Al Noor Softs

( Joined منذ سنة )

"My Main mission is that to promote the love of our beloved Holy prophet Muhammad SAW ".

Books by Al Noor Softs

٢٬٨٤٠ Books found
صلوۃ المصطفٰے ﷺ

Authors: محمد علی جانباز

In Worship and matters

By Al Noor Softs

نماز اسلام کا دوسرا بڑا اہم رکن ہے ، جو تمام عبادات اور نیکیوں کی جڑ اور اصل الاصول ہے ۔ یہ اسلام کا وہ فریضہ ہے جس سے کوئی مسلمان متنفس ، جب تک اس میں کچھ بھی ہوش و حواس باقی ہے ، کسی حالت میں بھی سبکدوش نہی ہو سکتا ۔ قرآن مجید میں سو سے زیادہ مرتبہ اس کی تعریف ، اس کی بجاآوری کا حکم اور اس کی تاکید آئی ہے ۔ اس کے ادا کرنے میں سستی اور کاہلی نفاق کی علامت اور اس کا ترک کفر کی نشانی بتائی گئی ہے ۔ نماز کے بنیادی طور پر دو پہلو ہیں ایک اس کی ترغیب و ترہیب جبکہ دوسرا اس کے احکام و مسائل کے حوالے سے ہے ۔ زیر مطالعہ کتاب نماز کے مؤخرالذکر پہلو پر ہے ۔ اس میں قاری کو فرائض کے علاوہ سنن ، نوافل مثلا صلاۃ استسقا ، نماز سورج و چاند گرہن ، نماز جنازہ اور استخارہ وغیرہ کی مفصل کیفیات بھی پڑھنے کو ملیں گی ۔ اور پھر یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ مذکورہ نمازوں میں کہاں کہاں کن کن ادعیہ کو پڑھنا مسنون ہے ۔ ساتھ ساتھ ان سب کے دلائل بھی مع حوالہ درج ہیں ۔ پھر مزید یہ ہے کہ اختلافی مسائل کو احادیث صحیحہ کے علاوہ خود مشاہیر علمائے احناف کے اقوال و فتاوی سے بھی مزین کیا گیا ہے ۔ اللہ مصنف کو اجر جذیل سے نوازے اس سے پہلے وہ نماز کے ترغیب و ترہیب کے پہلو پر ایک مفصل کتاب لکھ چکے ہیں ۔(ع۔ح)

معراج مصطفٰی ﷺ

Authors: محمد علی جانباز

In History

By Al Noor Softs

اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کو بے شمارآیات و معجزات سے نوازاہے،تاکہ لوگ ان معجزات کے سامنے سر تسلیم خم کر دیں اور آپ ﷺ کی نبوت پر ایمان لے آئیں۔ان میں سے ایک سب سے بڑا اور اہم ترین معجزہ واقعۂ معراج ہے،جو درحقیقت ایک مجموعۂ معجزات ہے۔ اس میں اللہ تعالیٰ نے آپ کو متعددآیات کبریٰ کا مشاہدہ کروایاہے اور آپ کو جنت وجہنم کی سیر کروائی تاکہ آپ کا ایمان عین الیقین کی حد تک پختہ ہو جائے۔معراج میں جہاں نبی کریم ﷺ کی عظمت وشان کا اظہار ہے وہیں اس میں بہت سے فوائد و اسباق بھی ہیں۔ اردو زبان میں اس موضوع پر جو کچھ لکھا گیا ہے،وہ یا تو ضخیم کتب کے اندر ہے یا پھر مستند و غیر مستند اور صحیح و ضعیف و موضوع روایات کی تمیز اور واقعات کی صحت و ضعف کی تحقیق کے بغیر ہے۔ نیز فوائد کے استنباط میں بھی توحید و شرک،سنت و بدعت اور منہج سلف کی تمیز روا نہیں رکھی گئی ہے، الا ماشاء اللہ۔ زیر تبصرہ کتاب" معراج مصطفیﷺ " جماعت اہل حدیث کے معروف عالم دین شیخ الحدیث مولانا محمد علی جانباز صاحب مہتمم جامعہ ابراہیمیہ سیالکوٹ کی تصنیف ہے۔جس میں انہوں نے صحیح و مستند روایات نیز مقبول و معتبر احادیث وآثار ہی کو جگہ دی ہے، جس کی وجہ سے اس کتاب کی اہمیت و افادیت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔بارگاہ الہی میں دعا ہے کہ وہ مولف کی اس محنت کو قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

