Books by Al Noor Softs
٢٬٨٤٠ Books found
شرعی طلاق
Authors: سید بدیع الدین شاہ راشدی
زوجین کے باہمی اختلاف کی وجہ سے آپس میں اکٹھے نہ رہنے کی صورت کے پیدا ہونے پر اسلام ان کو علیحدگی کے لیے بھی اصول وقانون دیتا ہے جس سے فریقین میں سے کسی پر زیادتی نہ ہو-مصنف نے اس کتاب میں طلاق کے حوالے سے مختلف پچیدہ مباحث کو انتہائی اچھے انداز سے بیان کرتے ہوئے طلاق کا شرعی حکم اور اس کی حیثیت کو بیان کرتے ہوئےطلاق دینے کا طریقہ اور شرعی طورپر کون سی طلاق واقع ہو گی اور کون سی نہیں ہو گی اس کو واضح کیا ہے-اس کی شاندار بحثوں میں سے یہ بھی ہے کہ طلاق ثلاثہ کے بارے میں شرعی راہنمائی اور تین طلاقوں کا ایک واقع ہونا عین فطرت سلیمہ کے موافق ہے-اور حضرت عمر کے بارے میں پیدا کیے جانے والے شکوک وشبہات کا جائزہ لیا ہے-طلاق کی مختلف صورتیں،اور ان کی عدتوں کے بیان کے ساتھ ساتھ رجوع یا تجدید نکاح کا طریقہ واضح کیا ہے-اور تین طلاقوں کے وقوع کے جو حلالے کا غیر شرعی طریقہ اختیار کیا گیا ہے اس کو فریقین کے دلائل کے ساتھ قرآن وسنت کی روشنی میں واضح کی گیا ہے-اس کتاب کی سب سے بڑی خوبی یہ بھی ہے کہ اس میں مفتی سعودیہ عربیہ علامہ عبدالعزیز بن باز کے فتاوی کے ساتھ ساتھ محدث کامل سلطان محمود جلال پوری کے فتاوی کو بھی شامل کیا گيا ہے-
قرآن خوانی کی شرعی حيثيت
Authors: سید بدیع الدین شاہ راشدی
قرآن خوانی کی شرعی حیثیت کے موضوع پر علامہ بدیع الدین راشدی صاحب کی ایک بہترین اور جامع تحریر ہے-یہ کتابچہ اصل میں انہوں نے کسی سوال کے جواب میں تحریر فرمایا ہے جس میں انہوں نے مروجہ ایصال ثواب اور قرآنی خوانی کے ذریعے میت کے لیے ایصال ثواب کی شرعی حیثیت کو واضح کیا ہے-اس کتابچہ میں شاہ صاحب نے عقلی ونقلی دلائل سے اس چیز کو ثابت کیا ہے کہ کون سے ایسے امور ہیں جن کے کرنے سے مرنے کے بعد بھی انسان کے نامہ اعمال میں نیکیاں درج ہوتی رہتی ہیں اور کون سے ایسے خود ساختہ طریقے ہیں کہ جن کے کرنے سے میت کوئی فائدہ نہیں ہوتا ہے-مصنف نے اس چیز کو واضح کیا ہے کہ مروجہ قرآنی خوانی کا طریقہ اور ایصال ثواب کا طریقہ نہ تو رسول اللہ ﷺ کے دور میں تھا نہ کسی نے کیا اور نہ ہی صحابہ میں سے کسی نے کیا ہے اور نہ بعد میں تابعین سے اس کی کوئی گنجائش نکلتی ہے-اس لیے اگر اس کتاب کو معتدل مزاج کے ساتھ پڑھا جائے تو اصلاح کے لیے بہت سارے پہلو اپنے اندر سموئے ہوئے ہے-
اصلاح اہل حدیث
Authors: سید بدیع الدین شاہ راشدی
اللہ کے فضل وکرم سے اہل اسلام میں سے اہل حدیث ایک ایسی جماعت ہے جوتقلیدی جکڑبندیوں کی بجائے قرآن اور حدیث کے فرامین پر عمل پیرا ہے اور کتاب وسنت کی دعوت کو عام کرنےمیں تندہی کے ساتھ محنت کررہی ہے لیکن اہل حدیث حضرات میں بہت بڑی تعداد ایسے لوگوں کی بھی ہے جن میں بنیادی طور پر بہت سی خامیاں پائی جاتی ہیں جن کی اصلاح کی ضرورت ہے- زیر نظر رسالہ میں سید بدیع الدین شاہ راشدی نے انہی کوتاہیوں کی جانب توجہ دلائی ہے-جس میں انہوں نے اس چیز کو واضح کیا ہے کہ اہل حدیث خود ایک مصلح ہے تو مصلح کی اصلاح کیسے کی جا سکتی ہے-اس میں مصلح کی صفات اور مسلمانوں میں پائی جانے والی کوتاہیوں کی نشاندہی کی ہے-جیسا کہ جمہوریت کو اسلامی بنانے کی کوشش،مخصوص مقامات کی حد تک محدود ہو جانا،نمازوں کی اصلاح کی طرف توجہ،جہاد سے بے رغبتی اور باہمی اتفاق واتحاد کی کمی کی طرف توجہ دلائی ہے-
