۔اس سورت میں ایجاز واختصار کے ساتھ ایسے اہم مضامین بیان کیے گئے ہیں۔جن پر اعتقاد ،اخلاق،سیرت،اور کردار کا خوبصورت اور پائیدار محل تعمیر کیا جاسکتا ہے ۔اور ایک اسلامی معاشرہ میں امن، محبت ، انس اور ایثار کی فضا پیدا کی جاسکتی ہے۔یعنی اس سورت کااجمالی موضوع اہل ایمان اورمسلمانوں کے ان امور کی اصلاح ہے جن کا تعلق ان کے باہمی معاملات او رمجمتع اسلامی سے ہے۔ زیر تبصرہ کتاب’’خطبات سورۃ الحجرات ‘‘ پروفیسر حافظ عبد الستار حامد ﷾ کے سورۃ الحجرات سےمتعلق دسمبر 2010ء تا مارچ 2011ء تفسیری خطبات کامجموعہ ہے ۔موصوف نےاس سورۂ مبارکہ کی تشریحات ، توضیحات وتفسیر کو خطبا ت جمعہ میں مکمل بیان کیا بعد ازاں افادۂ عام کے لیے اسے کتابی صورت میں مرتب کیا ہے ۔ فاضل مصنف نے اس کتاب میں ہر واقعہ، ہر حدیث اور ہربات مستند اور باحوالہ تحریرکرنے کی کوشش کی ہے ۔خطیبانہ انداز میں یہ سورۃالحجرات کی کی منفرد تفسیر ہے ۔ (م۔ا)
محمد رسول اللہ ﷺ غیر مسلموں کی نظر میں
Authors: محمد حنیف یزدانی
نبی کریم ﷺ کی زندگی اور حیات طیبہ تمام مسلمانوں کے لئے نہایت مبارک،ارفع واعلی اور کامل واکمل قابل عمل ،قابل تقلید اور لائق اتباع ہے۔آپ ﷺ کی سیرت مبارکہ کو قرآن مجید میں "اسوہ حسنہ" فرمایا گیا ہے۔یہاں دنیا کا ہر شخص زندگی کے ہر پہلو کو بآسانی دیکھ سکتا ہے اور اپنی زندگی انہی اصول وآداب کے مطابق گزار سکتا ہے۔آپﷺ کی تعلیمات اتنی جامع اور عالمگیر ہیں کہ آپ کی زندگی میں آپ کی کھلی مخالفت کرنے والے اور آپ کو قتل کرنے کے پروگرام بنانے والے بھی آپ کو صادق وامین کیسے القابات سے یاد کیا کرتے تھے۔آج بھی ایسے بے شمار غیر مسلم موجود ہیں جو اسلام قبول نہ کرنے کے باوجود آپ ﷺ کی سیرت اور تعلیمات کو روشنی کا مینار قرار دینے پر مجبور ہیں۔کسی نے کیا خوب کہا تھاَ۔فضیلت یہ ہے کہ دشمن بھی گواہی دیں۔ زیر تبصرہ کتاب " محمد رسول اللہ ﷺ غیر مسلموں کی نظر میں "محترم مولانا محمد حنیف یزدانی کی تصنیف ہے ،جس میں انہوں نے نبی کریم ﷺ کی تعریف وتوصیف میں غیر مسلموں کے طرف سے کہے جانے والے اقوال کو ایک جگہ جمع کر دیا ہے۔ بارگاہ الہی میں دعا ہے کہ وہ مولف کی اس کوشش کو قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)
مرشد جیلانی کے ارشادات حقانی
Authors: محمد حنیف یزدانی
In Arguments
شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کی ذاتی تصنیفات کے حوالہ سے معلوم ہوتا ہےکہ وہ ایک عالم باعمل اور عقیدہ اہل السنۃ پر کاربند نظر آتے ہیں بلکہ آپ خود اپنے عقیدہ کے حوالہ سے لکھتے ہیں اعتقادنا اعتقاد السلف الصالح والصحابة ہمار عقیدہ وہی ہے جوصحابہ کرام اور سلف صالحین کا ہے اور شیخ عبد القادر دورسرں کو بھی سلف صالحین کا عقیدہ مذہب اختیار کرنے کی تلقین کرتے تھے ۔ مگر شیخ کے بعض عقیدت مندوں نے فرطِ عقیدت میں شیخ کی خدمات وتعلیمات کو پس پشت ڈال کر ایک ایسا متوازی دین وضع کر رکھا ہے جو نہ صرف قرآن وسنت کے صریح خلاف ہے بلکہ شیخ کی مبنی برحق تعلیمات کے بھی منافی ہے ۔ زیر تبصرہ کتاب’’ مرشدِ جیلانی کےارشادات ِحقانی ‘‘معروف اہل حدیث عالم دین مصنف کتب کثیرہ جناب محمد حنیف یزدانی کی تصنیف ہے ۔ اس کتاب میں انہوں نے حضرت شیخ عبد القادر جیلانی کی تعلیمات کو افادۂ عام اور ان کے عقیدہ بالخصوص ’’مسئلہ توحیدکو ان ہی کی تصانیف غنیۃ الطالبین،فتوح الغیب وغیرہ کی روشنی میں واضح کیا ہے۔کیوں کہ جس مسئلہ کو حضرت شاہ جیلانی تمام عمر بیان کرتے رہے ان کے عقیدت مندوں کواس مسئلہ کےسمجھنے میں دھوکہ ہوا۔ بجائے اس کے کہ اللہ تعالیٰ کی عبادت وبندگی کی جاتی ۔حضرت شاہ جیلانی کی بندگی شروع ہوگئی ۔اور تمام الٰہی اوصاف ان میں شمار ہونے لگے اور حضرت شاہ جیلانی کو حاجت روا ، مشکل کشا، مصیبتیں دو رکرنے والا ، عالم الغیب، حاضر ناضر نذرونیاز کے لائق سمجھا گیا ۔انہی کےنام کی نماز صلاۃ الغوثیہ اور ان ہی کےنام کاوظیفہ یاشیخ سید عبد القادر جیلانی شيأً لله شروع ہوگیا۔مصنف موصوف نے اس کتاب میں شیخ عبدالقادر جیلانی کے متعلق عوام میں پائے جانے والے باطل نظریات اورمشرکانہ عقائد وخرافات کو دلائل وبراہین کی روشنی میں خوب واضح کیا ہے۔مصنف نے شیخ عبد القادر جیلانی کے حالاتِ زندگی اور ان کی تعلیمات کوبیان کرنے سے قبل ’’ تحقیق انیق دربارہ غنیۃ الطالبین ‘‘ کےنام سے بحث پیش کر کے ثابت کیا ہے کہ غنیۃ الطالبین شیخ عبد القادر جیلانی ہی کی تصنیف ہے کیونکہ جب ان کےمعتقدین کےسامنے اس کتاب سے شیخ کے ارشادات اور ان کا عقیدہ بیان کیا جاتا ہے تو و ہ کہتے ہیں کہ ’’غنیۃ الطالبین شیخ عبد القادر جیلانی کی تصنیف نہیں ہے ۔اللہ تعالیٰ مصنف موصوف کی اس کاوش کوقبول فرمائے اور اسے عوام الناس کے لیے نفع بخش بنائے (آمین) (م۔ا)
ہمارے عقائد
Authors: محمد حنیف یزدانی
ہر مسلمان کو اس بات سے بخوبی آگاہ ہونا چاہئے کہ مومن اور مشرک کے درمیان حد فاصل کلمہ توحید لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ ہے۔شریعت اسلامیہ اسی کلمہ توحید کی تشریح اور تفسیر ہے۔اللہ تعالی نے جہاں کچھ اعمال کو بجا لانے کا حکم دیا ہے ،وہاں کچھ ایسے افعال اور عقائد کا بھی تذکرہ فرمایا ہے کہ ان کے ہوتے ہوئے کوئی بھی عمل بارگاہ الہی میں قبول نہیں ہوتا ہے۔اللہ تعالی نے جن امور سے منع فرمایا ہے ،ان کی تفصیلات قرآن مجید میں ،اور نبی کریم نے جن امور سے منع فرمایا ہے ان کی تفصیلات احادیث نبویہ میں موجود ہیں۔