اہمیت نماز

Authors: محمد علی جانباز

In Worship and matters

By Al Noor Softs

نماز دین کا ستون ہے۔نماز جنت کی کنجی ہے۔نماز مومن کی معراج ہے۔ نمازمومن کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے۔نماز قرب الٰہی کا بہترین ذریعہ ہے۔ نماز اﷲ تعالیٰ کی رضا کاباعث ہے۔نماز پریشانیوں اور بیماریوں سے نجات کا ذریعہ ہے۔نماز بے حیائی سے روکتی ہے۔نماز مومن اور کافر میں فرق ہے۔ہر انسان جب کلمہ پڑھ کر اللہ تعالیٰ کے سامنے اپنے ایمان کی شہادت دیتا ہے اور جنت کے بدلے اپنی جان ومال کا سودا کرتا ہے، اس وقت سے وہ اللہ تعالیٰ کا غلام ہے اور اس کی جان ومال اللہ تعالیٰ کی امانت ہے۔ اب اس پر زندگی کے آخری سانس تک اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی اطاعت واجب ہوجاتی ہے۔ اس معاہدہ کے بعد جو سب سے پہلا حکم اللہ تعالیٰ کا اس پر عائد ہوتا ہے، وہ پانچ وقت کی نماز قائم کرنا ہے۔قیامت کے دن سب سے پہلے نماز کا حساب وکتاب لیا جائے گا،اگر کوئی شخص اس میں کامیاب ہو گیا تو وہ تمام سوالوں میں کامیاب ہے اور اگر کوئی اس میں ناکام ہو گیا تو وہ تمام سوالوں میں ناکام ہے۔ زیر تبصرہ کتاب" اہمیت نماز " پاکستان کے معروف اہل حدیث عالم دین مولانا محمد علی جانباز صاحب ﷫ کی تصنیف ہے ،جس میں انہوں نےنماز کی اہمیت وفضیلت اور مقام ومرتبے کو قرآن و حدیث کی روشنی میں بیان کرتے ہوئے بے نماز کے انجام اور عقاب کو بیان کیا ہے۔اللہ تعالی مولف کی اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے،اور تمام مسلمانوں کو نماز کا پابند بنائے۔آمین(راسخ)

