Books by Al Noor Softs
٢٬٨٤٠ Books found
مسلک احناف اور مولانا عبد الحئی لکھنوی
Authors: ارشاد الحق اثری
In History
اس بدیہی حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ قرآن مجید قیامت تک کے لیے کتاب ہدایت ، جبکہ حضور ﷺ کی سنت تمام مسلمانوں کے لیے دستور العمل ہے-یہی وجہ ہے کہ ہر دور میں بہت سے کبار علماء کرام نے تقلید جامد کو ترک کر کے کتاب وسنت کو غور وفکر کا منبع بنایا -انہی میں سے ایک نام مولانا عبدالحئی لکھنوی رحمۃ اللہ علہ کا بھی ہے-جنہوں نے کتاب وسنت کی اصل نصوص کا دامن کبھی ہاتھ سے نہ چھوڑا-زیر نظر کتاب میں مولانا کی ان آراء کو جمع کرنے کی کوشش کی گئی ہے جن میں انہوں نے معروف فقہی نقطہ نظر سے ہٹ کر مؤقف اختیار کیا ہے-مصنف نے کتے کا جھوٹا برتن،گردن کا مسح الٹے ہاتھ سے،عصر کی نماز کا وقت،رفع الیدین ، فاتحہ خلف الامام جیسے مسائل پر اپنی آراء کا اظہار کرتے ہوئے تقلید شخصی کی بیخ کنی کی ہے- علاوہ ازیں موصوف نے میت کو غسل دینے سے غسل کرنا،تکبیرات عید،نماز استسقاء اور طلاق ثلاثہ کے متعلق کتاب وسنت کے اصل مؤقف کی جانب رجوع کرتے ہوئے عصر حاضر کے علمائے کرام کو دعوت فکر دی ہے کہ وہ تقلید وجمود کی بجائے براہ راست مذہب کے اصل سرچشموں تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کریں-
احادیث ہدایہ فنی و تحقیقی حیثیت
Authors: ارشاد الحق اثری
اس وقت پوری دنیا خصوصاً برصغیر پاک وہند میں فقہ حنفی کو خاصی پذیرائی حاصل ہے اور بلاتردد فقہ حنفی کی مشہور کتاب 'الہدایۃ' کو کتاب وسنت کا نچوڑ قرار دیا جاتا ہے- یہ دعوی کس حد تک درست ہے ؟ اور کیا 'ہدایۃ' فی الواقع قرآن کی طرح ہے؟ اس کا شافی اور تسلی بخش جواب ہمیں اس کتاب میں ملے گا- جس میں ''الہدایۃ'' میں بیان کردہ من گھڑت روایات، اوہام الہدایۃ اور صاحب ہدایۃ کی تضاد بیانیاں جیسے متعدد موضوعات پر قلم اٹھاتے ہوئے اس کی مکمل فنی وتحقیقی حیثیت آشکارا کی گئی ہے- اصل میں اب سے کچھ عرصہ قبل مولانا محمد یوسف جے پوری نے 'حقیقۃ الفقہ' کے نام سے کتاب لکھی جس میں احادیث ہدایۃ پر نقد وتبصرہ کیا گیا تھا جس پر ایک حنفی عالم نے ماہنامہ 'البینات' میں ایک لمبا چوڑا مضمون لکھ مارا جس کےجواب میں ارشاد الحق اثری صاحب نے استحقاق حق اور ابطال باطل کا فرض ادا کرتے ہوئے تفصیلی مضامین قلمبند کیے – زیر مطالعہ کتاب کچھ حک واضافہ کے ساتھ انہی مضامین کی یکجا صورت ہے- کتاب کے مطالعے سے آپ کو اندازہ ہوگا کہ یہ فقہی مسلک کتاب وسنت کی مکمل تفسیر نہیں بلکہ اس بحر بے کنار کا ایک قطرہ ہے-
توضیح الکلام فی وجوب القراۃ خلف الامام
Authors: ارشاد الحق اثری