اسلام میں عورت کا مقام
Authors: سید بدیع الدین شاہ راشدی
الله تعالی ہر چیز کاخالق ومالک ہے اور ہر چیز کی طبیعت اور فطرت سے بخوبی آگاہ ہے-اسی لیے اس نے ہر چیز کی طبیعت کے موافق اس کا دائرہ کار متعین کیا ہے-اسلام نے عورت کا جو دائرہ کار مقرر کیا ہے اس میں اگرچہ جتنے بھی شبہات پیدا کرنے کی کوشش کی جائے، وہ نہ صرف اس کے صحیح مقام کو متعین کرتے ہیں بلکہ اس کو ایک باعزت شخصیت کے روپ میں پیش کرتے ہیں –زیر نظر کتاب میں شیخ العرب والعجم سید بدیع الدین شاہ راشدی نے اسلام دشمن قوتوں کی جانب سے پیش کیے جانے والے شبہات کاجائزہ لیتے ہوئے کتاب وسنت کی روشنی میں ان کا تفصیل کے ساتھ رد کیا ہے-مصنف نے اسلام میں عورت کے حقوق وفرائض اور ذمہ داریوں کا تعین کرتے ہوئے عورت کے پردے کے احکام اسوہ رسول اور آثار صحابہ وتابعین کی روشنی میں واضح اندازمیں پیش کیے ہیں-
عقیدہ توحید اور علمائے سلف کی خدمات
Authors: سید بدیع الدین شاہ راشدی
دین وشریعت کی اساس اور نقطۂ آغازتوحید کا عقیدہ ہے اسلامی تعلیمات کی تمام ترجزئیات وتفصیلات اسی کی تشریح وتوضیح ہیں اسی بناء پر اللہ عزوجل نے عقیدہ توحید کی ابلاغ ،دعوت اور اشاعت کےلیے ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیاء ورسل جیسی جلیل القدر ہستیوں کو اس اہم ترین فریضے کی بجا آوری پرمامور کیا جنہوں نے اپنی ذمہ داری کوکما حقہ اداکیا سیدنا محمدعربی ﷺ پر چونکہ نبوت ورسالت کاخاتمہ ہوگیا اس لیے اب اس ذمہ داری کا بوجھ ارباب علم کے کندھوں پر آن پڑا کہ وہ عقیدہ توحید سے لوگوں کو روشناس کرائیں او رکل عالم تک اس پیغام کو پہنچائیں مطالعہ تاریخ سے معلوم ہوتا ہے کہ علماء اس ذمہ داری سے بطریق احسن عہدہ برآ ہوئے۔زیر نظر کتاب ’’عقیدہ توحید اور علمائے سلف کی خدمات‘‘ میں بھی علامہ سیدبدیع الدین شاہ راشدی ؒ نے عقیدہ توحید کے حوالے سے اہل علم وفکر کی ساعی جمیلہ کاتاریخی تناظر میں تذکرہ کیا ہے جس سے یہ امر نکھر کر نظروبصر کے سامنے آتاہٰےکہ ہر دور میں علمائے کرام نے زبان وقلم کے ذریعے عقیدہ توحید کی آبیاری کی ہے ۔
قصہ ہاروت وماروت اور جادو کی حقیقت
Authors: سید بدیع الدین شاہ راشدی
ہاروت و ماروت نامی دو فرشتوں کے متعلق عوام الناس میں عجیب عجیب قصے مشہور ہیں۔ جن کے جھوٹا ہونے میں کچھ شک نہیں۔ زیر تبصرہ کتاب میں شیخ بدیع الدین شاہ الراشدی ؒ نے کئی داخلی و خارجی قرائن کے ذریعے اس قصے کا موضوع و باطل ہونا ثابت کیا ہے۔ نیز اس باب میں پیش کی جانے والی احادیث کا ضعف بھی واضح کیا ہے۔ کتاب کے دوسرے حصے میں جادو کی حقیقت، اس کے نقصانات ، جادو پر یقین رکھنے والوں کی سزا، جادو کے متعلق اہلسنت کا مؤقف نیز سحر ، کرامت اور معجزہ میں فرق، دور حاضر میں مروج تعویزات کے چند نمونے اور عملی زندگی سے کئی مثالیں پیش کر کے جادو ٹونہ کرنے اور کرانے والوں کو کتاب و سنت کی روشنی میں راہنمائی مہیا کی گئی ہے۔