عمدۃ التصانیف شرح نخبۃ الاحادیث

Authors: محمد علی جانباز

In Hadith & science of hadith

By Al Noor Softs

کتاب اللہ اور سنت رسول ﷺدینِ اسلامی کے بنیادی مآخذ ہیں۔ احادیث رسول ﷺ کو محفوظ کرنے کے لیے کئی پہلوؤں اور اعتبارات سے اہل علم نے خدمات انجام دیں۔ تدوینِ حدیث کا آغاز عہد نبوی سے ہوا او ر صحابہ وتابعین کے دور میں پروان چڑھا ۔ ائمہ محدثین کےدور میں خوب پھلا پھولا ۔مختلف ائمہ محدثین نے احادیث کے کئی مجموعے مرتب کئے۔ان ضخیم مجموعہ جات سے استفتادہ عامۃ الناس کےلیے انتہائی دشوار ہے ۔عامۃ الناس کی ضرورت کے پیش نظر کئی اہل علم نے مختصر مجموعات حدیث تیار کیے ہیں جن میں ایک 100 احادیث پر مشتمل ایک مجموعہ عارف با اللہ مولانا سید محمد داؤد غزنوی ﷫ نے نتہائی مختصراور جامع رسالہ ’’نخبۃ الاحادیث‘‘ کے نام سے مرتب کیا جس میں عبادات معاملات ،اخلاق وآداب وغیرہ سے متعلق کامل رااہنمائی موجود ہے۔ نخبۃ الاحادیث ایک ایسی کتاب ہے کہ جس نے علماء کرام پیدا کرنےکے لیے بنیاد میں رکھی جانے والی اینٹ کا کردار ادا کیا ہے۔ یہ وہ کتاب ہے جس کومدرسہ میں داخل ہونےوالا طالب علم سب سے پہلے حفظ کرتا ہے۔ یعنی ایک طالب حدیث کی علم حدیث کی ابتداء اسی کتاب سےہوتی ہےموصوف کے کمال حسنِ انتخاب کی وجہ سے یہ کتاب اکثر دینی مدارس کے نصاب میں شامل ہے۔اس کی افادیت واثرپذیری کومحسوس کرتے ہوئے شارح ابن ماجہ مولانا محمد علی جانباز﷫ نے زیر تبصرہ دلپذیر شرح لکھی ہے ۔ اس شرح کے بعد یہ کتاب جہاں اساتذہ وطلباء کے لیے مزید مفید ہوگئی ہے وہاں ہی یہ عام لوگوں کےلیے ایک ایسی روشن شمع بن گئی ہے کہ جس کی روشنی میں وہ اندھیروں سےروشنیوں کی طرف سفر کی شروعات کرسکتے ہیں ۔ اگرچہ یہ کتاب چھوٹی ہےمگر اس میں مولانا نےاس کی شرح کرتے ہوئے انداز بڑی حدیث کی کتب جیسا رکھا ہے یعنی کوزے میں دریا بند کردیا ہے اور راوی الحدیث پر بھی علیحدہ بحث کی ہے ۔حدیث کےترجمہ کے بعد حدیث کی شرح صحاح ستہ کے علاوہ دیگر کتب حدیث کو سامنے رکھتے ہوئے بیان کی ہے ۔ کتاب کے متن میں آنے والی احادیث کی تخریج بھی شامل کردی گئی ہے تاکہ اصل مراجع تک آسانی سے رسائی ممکن ہو اور دیگر کتب حدیث میں تلاش کر کے تحقیق کے کام کوآگے بڑھایا جاسکے ۔ اللہ تعالیٰ مولاناداؤد غزنوی ﷫ ، مولانا محمد علی جانباز ﷫ کو جنت میں اعلی مقام عطافرمائے اورناشرین کو اجر عظیم سے نوازے ۔(آمین) (م۔ا)

حرمت متعہ بجواب جواز متعہ

Authors: محمد علی جانباز

In Fiqha

By Al Noor Softs

اسلام عفت و عصمت اور پاکیزگی قلب و نگاہ کا دین ہے ۔ انسان کی عزت وعصمت کے تحفظ کی خاطر اسلام میں نکاح کا حکم دیا گیا ہے تاکہ حصول عفت کے ساتھ ساتھ نسل انسانی کی بقاء و تسلسل بھی جاری رہے۔ ایک گروہ کے ہاں نکاح کی ایک صورت متعہ کے نام پربھی رائج ہے جو اگرچہ صدراسلام میں جائزتھی ، تاہم حضورنبی کریم ﷺ نے اپنی حیات طیبہ ہی میں بڑی وضاحت و صراحت سے اسے ناجائز و ممنوع قراردے دیا ۔اور ابدی طور پر اس کوحرام قرار دے دیا۔اب شریعت اسلامیہ میں متعہ او ر زنا ایک ہی چیز کے دو نام ہیں ۔اب جو شخص متعہ کرتا ہے یا اس کی اجازت دیتا ہے تو وہ گویا ایسے ہے جیسے اس نے زنا کیا یا زنا کی اجازت دی۔مگر ایک گمراہ فرقہ جس کولوگ رافضیہ یا شیعہ کے نام سے جانتے ہیں۔ ان کاعقیدہ ہےکہ زنا متعہ کی صورت میں جائز ہی نہیں بلکہ بڑے درجے اور ثواب کا کام ہے ۔اور جو اس عمل سےمحروم رہا وہ رافضی یاشیعہ جماعت سے خارج ہے ۔ زیرنظرکتاب ’’حرمت متعہ بجواب جواز متعہ‘‘ شیخ الحدیث مولانا محمد علی جانباز﷫ کی تصنیف ہے۔جو انہوں نے ایک شیعہ عالم دین سید بشیرحسین کی کتاب جواز متعہ کےجواب میں تحریر کی ۔اس کتاب میں مولانا جانباز ﷫ نے دلائل کی روشنی میں جواز متعہ کےسلسلہ میں صحابہ اورائمہ اہل سنت کی طرف منسوب کی گئی غلط باتوں کی تردید کی ہے۔ اور کتاب وسنت کے ٹھوس دلائل سے ثابت کیا کہ متعہ قطعی حرام اور ممنوع ہے۔اوریہ واضح کیا ہے کہ متعہ ایک ایسا فعل ہے کہ جس کوکوئی باعزت اور دیندار انسان اپنی اولاد کے لیے جائز قرار نہیں دے سکتا۔ نیز ان تمام دلائل وبراہین کا رد کیاگیا ہے جو علمائے مخالفین جو از متعہ میں پیش کرتےہیں۔ کتاب ہذا کے مطالعہ سے اس مسئلہ کی اصل حقیقت بے نقاب ہوکر قارئین کے سامنے آجائے گی۔اللہ تعالیٰ مولانا جانباز ﷫ کی تمام تحقیقی وتصنیفی خدمات کو قبول فرمائے اور اس کتاب کو لوگوں کی اصلاح کا ذریعہ بنائے۔ (آمین) (م۔ا)