عقیدے کے بعض مسائل ایسے ہیں جو نبی کریم اور مشرکین مکہ کے درمیان متنازعہ فیہ تھے۔اور یہ ایسے اصولی مسائل ہیں جن کا ہر مسلمان کے علم میں آنا انتہائی ضروری ہے ،کیونکہ ان میں اور اسلامی تعلیمات میں مشرق ومغرب کی دوری ہے۔ان کا اسلام کے ساتھ دور کا بھی کوئی تعلق نہیں ہے۔ زیر تبصرہ کتاب"ھمارے عقائد"محترم مولانا محمد حنیف یزدانی صاحب کی تصنیف ہے جس میں انہوں نے ان تمام مسائل کو جمع فرما دیا ہے جن کو جاننا ہر مسلمان کے لئے ضروری ہے،تاکہ ہر مسلمان ان سے آگاہ ہوجائے اور اپنے ایمان کو محفوظ رکھ سکے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس محنت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔ آمین(راسخ)
قرآنی دعائیں ( حنیف یزدانی )
Authors: محمد حنیف یزدانی
قرآن مجید میں انبیاء کرام کے واقعات کے ضمن میں انبیاء کی دعاؤں او ران کے آداب کاتذکرہ ہوا ہے ۔ ان قرآنی دعاؤں سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ کے سب سے برگزیدہ بندے کن الفاظ سے کیا کیا آداب بجا لاکر کیا کیا مانگا کرتے تھے ۔ انبیاء کی دعاؤں کو جس خوبصورت انداز سے قرآن مجید نے پیش کیا ہے یہ اسلوب کسی آسمانی کتاب کے حصے میں بھی نہیں آتا ۔ ان دعاؤں میں ندرت کاایک پہلو یہ بھی ہے کہ ہر قسم کی ضرورت کے بہترین عملی اور واقعاتی نمونے بھی ہماری راہنمائی کے لیے فراہم کردیئے گئے ہیں ۔دعا چونکہ اہم عبادت ہے لہذا اسے مشروع طریقے پر ہی کرنا چاہیے ۔ انسان بسا اوقات اللہ تعالیٰ سے ان چیزوں کاطلب گار بن جاتا ہے جو اس کےلیے فائدہ مند یا مشروع نہیں ہوتیں۔ اس لیے ہمار ی کو شش ہونی چاہیے کہ ہم اللہ تعالیٰ سے انہی الفاظ میں دعا مانگیں جو اللہ تعالیٰ نے ہمیں قرآن وحدیث میں سکھائیں ہیں ۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ قرآنی دعائیں ‘‘ مولانا محمد حنیف یزدانی کی مرتب شدہ ہے ۔اس کتاب میں انہوں نے قرآن مجید کی تمام دعاؤں کو یکجا کر کے انکا ترجمہ وتشریح بھی بیان کردی ہے ۔ اور ساتھ ساتھ زندگی کےمختلف ادوار وحالات میں ان کےپڑھنے کے مواقع بھی ذکر کیے ہیں توحید، رسالت ، فضائل اور فضائل ادعیۃ کی اہمیت بھی ساتھ ہی ساتھ اجاگر کی ہے۔اور بعض مقامات پر بعض تفسیری نکات بھی ذکر کیے ہیں تاکہ قاری کو آیت اور دعا کا شان نزول بھی معلوم ہوجائے ۔اس کتاب کا پہلا ایڈیشن 1968ء میں شائع تو اسے بڑی مقبولیت حاصل ہوئی تھوڑے عرصہ میں اس کےکئی ایڈیشن ہوئے ۔ زیر نظر ایڈیشن 1972ء میں شائع ہوا۔ (م ۔ا)
مرزائے قادیان اور علماء اہل حدیث
Authors: محمد حنیف یزدانی
In Arguments
