eBooks
٢٬٨٤١ Results Found
قرآنی دعائیں ( حنیف یزدانی )
Authors: محمد حنیف یزدانی
قرآن مجید میں انبیاء کرام کے واقعات کے ضمن میں انبیاء کی دعاؤں او ران کے آداب کاتذکرہ ہوا ہے ۔ ان قرآنی دعاؤں سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ کے سب سے برگزیدہ بندے کن الفاظ سے کیا کیا آداب بجا لاکر کیا کیا مانگا کرتے تھے ۔ انبیاء کی دعاؤں کو جس خوبصورت انداز سے قرآن مجید نے پیش کیا ہے یہ اسلوب کسی آسمانی کتاب کے حصے میں بھی نہیں آتا ۔ ان دعاؤں میں ندرت کاایک پہلو یہ بھی ہے کہ ہر قسم کی ضرورت کے بہترین عملی اور واقعاتی نمونے بھی ہماری راہنمائی کے لیے فراہم کردیئے گئے ہیں ۔دعا چونکہ اہم عبادت ہے لہذا اسے مشروع طریقے پر ہی کرنا چاہیے ۔ انسان بسا اوقات اللہ تعالیٰ سے ان چیزوں کاطلب گار بن جاتا ہے جو اس کےلیے فائدہ مند یا مشروع نہیں ہوتیں۔ اس لیے ہمار ی کو شش ہونی چاہیے کہ ہم اللہ تعالیٰ سے انہی الفاظ میں دعا مانگیں جو اللہ تعالیٰ نے ہمیں قرآن وحدیث میں سکھائیں ہیں ۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ قرآنی دعائیں ‘‘ مولانا محمد حنیف یزدانی کی مرتب شدہ ہے ۔اس کتاب میں انہوں نے قرآن مجید کی تمام دعاؤں کو یکجا کر کے انکا ترجمہ وتشریح بھی بیان کردی ہے ۔ اور ساتھ ساتھ زندگی کےمختلف ادوار وحالات میں ان کےپڑھنے کے مواقع بھی ذکر کیے ہیں توحید، رسالت ، فضائل اور فضائل ادعیۃ کی اہمیت بھی ساتھ ہی ساتھ اجاگر کی ہے۔اور بعض مقامات پر بعض تفسیری نکات بھی ذکر کیے ہیں تاکہ قاری کو آیت اور دعا کا شان نزول بھی معلوم ہوجائے ۔اس کتاب کا پہلا ایڈیشن 1968ء میں شائع تو اسے بڑی مقبولیت حاصل ہوئی تھوڑے عرصہ میں اس کےکئی ایڈیشن ہوئے ۔ زیر نظر ایڈیشن 1972ء میں شائع ہوا۔ (م ۔ا)
ہمارے عقائد
Authors: محمد حنیف یزدانی
ہر مسلمان کو اس بات سے بخوبی آگاہ ہونا چاہئے کہ مومن اور مشرک کے درمیان حد فاصل کلمہ توحید لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ ہے۔شریعت اسلامیہ اسی کلمہ توحید کی تشریح اور تفسیر ہے۔اللہ تعالی نے جہاں کچھ اعمال کو بجا لانے کا حکم دیا ہے ،وہاں کچھ ایسے افعال اور عقائد کا بھی تذکرہ فرمایا ہے کہ ان کے ہوتے ہوئے کوئی بھی عمل بارگاہ الہی میں قبول نہیں ہوتا ہے۔اللہ تعالی نے جن امور سے منع فرمایا ہے ،ان کی تفصیلات قرآن مجید میں ،اور نبی کریم نے جن امور سے منع فرمایا ہے ان کی تفصیلات احادیث نبویہ میں موجود ہیں۔عقیدے کے بعض مسائل ایسے ہیں جو نبی کریم اور مشرکین مکہ کے درمیان متنازعہ فیہ تھے۔اور یہ ایسے اصولی مسائل ہیں جن کا ہر مسلمان کے علم میں آنا انتہائی ضروری ہے ،کیونکہ ان میں اور اسلامی تعلیمات میں مشرق ومغرب کی دوری ہے۔ان کا اسلام کے ساتھ دور کا بھی کوئی تعلق نہیں ہے۔ زیر تبصرہ کتاب"ھمارے عقائد"محترم مولانا محمد حنیف یزدانی صاحب کی تصنیف ہے جس میں انہوں نے ان تمام مسائل کو جمع فرما دیا ہے جن کو جاننا ہر مسلمان کے لئے ضروری ہے،تاکہ ہر مسلمان ان سے آگاہ ہوجائے اور اپنے ایمان کو محفوظ رکھ سکے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس محنت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔ آمین(راسخ)
مرشد جیلانی کے ارشادات حقانی
Authors: محمد حنیف یزدانی
In Arguments
شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کی ذاتی تصنیفات کے حوالہ سے معلوم ہوتا ہےکہ وہ ایک عالم باعمل اور عقیدہ اہل السنۃ پر کاربند نظر آتے ہیں بلکہ آپ خود اپنے عقیدہ کے حوالہ سے لکھتے ہیں اعتقادنا اعتقاد السلف الصالح والصحابة ہمار عقیدہ وہی ہے جوصحابہ کرام اور سلف صالحین کا ہے اور شیخ عبد القادر دورسرں کو بھی سلف صالحین کا عقیدہ مذہب اختیار کرنے کی تلقین کرتے تھے ۔ مگر شیخ کے بعض عقیدت مندوں نے فرطِ عقیدت میں شیخ کی خدمات وتعلیمات کو پس پشت ڈال کر ایک ایسا متوازی دین وضع کر رکھا ہے جو نہ صرف قرآن وسنت کے صریح خلاف ہے بلکہ شیخ کی مبنی برحق تعلیمات کے بھی منافی ہے ۔ زیر تبصرہ کتاب’’ مرشدِ جیلانی کےارشادات ِحقانی ‘‘معروف اہل حدیث عالم دین مصنف کتب کثیرہ جناب محمد حنیف یزدانی کی تصنیف ہے ۔ اس کتاب میں انہوں نے حضرت شیخ عبد القادر جیلانی کی تعلیمات کو افادۂ عام اور ان کے عقیدہ بالخصوص ’’مسئلہ توحیدکو ان ہی کی تصانیف غنیۃ الطالبین،فتوح الغیب وغیرہ کی روشنی میں واضح کیا ہے۔کیوں کہ جس مسئلہ کو حضرت شاہ جیلانی تمام عمر بیان کرتے رہے ان کے عقیدت مندوں کواس مسئلہ کےسمجھنے میں دھوکہ ہوا۔ بجائے اس کے کہ اللہ تعالیٰ کی عبادت وبندگی کی جاتی ۔حضرت شاہ جیلانی کی بندگی شروع ہوگئی ۔اور تمام الٰہی اوصاف ان میں شمار ہونے لگے اور حضرت شاہ جیلانی کو حاجت روا ، مشکل کشا، مصیبتیں دو رکرنے والا ، عالم الغیب، حاضر ناضر نذرونیاز کے لائق سمجھا گیا ۔انہی کےنام کی نماز صلاۃ الغوثیہ اور ان ہی کےنام کاوظیفہ یاشیخ سید عبد القادر جیلانی شيأً لله شروع ہوگیا۔مصنف موصوف نے اس کتاب میں شیخ عبدالقادر جیلانی کے متعلق عوام میں پائے جانے والے باطل نظریات اورمشرکانہ عقائد وخرافات کو دلائل وبراہین کی روشنی میں خوب واضح کیا ہے۔مصنف نے شیخ عبد القادر جیلانی کے حالاتِ زندگی اور ان کی تعلیمات کوبیان کرنے سے قبل ’’ تحقیق انیق دربارہ غنیۃ الطالبین ‘‘ کےنام سے بحث پیش کر کے ثابت کیا ہے کہ غنیۃ الطالبین شیخ عبد القادر جیلانی ہی کی تصنیف ہے کیونکہ جب ان کےمعتقدین کےسامنے اس کتاب سے شیخ کے ارشادات اور ان کا عقیدہ بیان کیا جاتا ہے تو و ہ کہتے ہیں کہ ’’غنیۃ الطالبین شیخ عبد القادر جیلانی کی تصنیف نہیں ہے ۔اللہ تعالیٰ مصنف موصوف کی اس کاوش کوقبول فرمائے اور اسے عوام الناس کے لیے نفع بخش بنائے (آمین) (م۔ا)
محمد رسول اللہ ﷺ غیر مسلموں کی نظر میں
Authors: محمد حنیف یزدانی