احکام سفر

Authors: محمد علی جانباز

In Hadith & science of hadith

By Al Noor Softs

سفر انسانی زندگی کا ایک حصہ ہے،جس کے بغیر کوئی بھی اہم مقصد حاصل نہیں ہو سکتا ہے۔انسان متعدد مقاصد کے تحت سفر کرتا ہے اور دنیا میں گھوم پھر کر اپنے مطلوبہ فوائد حاصل کرتا ہے۔اسلام دین فطرت ہے جس نے ان انسانی ضرورتوں اور سفر کی مشقتوں کو سامنے رکھتے ہوئے بعض رخصتیں اور گنجائشیں دی ہیں۔مثلا مسافر کو حالت سفر میں روزہ چھوڑنے کی اجازت ہے ،جس کی بعد میں وہ قضاء کر لے گا۔اسی طرح مسافر کو نماز قصر ونماز جمع پڑھنے کی رخصت دی گئی ہے کہ وہ چار رکعت والی نماز کو دو رکعت کر کے اور دو دو نمازوں کو جمع کر کے پڑھ سکتا ہے۔اسی طرح سفر کے اور بھی متعدد احکام ہیں جو مختلف کتب فقہ میں بکھرے پڑے ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب " احکام سفر " شیخ الحدیث مولانا محمد علی جانباز صاحب کی تصنیف ہے، جس میں انہوں نے سفر کی مختلف اقسام بیان کرتے ہوئے ان کے شرعی احکام کو بیان کیا ہے ۔ نیز اس سفر میں نماز کی ادائیگی کے مسائل مثلا یہ کہ نماز قصر کب ہو گی اور کتنے دنوں تک ہو گی اور کیا سواری پر نماز ادا کی جاسکتی ہے یا نہیں کی جا سکتی ہے وغیرہ وغیرہ جیسے مسائل تفصیل سے بیان فرمائے ہیں۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس محنت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