دنیا میں فرقےمختلف ناموں اور کاموں کے اعتبار سے موجود ہیں۔ کچھ فرقےفکری و نظریاتی بنیادوں پر وجود میں آتے ہیں اور فرقے سیاسی بنیادوں پر وجود پکڑتےہیں۔ فکری و نظریاتی فرقوں میں سےایک باطل فرقہ قادیانیت ہے جس کی بنیاد ہی غلط ہے۔ اور ان کی سب سے بڑی غلطی نبوت و رسالت پر حملہ ہے۔ملک وقوم کے دشمنوں نے اپنے اغراض ومقاصد کی تکمیل کےلیے مرزا غلام احمد قادیانی کو مجدد کا رنگ دیاجو بعد میں مسیح موعودنبی اور رسالت کا روپ دھار گیا۔ان کی اسی غلط نظریات کی وجہ سے بالخصوص حکومت پاکستان اور دوسرے اسلامی ممالک نے ان کو غیر مسلم قراردیا۔ اس فرقے کو دبانے کے لیے علماء اسلام نے قادیانیوں کو ناکوں چنے چبوائے بالخصوص علمائے اہل حدیث کی گراں قدر کاوشیں، قربانیاں قابل ذکر ہیں۔ زیر نظر کتاب"مرزائے قادیان اور علماء اہل حدیث مولانا حنیف یزدانی کی تصنیف ہے۔ جس میں موصوف نے قادیانیوں کے باطل افکارو نظریات اور علماء اہلحدیث کا ان کے خلاف برسر پیکار ہونا ذکر کیاہے۔ اللہ رب العزت امت مسلمہ کو اس خطرناک فتنے سے محفوظ فرمائے۔ آمین (عمیر)
تحریک پاکستان اور علماء اہلحدیث
Authors: محمد حنیف یزدانی
In Knowledge
قیامِ پاکستان و تحریک پاکستان میں اہل حدیث قائدین اور علمائے اہل حدیث کی جدوجہد اور خدمات بھی ناقابل فراموش ہیں ۔تحریک پاکستان میں علمائے اہل حدیث نے جو مثالی کردار ادا کیا وہ تاریخ کا سنہری باب ہے۔مولانا شورش کاشمیری نے اسی قافلہ آزادی کے علمبرداروں کے بارے میں لکھا تھا کہ چھ لاکھ علمائے اہل حدیث کو تختۂ دار پر لٹکایا گیا تھا۔تحریک پاکستان میں علمائے اہل حدیث کا کردار ایک طویل داستان ہے۔مسلک اہل حدیث کے مختلف رسائل و جرائد میں ’’ تحریک پاکستان میں علمائے اہل حدیث کا کردار‘‘ کے عنوان سے مختلف قلم کار گاہے گاہے لکھتے رہتے ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’ تحریک پاکستان اور علماءِ اہل حدیث‘‘ مولانا محمد حنیف یزدانی کی تصنیف ہے انہوں نے اس کتاب میں اس بات کو واضح کیا ہے کہ انگریز کی آمد کے بعد علمائے اہل حدیث نے مذہب و ملت کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں ۔ مذہب و سیاسب کی وہ کون سی تحریک ہے جس میں علمائے اہل حدیث صف اوّل میں نظر نہیں آتے تحریک آزادی ہو یا تحریک پاکستان علمائے اہل حدیث ہر اولین دستہ میں شامل رہے ہیں۔(م۔ا)
مکالمات نبویﷺ
Authors: ابو یحیٰ امام خان نوشہری
سیرت نبوی ﷺ کامو ضوع ہر دور میں مسلم علماء ومفکرین کی فکر وتوجہ کا مرکز رہا ہے،اور ہر ایک نے اپنی اپنی وسعت وتوفیق کے مطابق اس پر خامہ فرسائی کی ہے۔ نبی کریم ﷺ کی سیرت کا مطالعہ کرنا ہمارے ایمان کا حصہ بھی ہے اور حکم ربانی بھی ہے۔ قرآن مجید نبی کریم ﷺ کی حیات طیبہ کو ہمارے لئے ایک کامل نمونہ قرار دیتا ہے۔اخلاق وآداب کا کونسا ایسا معیار ہے ،جو آپ ﷺ کی حیات مبارکہ سے نہ ملتا ہو۔