نبی کریم ﷺ کی زندگی اور حیات طیبہ تمام مسلمانوں کے لئے نہایت مبارک،ارفع واعلی اور کامل واکمل قابل عمل ،قابل تقلید اور لائق اتباع ہے۔آپ ﷺ کی سیرت مبارکہ کو قرآن مجید میں "اسوہ حسنہ" فرمایا گیا ہے۔یہاں دنیا کا ہر شخص زندگی کے ہر پہلو کو بآسانی دیکھ سکتا ہے اور اپنی زندگی انہی اصول وآداب کے مطابق گزار سکتا ہے۔آپﷺ کی تعلیمات اتنی جامع اور عالمگیر ہیں کہ آپ کی زندگی میں آپ کی کھلی مخالفت کرنے والے اور آپ کو قتل کرنے کے پروگرام بنانے والے بھی آپ کو صادق وامین کیسے القابات سے یاد کیا کرتے تھے۔آج بھی ایسے بے شمار غیر مسلم موجود ہیں جو اسلام قبول نہ کرنے کے باوجود آپ ﷺ کی سیرت اور تعلیمات کو روشنی کا مینار قرار دینے پر مجبور ہیں۔کسی نے کیا خوب کہا تھاَ۔فضیلت یہ ہے کہ دشمن بھی گواہی دیں۔ زیر تبصرہ کتاب " محمد رسول اللہ ﷺ غیر مسلموں کی نظر میں "محترم مولانا محمد حنیف یزدانی کی تصنیف ہے ،جس میں انہوں نے نبی کریم ﷺ کی تعریف وتوصیف میں غیر مسلموں کے طرف سے کہے جانے والے اقوال کو ایک جگہ جمع کر دیا ہے۔ بارگاہ الہی میں دعا ہے کہ وہ مولف کی اس کوشش کو قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)
خطبات سورۃ الحجرات
Authors: حافظ عبد الستار حامد
سورۃ الحجرات قرآن مجید کی 49 ویں سورت جو نبی کریم ﷺ کی مدنی زندگی میں نازل ہوئی۔ اس سورت میں 2 رکوع اور 18 آیات ہیں۔یہ سورت ایک ہی دفعہ نازل نہیں کی گئی بلکہ حسب ِضرورت اس کانزول کئی حصوں او رمختلف اوقات میں ہوا ۔اس سورت میں ایجاز واختصار کے ساتھ ایسے اہم مضامین بیان کیے گئے ہیں۔جن پر اعتقاد ،اخلاق،سیرت،اور کردار کا خوبصورت اور پائیدار محل تعمیر کیا جاسکتا ہے ۔اور ایک اسلامی معاشرہ میں امن، محبت ، انس اور ایثار کی فضا پیدا کی جاسکتی ہے۔یعنی اس سورت کااجمالی موضوع اہل ایمان اورمسلمانوں کے ان امور کی اصلاح ہے جن کا تعلق ان کے باہمی معاملات او رمجمتع اسلامی سے ہے۔ زیر تبصرہ کتاب’’خطبات سورۃ الحجرات ‘‘ پروفیسر حافظ عبد الستار حامد ﷾ کے سورۃ الحجرات سےمتعلق دسمبر 2010ء تا مارچ 2011ء تفسیری خطبات کامجموعہ ہے ۔موصوف نےاس سورۂ مبارکہ کی تشریحات ، توضیحات وتفسیر کو خطبا ت جمعہ میں مکمل بیان کیا بعد ازاں افادۂ عام کے لیے اسے کتابی صورت میں مرتب کیا ہے ۔ فاضل مصنف نے اس کتاب میں ہر واقعہ، ہر حدیث اور ہربات مستند اور باحوالہ تحریرکرنے کی کوشش کی ہے ۔خطیبانہ انداز میں یہ سورۃالحجرات کی کی منفرد تفسیر ہے ۔ (م۔ا)
انوار الصلوٰۃ المعروف نماز مصطفیٰ ﷺ
Authors: حافظ عبد الستار حامد
مسلمانوں کا امتیازی وصف دن اور رات میں پانچ دفعہ اپنے پروردگار کےسامنے باوضوء ہوکر کھڑے ہونا اور اپنے گناہوں کی معافی مانگنا اور اپنے رب سے اس کی رحمت طلب کرنا ہے ۔نماز انتہائی اہم ترین فریضہ اورا سلام کا دوسرا رکن ِ عظیم ہے جوکہ بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے ۔ کلمۂ توحید کے اقرار کےبعد سب سے پہلے جو فریضہ انسان پر عائد ہوتا ہے وہ نماز ہی ہے ۔اسی سے ایک مومن اور کافر میں تمیز ہوتی ہے ۔ بے نماز کافر اور دائرۂ اسلام سے خارج ہے ۔ قیامت کےدن اعمال میں سب سے پہلے نماز ہی سے متعلق سوال ہوگا۔ نماز بے حیائی اور برائی کے کاموں سے روکتی ہے ۔بچوں کی صحیح تربیت اسی وقت ممکن ہے جب ان کوبچپن ہی سےنماز کا پابند بنایا جائے ۔نماز کی ادائیگی اور اس کی اہمیت اور فضلیت اس قدر اہم ہے کہ سفر وحضر ، میدان ِجنگ اور بیماری میں بھی نماز ادا کرنا ضروری ہے۔اس لیے ہرمسلمان مرد اور عورت پر پابندی کے ساتھ وقت پر نماز ادا کرنا لازمی ہے۔ زیر تبصرہ کتاب’’ انوار الصلاۃ المعروف نماز مصطفیٰ‘‘ پروفیسر حافظ عبد الستار حامد (مصنف کتب کثیرہ) کی کاوش ہے اس کتاب میں انہوں نے مسنون طریقۂ نماز کی وضاحت کی ہے اور دوران ِ نماز اور دیگر مختلف مواقع پر پڑھی جانے والی مسنون دعائیں بھی درج کردی ہیں ۔بنیادی طور پر یہ کتاب مصروف لوگوں اور سکولز، کالجز اور مساجد ومدارس کے متبدی طلباء طالبات کو نماز کے مسائل اور دعائیں یاد رکروانے کے لیے مرتب کی گئی ہے ۔اللہ تعالی فاضل مصنف کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور اسے عامۃ الناس کےلیےنفع بخش بنائے ۔(آمین) (م۔ا)
خطبات سورۃ یوسف
Authors: حافظ عبد الستار حامد
سورۃ یوسف قرآن مجید کی 12 ویں سورت جس میں حضرت یوسف کا قصہ بیان کیا گیا ہے۔ نبی کریم ﷺکی مکی زندگی کے آخری دور میں یہ سورت نازل ہوئی۔سورہ یوسف قرآن مجید کی وہ واحد سورہ ہے جو اپنے اسلوب بیاں، ترتیب بیاں اور حسن بیاں میں باقی سے منفرد اور نمایاں ہے۔ پوری سورہ مبارکہ کا مضمون سیدنا یوسف کی سیرت کے نہایت اجلے پہلو، عفت و عصمت اور پاکیزہ سیرت و کردار پر مشتمل ہے۔ ساری امت اس بات پر متفق ہے کہ کائنات کی افضل اور بزرگ ترین ہستیاں انبیاء ہیں ۔جن کا مقام انسانوں میں سے بلند ہے ۔اور اس کا سبب یہ ہے کہ انہیں اپنے دین کی تبلیغ کے لیے منتخب فرمایا لوگوں کی ہدایت ورہنمائی کےلیے انہیں مختلف علاقوں اورقوموں کی طرف مبعوث فرمایا۔اور انہوں نے بھی تبلیغ دین اوراشاعتِ توحید کےلیے اپنی زندگیاں وقف کردیں۔ اشاعت ِ حق کے لیے شب رروز انتھک محنت و کوشش کی اور عظیم قربانیاں پیش کر کے پرچمِ اسلام بلند کیا ۔قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے جابجا ان پاکیزہ نفوس کا واقعاتی انداز میں ذکر فرمایا ہے ۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ خطبات سورۃ یوسف ‘‘ پروفیسر حافظ عبد الستار حامد صاحب کی خطیبانہ انداز میں منفرد تفسیر ہے۔اس کتاب میں سورۃ یوسف کا تعارف، فضیلت و اہمیت، شان نزول،احس القصص، خوابوں کی تعبیر، حسد براد ران، صبر جمیل، امتحان عصمت اور سورۃ یوسف ہی سے دیگر موضوعات کو خطبات کی صورت میں بیان کیا ہے۔ فاضل مصنف نے اس کتاب میں ہر واقعہ، ہر حدیث اور ہربات مستند اور باحوالہ تحریرکرنے کی کوشش کی ہے ۔اللہ رب العزت دعا ہے کہ موصوف کی محنت کو قبول فرمائے اور اس کتاب کو ان کے لئے صدقہ جاریہ بنائے۔ آمین۔ (رفیق الرحمن)
خطبات سورۃ یٰسین ( جدید ایڈیشن )