سنن ابن ماجہ اور اس کی شرح انجاز الحاجۃ

Authors: محمد علی جانباز

In Knowledge

By Al Noor Softs

مولانا محمد علی جانباز ﷫ ۱۹۳۴ء میں مشرقی پاکستان کے ضلع فیروز پور (بھارت) کے قصبہ بُدھو چک میں پیدا ہوئے۔ آپ نے تعلیم کا آغاز اپنے قصبہ ہی کی مسجد سے کیا۔ یہاں آپ کے استاد مولانا محمد﷫ تھے۔ قرآن مجید کے ساتھ ساتھ علوم دینیہ کی ابتدائی کتابیں بھی انہیں سے پڑھیں اور بعد ازاں اپنے استاد محترم محمد﷫ کی ترغیب پر1951ء میں آپ مدرسہ تعلیم الاسلام اوڈانوالہ ضلع فیصل آباد میں داخل ہوئے۔ یہاں پر آپ نے مولانا محمد صادق خلیلاور شیخ الحدیث مولانا محمد یعقوب قریشی  سے مختلف فنون کی کتابیں پڑھیں۔ ۱۹۵۳ء میں آپ جامعہ اسلامیہ گوجرانوالہ میں تشریف لے گئے۔ وہاں پر آپ نے شیخ العرب والعجم استاد العلماء حضرت العلام حافظ محمد محدث گوندلویاور استاد العلماء مولانا ابو البرکات احمد مدراسیسے کسبِ فیض کیا۔ یہاں سے فراغت کے بعد ۱۹۵۸ء میں جب جامعہ سلفیہ کا باقاعدہ آغاز ہوا تو آپ حضرت العلام حافظ محمد گوندلوی  کے ہمراہ جامعہ سلفیہ فیصل آباد تشریف لے گئے۔ جامعہ سلفیہ میں آپ نے حافظ محمد گوندلوی سے صحیح بخاری، مؤطا امام مالک، حجۃ اللہ البالغہ، سراجی اور کئی ایک کتابوں کا درس لیا۔ حافظ محمد گوندلوی کے علاوہ آپ نے جامعہ سلفیہ میں ہی مولانا شریف اللہ خان سواتی اور حضرت مولانا پروفیسر غلام احمد حریری رحمہما اللہ سے بھی استفادہ کیا۔ اور اِسی اثناء میں آپ نے پنجاب یونیورسٹی سے فاضل عربی اور فاضل فارسی کے امتحانات بھی پاس کئے۔۱۹۵۸ء میں حضرت مولانا محمد اسماعیل سلفی ﷫ کی تحریک پر آپ نے جامعہ سلفیہ فیصل آباد سے ہی اپنے تدریسی دور کا آغاز کیا۔ ۱۹۶۲ء میں مولانا جانباز سیالکوٹ تشریف لے گئے ۔ وہاں پر آپ نے پہلے پہل مدرسہ دار الحدیث جامع مسجد اہلحدیث ڈپٹی باغ میں درس و تدریس شروع کی دو سال بعد یہ مدرسہ ڈپٹی باغ والی مسجد سے مسجد اہل حدیث ابراہیمی میانہ پورہ منتقل ہو گیا۔ اور مدرسہ کا نام دار الحدیث سے تبدیل کر کے جامعہ ابراہیمیہ رکھا گیا اور مولانا محمد علی جانباز ﷫ کے درس و تدریس کا سلسلہ جاری و ساری رہا اور آپ کی شب و روز کی محنت کی وجہ سے جامعہ ابراہیمیہ ترقی کے منازل طے کرتا رہا۔ ۱۹۷۰ء میں مولانا محمد علی جانباز  نے جامعہ ابراہیمیہ کو جامع مسجد اہل حدیث محلہ لاہوری شاہ ناصر روڈ پر منتقل کیا۔ ۱۹۷۹ء تک آپ اسی مسجد میں درس و تدریس کا کام سر انجام دیتے رہے اور ۱۹۸۰ء میں جامعہ ابراہیمیہ کو مستقل طور پر الگ عمارت میں منتقل کیا او بعد میں اس کا نام ابراہیمیہ سے تبدیل کر کے جامعہ رحمانیہ رکھا گیا۔ جو اب بھی کتاب و سنت کی تعلیمات کو پھیلانے کے لئے سرگرم عمل ہے۔ مولانا جماعت اہلحدیث کے ممتاز عالمِ دین ہونے کے ساتھ ساتھ محقق، مؤرخ، مجتہد، فقیہ، ادیب اور دانشور تھے۔ آپ کی ذات محتاجِ تعارف نہیں۔ تفسیر، حدیث، فقہ، اصول فقہ، اسماء الرجال، تاریخ و سیر، منطق و فلسفہ، لغت و ادب اور صرف و نحو پر آپ کو کامل عبور تھا۔ حدیث اور اسماء الرجال پر آپ کی نگاہ وسیع تھی ۔علومِ اِسلامیہ میں جامع الکمالات ہونے کے ساتھ ساتھ مولانا صاحب عادات و خصائل کے اعتبار سے نہایت پاکیزہ انسان اور زُہد و ورع، تقویٰ و طہارت اور شمائل و اخلاق میں سلف صالحین اور علماءِ ربانیین کے اوصاف کے حامل تھے۔موصوف نے تدریس وتقریراور مختلف مضامین کے علاوہ متعدد عنوانات پر مستقل کتابیں بھی لکھی ہیں جن میں سے شُہرہ آفاق کتاب اِنجاز الحاجہ شرح اِبن ماجہ (۱۲ جلدیں)، اہمیت نماز، صلوۃُ المصطفیٰ ﷺ، معراجِ مصطفیٰ، آلِ مصطفیٰ ﷺ، توہین رسالت کی شرعی سزا، احکامِ نکاح، احکامِ طلاق، حرمتِ متعہ بجوابِ جواز متعہ اور تاریخ پاکستان اور حکمرانوں کا کردار قابل ذکر ہیں۔مولانا 2008ء میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے ۔ اللہ تعالیٰ آپ کی تمام تر محنتوں اور کاوشوں کو شرفِ قبولیت سے نوازے اور آپ کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے ۔ زیر تبصرہ کتاب’’سنن ابن ماجہ اور اس کی شرح انجاز الحاجۃ ‘‘ وطن عزیز کے معروف مضمون نگار ، سیرت نگار مصنف کتب کثیرہ محترم جنا ب عبدالرشید عراقی ﷾ کی تحریر ہے ۔ اس کتاب میں انہوں نے شیخ الحدیث مولانا محمد علی جانباز ﷫ کی سنن ابن ماجہ کی عظیم شرح انجاز الجاجۃ ، امام بن ماجہ اور سنن ابن ماجہ پر مختصر روشنی ڈالی ہے اور شیخ الحدیث مولانا جانباز ﷫ کی مختصر سوانح حیات ،برصغیر میں علمائے اہل حدیث کی خدمات حدیث کا اختصار کے ساتھ تذکرہ کیا ہے ۔(م۔ا)