تواترعملی یا حیلہ جدلی
Authors: سید بدیع الدین شاہ راشدی
اللہ تعالیٰ نے انسان ذات کی ہدایت کےلیے اپنی طرف سے آفاقی پیغام پیغام ہدایت دے کر انبیاء کرام ورسل عظام کو مبعوث فرمایا جنہوں نےاس تعلیم کے اصول ومبادی کی توضیح وتشریح فرمائی اور اس میں کسی اور کی آراء وقیاس کے دخل کے تمام راستے مسدود کردیئے تاکہ کوئی بھی دین متین میں اپنی من مانی تاویلیں نہ کرسکے۔ یہی سبب ہے کہ جب بھی دین متین وشریعت محمدیﷺ میں اس قسم کی اخل اندازیاں ہوئیں تو اہل حق علماء ان کی بیخ کنی کےلیے میدان کارزار میں اتر آئے اوران کا قلع قمع کرکے ہی دم لیا ۔ زیر تبصرہ کتاب تواتر عملی وحیلہ جدلی شیخ بدیع الدین شاہ راشدی ؒ نے مسعود بی ایس سی کے جواب میں لکھا جنہوں نے ایک اصول تواتر عملی نامی وضع کرکے وضع الیدین بعدالرکوع والوں کو ہدف تنقید بنایا ۔جبکہ وہ خود کتاب صلواۃ المسلمین اور تفہیم الاسلام وغیرہ میں اس اصول کی تردید کرچکے ہیں۔ اللہ تعالیٰ جزائے خیردے شیخ العرب والعجم سید بدیع الدین شاہ راشدی ؒ کو کہ جنہوں نے مسعود بی ایس سی کےاس مصنوعی مذہب اور اس کے اصولوں کا قلع قمع کیا ۔اور خصوصاً اس تواتر عملی کو 31 وجوہات سے رد کیا ۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس رسالہ کو شاہ صاحب مرحوم کےلیے نجات اور ہمارے لیے ہدایت کا ذریعہ بنائے۔آمین
فقہ و حدیث
Authors: سید بدیع الدین شاہ راشدی
In Fiqha
زیر نظر کتاب محدث العصر شیخ العرب والعجم علامہ سید بدیع الدین راشدی رحمتہ اللہ علیہ کا عظیم علمی شاہکار اور معرکہ آراء کتاب ہے ۔جسے کتاب وسنت کے دلائل کو دین حنیف کا ماخذ ثابت کیا گیا ہے اور کتاب وسنت کو چھوڑ کر خودساختہ حنفی فقہ اور ائمہ احناف کے بے سروپا اقوال کی آنکھیں بند کر کے تقلید واتباع کی شناعت کو طشت ازبام کیا ہے۔اس کتاب کی تالیف کا پس منظر یہ ہے کہ راشدی صاحب نے ایک فتوی دیا۔جس کا ماحصل یہ تھا کہ ہم قرآن وحدیث کے علاوہ کسی اور چیز کو سند نہیں سمجھتے۔اس فتوی سے مشتعل ہو کر اور تعصب وعناد کی تربیت میں پروان چڑھنے و الے ایک حنفی عالم نے مسلکی غیرت کے تاؤ میں آکر اس فتوی پر بے جاتبرّا بازی کی اور فقہ کو دین حنیف کا اساس ثابت کرنے کے لیے بے سروپا دلائل سے یہ ثابت کرنے کی سعی لاحصل کی او راس مسئلہ کو ترتیب دے کر کہ اگر کنویں میں کوئی چیز گر کر مر جائے یا مردہ چیز کنویں میں گر پڑے تو ای کی صفائی کیسے ہوگی۔چنانچہ اس مسئلہ کی عقدہ کشائی کے لیے کتاب وسنت خاموش ہیں ۔لہذا کتب فقہ ہی اس مسئلہ کی نشاندہی کرتی ہیں۔سو ثابت ہوا کہ فقہ ہی دین کی بنیادی اساس ہے اور فقہ کے مقابلے میں احادیث نبویہ کی چنداں ضرورت و اہمیت نہیں ۔