نماز سے متعلقہ مسائل میں ایک اہم اختلافی مسئلہ فاتحہ خلف الامام یعنی امام کے پیچھے فاتحہ پڑھنے یا نہ پڑھنے کا ہے۔ اس موضوع پر فریقین کی بیسیوں کتب موجود ہیں۔ فاتحہ خلف الامام کا انکار کرنے والوں کی طرف سے اس سلسلے کی جامع کتاب "احسن الکلام" شائع ہوئی ہے۔ جس کا کچھ جواب "خیر الکلام" میں حافظ محمد گوندلوی صاحب نے بخوبی دیا ہے۔ لیکن "احسن الکلام" کے نئے ایڈیشن میں "خیرالکلام" پر بھی اعتراضات کئے گئے ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب "توضیح الکلام" اسی "احسن الکلام" کے محدثانہ جائزے اور تنقید متین پر مشتمل ہزار سے زائد بڑے سائز کے صفحات پر پھیلی ہوئی ایک بے مثال علمی و تحقیقی دستاویز ہے۔ اس کتاب کے پہلے حصے میں ٹھوس علمی دلائل سے ثابت کیا گیا ہے کہ سورۂ فاتحہ کے بغیر نماز نہیں اور امام، مقتدی اور منفرد سب کیلئے یہی حکم ہے۔ دوسرے حصے میں مانعین کے دلائل کو محدثانہ نقد و نظر کی کسوٹی پر رکھ کر ان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ مؤلف احسن الکلام نے اپنے مؤقف کو سنبھالا دینے کیلئے جو تاویلات فاسدہ کی ہیں، شاذ اقوال کا سہارا لیا ہے اور علمی خیانتوں کا ارتکاب کیا ہے، تدلیس و تلبیس اور دجل و فریب سے بھی دامن وابستہ رکھا ہے، فاضل مصنف شیخ ارشاد الحق اثری حفظہ اللہ نے اپنے تعقبات میں ان پر ہر پہلو سے بڑی مدلل گفتگو بلکہ سخت گرفت کی ہے اور کوئی اہم و غیر اہم گوشہ تشنہ بحث نہیں رہنے دیا۔ بلاشبہ فاتحہ خلف الامام کے موضوع پر یہ کتاب ایک بحر زخار ہے۔ ممکن ہے کہ ٹھوس علمی گفتگو کو عام قارئین سمجھنے میں دقت محسوس کریں لیکن سمجھنے کی کوشش کرتے رہنا چاہئے۔ کتاب و سنت ڈاٹ کام ٹیم اپنے قارئین کو یہ کتاب خریدنے، پڑھنے اور دوسروں تک پہنچانے کی پرزور اپیل کرتی ہے۔
تنقیح الکلام فی تایید توضیح الکلام
Authors: ارشاد الحق اثری
In Biography
زیر تبصرہ کتاب دراصل فاتحہ خلف الامام کے موضوع پر لکھی گئ جامع و مستند، سنجیدہ و ٹھوس علمی دلائل سے مزین کتاب "توضیح الکلام" کے جواب میں حبیب اللہ ڈیروی صاحب کی جانب سے لکھی جانے والی کتاب "توضیح الکلام پر ایک نظر" کا جواب ہے۔ بلاشبہ تحقیق و تنقید سے علم ترقی کرتا ہے، کئی مخفی گوشے اجاگر ہوتے ہیں۔بشرطیکہ دیانتداری اور پوری دیدہ وری سے لکھا جائے۔ مگر ڈیروی صاحب کی یہ تصنیف بھی ان کی دیگر کتب کی طرح علمی ثقاہت سے فروتر ہے۔ حد یہ ہے کہ توضیح الکلام میں موجود کسی کتابت کی غلطی اور حوالہ دیتے ہوئے صفحہ کی غلطی پر بھی وہ آپے سے باہر ہو گئے ہیں۔ توضیح الکلام جیسی ٹھوس، سنجیدہ اور علمی کتاب کا جواب گالیوں ، بدتہذیبی اور غیظ و غضب کے اظہار سے دیا گیا ہے۔ حتٰی کہ محدثین کرام کو بھی محرف، خائن، دسیسہ کار، مجرم، ظالم، بداخلاق کہا گیا ہے۔ تفصیلات تو اس کتاب میں ملاحظہ فرمائیں۔ لیکن بہرحال، توضیح الکلام کے بعد تنقیح الکلام کے شائع ہونے سے فاتحہ خلف الامام کے موضوع پر بہرحال ایک مستند و تحقیقی دستاویز تیار ہو گئی ہے۔
احادیث صحیح بخاری و مسلم میں پرویزی تشکیک کا علمی محاسبہ
Authors: ارشاد الحق اثری