مشورہ اور استخارہ کی شرعی حیثیت

Authors: محمد علی جانباز

In Quran and Quranic Sciences

By Al Noor Softs

اسلام نے ہمیں زندگی کے تمام شعبوں کے بارے میں راہنمائی فراہم کی ہے۔عبادات ہوں یا معاملات،تجارت ہو یا سیاست،عدالت ہو یا قیادت ، طب ہو یا انجینئرنگ ،اسلام نے ان تمام امور کے بارے میں مکمل تعلیمات فراہم کی ہیں۔اسلام کی یہی عالمگیریت اور روشن تعلیمات ہیں کہ جن کے سبب اسلام دنیا میں اس تیزی سے پھیلا کہ دنیا کی دوسرا کوئی بھی مذہب اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا ہے۔اسلامی تعلیمات نہ صرف آخرت کی میں چین وسکون کی راہیں کھولتی ہیں ،بلکہ اس دنیوی زندگی میں اطمینان ،سکون اور ترقی کی ضامن ہیں۔ اسلام مسلمانوں کو تمام معاملات میں مشورہ کرنے کا حکم دیتا ہے تاکہ بعد میں پشیمانی اور ندامت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مشورے کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ قرآن کریم میں "شوریٰ" نام کی ایک سورت ہے۔ اور نبی اکرم ﷺ کو صحابہ کرام ؓ کے ساتھ مشورہ کرنے کا حکم دیا گیا ۔اور استخارہ کے معنیٰ ہیں خیر طلب کرنا، اور شریعت کی زبان میں اس سے خاص دعا مراد ہے۔ جب کسی معاملے کے مفید یا مضر ہونے میں تردد ہو اور کوئی ایک فیصلہ انسان کے لئے مشکل ہو جائے تو اس مشکل اور تردد کو دور کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں یہ دعاءکرناتا کہ اس معاملے میں تردد دور ہو جائے اور مفید پہلو متعین ہو جائے، یہ دعاء”استخارہ“ کہلاتی ہے ۔ استخارہ در حقیقت مشورے کی ایک اعلیٰ ترین شکل ہے۔ دونوں میں فرق یہ ہے کہ مشورہ اپنے ہم جنس افراد سے کیاجاتا ہے تاکہ ان کے علم و تجربہ سے فائدہ اٹھا کر مفید سے مفید تر قدم اٹھایا جائے، جبکہ استخارہ میں اللہ تعالیٰ سے عرض کیا جاتاہے کہ اے اللہ! ہمارے اس معاملے کے مفید اور مضر تمام پہلوؤں سے آپ بخوبی واقف ہیں، آپ کے علم میں جو پہلو ہمارے لئے ،مفید اور بہتر ہو اسے ہمارے سامنے روشن کرکے ، ہمارے دلوں کو اس کی طرف مائل و مطمئن کردیجئے۔لہذا کسی جائزمعاملہ میں جب تردد ہو تواس کی بہتری والی جہت معلوم کرنےکےلیےاستخارہ کرنا مسنون عمل ہے،حضوراکرم ﷺ کی احادیث سے اس کی ترغیب ملتی ہے۔ زیرتبصرہ کتاب ’’مشورہ اور استخارہ کی شرعی حیثیت ‘‘ شیخ الحدیث مولانا محمد علی جانباز ﷫ کی تحریر ہے ۔ اس میں انہو ں نے قرآن وحدیث کی روشنی میں استخارہ اور مشورہ کےمتعلق تمام ضروری مسائل کویکجا کردیا ہے تاکہ عوا م الناس اس سے آسانی مستفید ہوسکیں ۔ (م۔ا)

