Hadith & science of hadith - eBooks
384 Results Found
اسلام کا نظام اخلاق وادب
Authors: ابو حمزہ عبد الخالق صدیقی
اسلام ادب وآداب اور اخلاق و حقوق کا سب سے بڑا داعی ہے اس سلسلہ میں نبی کریمﷺ کی زندگی اچھے اخلاق کا سب سے بڑا نمونہ نظر آتی ہے۔ بڑوں کےساتھ عزت سے پیش آنا چھوٹوں کے ساتھ مشفقانہ برتاؤ آپﷺکی زندگی کا خاصہ تھا۔ اللہ تعالیٰ کو ہر انسان سے اس قسم کا رویہ مطلوب ہے۔ ابوحمزہ عبدالخالق مستقل مزاجی کے ساتھ بہت سے موضوعات پر تحقیقی کام سامنے لا رہے ہیں۔ ’اسلام کا نظام اخلاق وادب‘ کے نام سے بھی موصوف کا اہم علمی کام سامنےآیاہے۔ کتاب کو انھوں نے تین حصوں میں تقسیم کیا ہے پہلے حصے میں آداب پر عمومی گفتگو کی گئی ہے دوسرا حصہ اچھے اخلاق پر مشتمل ہے جس میں تزکیہ نفس، شرم و حیا، پردہ پوشی اور سچ بولنا جیسے موضوعات شامل ہیں جبکہ تیسرا حصہ برے اخلاق کے عنوان سے ہے جس میں غیبت، چغلی، حسد، بغض اور بدگمانی جیسے موضاعت شامل اشاعت ہیں۔ کوئی بھی بات بلا حوالہ نقل نہیں کی گئی۔ (عین۔ م)
شان مصطفیٰ علیہ الصلاۃ والسلام-جدید ایڈیشن
Authors: ابو حمزہ عبد الخالق صدیقی
رسول کریم ﷺتما م مخلوق سے اعلیٰ وارفع ہیں اور انبیاء و رسل اور اولیاء و اصفیاء سے آپ کا مقام ومرتبہ بلند تر ہے۔آسمانی کتابوں اور احادیث نبویہ میں آپ کی بہت زیادہ تعریف و توصیف بیان ہوئی اور آپ کی شان و عظمت کا لحاظ کرنے کی باقاعدہ تاکید و تلقین ہے ۔آپ ؐ اپنی صور ت و سیرت ،افکار و کردار اور عادات و اطوار ہر لحاظ سے اعلیٰ و افضل ہیں،اس مناسبت سے آپ کی تعظیم و تکریم اوراتباع و اطاعت ہر مسلمان پر لازم ہے ،اس مناسبت سے زیر نظر کتاب تالیف کی گئی ہے ،جو اس موضوع پر اچھی کتاب ہے ،جس میں آپ کے اوصاف حمیدہ ، عادات فاضلہ ،امت کے لیے مجسم رحمت ہونے کابیان ہے اورآپ کی ذات مبارکہ کے متعلق جو غلو پایا جاتاہے ،اس کا بہترین ازالہ کیا گیاہے ،کتاب ہذا کا مطالعہ سیرت مطفیٰ ﷺ کے متعلق معلومات کا بہترین خزینہ ہے۔(ف۔ر)
حدیث قرآن کی تشریح کرتی ہے
Authors: پروفیسر محمد رفیق چودھری
قرآن اور رسول ﷺ کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی کتاب ہے اور رسول اللہﷺ اس کتاب کے سکھانے والے معلّم ہیں قرآن اللہ تعالیٰ کا کلام ہے اور رسول ﷺ اس کی تشریح کرتا ہے۔ قرآن ایک آئین اور دستور ہے اورر سول اللہﷺ اس کی مستند اور معتبر تشریح اور تعبیر کرنے والا ہے ۔قرآن کریم شریعت کے قواعد عامہ اوراکثر احکام کلیہ کا جامع ہے اسی جامعیت نے اس کو ایک ابدی اور دائمی حیثیت عطا کی ہے او رجب تک کائنات پرحق قائم ہے وہ بھی قائم ودائم رہے گا۔ سنت ِنبوی ان قواعد کی شرح وتوضیح کرتی۔ ان کے نظم وربط کوبرقرار رکھتی اور کلیات سےجزئیات کا استخراج کرتی ہے یہ ایک درخشندہ حقیقت ہے جس سے ہر وہ شخص بخوبی آگاہ ہے جو سنت کے تفصیلی مطالعہ سے بہرہ مند ہ ہوچکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر عصر وعہد کے علما وفقہا سنت پر اعتماد کرتے چلے آئے ہیں۔ وہ ہمیشہ سنت کے دامن سے وابستہ رہے اور نئے حوادث وواقعات کے احکام اس سےاخذ کرتے رہے۔ قرآن کریم تمام شرعی دلائل کا مآخذ ومنبع ہے۔ اجماع وقیاس کی حجیت کے لیے بھی اسی سے استدلال کیا جاتا ہے ،اور اسی نے سنت نبویہ کو شریعت ِ اسلامیہ کا مصدرِ ثانی مقرر کیا ہے مصدر شریعت اور متمم دین کی حیثیت سے قرآن مجید کے ساتھ سنت نبویہ کوقبول کرنےکی تاکید وتوثیق کے لیے قرآن مجید میں بے شمار قطعی دلائل موجود ہیں۔ اہل سنت الجماعت کا روزِ اول سے یہ عقیدہ رہا ہے کہ رسول اللہ ﷺ کی سنت کی ایک مستقل شرعی حیثت ہے۔ اتباعِ سنت جزو ایمان ہے ۔حدیث سے انکا ر واعراض قرآن کریم سے انحراف وبُعد کازینہ اور سنت سے اغماض و لاپرواہی اور فہم قرآن سے دوری ہے۔ سنت رسول ﷺکے بغیر قرآنی احکام و تعلیمات کی تفہیم کا دعو یٰ نادانی ہے۔ زیر نظر کتاب ’’حدیث قرآن کی تشریح کرتی ہے ‘‘ماہنامہ محدث کے معروف مضمون نگار اور کئی کتب کے مصنف و مترجم محترم مولانا محمد رفیق چودھری﷾ کی علمی کاوش ہے اس کتاب میں انہوں نے سب سے پہلے قرآن اور رسول کریمﷺ کے باہمی تعلق کواجاگر کیا ہے۔ اس کے بعد ایسی سو (100) سے زیادہ قرآنی آیات اوران کی وضاحت کرنے والی احادیث نبوی کے حوالے دیے ہیں جن سے یہ حقیقت بالکل واضح ہوجاتی ہے کہ حدیث قرآن کی تشریح کرتی ہے۔ فاضل مصنف کی زندگی کا طویل حصہ قرآن مجید سمجھنے سمجھانے اور اس کی نحوی وتفسیری مشکلات حل کرنے میں گزرا ہے۔کتاب ہذا کے علاوہ آپ کئی دینی کتب کے مصنف ومترجم ہیں جن میں قرآن کریم کا اردو وانگلش ترجمہ اور تفسیر البلاغ بھی شامل ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی تدریسی وتعلیمی اور تحقیقی وتصنیفی خدمات کو قبول فر ما ئے۔ آمین (م۔ا)
عشرہ مبشرہ ( محمد رفیق )
Authors: پروفیسر محمد رفیق چودھری
صحابہ نام ہے ان نفوس ِ قدسیہ کا جنہوں نے محبوب ومصدوق رسول ﷺ کے روئے مبارک کو دیکھا اور اس خیر القرون کی تجلیات ِایمانی کو اپنے ایمان وعمل میں پوری طرح سمونے کی کوشش کی ۔ صحابی کا مطلب ہے دوست یاساتھی شرعی اصطلاح میں صحابی سے مراد رسول اکرم ﷺکا وہ ساتھی ہے جو آ پ پر ایمان لایا،آپ ﷺ کی زیارت کی اور ایمان کی حالت میں دنیا سے رخصت ہوا ۔ صحابی کالفظ رسول اللہﷺ کے ساتھیوں کے ساتھ کے خاص ہے لہذاب یہ لفظ کوئی دوسراا شخص اپنے ساتھیوں کےلیے استعمال نہیں کرسکتا۔ انبیاء کرام کے بعد صحابہ کرام کی مقدس جماعت تمام مخلوق سے افضل اور اعلیٰ ہے یہ عظمت اور فضیلت صرف صحابہ کرام کو ہی حاصل ہے کہ اللہ نے انہیں دنیا میں ہی مغفرت،جنت اور اپنی رضا کی ضمانت دی ہے بہت سی قرآنی آیات اور احادیث اس پر شاہد ہیں۔