انبیاء کرام کے بعد صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی مقدس جماعت تمام مخلوق سے افضل اور اعلیٰ ہے یہ عظمت اور فضیلت صرف صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو ہی حاصل ہے کہ اللہ نے انہیں دنیا میں ہی مغفرت،جنت اور اپنی رضا کی ضمانت دی ہے بہت سی قرآنی آیات اور احادیث اس پر شاہد ہیں۔صحابہ کرام سے محبت اور نبی کریم ﷺ نے احادیث مبارکہ میں جوان کی افضلیت بیان کی ہے ان کو تسلیم کرنا ایمان کاحصہ ہے ۔بصورت دیگرایما ن ناقص ہے ۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے فضائل ومناقب سے متعلق اہل علم نے مستقل کتابیں تصنیف کی ہیں ۔ زیر نظر کتاب’’ فضائل صحابہ رضی اللہ عنہم ‘‘ امام عبد الرحمن النسائی صاحب سنن نسائی کی تصنیف کی ہے امام نسائی رحمہ اللہ نے اپنے خاص اسلوب کےساتھ اس کتاب میں صحیح احادیث کی روشنی میں خلفائے اربعہ اور پھر بقیہ عشرہ مبشرہ کے فضائل ذکر کیے ہیں ۔اس کے بعد دیگر صحابہ وصحابیات کےساتھ ساتھ مہاجرین وانصار کے مناقب ،انصار کے قبائل کی فضیلت، انصار سے محبت ایمان کی علامت او ران سے بغض ومنافقت کی علامت ہے اور دیگر اس جیسے اہم موضوعات کو خوبصورت باب بندی کے ساتھ احادیث کی لڑی میں پرودیا ہے۔ کتاب ہذا کے ترجمہ وتخریح کی سعادت محترم جناب احمدصدیق (فاضل مدینہ یونیورسٹی، مدرس کلیۃ القرآن والتربیۃ الاسلامیہ ،پھولنگر) نے حاصل کی ہے۔ اللہ تعالیٰ مترجم وناشرین کی اس کاوش کو قبول فرمائے ۔اور اس کتاب کو عوام الناس کے لیے صحابہ کرام کی عظمت وفضلیت کوسمجھنے کا ذریعہ بنائے (آمین)(م۔ا)