يورپ کے مستشرقین کی نقالی میں ہمارے ہاں بھی بہت سے ایسے متجددین پیدا ہوچکے ہیں جو حدیث وسنت کی تاریخیت ،حفاظت اور اس کی حجیت کو مشکوک اور مشتبہ قرار دے کر اس سے انحراف کی راہ نکالنے میں ہمہ تن گوش ہیں-کبھی تدوین حدیث کے عمل کو تیسری صدی ہجری کی پیداوار قرار دیا جاتا ہے تو کبھی صحابہ کرا م کی احتیاطی تدابیر کو بنیاد بنا کر حدیث میں تشکیک پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے-اس سلسلے میں صحیح بخاری وصحیح مسلم پر بھی شکوک وشبہات کا اظہار کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا جاتا-اسی سلسلے کی ایک کڑی مولانا حبیب الرحمان کاندھلوی کی کتاب ''مذہبی داستانیں'' ہے-جس میں صحیح بخاری ومسلم کو شدید نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے محدثین کرام اور بعض صحابہ کرام بالخصوص حضرت علی، حضرت فاطمہ، حضرت حسن، حضرت حسین وغیرہ شامل ہیں، کے بارے میں اخلاقی گرواٹ کا مظاہرہ کیا گیا - زیر نظر کتاب میں ارشاد الحق اثری صاحب نے خالص علمی اور تحقیقی انداز میں تمام اعتراضات کا تفصیلی جواب دیتے ہوئے صحیح بخاری وصحیح مسلم کی ان تمام روایات کا دفاع کیا ہے جن کو '' مذہبی داستانیں'' میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے-
اسلام اور موسیقی - شبہات و مغالطات کا ازالہ
Authors: ارشاد الحق اثری
ہمارے ملک میں متعدد طبقے موسیقی کی حرمت کے مسئلے پر خود بھی انتشار ذہنی کا شکار ہیں اور اس فکری انتشار کو پھیلانے میں بھی سرگرم ہیں۔ پہلے اس محاذ پر صرف وہی لوگ تھے جو دینی حلقوں میں مغرب زدہ یا سیکولر وغیرہ ناموں سے معروف تھے۔ یا پھر وہ طبقہ جو فسق و فجور کا رسیا تھا۔ لیکن اب منحرفین کا ایک گروہ بھی پیدا ہوگیا ہے ، جس نے ظاہری طور پر تو لبادہ مذہب کا اوڑھا ہوا ہے اور دعوٰی علم و تحقیق کا کرتا ہے۔ جن میں نمایاں شخصیت مسٹر جاوید احمد غامدی ہیں۔ جنہوں نے دیگر ضروریات دین سے تو انکار کیا ہے ساتھ ہی موسیقی کو مذہبی طور پر حلال ٹھہرانے کی بھی خوب کاوشیں فرما رہے ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب میں غامدی صاحب کے ماہنامہ اشراق میں شائع ہونے والے مضمون "اسلام اور موسیقی" کا کتاب و سنت کی روشنی میں بھرپور تنقیدی جائزہ لیا گیا ہے۔ اور غامدی صاحب کی جانب سے پیش کئے جانے والے بزعم خود "دلائل" کے سارے تار و پود بکھیر دئے ہیں اور جتنی بھی کج فکری اور فن کاری کا مظاہرہ کیا تھا، اس کو علمی و تحقیقی دلائل کے ساتھ بے نقاب کر دیا ہے۔
پاک و ہند میں علمائے اہلحدیث کی خدمات حدیث
Authors: ارشاد الحق اثری
اس کتاب میں مصنف ارشاد الحق اثری صاحب نے پاک و ہند میں علمائے اہلحدیث کی خدمات حدیث کو بیان کیا ہے جس میں انہوں نے بے شمار جید علماء اہلحدیث کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ برصیغر میں اسلام کی آمد کیسے ہوئی , حدیث سے بے اعتنائی کے چند واقعات کو بیان کرتے ہوئے چند رجال حدیث کا بھی ذکر کیا ہے جس میں شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ؒ , شاہ اسماعیل شہید ؒ , عبد الغزیز ؒ , مولانا عبد الرحمان محدث مبارکپوری ؒ , مولانا شمس الحق محدث ڈیانوی ؒ مولانا وحید الزمان خاں ؒ , حضرت نواب صدیق الحسن خاں قنوجی ؒ اور اہلحدیثوں کے تدریسی مراکز , اکابرین دیوبند کا انداز