صحابہ کرام سے محبت اور نبی کریم ﷺ نے احادیث مبارکہ میں جوان کی افضلیت بیان کی ہے ان کو تسلیم کرنا ایمان کاحصہ ہے ۔بصورت دیگرایما ن ناقص ہے ۔ صحابہ کرام کے ایمان ووفا کا انداز اللہ کو اس قدر پسند آیا کہ اسے بعد میں آنے والے ہر ایمان لانے والے کے لیے کسوٹی قرار دے دیا۔ صحابہ کرام کےایمان افروز تذکرے سوانح حیا ت کے حوالے سے ائمہ محدثین او راہل علم کئی کتب تصنیف کی ہیں عربی زبان میں الاصابہ اور اسد الغابہ وغیرہ قابل ذکر ہیں ۔اور اسی طرح اردو زبان میں کئی مو جو د کتب موحود ہیں ۔صحابہ کرام میں دس ایسے خوش نصیب جلیل القدر صحابہ ہیں جن کو نبی کریم ﷺ نےدنیا میں جنت کی بشارت دی ان صحابہ کرام کو عشرہ مبشرہ کہا جاتا ہے ۔جامع ترمذی اور سنن ابن ماجہ کی ایک روایت میں ان دس صحابہ کرام کے اسماء گرامی موجود ہیں ۔ان دس صحابہ کرام سےمراد سید نا ابوبکر صدیق، سید نا عمرفاروق، سیدنا عثمان غنی ، سیدناعلی المرتضیٰ، سیدنا سعید بن زید، سیدنا سعد بن وقاص، سیدنا عبد الرحمٰن بن عوف، سیدنا ابو عبیدہ بن الجراح،سیدنا زبیر بن العوام ، سیدنا طلحہ بن عبید اللہ ہیں۔ زیر نظر کتاب’’ عشرہ مبشرہ‘‘ میں ماہنامہ محدث کے معروف کالم نگار محترم مولانا محمد رفیق چودھری ﷾ نے انہی دس صحابہ کرام کا دلنشیں تذکرہ ، فضائل ومناقب اور ان کے حالات زندگی بیان کیے ہیں۔مو صوف کتاب ہذا کے علاوہ کئی دینی کتب کے مصنف ومترجم ہیں جن میں قرآن کریم کا اردو وانگلش ترجمہ اور تفسیر البلاغ بھی شامل ہے ۔ اللہ تعالیٰ ان کی تدریسی وتعلیمی اور تحقیقی وتصنیفی خدمات کو قبول فر ما ئے(آمین) (م۔ ا)
جاوید غامدی اور انکار حدیث
Authors: پروفیسر محمد رفیق چودھری
اسلام کی بنیاد قرآن مجید اور رسول اکرم ﷺ کی حدیث وسنت پر ہے اور اس پر تمام مکاتب فکر کا اتفاق ہے۔لیکن افسوس ہے کہ متجددین نے اس متفقہ مسلک سے انحراف کر کے خودساختہ نظریات کی بنیاد پر حدیث کا حقیقی مقام ماننے سے انکار کر دیا ہے۔عصر حاضر کے ایک معروف ٹی وی اسکالر جناب جاوید احمد غامدی صاحب نے یہ عجیب نظریہ پیش کیا ہے کہ ’حدیث‘دین کا ماخذ نہیں ہے اور اس سے دین ثابت نہیں ہوتا۔انہوں نے ’سنت‘اور’حدیث‘ میں بھی ایک خودساختہ فرق پیش کیا ہے اور اس طرح حدیث کی تشریعی حیثیت کو صدمہ پہنچایا ہے۔محترم جناب رفیق چودھری صاحب نے غامدی صاحب کے اس طرز عمل کو ’انکار حدیث‘سے تعبیر کیا ہے جو کچھ ایسا بے جا بھی نہیں۔چودھری صاحب نے غامدی صاحب کے ’نظریہ حدیث‘کا تفصیلی ناقدانہ جائزہ لیا ہے جس سے اس کی کمزوری واضح ہو جاتی ہے۔بعض مقامات پر کچھ سختی دکھائی دیتی ہے ،تاہم مجموعی طور پر یہ انتہائی مفید کاوش ہے۔(ط۔ا)
حدیث وحی ہے
Authors: پروفیسر محمد رفیق چودھری