کتاب وسنت پر اس جارحانہ حملے کے جواب میں شاہ صاحب نے قلم اٹھایا اور حدیث وفقہ کا اس انداز میں تقابلی جائزہ پیش کیا کہ فقہ کی اصلیت اور اہل فقہ کا گھناؤنا کردار کھول کر پیش کیا کہ اس کی تردید کی کسی حنفی میں جرأت باقی نہ رہی ۔یہ کتاب سندھی زبان میں لکھی گئی ہے اور علامہ مرحوم نے کتاب کو چار اجزاء میں مرتب کیا ہے۔ (ا) ہدایہ کے سو مسائل کا ذکر جو احادیث نبویہ کے صریح خلاف ہیں (ب) قہ حنفیہ کے چالیس اخلاق سوز مسائل کا بیان جو حیاء ،اخلاق اور تہذیب وشائستگی سے حددرجہ گرے ہوئے ہیں ۔ (ج) دس ایسے مسائل جو ابو حنیفہ ،صاحبین (امام یوسف،امام محمد) اور امام کرخی کے درمیان مختلف ہیں۔ (د) تیس ایسے مسائل جو کتاب وسنت کی تعلیمات کے بالکل متصادم ہیں۔ ان میں سے صرف پہلے جزء کا اردو ترجمہ ہوا ہے اور اس کتاب کی ترتیب یوں ہے کہ ایک صفحہ پر حدیث نبوی بیان ہوئی ہے اور اس سے اگلے صفحہ پر ہدایہ کی وہ عبارت مذکور جو حدیث کے صریح خلاف ہے بیان کی گئی ہے ۔نیز احادیث کی تخریج اور ہدایہ کی عبارتوں کی تخریج بھی موجود ہے ۔یہ ایک انتہائی اہم اور نادر کتاب ہے جس کا مطالعہ انتہائی ضروری ہے بالخصوص سادہ لوح حنفی لوگ جنہیں یہ باور کرایا جاتا ہے کہ فقہ کتاب وسنت کا خلاصہ اور ائمہ احناف کا کوئی قول کتاب وسنت کے خلاف نہیں ۔اس کتاب کے مطالعہ سے حقیقت واضح ہو جائے گی کہ حنفی فقہ کتاب وسنت سے بالکل الگ دین ہے ۔حنفی فقہ کی ترویج دراصل ایک نئی دین سازی ہے ۔لہذا یہ کتاب تقلیدی بندھنوں میں بندھے لوگوں کے لیے روشنی کا مینارہ ہے کہ فقہی معہ شگافیوں کی حقیقت سے با خبر ہو کر کتاب وسنت کے دلائل کو حرز جان بنائیں اور وہ دین جو نبی ﷺ پر نازل ہوا تھا۔اس کی اتباع کرکے خود کو کتاب و سنت کا صحیح متبع بنائیں۔
توحید ربانی
Authors: سید بدیع الدین شاہ راشدی
انبیائے کرام کی دعوت کا بنیادی نقطہ توحید تھا۔ اسی کے لیے انہوں نے اور ان کے متبعین نے طرح طرح کی تکالیف کا سامنا کیا جن کے واقعات قرآن و حدیث میں مذکور ہیں۔ مگر افسوس کہ علمی دور کے انحطاط اور جہالت کے غلبے کی وجہ سے بہت سارے لوگ توحید سے بے خبر اور شرک کی بے شمار اقسام میں گرفتار ہیں۔ علاوہ ازیں بہت سے لوگ توحید عبادت کی اصل بنیاد توحید ربوبیت کے حوالےسے سخت انحراف کا شکار ہیں۔ جو شخص اس امتحان میں فیل ہو گیا وہ بری طرح ناکام ہو گیا۔ نتیجتاً اپنی دنیا، اپنی قبر اور اپنی آخرت سب کی بربادی کا خود ہی انتظام کر ڈالا۔ زیر نظر کتاب میں محترم بدیع الدین شاہ راشدی نے توحید کی تمام تر جہات سے متعلق بہت تفصیلی اور مدلل گفتگو کی ہے۔ یہ کتاب سندھی زبان میں لکھی گئی اور شائع ہوئی تھی اس کی افادیت کو دیکھتے ہوئے مولانا حزب اللہ نے اس کو اردو میں منتقل کرنے کا اہتمام کیا ہے۔ توحید کی بنیاد اور اس سے متعلقہ تمام تر معلومات کے حصول کے لیے اس کتاب کا مطالعہ بہت مفید ہے۔ شرک کی دلدل میں پھنسے ہوئے لوگوں تک بھی یہ کتاب ضرور پہنچانی چاہیے۔(ع۔م)