تدریس , حدیث کی تعلیم اشاعت میں روکاٹ , دیوبند کا اساسی مقصد , علمائے اہلحدیث کا طریقہ درس , علمائے اہلحدیث کی خدمات کا اعتراف اور اس کی تحسین , اہلحدیثوں کی تصنیفی خدمات , خدمات علمائے غزنویہ کو بیان کرتے ہوئے موصوف نے بے شمار کتب حدیث کا تعارف کرایا ہے جس میں صحیح بخاری , صحیح مسلم , سنن نسائی , سنن ابی داؤد , جامع ترمذی , سنن ابن ماجہ , مؤطا امام مالک جیسی بے شمار کتب کا تعارف کروایا ہے اس کتاب کے مطالعہ سے علمائے اہل حدیث کی حدیث وسنت سے محبت اور اس کی تبلیغ واشاعت کا جذبہ نکھر کرسامنے آتا ہے جس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ خدمت حدیث اہل حدیث کا طرۂ امتیاز ہے
اسلام اور موسیقی پر ’’اشراق ‘‘کے اعتراضات کا جائزہ
Authors: ارشاد الحق اثری
دین اسلام کی بنیاد قرآن مجید اور حدیث وسنت پر ہے۔دین میں کسی چیز کے حلال و حرام یا جائز و ناجائز ہونے کا مدار انہی پر ہے۔جمہور امت اور فقہائے اربعہ رحمتہ اللہ علیہم انہی دلائل کی بنا پر موسیقی کو حرام و ناجائز قرار دیتے ہیں۔بلکہ صحابہ کرام ؓ اجمعین بھی موسیقی اور آلات موسیقی کی حرمت پر متفق ہیں۔لیکن غامدی حلقہ فکر موسیقی کو جائز اور مستحسن گردانتا ہے۔مولانا ارشاد الحق اثری نے ان کی تردید میں ایک کتاب لکھی تھی جس پر اہل اشراق نے مزید اعتراضات جڑ دیے۔زیر نظر کتاب میں انہی دلائل کا مکمل اور مسکت جواب دیا گیا ہے۔حقیقت یہ ہے کہ موسیقی کو جائز ٹھہرا کر یہ حضرات نوجوان طبقے کو خصوصاً افراد امت کو عموماً مغربی تہذیب کے رنگ میں رنگنا چاہتے ہیں۔ان کے گمراہ کن استدلال کا شافی جواب مولانا اثری نے زیر نظر کتاب میں دیا ہے جو لائق مطالعہ ہے۔
مقام صحابہ ؓ (ارشاد الحق اثری)
Authors: ارشاد الحق اثری
صحابہ کرام ؓ وہ نفوس قدسیہ ہیں ،جنہیں جناب رسالتمآب ﷺ کی حالت ایمان میں زیارت نصیب ہوئی اور انہوں نے آپ ﷺ کے ساتھ مل کر دعوت وجہاد کے میدانوں میں کارہائے نمایاں سر انجام دیتے امت تک قرآن وحدیث کی تعلیمات کو روایت وعمل کے ذریعہ بھی انہی نے پہنچایا۔اس اعتبار سے ان کا مقام ومرتبہ انتہائی بلند وبرتر ہے ۔اہل سنت والجماعت کا عقیدہ ہے کہ انبیائے کرام ؑ کے بعد سب سے افضل واعلیٰ مقام صحابہ کرام کا ہے ۔زیر نظر کتاب معروف عالم دین اور محدث زماں مولانا ارشادالحق اثری حفظہ اللہ کی تصنیف ہے ،جس میں بہت ہی علمی انداز سے صحابہ کرام کے مقام ومرتبہ کو اجاگر کیا گیا ہے ۔قر آن وحدیث سے مناقب صحابہ رضی اللہ عنہم کے بیان کے علاوہ بعض اصولی نکات کی بھی علمی توضیح کی ہے ۔جس میں عدالت صحابہ ؓ کا مسئلہ بھی شامل ہے ۔بعض صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر حرف گیری کی حقیقت بھی واضح کی ہے اور اس سلسلہ میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کا مکمل ازالہ کیا ہے ۔اس اعتبار سے اس کتاب کا مطالعہ انتہائی مفید ثابت ہو گا جس سے دشمنان صحابہ کےمکروہ پراپیگنڈے کا موثر توڑ ہو گا او رصحابہ کرام ؓ کی عظمت ورفعت نکھر کر سامنے آجائے گی۔(ط۔ا)