قرآن کریم تمام شرعی دلائل کا مآخذ ومنبع ہےقرآن مجید نے سنت نبویہ کو شریعت ِاسلامیہ کا مصدرِ ثانی مقرر کیا ہے ۔ قرآن مجید کے ساتھ سنت نبویہ کوقبول کرنےکی تاکید وتوثیق کے لیے قرآن مجید میں بے شمار قطعی دلائل موجود ہیں۔امت مسلمہ کا اس بات بر ہمیشہ اتفاق اوراجماع رہا ہےکہ قرآن مجید کےعلاوہ حدیث وسنت بھی وحی کا درجہ رکھتی ہےاور رسول اللہ ﷺ پر قرآن کےعلاوہ بھی وحی نازل ہوتی تھی۔لیکن ماضی کےخوارج اورکچھ معتزلہ کی طرح بعض جدید دور کے گمراہ لوگوں نے بھی حدیث وسنت کے وحی ہونے کا انکار کیا ہے اورایک غلط اور گمراہ کن مؤقفااختیار کیا ہے کہ حضورﷺ پر قرآن کےعلاوہ اور کوئی نازل نہیں ہوتی تھی۔ زیر نظر کتاب ’’حدیث وحی ہے‘‘محترم پروفیسر مولانا محمد رفیق چودھری ﷾ (مصنف ومترجم کتب کثیرہ) کی تصنیف ہےموصوف نے اس مختصر کتاب میں عام فہم انداز میں عمومی عقلی اور قرآنی دلائل کے ساتھ ساتھ احادیث صحیحہ سے ایسے تفصیلی دلائل فراہم کیے ہیں جن سے یہ حقیقت بالکل واضح ہوجاتی ہےکہ قرآن مجید کےعلاوہ حدیث وسنت بھی وحی ہےاور نبی اکرمﷺ پر قرآن کے علاوہ بھی وحی کانزول ہوتاتھا جسے وحی غیر متلو کہاجاتا ہے اور قرآن مجید وحی متلوہے ۔پوری امت کےلیے دونوں قسم وحیوں کی اطاعت اورپیروی لازمی ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اپنی اطاعت کے ساتھ ساتھ اپنے رسول ﷺ کی اطاعت کرنے کا حکم بھی دیا ہے ۔فاضل مصنف کتاب ہذا کے علاوہ کئی دینی کتب کے مصنف ومترجم ہیں جن میں تفسیر البلاغ، قرآن کریم کا اردو وانگلش ترجمہ بھی شامل ہے ۔ اللہ تعالیٰ ان کی تدریسی وتعلیمی اور تحقیقی وتصنیفی خدمات کو قبول فر ما ئے(آمین) ( م۔ ا)
نساء الانبیاء
Authors: احمد خلیل جمعہ
اس کائنات میں سب سے پہلا انسانی جوڑا حضرت آدم اور حضرت حوا ؑ کا تھا۔ اسی جوڑے سے شروع ہونے والی نسل انسانی قیامت تک بڑھتی رہے گی۔ نسل انسانی کے اس تسلسل میں کچھ قدسی صفت شخصیات ایسی بھی ہیں، جن کو انبیاء ؑ کے لقب سے پکارا جاتا ہے،جو اللہ کے سب سے زیادہ مقرب اور محترم بندے ہوتے ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’ نساء الانبیاء ‘‘ میں انبیاء کرام کی دس بیویوں کا ایمان افروز اور عبرت آموز تذکرہ ہے۔ جسے عربی زبان میں ایک فاضل اجل احمد خلیل جمعہ نے تحقیقی اسلوب سے لکھا ہے، اور جس کا رواں اور شگفتہ اردوترجمہ مولانا محمد احمد غضنفر نے کیا ہے۔ اس میں حضور کریم ﷺ کی ازواج مطہرات کا تذکرہ اس لیے نہیں کیا گیا، کہ وہ بذات خود ایک مستقل کتاب کا تقاضا کرتا ہے۔کتاب میں سب سے پہلے روئے زمین کی سب سے پہلی خاتون حوا ؑ کا تذکرہ ہے، جسے تعمیر کعبہ میں اپنے خاوند کے ساتھ شرکت کا اعزاز حاصل ہے۔ پھر نوح اور لوط ؑ کی بدکردار بیویوں کا عبرت آموز بیان ہے، جو اسلام کی دعوت میں رکاوٹ اور اللہ تعالیٰ کے دین میں خیانت کی مرتکب تھیں۔ بعد ازاں سیدنا اسمٰعیل ؑ کی اہلیہ رعلۃ کا ذکر ہے، جن کوحضرت ابراہیم علیہ اسلام نے پسندیدگی کی سند عطا کی۔ پھر حضرت یعقوب ؑ کی بیوی راحیل کے سوانح دیے گئے ہیں، جو حضرت یوسف ؑ کی والدہ ماجدہ تھیں۔ اسی طرح حضرت ایوب علیہ السلام کی اطاعت شعار زوجہ لیّا ، موسی ؑ کی شرم وحیا سے متصف زوجہ اور حضرت زکریا ؑ کی بیوی ایشاع کے حیات نامے فراہم کیے گئے ہیں۔ انتہائے آخر میں حضرت ابراہیم ؑ کی ازواج سارہ اورہاجرہ ؑ کے ایمان افروز تذکرے پر اس کتاب کا اختتام ہوتا ہے۔ دور حاضر کی وہ خواتین جو پاکیزہ اور تقویٰ شعار زندگی کی جستجو رکھتی ہوں، ان کےلیے یہ کتاب ایک مشعل راہ ہے جس کی روشنی میں وہ اپنے گھروں کی فضا کو جنت نظیر بنا کر عصری طاغوتی ثقافت کے خلاف ایک صالح تمدن کا حصار قائم کرسکتی ہیں۔(ک۔ح)
اربعین للنساء من احادیث المصطفیٰ ﷺ
Authors: پروفیسر ثریا بتول علوی
کتاب اللہ اور سنت رسول ﷺدینِ اسلامی کے بنیادی مآخذ ہیں۔ احادیث رسول ﷺ کو محفوظ کرنے کے لیے کئی پہلوؤں اور اعتبارات سے اہل علم نے خدمات انجام دیں۔ تدوینِ حدیث کا آغاز عہد نبوی ﷺ سے ہوا صحابہ وتابعین کے دور میں پروان چڑھا او ر ائمہ محدثین کےدور میں خوب پھلا پھولا ۔مختلف ائمہ محدثین نے احادیث کے کئی مجموعے مرتب کئے او رپھر بعدمیں اہل علم نے ان مجموعات کے اختصار اور شروح ،تحقیق وتخریج او رحواشی کا کام کیا۔مجموعاتِ حدیث میں اربعین نویسی، علوم حدیث کی علمی دلچسپیوں کا ایک مستقل باب ہے ۔عبداللہ بن مبارک وہ پہلے محدث ہیں جنہوں نے اس فن پر پہلی اربعین مرتب کرنے کی سعادت حاصل کی ۔بعد ازاں علم حدیث ،حفاظت حدیث، حفظ حدیث اورعمل بالحدیث کی علمی او رعملی ترغیبات نے اربعین نویسی کو ایک مستقل شعبۂ حدیث بنادیا۔ اس ضمن میں کی جانے والی کوششوں کے نتیجے میں اربعین کے سینکڑوں مجموعے اصول دین، عبادات، آداب زندگی، زہد وتقویٰ او رخطبات و جہاد جیسے موضوعات پر مرتب ہوتے رہے ۔اس سلسلۂ سعادت میں سے ایک معتبر اور نمایاں نام ابو زکریا یحییٰ بن شرف النووی کا ہے جن کی اربعین اس سلسلے کی سب سے ممتاز تصنیف ہے۔امام نووی نے اپنی اربعین میں اس بات کا التزام کیا ہے کہ تمام تر منتخب احادیث روایت اور سند کے اعتبار سے درست ہوں۔اس کے علاوہ اس امر کی بھی کوشش کی ہے کہ بیشتر احادیث صحیح بخاری اور صحیح مسلم سے ماخوذ ہوں ۔اپنی حسن ترتیب اور مذکورہ امتیازات کے باعث یہ مجموعۂ اربعین عوام وخواص میں قبولیت کا حامل ہے انہی خصائص کی بناپر اہل علم نے اس کی متعدد شروحات، حواشی اور تراجم کیے ہیں ۔عربی زبان میں اربعین نووی کی شروحات کی ایک طویل فہرست ہے ۔ اردوزبان میں بھی اس کے کئی تراجم وتشریحات پاک وہند میں شائع ہوچکے ہیں۔