اللہ تعالی نے نبی کریم ﷺ کے ذریعہ دین اسلام کی تکمیل ہی نہیں ،بلکہ نبوت اور راہنمائی کے سلسلہ کو آپ کی ذات اقدس پر ختم کر کےنبوت کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ سیرت انسانیت کی بھی تکمیل فرما دی کہ آج کے بعد اس سے بہتر ،ارفع واعلی اور اچھے وخوبصورت نمونہ وکردار کا تصور بھی ناممکن اور محال ہے۔آپ ﷺ کی سیرت طیبہ پر متعدد زبانوں میں بے شمار کتب متنوع انداز میں لکھی جا چکی ہیں،اور لکھی جا رہی ہیں،جو ان مولفین کی طرف سے آپ کے ساتھ محبت کا ایک بہترین اظہار ہے۔ زیر تبصرہ کتاب "مکالمات نبوی ﷺ "حضرت مولانا ابو یحیی امام خان نوشھروی کی تصنیف ہے ،جس میں انہوں نے نبی کریم ﷺ کے مختلف مکالمات ،جو آپ نے مختلف مواقع پر مختلف لوگوں سے کئے تھے ،انہیں ایک جگہ جمع کر دیا ہے۔ یہ کتاب سیرت کے میدان میں ایک منفرد حیثیت کی حامل ہے۔ اللہ تعالی مولف کی اس محنت کو قبول فرمائے اور ہمیں آپ ﷺ کے اسوہ حسنہ کو اپنانے کی بھی توفیق دے۔ آمین(راسخ)
اہل حدیث کے دس مسئلے
Authors: ابو یحیٰ امام خان نوشہری
مسلمانوں کی فرقہ بندیوں کا افسانہ بڑا طویل اورالمناک ہے ۔مسلمان پہلے صرف ایک امت تھے ۔ پہلے لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ کہہ کر ایک شخص مسلمان ہوسکتا تھا لیکن اب اس کلمہ کے اقرار کے ساتھ اسے حنفی یا شافعی یا مالکی یا حنبلی بھی ہونے کا اقرار کرنا ضروری ہوگیا ہے ۔ضرورت اس امر کی مسلمانوں کو اس تقلیدی گروہ بندی سے نجات دلائی جائےاور انہیں براہ راست کتاب وسنت کی تعلیمات پر عمل کرنے کی دعوت دی جائے ۔مسلک اہل حدیث در اصل مسلمانوں کوکتاب وسنت کی بنیاد پر اتحاد کی ایک حقیقی دعوت پیش کرنےوالا مسلک ہے ۔ اہل حدیث کے لغوی معنی حدیث والے اوراس سے مراد وہ افراد ہیں جن کے لیل ونہار،شب وروز،محض قرآن وسنت کےتعلق میں بسر ہوں او رجن کا کوئی قول وفعل اور علم، طور طریقہ اور رسم ورواج قرآن وحدیث سے الگ نہ ہو۔گویامسلک اہل حدیث سے مراد وہ دستورِ حیات ہےجو صرف قرآن وحدیث سے عبارت ،جس پر رسول اللہﷺ کی مہرثبت ہو- زیر تبصرہ کتاب ’’ اہل حدیث کےدس مسئلے‘‘ مولانا ابو یحیٰ امام خاں نوشہروی کی تصنیف ہے۔ مولانا نے اس کتاب میں اہل حدیث کے دس مسائل (نماز ،اذان ، جمعہ ، امام کی شرطیں، روزے ، وضو اور طہارت ، زکوٰۃ، حج ، نکاح اورجنازے کےمسائل) کو کتاب وسنت کی روشنی میں سوال وجواب اور ایک دلچسپ مکالمے کی صورت میں بیان کیا ہے جس سے ایک تو مسئلہ سمجھنے میں آسانی اور قاری کوکتاب پڑہتے ہو ئے کوئی اکتاہٹ محسوس نہیں ہوتی ۔اور وعظ نصحیت کا یہ ایک مؤثر طریقہ ہے۔ اللہ تعالیٰ مولانا کے درجات بلند فرمائے ۔ (آمین) (م۔ا)