Authors: حافظ عبد الستار حامد
قرآن حکیم‘ رب کائنات کا اپنے بندوں کے نام پیغام عظیم ہے۔ اس کا پڑھنا کارِ ثواب‘ سمجھنا باعث ہدایت اور عمل کرنا ذریعہ نجات ہے۔ ملت اسلامیہ کے زوال وانحطاط کے اسباب میں سے ایک اہم سبب کتاب الٰہی سے اعراض اور پیغام ربانی سے انحراف بھی ہے۔ امت مسلمہ کے عروج واستحکام‘ عظمت رفتہ کی بحالی اور دنیوی واُخروی کامیابی کے لیے قرآنی فہمی انتہائی ضروری ہے۔ ہماری اعتقادی بے راہ روی اور عملی خرابیوں کی بنیادی وجہ بھی قرآنی احکام سے بے خبری‘ الٰہی فرامین سے لا علمی اور آسمانی ہدایت سے بے اعتنائی ہے۔ آج اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ عوام کوقرآنی حقائق ومعارف سے آگاہ کیا جائے۔ زیرِ تبصرہ کتاب خاص اسی موضوع پر تالیف کی گئی ہے۔ اس میں سورۂ یسن کے خطبات کو آسان‘ سادہ اور عام فہم انداز سے بیان کیا گیا ہے اور ہر بات باحوالہ درج کرنے کی سعی کی گئی ہے۔ اس کتاب کے مطالعے سے عوام کم وقت میں زیادہ معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ حوالہ جات کا خاص اہتمام ہے اور حوالہ ساتھ ہی دے دیا جاتا ہے ۔ یہ کتاب’’ خطبات سورۂ یسن ‘‘ عبد الستار حامد کی مرتب کردہ ہے۔آپ تصنیف وتالیف کا عمدہ شوق رکھتے ہیں‘ اس کتاب کے علاوہ آپ کی اور کتب بھی ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مؤلف وجملہ معاونین ومساعدین کو اجر جزیل سے نوازے اور اس کتاب کو ان کی میزان میں حسنات کا ذخیرہ بنا دے اور اس کا نفع عام فرما دے۔(آمین)( ح۔م۔ا )
خطبات سورۃ عصر
Authors: حافظ عبد الستار حامد
سورة العصر اور اسی جیسی چھوٹی چھوٹی سورتیں عام طور پر نمازوں میں پڑھی جاتی ہیں۔ لیکن پڑھنے اور سننے والوں کو معلوم نہیں ہوتا کہ ان کا مطلب کیا ہے، ان کا ترجمہ کیا ہے اوران کے ہم سے تقاضے کیا ہیں؟ حلال کیا ہے؟ حرام کیا ہے؟ اللہ تعالیٰ کو کیا کام پسند ہیں اور کیا ناپسند ؟... قرآنِ مجید کے ساتھ ہمارا تعلق کیسے قائم ہو اور اس کو کس طرح ہم سمجھیں؟ اس سلسلہ میں، میں نے ابتداء میں سورة العصر پڑھی تھی جو نمازوں میں اکثر پڑھی جاتی ہے۔ دو سطروں میں لکھی جانے والی یہ سورت اتنی جامع ہے کہ گویا سمندر کوزے میں بند کردیا گیا ہے۔اَلفاظ تھوڑے ہیں لیکن معانی و مطالب بہت وسیع ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ خطبات سورۃ العصر‘‘ پروفیسر حافظ عبد الستار حامد صاحب کی خطیبانہ انداز میں منفرد تفسیر ہے۔اس کتاب میں سورۃ العصر کا تعارف، فضیلت و اہمیت، شان نزول، قسم کے احکام آداب، حقیقت انسان، ایمان کی حقیقت، اور کون کون خسارے میں ہیں ؟ ان سب عنوانات کو مختلف خطبات کی صورت میں پیش کیا گیا ہے۔ فاضل مصنف نے اس کتاب میں ہر واقعہ، ہر حدیث اور ہربات مستند اور باحوالہ تحریرکرنے کی کوشش کی ہے ۔اللہ رب العزت دعا ہے کہ موصوف کی محنت کو قبول فرمائے اور اس کتاب کو ان کے لئے صدقہ جاریہ بنائے۔ آمین۔ (رفیق الرحمن)