نیزبرصغیر میں بھی شاہ ولی اللہ محدث دہلوی سے لےکر عصر حاضر کے متعدد علماء کرام نے بھی ’’اربعین‘‘ کے نام سے کئی مجموعے مرتب کیے ہیں ۔ زیر تبصرہ کتاب’’اربعین للنساء‘‘ بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے ۔اس کتاب کو پروفیسر محترمہ ثریا بتول علوی صاحبہ نے خواتین کے لیے مرتب کیا ہے ۔مصنفہ نےاس میں مجموعہ کو پانچ ابواب اور چالیس ذیلی موضوعات میں تقسیم کیا ہے ۔ جن میں ایمانیات واخلاق ، ارکان واعمال ،معاملات اور ستروحجاب جیسے اہم موضوعات کا انتہائی پر مغز اور معنی خیر احاطہ کیا ہے ۔خواتین کی انفرادی زندگی سے لے کر عائلی ومعاشرتی سطح تک اہم مسائل سے متعلقہ احادیث مبارکہ کا انتہائی دقت تظری سے انتخاب کیا گیا ہے ۔ اسی وجہ سے یہ مجموعہ مختصر ہونے کے باوجود جامع او رمحیط ہے اور اپنی جامعیت وافادیت کے لحاظ سے اس قابل ہے کہ اسے باقاعدہ سبقاً پڑھا یاجائے ۔اللہ تعالیٰ اس مجموعہ حدیث کو خواتین اسلام کے لیے نفع بخش بنائے اور مصنفہ کی اس کاوش کو شرف قبولیت سے نوازے (آمین)(م۔ا)
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی متعدد شادیوں کی حکمتیں اور اس سے متعلق شکوک وشبہات کا ازالہ
Authors: ڈاکٹر علی محمد الصلابی
خصائص النبی ﷺ میں سے ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ آپ ﷺ کے لیے چار سے زائد شادیوں کی اجازت تھی، اور اس کی بہت ساری حکمتیں اور مصلحتیں تھیں، پس آپ ﷺ کا چار سے زائد شادیاں کرنا خلاف شریعت نہیں تھا بلکہ یہ مشیت خداوندی کے عین مطابق تھا۔مستشرقین نے نبی ﷺ کی چار زائد شادیوں پر اعتراضات کیے ہیں ۔ زیر نظر کتاب’’ رسول کریمﷺ کی متعدد شادیوں کی حکمتیں اور اس کے متعلق شکوک وشبہات کا ازالہ‘‘ مفسر قرآن محمد علی صابونی رحمہ اللہ کےایک محاضرہ کی کتابی صورت بعنوان شبهات واباطيل حول تعدد زوجات الرسول ﷺ کا اردور ترجمہ ہے یہ ترجمہ مولانا جمشید عالم عبد السلام سلفی صاحب نے کیا ہے ۔اس رسالے میں نبی کریم ﷺ کی متعدد شادیوں کے تعلق سے دشمنان اسلام کی جانب سے پھیلائے گئے شبہات واباطیل کا بڑے اختصار کے ساتھ نہایت عمدہ اور جامع انداز میں جائزہ لیا گیا ہے۔ پہلے عمومی طور پر تعدد زوجات الرسول ﷺ کی تعلیمی وتشریعی اوراجتماعی وسیاسی حکمتوں اور مصلحتوں پر پُرمغز گفتگو کی گئی ہے اور پھر اس کے بعد مستقل طور پر تمام ازواج مطہرات رضی اللہ عنہن میں سے ہر بیوی کے ساتھ نبی کریمﷺ کی شادی کی حکمت ومصلحت کو جداگانہ طور پر بیان کیاگیا ہے ۔یادر ہے اس رسالے شبهات واباطيل حول تعدد زوجات الرسول ﷺ کا ترجمہ ہمارے فاضل دوست ڈاکٹر محمد اسلم صدیق (فاضل جامعہ لاہور الاسلامیہ ،سابق رکن اسلامک ریسرچ کونسل ،لاہور) نے بھی 21؍سال قبل کیا تھا جو مجلہ محدث ستمبر،اکتوبر 2000ء میں شائع ہوا تھا۔(م۔ا)