رزق حلال اور رشوت (محمد علی جانباز)

Authors: محمد علی جانباز

In Hadith & science of hadith

By Al Noor Softs

اسلام نے ہر اس ذریعہ اکتساب کو منع اور حرام قرار دیا ہے جس میں کسی کی مجبوری سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے کچھ کمایاجائے۔انہی حرام ذرائع میں سے ایک نہایت قبیح ذریعہ اکتساب رشوت ہے، جو شریعت کی نظر میں انتہائی جرم ہے اور یہ جرم آج ہمارے معاشرے میں ناسور کی مانند پھیل چکا ہے، جس کا سد باب مسلمان معاشرے کے لئے ضروری ہے۔رشوت انسانی سوسائٹی کا وہ بد ترین مہلک مرض ہے جو سماج کی رگوں میں زہریلے خون کی طرح سرایت کر کے پورے نظام انسانیت کو کھوکلا اور تباہ کر دیتا ہے ۔ رشوت ظالم کو پناہ دیتی ہے ۔ اور مظلوم کو جبراً ظلم برداشت کرنے پر مجبور کرتی ہے ۔ رشوت کے ہی ذریعے گواہ ، وکیل اور حاکم سب حق کو ناحق اور ناحق کو حق ثابت کرتے ہیں ۔ رشوت قومی امانت میں سب سے بڑی خیانت ہے ۔اسلامی شریعت دنیا میں عدل و انصاف اور حق و رحمت کی داعی ہے ۔ اسلام نے روزِ اول سے ہی انسانی سماج کی اس مہلک بیماری کی جڑوں اور اس کے اندرونی اسباب پرسخت پابندی عائد کی ۔ اور اس کے انسداد کے لیے انتہائی مفید تدابیر اختیار کرنے کی تلقین فرمائی ۔ جن کی وجہ سے دنیا ان مہلک امراض سے نجات پا جائے۔ زیر تبصرہ کتا ب’’ رزق حلال اور رشوت ‘‘شارح سنن ابن ماجہ شیخ الحدیث مولانا محمد علی جانباز ﷫ تصنیف ہے ۔انہوں نے اس کتاب میں کتاب وسنت کی روشنی میں رشوت کی حرمت پر خامہ فرسائی کی ہے ۔ تاکہ عامۃ الناس اس کے اخلاقی وروحانی مفاسد کو جان سکیں اور اس گناہ سے بچ سکیں۔ اللہ تعالیٰ اس مختصر کتاب کو اہل اسلام کی اصلاح کا ذریعہ بنائے ۔(آمین) (م۔ا)